یورپ (رپورٹس)

فن لینڈ میں جلسہ یوم خلافت کا بابرکت انعقاد

مکرم بشارت الرحمٰن صاحب سیکرٹری تربیت جماعت احمدیہ فن لینڈ تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے شعبہ تربیت جماعت احمدیہ فن لینڈ کے زیر اہتمام مورخہ ۲۴؍مئی ۲۰۲۶ء بروز اتوار مسجد نور، ہیلسنکی میں نماز ظہر کے بعد جلسہ یوم خلافت کا انعقاد ہوا۔

جلسے کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم اور حدیث و ترجمہ اور نظم سے ہوا۔ اس سال جماعت احمدیہ فن لینڈ کے شعبہ تربیت نے افراد جماعت میں کتب حضرت مسیح موعودؑ کے مطالعہ کو فروغ دینے کے لیے ایک خصوصی مہم کا آغاز کیا ہے۔ اس سلسلہ میں جلسہ یوم خلافت کے دن تک حضرت مسیح موعودؑ کی دوسری کتاب ’فتح اسلام‘ کا مطالعہ مکمل کیا گیا۔ خاکسار (نیشنل سیکرٹری تربیت) نے کتاب کا تعارف، اس کے پس منظر اور تصنیف کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔ اس کے بعد ’فتح اسلام‘ کے مطالعہ کی بنیاد پر ایک معلوماتی کوئز کا انعقاد کیا گیا جس میں پانچ ٹیموں نے حصہ لیا۔ ہر ٹیم پانچ افراد پر مشتمل تھی۔ کوئز نہایت دلچسپ اور معلومات افزا رہی جس کے تین مراحل تھے جن میں Multiple Choice سے لے کر تفصیلی جواب والے سوالات شامل تھے۔ ایسے احباب جنہیں کتاب کا مکمل مطالعہ کرنے کا موقع نہ مل سکا تھا، انہیں بھی کتاب کے اہم مضامین سے آگاہی حاصل ہوئی اور ان میں مکمل کتاب پڑھنے کا شوق پیدا ہوا۔

مکرم شاہد محمود کاہلوں صاحب مبلغ انچارج فن لینڈ نے ’’خلافت کی برکات اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ کے موضوع پر جلسہ کی مرکزی تقریر میں حاضرین کو توجہ دلائی کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں یہ غیر معمولی سعادت عطا فرمائی ہے کہ ہم خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے قرب میں رہتے ہیں، لہٰذا ہمیں خلافت کی برکات سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کرنی چاہیے۔ اختتامی کلمات میں مکرم عطاءالغالب صاحب نیشنل صدر جماعت احمدیہ فن لینڈ نے افراد جماعت کو جماعتی پروگراموں میں بھرپور شرکت اور فعال کردار ادا کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ آپ نے آئندہ منعقد ہونے والے جلسہ سالانہ فن لینڈ اور جماعت کی پہلی مجلس شوریٰ کا ذکر کرتے ہوئے تمام احباب سے ان پروگراموں کی تیاری، کامیابی اور بابرکت نتائج کے لیے دعا اور عملی تعاون کی درخواست کی۔ دعا کے ساتھ اس بابرکت جلسہ کا اختتام ہوا جس کے بعد تمام حاضرین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔

الحمدللہ، اس جلسہ میں مردوں، خواتین، بچوں اور مہمانوں سمیت کل ۱۱۰؍افراد نے شرکت کی۔ اللہ تعالیٰ ہمیں ہمیشہ خلافت سے وفاداری، محبت اور کامل وابستگی عطا فرمائے اور ہماری آئندہ نسلوں کو بھی اس عظیم نعمت سے جوڑے رکھے۔ آمین

(رپورٹ:فرخ اسلام۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ گیمبیا کے اڑتالیسویں جلسہ سالانہ ۲۰۲۶ء کا کامیاب انعقاد

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button