حالاتِ حاضرہ

سپورٹس بلیٹن

فٹ بال : لیونل میسی (Lionel Messi)نے فیفا ورلڈکپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ رواں ورلڈکپ میں الجیریاکے خلاف تین گول کرنے کے بعدارجنٹینا کے ۳۹؍سالہ لیجنڈکھلاڑی نے آسٹریاکے خلاف دو گول کیے اور عالمی فٹ بال ٹورنامنٹس میں ۱۸؍گولزکے ساتھ تاریخ میں اپنا نام نقش کروالیا۔قبل ازیں یہ ریکارڈجرمن کھلاڑی Miroslav Kloseکےپاس تھا جوفیفا ورلڈ کپ میں ۱۶؍گول سکورکرچکے ہیں۔ارجنٹینا نے لگاتاردوسری فتح کے ساتھ دوسرے مرحلے میں بھی جگہ بنالی۔ گروپ اے میں میزبان میکسیکو نے اپنے دوسرے میچ میں جنوبی کوریا کے خلاف صفر کے مقابلہ میں ایک گول سے کامیابی حاصل کی۔اسی طرح یوایس اے نے آسٹریلیا کو ۲۔صفر سے ہراکر ناک آؤٹ راؤنڈ میں کوالیفائی کرلیا۔کینیڈین ٹیم نے قطرکے خلاف چھ صفر سے فتح حاصل کرکے دوسرے مرحلے میں جانے کے امکانات روشن کرلیے۔ دیگر مقابلوں میں فرانس نے سینیگال کو ۳۔۱؍اورعراق کو تین صفر سے شکست دی۔ان دونوں مقابلوں میں Kylian Mbappé نے دو، دو گول کیے۔ نامورفٹبالر Erling Haaland کے دو میچز میں شاندار چارگولزکی بدولت ناروے نے سینیگال کے خلاف ۳۔۲؍اور عراق کے خلاف ۴۔۱؍سے فتح حاصل کی۔جرمنی نے اپنے دوسرے میچ میں آئیوری کوسٹ کے خلاف کانٹے دار مقابلہ کے بعد ایک کے مقابلہ میں دو گول سے کامیابی سمیٹی۔سپین نے سعودی عرب کو ۴۔صفر سے مات دی جبکہ جاپان نے تیونس کے خلاف چارگول سے میچ جیتا۔گروپ جی میں ایران اور بیلجیم کا مقابلہ بغیرکسی گول کے برابرہوا جبکہ مصر نے نیوزیلینڈ کو ایک کے مقابلہ میں تین گول سے ہرایا۔انگلینڈ نے اپنے پہلے میچ میں کروشیاکو۴۔۲سے شکست دی۔

کرکٹ: انگلینڈبمقابلہ نیوزیلینڈ،دوسرے ٹیسٹ میں مہمان کیوی ٹیم نے ۲۴۳؍رنز سے بڑی فتح حاصل کرکے تین میچز کی سیریز ۱۔۱؍سے برابرکردی۔ تیسرااور فیصلہ کن ٹیسٹ ۲۵؍جون سے ناٹنگھم میں کھیلاجائے گا۔اوول، لندن میں ہونے والے دوسرے میچ سے قبل نیوزیلینڈکے مایہ ناز کھلاڑی اور سابق کپتان کین ولیمسن (Kane Williamson)نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔تاہم ان کی غیرموجودگی میں کیوی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔نیوزیلینڈ نےاپنی پہلی اننگزمیں ۳۹۱؍رنزبنائے جس کے جواب میں انگلش ٹیم ۲۹۱؍رنزبناسکی۔ دوسری باری میں مہمان ٹیم نے۳۶۲؍رنز بناکرمیزبان ٹیم کو۴۶۳؍رنزکا ہدف دیا لیکن انگلینڈ کی پوری ٹیم ۲۰۹؍رنزپرڈھیر ہوگئی۔نیوزیلینڈ کے Matt Henryمیچ میں گیارہ وکٹیں لے کر پلیئر آف دی میچ قرارپائے جبکہ انگلینڈ کے جوناتھن ایڈورڈروٹ(Joe Root)چودہ ہزار رنز مکمل کرنے والے دنیا کے دوسرے بلےباز بن گئے۔یادرہے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ ۱۵۹۲۱؍رنزبنانے کا اعزاز بھارت کے سچن ٹنڈولکر کے پاس ہے۔۳۵؍سالہ جو روٹ اس ریکارڈ کو توڑنے سے ۱۸۴۶؍رنز کی دوری پر ہیں۔

آسٹریلیا بمقابلہ بنگلہ دیش:ایک روزہ سیریز میں ۲۔۱؍سے شکست کھانے کے بعدآسٹریلیا نے میزبان بنگلہ دیش کو ٹی ٹوینٹی سیریز میں ۳۔صفر سے مات دے دی ۔ پہلے میچ میں آسٹریلوی ٹیم نے چاروکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔دوسرے میچ میں مہمان ٹیم سات رنز سے فتحیاب ہوئے جبکہ آخری مقابلہ میں بنگلہ دیش کو سات وکٹوں سے شکست ہوئی۔

(ن م طاہر)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button