تازہ ترین: ۴۸ویں جلسہ سالانہ کینیڈا کی تیاری اور انتظامات
(رپورٹ: محمد سلطان ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل کینیڈا)

جماعت احمدیہ کینیڈا کا ۴۸واں جلسہ سالانہ ۱۰؍جولائی ۲۰۲۶ء کو کینیڈا کے سب سے بڑے شہر ٹورانٹو سے مُتَّصِل مسی ساگا (Mississauga)شہر کے معروف انٹرنیشنل سنٹر میں منعقد ہورہا ہے۔ انٹرنیشنل سنٹر بنیادی طور پر بہت بڑے ایونٹس، نمائشوں اور تجارتی میلوں کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ یہ ٹورانٹو پیئرسن انٹرنیشنل ایئرپورٹ (Toronto Pearson International Airport) کے بالمقابل ایئرپورٹ روڈ پر واقع ہے جس سے دوسرے ممالک اور دوردراز کے شہروں سے آنے والے شاملین کو بہت سہولت رہتی ہے۔ اسی طرح تمام معروف ہائی ویز کے بالکل قریب ہے۔ نیز ٹورانٹو، مسی ساگا اور برمپٹن جیسے قریبی شہروں کے لیے مقامی بسوں اور صوبہ اونٹاریو (Ontario)کے دیگر شہروں سے GO ٹرین کے ذریعہ عوام بغیر کسی دِقت کے ان پروگراموں میں شامل ہوسکتے ہیں۔

۲۰۰۲ء میں جب یہ سنٹر پہلی دفعہ جلسہ گاہ کے لیے کرایہ پر حاصل کیا گیا تھا تو اس کا ایک ہی ہال مردانہ جلسہ گاہ کی جملہ ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی تھا جبکہ مستورات کی پوری جلسہ گاہ بھی ایک ہی ہال میں سما گئی تھی لیکن محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے اب کئی سالوں سے اس کے تمام سات ہالز حاصل کیے جاتے ہیں، پارکنگ کے تمام دستیاب لاٹس بھی حاصل کرلیے جاتے ہیں پھر بھی یہ جگہ اب ناکافی ہوچکی ہے لیکن ٹورانٹو اور گردونواح میں اس سے بڑی کوئی عمارت نہیں جہاں جلسہ کی تمام ضروریات کو مدِنظر رکھتے ہوئے جلسہ کا اہتمام کیا جاسکے۔ سب سے زیادہ چیلنج کار پارکنگ کا ہے۔ اگرچہ یہاں ۵۰۰۰ سے زائد کاریں پارک کی جاسکتی ہیں مگر پھر بھی یہ جگہ ناکافی ہے۔ بہت سی قریبی جماعتیں خصوصی بسوں پر سفر کرتی ہیں جبکہ اضافی پارکنگ کے لیے قریبی گوردوارہ، اسکولز وغیرہ میں بھی انتظامات کیے گئے جہاں سے شٹل بسوں کے ذریعہ شاملین کو جلسہ گاہ میں لایا جاتا ہے۔

انٹرنیشنل سینٹر کے بیرونی دروازوں پر موجود بڑی اسکرینوں پر جلسہ سالانہ کا پروگرام بار بار ڈسپلے ہورہا ہے جو ایئرپورٹ روڈ سے گزرنی والی ہزاروں گاڑیوں کو دور سے ہی نظر آجاتا ہے۔
مہمان نوازی اور ضیافت کے شعبہ جات نے بھی شاملین کی متوقع تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے کھانے، پانی اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ کھانے کے لیے خواتین و حضرات کے لیے الگ الگ ہالز میں ڈائننگ ٹیبل لگادیے گئے ہیں۔ جبکہ مہمانوں کے لیے الگ کھانے کا انتظام کیا گیا ہے۔ طبی امداد کے لیے ایمبولینس، پانی کی وافر دستیابی اور سیکورٹی کے انتظامات بھی آخری مراحل میں ہیں۔ اسی طرح پارکنگ کے نظم و ضبط، شٹل بسوں کی آمد و روانگی، اور شاملین کو گالف کارٹس پر مناسب مقامات تک پہنچانے کے لیے مختلف ٹیمیں تیار ہیں تاکہ جلسہ گاہ میں آنے والے احباب کو زیادہ سے زیادہ سہولت اور آسانی میسر آسکے۔

افسر جلسہ گاہ مکرم شیخ عبدالودود صاحب نے بتایا کہ مورخہ ۷؍جولائی بروز منگل، انٹرنیشل سنٹر کے ہالزجماعت کے حوالے کیے گئے تھے اور جلسہ گاہ کو تیار کرنے کے لیے کارکنان کے پاس صرف تین دن تھے اس لیے ایک ہزار سے زائد کارکنان دن رات مسلسل محنت کوشش اور جذبے کے ساتھ یہ کام محض للہ کر رہے ہیں اور اس کو اپنے لیے باعث فخر سمجھتے ہیں کہ انہیں اس خدمت کی توفیق ملی ہے۔ ان کارکنان میں ہرشعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے احباب شامل ہیں جن میں سے بہت سے اپنی اپنی ملازمت سے چھٹی لے کریہاں کام کررہے ہیں۔

مرکزی اسٹیج کے پس منظر میں امسال بھی ایک نہایت عظیم الشان دیوہیکل اسکرین نصب کی گئی ہے، جو درجنوں چھوٹی اسکرینوں کو باہم جوڑ کر تیار کی گئی ہے۔ اس کے دونوں طرف نسبتاً چھوٹی اسکرینیں بھی لگائی گئیں تاکہ تمام حاضرین کو جلسہ کی کارروائی نظر آتی رہے۔ افسر صاحب جلسہ گاہ نے بتایا کہ اس کی تیاری بھی جماعتی کارکنان نے خود کی ہے اور اس کی تنصیب پر کوئی اخراجات نہیں ہوئے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ گذشتہ سالوں میں آڈیو کا انتظام مکمل طور پر بیرونی کمپنی کے سپرد ہوتا تھا مگر امسال اس کا نصف کام جماعتی کارکنان خود انجام دے رہے ہیں۔

اس سال بھی مردانہ و زنانہ جلسہ گاہ کے علاوہ بچوں کے لیے بھی علیحدہ انتظام کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ خصوصی ضروریات رکھنے والے بچوں کے لیے بھی پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں۔
مرکزی جلسہ گاہ کے باہر ایک مارکی میں شائقینِ کتب کے لیے بُک اسٹور بھی قائم کر دیا گیا ہے، جہاں درجنوں نئی کتب اور تراجم سمیت تین سو سے زائد مطبوعات نمائش اور فروخت کے لیے رکھی گئی ہیں۔

جلسہ کی کارروائی کو MTA8 America پر براہ راست دکھایا جائے گا نیز حاضرین کے لیے تمام کارروائی کے رواں تراجم انگریزی، اردو، فرانسیسی، عربی اور بنگلہ میں دستیاب ہوں گے۔ اس کے علاوہ سوشل میڈیا اور آن لائن پوسٹس کے لیے بھی مختلف ٹیموں نے کام شروع کردیا ہے۔

گذشتہ دو ہفتوں سے ٹورانٹو اور گردونواح کا موسم معمول سے زیادہ گرم رہا ہے اور اگلے چند دن بھی موسم گرم رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ (تاہم اس وقت، جب خاکسار یہ رپورٹ تحریر کررہا ہے، گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش بھی شروع ہوگئی ہے۔)
ان وسیع ظاہری انتظامات کے ساتھ ساتھ جلسہ سالانہ کی اصل روح اور مقصد کو پیش نظر رکھنا بھی نہایت ضروری ہے۔ قارئین الفضل سے درخواستِ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ محض اپنے فضل سے اس جلسہ کو ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے اور اِسے اُن تمام مقاصد کے حصول کا ذریعہ بنائے جن کے لیے حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے جلسہ سالانہ کا اجرا فرمایا تھا۔ آمین۔
