افریقہ (رپورٹس)

سیرالیون میں سیکرٹریان واقفین نو کا دوسرا ریفریشر کورس

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ سیرالیون کو مورخہ ۱۱؍اپریل ۲۰۲۶ء بروز ہفتہ سیکرٹریان واقفین نو کا ایک روزہ ریفریشر کورس منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ یہ ریفریشر کورس ہیڈکوارٹرز بروک فیلڈ، فری ٹاؤن میں خلافت لائبریری کے ہال میں منعقد ہوا جس میں ملک کے تمام اضلاع سے سیکرٹریان واقفین نو نے شرکت کی۔ احباب جمعہ کی شام ہی پہنچ گئے۔

مکرم شاہد احمد کورجی صاحب نیشنل سیکرٹری وقف نو کی زیر صدارت اجلاس تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم سے شروع ہوا۔ نیشنل سیکرٹری صاحب وقف نو نے مختصر افتتاحی کلمات پیش کر کے باقاعدہ پروگرام کا آغاز کیا۔ تمام سیکرٹریان نے اپنا تعارف کرایا اور پہلے ریفریشر کورس سے اب تک کی اپنے شعبہ کی مختصر کارکردگی پیش کی۔ مکرم محمد مورث کمارا صاحب مبلغ سلسلہ نے تحریک وقف نو کی اہمیت و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ بعدازاں مکرم ذیشان محمود صاحب مبلغ سلسلہ نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے ارشادات کی روشنی میں سیکرٹریان وقف نو کے فرائض و ذمہ داریوں پر گفتگو کی۔ مولوی عثمان عبد اللائی باری صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ نے رپورٹنگ اور ریکارڈ محفوظ رکھنے کی اہمیت بیان کی جبکہ نیشنل سیکرٹری صاحب نے اس حوالے سے مزید ہدایات دیں۔ مولوی حسن سیسے صاحب نے واقفین نو کی تربیتی و اخلاقی تربیت پر اور عزیزم میر ہشام احمد (معاون صدر برائے وقف نَو) نے واقفین نو کو درپیش مسائل اور ان کے عملی حل پر اظہار خیال کیا۔ پروگرام کے دوران سوال و جواب کی نشست بھی ہوئی جس میں سیکرٹریان نے مختلف امور پر راہنمائی حاصل کی۔

نماز ظہر کے وقفے کے بعد اختتامی اجلاس کی کارروائی کا آغاز مکرم موسیٰ میوا صاحب امیر جماعت احمدیہ سیرالیون کی زیر صدارت ہوا۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد نیشنل سیکرٹری وقف نو نے پروگرام کی رپورٹ پیش کی اور مکرم امیر صاحب کو اسناد شرکت تقسیم کرنے کی دعوت دی۔ تقسیم اسناد کے بعد مکرم امیر صاحب نے مختصر اختتامی تقریر میں سیرالیون میں تحریک وقف نو میں اپنے بچے وقف کرنے کے اعداد و شمار میں کمی اور عالمی منظرنامے کے ساتھ ساتھ سیرالیون میں ہی مستقبل کی جماعتی ضروریات کی اہمیت بیان کرتے ہوئے سیکرٹریان کو احباب جماعت کے سامنے اس تحریک کو مؤثر انداز میں پیش کرنے کی تلقین کی۔

دعا کے بعد اجتماعی فوٹو ہوا اور ظہرانہ پیش کیا گیا۔ اس پروگرام میں ۱۳؍سیکرٹریان سمیت کل حاضری ۲۰؍رہی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

(رپورٹ:سید سعید الحسن شاہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ ٹوگو کے پندرھویں جلسہ سالانہ ۲۰۲۵ء کا بابرکت انعقاد

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button