ایشیا (رپورٹس)

لجنہ اماء اللہ بنگلہ دیش کی تیرھویں نیشنل تعلیمی و تربیتی کلاسز کا بابرکت انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مورخہ ۳۰؍اپریل تا ۴؍مئی ۲۰۲۶ء جماعت احمدیہ بنگلہ دیش کے ہیڈکوارٹر دارالتبلیغ بخشی بازار ڈھاکہ میں لجنہ اماء اللہ بنگلہ دیش کی ۱۳ویں نیشنل تعلیمی و تربیتی کلاسز منعقد ہوئیں۔ الحمدللہ

ان کلاسز میں ملک بھر کی ۱۸؍مجالس سے ممبرات لجنہ اماءاللہ اور ناصرات نے شرکت کی۔

پروگرام کے تحت لجنہ اور ناصرات کے لیے علیحدہ علیحدہ تعلیمی و تربیتی کلاسز کا اہتمام کیا گیا۔ دونوں کے لیے قرآن ناظرہ، نماز، دعا، حدیث اور قصیدہ کی کلاسز منعقد ہوئیں۔

لجنہ کے لیے خصوصی طور پر دو تبلیغی کلاسز اور ٹیچرز ٹریننگ پروگرامز کا اہتمام کیا گیا تاکہ مجالس میں تدریسی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ ان کلاسز میں نمازوں کی اہمیت، پردہ کی اہمیت، سنت نبویﷺ کی اتباع اور جنازہ و غسل کی عملی تربیت جیسے موضوعات شامل تھے۔ ان اجلاسات میں ۶۵تا۷۰؍شرکاء کی حاضری رہی۔

اسی طرح ’’نکاح‘‘ کے موضوع پر ایک خصوصی تربیتی پروگرام بھی منعقد کیا گیا جس کی حاضری ۱۹۱؍رہی۔

ناصرات کے لیے خصوصی تربیتی کلاسز میں نماز میں دلچسپی پیدا کرنے کے طریق، سوشل میڈیا کا مثبت استعمال، ذہنی صحت، مالی قربانی کی اہمیت اور سنت نبویﷺ کی پیروی جیسے اہم موضوعات شامل تھے۔ اس کے علاوہ ناصرات کے لیے ایک تعلیمی و تفریحی سٹڈی ٹور کا بھی انتظام کیا گیا۔

کلاسز کے دوران لجنہ و ناصرات کے لیے انڈور گیمز اور تفریحی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا۔

پروگرام کے دوران تین خواتین پر مشتمل میڈیکل ٹیم نے خدمات سرانجام دیں جبکہ سیکیورٹی اور صفائی کے شعبہ جات نے بھی اپنے فرائض احسن رنگ میں ادا کیے۔

ان کلاسز میں مجموعی طور پر ممبرات لجنہ اماء اللہ، ناصرات، بچوں، رضاکاروں اور اساتذہ سمیت کل ۲۲۷؍افراد نے شرکت کی۔

اختتام پر منعقدہ امتحانات میں ۳۱؍ممبرات اور ۱۱؍ناصرات نے حصہ لیا۔

اللہ تعالیٰ ان بابرکت کلاسز کے بہترین اور دیرپا نتائج پیدا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: نوید الرحمٰن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button