جماعت احمدیہ ہالینڈ کی بعض مساعی
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ ہالینڈ کو فروری تا اپریل ۲۰۲۶ء کے دوران مختلف دینی، تبلیغی اور خدمت خلق کی سرگرمیوں کے انعقاد کی توفیق ملی۔ ان مساعی کی رپورٹ درج ذیل ہے۔
٭…افطار ڈنر اور ریسپشن جماعت Nijmegen: محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے ۲۱؍فروری ۲۰۲۶ء کو جماعت احمدیہ Nijmegenکو غیر احمدی ڈچ مہمانوں کے لیے ایک پُروقار تقریب کی میزبانی کرنے اور ان تک اسلام کا پیغام پہنچانے کی توفیق ملی۔

تقریب کا آغاز شام پانچ بجے ہوا جس میں مرد، خواتین اور بچوں سمیت کل ۳۵؍مہمان شامل ہوئے۔
تلاوت قرآن کریم و ترجمہ کے بعد مہمانوں کو ایک مختصر ویڈیو دکھائی گئی جس میں جماعت احمدیہ عالمگیر کا تعارف اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا بین المذاہب ہم آہنگی اور امن سے متعلق پیغام شامل تھا۔ بعدازاں خاکسار (مبلغ سلسلہ ہالینڈ) نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور انہیں مقامی جماعتی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ اسی طرح مکرم سفیر احمد صدیقی صاحب مبلغ سلسلہ نے جماعت احمدیہ کے عقائد اور ہالینڈ میں جماعت کی تاریخ و خدمات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔

پروگرام کے اختتام پر مہمانوں کے لیے بک سٹال کا انتظام کیا گیا تھا جہاں مختلف زبانوں میں قرآن کریم کے تراجم اور ڈچ زبان میں اسلامی لٹریچر نمائش کے لیے رکھا گیا۔ افطار اور نماز مغرب کے بعد مہمانوں کی عشائیہ سے تواضع کی گئی۔ کھانے کے دوران مہمانوں کے ساتھ انفرادی گفتگو اور سوال و جواب کا سلسلہ بھی جاری رہا۔
رخصت ہوتے وقت مہمانوں کو جماعتی لٹریچر اور چاکلیٹس پر مشتمل تحائف دیے گئے۔ مہمانوں نے پروگرام کو بہت سراہا اور آئندہ ایسی تقریبات میں شمولیت کی خواہش ظاہر کی۔ یہ پروگرام ہر لحاظ سے کامیاب رہا۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

٭…جماعت Nijmegen کے وفد کی شہر کے ميئر سے تعارفی ملاقات:مورخہ ۴؍مارچ کو Nijmegen کے میئر مسٹر ہیوبرٹ برولز (Hubert Bruls) سے جماعت احمدیہ کے ایک وفد کی اہم تعارفی ملاقات ہوئی۔ تقریباً ایک گھنٹہ جاری رہنے والی یہ نشست نہایت خوشگوار اور باہمی احترام کے ماحول میں منعقد ہوئی۔
ملاقات کے دوران وفد نے میئر صاحب کو جماعت احمدیہ کا تعارف پیش کیا اور ہالینڈ میں جماعت کی کئی دہائیوں پر محیط امن پسندی اور سماجی خدمات کی تاریخ سے آگاہ کیا۔ وفد نے خصوصاً حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی عالمی قیام امن کی کوششوں اور آپ کے امن پیغام پر روشنی ڈالی۔

گفتگو کے دوران پاکستان میں جماعت کو درپیش انسانی حقوق کی صورتحال اور مذہبی آزادی کی اہمیت کا تذکرہ بھی کیا گیا۔ میئر صاحب نے وفد کو اپنے انتظامی و تعلیمی پس منظر اور سابقہ ذمہ داریوں سے آگاہ کیا اور جماعت کی مساعی کو سراہا۔
آخر میں میئر صاحب کو قرآن کریم، دیگر لٹریچر اور گلدستہ پیش کیا گیا۔
٭…خدام الاحمدیہ ہالینڈ کا خدمت خلق کے تحت قومی رضاکارانہ مہم NL Doet 2026 میں حصہ:مکرم حمزہ ابتسام صاحب مہتمم وقارعمل مجلس خدام الاحمدیہ ہالینڈ تحریر کرتے ہیں کہ الحمدللہ، مجلس خدام الاحمدیہ ہالینڈ کو امسال ۱۴؍مارچ کو خدمت خلق کے جذبے کے تحت ہالینڈ کی سب سے بڑی قومی رضاکارانہ مہم ’NL Doet 2026‘ میں بھرپور طریقے سے شامل ہونے کی توفیق ملی۔ NL Doet دراصل ہالینڈ کی ایک ایسی سالانہ مہم ہے جس کا مقصد معاشرتی ہم آہنگی اور رضاکارانہ کام کو فروغ دینا ہے۔

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اس سال ہالینڈ کی کل ۱۹؍میں سے ۱۶؍مجالس نے اس فلاحی مہم میں فعال شرکت کی جس میں ملک بھر سے مجموعی طور پر ۸۲؍خدام نے حصہ لیا۔ ان رضاکاروں نے مختلف شہروں میں مقامی اداروں، کیئرہومز اور کمیونٹی سینٹرز کے ساتھ مل کر صفائی ستھرائی، باغبانی جیسے متعدد وقار عمل کے کاموں میں ہاتھ بٹایا۔
اس مہم کا ایک اہم پہلو تبلیغ اسلام اور تعارف جماعت بھی رہا۔ وقار عمل کی ان سرگرمیوں کے دوران خدام نے اپنے ساتھ جماعتی تعارفی لٹریچر اور فلائرز بھی رکھے تھے جو انہوں نے مقامی ڈچ شہریوں اور تنظیموں کے ارکان میں تقسیم کیے۔ اس کے ذریعے بہت سے لوگوں کو اسلام احمدیت کے امن پسند پیغام سے روشناس ہونے کا موقع ملا۔
٭…ہالینڈ کی جماعتوں میں جلسہ یوم مسیح موعود کا انعقاد:جماعت احمدیہ ہالینڈ کو یوم مسیح موعود کی مناسبت سے ملک کی مختلف جماعتوں میں مارچ کے آخری ہفتہ میں جلسہ یوم مسیح موعود منعقد کرنے کی توفیق ملی۔
جن شہروں میں مساجد ہیں وہاں پر احباب جماعت جو ساتھ کی جماعتوں میں رہتے ہیں وہ بھی شامل ہوئے۔ جلسہ یوم مسیح موعود کے حوالے سے شعبہ تربیت کے تحت تعلیمی مواد تیار کیا گیا جس میں تلاوت قرآن کریم، حدیث، اقتباس حضرت مسیح موعودؑ، اردو اور ڈچ تقاریر شامل تھیں۔ اردو تقریر کا عنوان تھا ’’حضرت مسیح موعودؑ کی بعثت کا مقصد‘‘ جبکہ ڈچ تقریر حضرت مسیح موعودؑ کی صداقت کے دلائل کے حوالے سے تھی۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق اللہ تعالیٰ کے فضل سے ۶؍ریجنز کی تقریباً ۲۰؍جماعتوں میں جلسے منعقد ہوئے جن میں ۹۰۰؍سے زائد لوگوں نے شرکت کی۔ الحمدللہ

٭…مسجد مبارک ہیگ میں افطار ڈنر کا اہتمام:مکرم علی قاسم صاحب صدر جماعت احمدیہ ہیگ تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ ہیگ کو اپنے ہمسائیوں اور مقامی کمیونٹی کے لیے ایک پُروقار افطار ڈنر منعقد کرنے کی توفیق ملی جس میں لگ بھگ ۱۵۰؍مہمانوں نے شرکت کی اور مسجد مبارک کا ماحول نہایت مخلصانہ اور پرجوش رہا۔
پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد مکرم ریحان احمد صاحب نے تمام معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور انہیں رمضان المبارک کی فضیلت سے آگاہ کیا، جبکہ جماعت احمدیہ کا تفصیلی تعارف مکرم سفیر احمد صدیقی صاحب نے پیش کیا۔
اس تقریب میں مکرم ہبۃالنور فرحاخن صاحب امیر جماعت احمدیہ ہالینڈ، مکرم عبد الحمید فن در فیلدن صاحب نائب امیر اور مکرم نعیم احمد وڑائچ صاحب مبلغ انچارج صاحب بھی شامل ہوئے جنہوں نے مشترکہ طور پر صدارت کے فرائض سرانجام دیے۔
پروگرام کے دوسرے حصے میں ایک دلچسپ نشست سوال و جواب منعقد ہوئی جس میں معزز مہمانوں کو اسلام اور عصری مسائل کے حوالے سے مختلف سوالات کرنے کا موقع ملا۔
اس پروگرام کو منظم کرنے کے لیے جماعت کے ۶۰؍سے زائد رضاکاروں نے بھرپور خدمات انجام دیں۔
٭… یوم مسیح موعود کی مناسبت سے تبلیغ پروگرام: ہالینڈ کے شعبہ تبلیغ کو مورخہ ۴؍اپریل بروز ہفتہ ہالینڈ کے ۶؍شہروں (Rotterdam, Haarlem, Groningen, Tilburg, Apeldoorn اور Lelystad) میں تبلیغ کمپین کرنے کی توفیق ملی۔ اس پروگرام کا مقصد حضرت مسیح موعودؑ کی آمد کی خبر دینا اور اسلام کے امن کے پیغام کو لوگوں تک پہنچانا تھا۔
اس پروگرام کے بارے میں لوکل اور ریجنل اخبارات کو اطلاع دی گئی تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک یہ پیغام پہنچے۔
ہر مقام پر ٹینٹس، بک سٹالز، بینرز اور تصاویر کے ذریعے مؤثر تبلیغ کی توفیق ملی۔ اس کے علاوہ دو قسم کے فولڈرز بھی تقسیم کیے گئے: ایک حضرت مسیح موعود و مہدی موعودؑ کی آمد کے متعلق اور دوسرا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے امن کے پیغام کے متعلق تھا۔ لوگوں نے اس پروگرام کو سراہا اور علمی گفتگو کے ذریعے اسلام کے پرامن پیغام کو سمجھنے کا موقع ملا۔
اللہ تعالیٰ ہماری ان حقیر کاوشوں کو قبول فرماتے ہوئے ہمیں مزید خدمت دین اور تبلیغ کے مواقع عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ:عدیل باسم۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: سیرالیون میں سیکرٹریان واقفین نو کا دوسرا ریفریشر کورس




