سپورٹس بلیٹن
فٹ بال:یوئیفا چیمپئنز لیگ فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین(PSG)نے مسلسل دوسری بار جیت لی اورانگلش کلب آرسنل کاپہلی مرتبہ چیمپئنز لیگ جیتنے کا خواب چکنا چورہوگیا۔بڈاپسٹ، ہنگری میں کھیلے گئے فائنل کا فیصلہ پنلٹی شوٹس پر ہوا جس میں پی ایس جی نے ۴۔۳؍سے کامیابی حاصل کی۔مقررہ وقت میں میچ ایک ایک گول سے برابررہا۔آرسنل نے ابتدائی پانچ منٹ میں Kai Havertsکے گول کی بدولت برتری حاصل کی،جسےپی ایس جی کے Masour Ousmane Dembele نےکھیل کے ۶۴ ویں منٹ میں پنلٹی شوٹ پر گول کرکے برابرکیا۔مقررہ ۹۰ منٹ کے بعد اضافی ۳۰ منٹ میں بھی مقابلہ ۱۔۱ سے برابررہا جس کے بعد PSGنےپنلٹی شوٹس پرفتح حاصل کرکے اپنے اعزاز کا کامیاب دفاع کیا۔چیمپئنز لیگ کے اس سیزن میں ریال میدردکے Kylian Mbappeنے سب سے زیادہ پندرہ گول کیے جبکہ پیرس سینٹ جرمین کے جورجین کھلاڑی Kvaratskheliaلیگ کے بہترین پلیئرقرارپائے۔
انگلش پریمیئر لیگ: آرسنل نےچوتھی مرتبہ پریمیئر لیگ ٹائیٹل اپنے نام کرلیا۔۲۰۲۵-۲۰۲۶ء سیزن میں آرسنل نے ۳۸؍میں سے ۲۶؍میچز جیتے اور ان کے سات میچ برابری پر ختم ہوئے۔یوں ۸۵؍پوائنٹس کے ساتھ آرسنل کی ٹیم سرفہرست رہی، مانچسٹرسٹی دوسرے جبکہ مانچسٹریونائیٹڈ تیسرے نمبر پر رہے۔
کرکٹ:انڈین پریمیئر لیگ:رائل چیلنجرز بنگلورو(RCB)نےگجرات ٹائیٹنز(GT)کو شکست دے کر لگاتاردوسری مرتبہ آئی پی ایل کا ٹائیٹل اپنے نام کرلیا۔احمدآبادمیں ہونے والے فائنل میچ میں گجرات کی ٹیم نے مقررہ بیس اوورزمیں ۱۵۵؍رنز بنائے۔ہدف کے تعاقب میں مایہ ناز کھلاڑی ویرات کوہلی نے نہایت لاجواب بلے بازی کرتے ہوئے ۷۵؍رنزبنائے اور اپنی ٹیم کو مسلسل دوسری مرتبہ انڈین پریمیئر لیگ کا فاتح بنادیا۔آئی پی ایل کا یہ سیزن راجستھان رائلزکے ۱۵؍سالہVaibhav Sooryavanshiکی دلیرانہ اور دھواں داربلے بازی کے لیے یادرکھا جائے گا۔انہوں نےاس سیزن کے ۱۶؍میچزمیں ۲۳۷؍کے سٹرائیک ریٹ سے سب سے زیادہ ۷۷۶؍رنزبنائے اور ٹورنامنٹ کے بہترین بلے بازکے ساتھ ساتھ بہترین کھلاڑی کا بھی ایوارڈ اپنے نام کیا۔سوریا وانشی نے آئی پی ایل کے ایک سیزن میں سب سے زیادہ ۷۲؍چھکے لگاکرویسٹ انڈیز کے کرس گیل کا ریکارڈ بھی توڑا۔
پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا:راولپنڈی میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔ آسٹریلوی ٹیم پہلے بلےبازی کرتے ہوئے صرف ۲۰۰؍رنز بناسکی۔پاکستان کی جانب سے اپنا پہلا ایک روزہ انٹرنیشنل میچ کھیلنے والے عرفات منہاس سے شاندارباؤلنگ کرتے ہوئے ۳۲؍رنزکے عوض پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔پاکستان نے مطلوبہ ہدف ۴۳ ویں اوورمیں حاصل کیا،بابراعظم ۶۹؍اور غازی غوری ۶۵؍رنزسے ساتھ نمایاں رہے۔یاد رہے کہ ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں پاکستانی ٹیم ۱۰۰۰؍میچز کھیلنے والی دنیا کی تیسری ٹیم بن گئی۔قبل ازیں بھارت اور آسٹریلیا ایک ہزارسے زائد وَن ڈے میچز کھیل چکی ہیں۔
ٹینس:پیرس کے رولینڈگیروس میں جاری سال کے دوسرےگرینڈ سلَیمفرنچ اوپن۲۰۲۶ء میں ابھی تک کئی بڑے برج الٹ چکے ہیں۔ عالمی نمبرایک جینک سنر(Jannik Sinner)کودوسرے راؤنڈ میں ارجنٹینا کے Juan Manuel Cerundoloکے ہاتھوں ایک تاریخی اپ سیٹ کا سامناکرنا پڑا۔Jannik Sinnerابتدائی دو سیٹ بآسانی جیتنے کے بعد تیسرے سیٹ میں بھی ۵۔۱؍کی برتری حاصل کرچکے تھے لیکن شدید گرمی کے باعث ان کی طبیعت خراب ہونے لگی اور وہ بہتر کھیل پیش نہ کرسکے اور نہ صرف تیسرا سیٹ ۷۔۵؍کے سکور سے ہار گئے بلکہ چوتھے اور پانچویں سیٹ میں بھی شکست کھا کر ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے۔اسی طرح تیسرے راؤنڈ میں سابق عالمی نمبرایک نوواک جوکووِچ کوبھی غیریقینی ہارکاسامناکرنا پڑا۔ پانچویں نمبر کےامریکی کھلاڑی Ben Sheltonکوبھی دوسرے راؤنڈ میں شکست کا سامنا کرناپڑا۔خواتین کے مقابلوں میں امریکہ کی Coco Gauffکوتیسرے راؤنڈمیں، چارمرتبہ فرنچ اوپن جیتنے والی پولینڈکی Iga Swiatekکوچوتھے راؤنڈ میں،اورعالمی نمبر دوElena Rybakinaکو دوسرے راؤنڈ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
(ن م طاہر)
٭…٭…٭




