حالاتِ حاضرہ

سپورٹس بلیٹن

فٹ بال : ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کےراؤنڈآف۳۲؍میں سنسنی خیز مقابلےجاری ہیں۔لاس اینجلس سٹیڈیم میں ہونے والے پہلے ناک آؤٹ میچ میں کینیڈا نے جنوبی افریقہ کے خلاف کانٹے دارمقابلہ کے بعدایک صفر سے کامیابی حاصل کی۔میچ کا فیصلہ کن گول Stephen Eustaquioنے انجری ٹائم میں کیا۔

دوسرے میچ میں برازیل نے ایک گول کے خسارے میں جانے کے بعد یادگارکھیل پیش کیا اور میچ کے ۵۶؍ویں منٹ میں سکور برابرکرنے کےبعدانجری ٹائم میں فیصلہ کن گول داغ کر جاپان کا سفر اس ٹورنامنٹ میں تمام کردیا۔

ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا اَپ سیٹ اُس وقت دیکھنے میں آیا جب پیراگوئے نے سخت مقابلے کے بعد جرمنی کو پنالٹی شوٹ آؤٹ پرشکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا۔

اسی طرح نیدرلینڈز اور مراکش کے درمیان مقابلہ انتہائی سنسنی خیز ثابت ہوا۔کھیل کے ۷۲؍ویں منٹ میں Cody Gakpoکے گول کی بدولت ڈچ ٹیم نے سبقت حاصل کی جسے انجری ٹائم میں Issa Diopنے برابرکیا۔ اضافی وقت میں بھی مقابلہ ۱۔۱؍گول سے برابر رہا جس کے بعدپنلٹی شوٹس پر مراکش نے ۳۔۲؍سے کامیابی حاصل کی۔

قبل ازیں گروپ میچز میں آسٹریااور الجیریا کا مقابلہ ۳۔۳؍گول سے برابرہوااور یوں دونوں ٹیموں نے ناک آؤٹ مرحلہ میں جگہ بنالی اور یہ میچ ڈرا ہونے کی وجہ سے ایرانی ٹیم ایونٹ سے باہرہوگئی۔

Cabo Verdeنے اس عالمی کپ میں اپنا لگاتار تیسرا میچ ڈرا کھیلااوریوں اگلے مرحلے میں ان کا ٹاکرا دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کے ساتھ ہوگا۔

ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگونے ازبکستان کو ۳۔۱؍ سے ہراکرناک آؤٹ راؤنڈتک رسائی حاصل کی۔

میکسیکو،فرانس اور ارجنٹینا نے اپنے تینوں گروپ میچز میں فتح حاصل کی جبکہ میزبان یوایس اے کو اپنے تیسرے میچ میں ترکی کے ہاتھوں دو کے مقابلہ میں تین گول سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

کرکٹ: نیوزی لینڈنے میزبان انگلینڈکوتین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں ۲۔۱؍سے مات دے دی۔ ٹرینٹ برج میں کھیلے گئے فیصلہ کن ٹیسٹ میں کیوی ٹیم نے۱۶۰؍رنز سےفتح اپنے نام کی۔اس میچ کی پہلی اننگزمیں نیوزی لینڈ کے اوپنرزٹام لیتھم(Tom Latham) اور ڈیوَن کونوے(Devon Conway) نے ۳۱۷؍رنز کی شراکت قائم کی۔ دوسری اننگز میں ڈیرل مچل (Daryl Mitchell)نے ناقابلِ شکست سنچری بنائی اور نیتھن اسمتھ(Nathan Smith)نے میچ میں چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردارادا کیا۔ اس سیریز کے اختتام پر انگلش کپتان بین سٹوکس (Ben Stokes) نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔کرائسٹ چرچ نیوزی لینڈمیں پیداہونے والے۳۵؍سالہ سٹوکس نے ۱۲۲؍ٹیسٹ میچز میں انگلینڈ کی نمائندگی کی ،اوروہ ۷۲۷۳؍رنز اور۲۵۲؍وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

دوسری جانب سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کو ایک اننگز اور۲۱۷؍رنز سے شکست دے دی۔ اس میچ کی خاص بات ویسٹ انڈیزکے Amir Jangoo اورکپتان روسٹن چیز(Roston Chase)کے مابین چھٹی وکٹ کی شراکت میں بننے والے ۴۰۱؍رنزتھے۔اپنا دوسرا ٹیسٹ کھیلنے والے Jangooنے ۲۳۳؍رنز بنائے جبکہ Chaseنے ۱۹۴؍رنز کی اننگزکھیلی۔اس میچ میں ویسٹ انڈیز کےتجربہ کار فاسٹ باؤلر کیمار روچ (Kemar Roach)نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی ۳۰۰؍وکٹیں بھی مکمل کیں۔

بھارت اور آئرلینڈکے مابین بیلفاسٹ میں کھیلی گئی دو میچز کی ٹی ٹوینٹی سریز میں آئرش ٹیم نے حیران کن طور پر ورلڈ چیمپئن بھارت کو ۲۔صفر سے ہرادیا۔پہلے میچ میں میزبان ٹیم ۳۴؍رنزجبکہ دوسرے مقابلے میں ایک رن سے فتح یاب ہوئی۔

ویمنزٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ: انگلینڈ میں جاری خواتین کے ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ میں میزبان انگلینڈ، آسٹریلیا، ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ نے سیمی فائنل مرحلے میں جگہ بنالی۔ایک روزہ ورلڈ کپ کی چیمپئن بھارتی ویمنزٹیم جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا سے شکست کھانے کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہوئی۔ آئر لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو اپ سیٹ شکست دی جبکہ پاکستان ویمنز ٹیم پانچ میچز میں صرف نیدرلینڈز کے خلاف کامیابی حاصل کرسکی۔

(ن م طاہر)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button