یورپ (رپورٹس)

پولینڈمیں پہلے تربیتی و تبلیغی سیمینار کا انعقاد

مکرم رشید احمد صاحب نیشنل سیکرٹری تربیت جماعت احمدیہ پولینڈ تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ پولینڈ کو مورخہ ۱۱و۱۲؍اپریل ۲۰۲۶ء بروز ہفتہ و اتوار مشن ہاؤس Warszawa میں تربیتی و تبلیغی سیمینار کے انعقاد کی توفیق ملی۔ جماعت احمدیہ پولینڈ کی تاریخ میں یہ پہلا سیمینار تھا۔

اس سیمینار کی تیاری کے لیے سٹیج اور دیگر بینرز پرنٹ کروائے گئے جبکہ مقررین نے اپنی تقاریر نہایت محنت سے تیار کیں۔ مورخہ ۱۰؍اپریل بروز جمعہ صبح ۱۰؍بجے باقاعدہ تیاری کا آغاز ہوا جس میں اطفال، خدام اور انصار نے حصہ لیا۔ اس دوران نماز جمعہ ادا کی گئی اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ سنا گیا۔

پہلے دن کا آغاز نماز تہجد و نماز فجر سے ہوا جس کے بعد درس القرآن مکرم منیب احمد صاحب مبلغ سلسلہ نے انگلش اور اردو ترجمہ کے ساتھ پیش کیا۔ احباب کی رجسٹریشن ساڑھے نو بجے ہوئی۔ افتتاحی تقریب مکرم صدر صاحب جماعت احمدیہ پولینڈ کی زیر صدارت منعقد ہوئی۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، اردو ترانہ اور عہد کے بعد افتتاحی تقریر خاکسار (نیشنل سیکرٹری تربیت) نے ’’نظام جماعت کی اہمیت‘‘ پر کی۔

خاکسار کی صدارت میں اجلاس اول میں دو تقاریر ہوئیں: ’’خلافت‘‘ از ڈاکٹر ایاز ورک صاحب نائب صدر جماعت احمدیہ پولینڈ اور ’’سیرت النبی ﷺ‘‘ از مکرم فہیم احمد صاحب۔ اجلاس کا اختتام کھانے اور نماز ظہر و عصر کے وقفے پر ہوا۔ بعد ازاں ۴؍بجے ورزشی مقابلہ جات منعقد ہوئے جن میں ٹیبل ٹینس، باسکٹ بال اور فٹ بال شامل تھے۔

دوسرے دن کا آغاز بھی نماز تہجد و فجر سے ہوا۔ پہلا اجلاس صبح ۱۰؍بجے مکرم محمود ہمدان صاحب سیکرٹری ضیافت کی زیر صدارت شروع ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ کے بعد دو تقاریر ہوئیں: ’’عملی نمونہ تبلیغ کا بہترین ذریعہ ہے‘‘ از مکرم حزقیل احمد صاحب نیشنل سیکرٹری تبلیغ اور ’’پولینڈ میں اسلامی احکامات پر عمل‘‘ پولش زبان میں از مکرم سالم ہمدان صاحب نیشنل سیکرٹری اشاعت۔ بعد ازاں کوئز پروگرام ہوا جس میں چار ٹیموں نے حصہ لیا، پھر اطفال میں اذان کا مقابلہ بھی کروایا گیا۔ اجلاس کھانے اور نماز ظہر و عصر کے وقفے پر ختم ہوا۔

اختتامی اجلاس کا آغاز ۴؍بجے ہوا۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت مکرم رانامحمودالحسن صاحب کو اپنا نمائندہ مقرر فرمایا جنہوں نے یوکے سے آن لائن صدارت کی۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم کے بعد سیمینار کی رپورٹ خاکسار نے پیش کی۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایت کے مطابق ہر گھر میں شرائط بیعت آویزاں کرنے کے پیش نظر سیمینار کے شرکاء میں فریم شدہ شرائط بیعت اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔ مہمان خصوصی کی اجازت سے یہ تقسیم مکرم منیب احمد صاحب مبلغ سلسلہ نے کی۔ بعد ازاں مکرم رانامحمود الحسن صاحب نے تقریر کی اور دعا کروائی۔ آخر میں ایک افریقن احمدی بھائی نے اپنے روایتی انداز میں کلمہ طیبہ کا ترانہ پیش کیا اور یوں سیمینار اختتام پذیر ہوا۔

اس سیمینار میں دُور دراز کے علاقوں سے احباب نے شرکت کی۔

لائیو ترجمہ میں مکرم منیب احمد صاحب، ڈاکٹر ایاز ورک صاحب، حزقیل احمد صاحب اور محسن احمد صاحب نے حصہ لیا۔

اس سیمینار میں انصار ۶، خدام ۷، اطفال ۶، ممبرات لجنہ اماءاللہ ۱۲؍اور ناصرات ۳؍تھیں، یوں کُل حاضری ۳۴؍رہی۔ تجنید کے لحاظ سے حاضری سو فیصد رہی، فالحمدللہ علیٰ ذالک

اللہ تعالیٰ ہمیں آئندہ بھی ایسے اجلاسات اور جلسہ سالانہ منعقد کرنے کی توفیق عطا فرماتا رہے اور اس سیمینار میں حاصل ہونے والی تربیت پر عمل کرنے کی توفیق دے۔ آمین

(رپورٹ: منیب احمد چٹھہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: مجلس خدام الاحمدیہ بینن کے زیر اہتمام پہلی سالانہ سپورٹس ریلی

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button