رپورٹس از جلسہ گاہ مستورات۔ ۶۰واں جلسہ سالانہ برطانیہ ۲۰۲۶ء
شعبہ سیکیورٹی جلسہ سالانہ یو کے
جلسہ سالانہ یوکے کا ایک اہم ترین شعبہ سیکیورٹی کا ہے۔ معاونہ صدر شعبہ سیکیورٹی کا سب سے اہم کام حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی جلسہ گاہ مستورات میں تشریف آوری کے لیے تمام ضروری حفاظتی اقدامات کرنا ہے۔ تمام شاملینِ جلسہ مستورات اور بچوں کی حفاظت اور جلسہ گاہ کے ماحول کی حفاظت کو یقینی بنانا بھی ان کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ شعبہ سیکیورٹی کی ٹیم میں تقریباً ۱۰۰؍سے زائد کارکنات شامل ہیں۔ اس ٹیم کی تمام کارکنات سیکیورٹی میں تربیت یافتہ ہیں۔ کارکنات مسلسل دعاؤں کے ساتھ اس اہم ذمہ داری کو نبھاتی ہیں۔
ہر سال شعبہ سیکیورٹی اپنے کام کو بہتر بنانے کے لیے مختلف اقدامات کرتا ہے تاکہ سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ آنے والوں کے لیے آسانیاں بھی پیدا کی جا سکیں۔ معائنہ کے دوران حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی دی گئی ہدایت کے مطابق ٹیم کو مزید اس بات کی یاد دہانی کرائی گئی ہے کہ وہ اپنے ماحول پر نظر رکھنے کے ساتھ ساتھ نرم زبان کا بھی استعمال کریں۔
شعبہ سیکیورٹی کے فرائض مندرجہ ذیل ہیں:اپنے اردگرد کے ماحول پر نظر رکھنا، چوکس اور چوکناّ رہتے ہوئے خود کو ہر قسم کے حالات کا مقابلہ کرنے کا لیے تیار رکھنا نیز ممبران کو سکیننگ کے خاص آلات کے استعمال کی تربیت دینا۔
شعبہ سیکیورٹی اس بات کا بھی ذمہ دار ہے کہ تمام آ نے والوں کے AIMS card اور سامان کی چیکنگ کی جائےاور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ہر کوئی حفاظت کے ساتھ جلسہ میں شامل ہو سکے۔
یہ انتہائی نازک اور اہم کام ہے جو محض اللہ تعالیٰ کے فضل اور حضور انورکی دعاؤں سے ہی ممکن ہوتا ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہر ایک کو اپنی حفظ وامان میں رکھے اور تمام شاملینِ جلسہ کا آپ حافظ و ناصر ہو۔ آمین
شعبہ نظافت پرائیویٹ ٹینٹ
حدیقۃ المہدی میں رہائش کی خواہش مند ممبرات کو پرائیو یٹ ٹینٹ لگانے کی سہولت بھی مہیا کی جاتی ہے۔ مستورات کی طرف بھی شعبہ نظافت قائم کیا گیا ہے جس کا کام اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ لجنہ کی طرف بیت الخلاء صاف ہوں۔ اس شعبہ میں بہتری کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے ہیں۔ گذشتہ سالوں میں عارضی ٹوائلٹ استعمال کیے جاتے تھے جو کے بہت کامیاب نہیں تھے اس کی جگہ اب ٹوائلٹ مارکی لگائی گئی ہےجو بہت بہتر ہے اور اس سے کام میں آسانی پیدا ہو گئی ہے۔
شعبہ نظافت کی ٹیم ۲۱؍کارکنات پر مشتمل ہے جو کے جلسہ سالانہ سے کچھ دن پہلے کام شروع کر دیتی ہے۔ لجنہ کا ایک آفس site پر ہوتا ہے تاکہ جب بھی کسی کو مدد کی ضرورت ہو تو کوئی نہ کوئی ان کی مدد کے ليے موجود ہو۔
شعبہ ضیافت
شعبہ ضیافت، لجنہ جلسہ گاہ کے اہم ترین شعبہ جات میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس شعبہ کی بنیادی ذمہ داری مہمانوں کو بروقت اور منظّم انداز میں بحفاظت کھانا پیش کرنا، ان کا پُرخلوص استقبال کرنا اور انکی ضروریات کا ہر ممکن خیال رکھناہے۔ اس سال بھی شعبہ ضیافت نے خدمت، حسنِ انتظام اور مہمان نوازی کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے۔ تمام مہمانوں کے ساتھ محبت، احترام اور خوش اخلاقی سے پیش آنے پر خصوصی توجہ دی گئی، جبکہ SEND یعنی Special Educational Needs and Disabilitiesمہمانوں کو ہر مرحلہ پر اولین ترجیح دی گئی۔
ضیافت مارکی برائے بزرگ و معذور مہمانان
یہ ٹیم بزرگ، معذور اور خصوصی معاونت کے محتاج مہمانوں کو دوپہر اور رات کے کھانے کی سہولت فراہم کر رہی ہے۔ خدمت کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے امسال رضاکار کارکنات کی تعداد میں ۱۰؍فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ وہیل چیئر اور پُش چیئر استعمال کرنے والوں کے لیے علیحدہ داخلہ اور مخصوص راستہ رکھا گیا ہے۔ ایک خصوصی استقبالیہ ٹیم کھانے کے حصول میں ضرورت مند مہمان خواتین اور سہارے کی ضرورت مند بزرگ خواتین کو ان کی نشستوں تک کھانا پہنچانے میں مدد فراہم کر رہی ہے۔ قطاروں میں انتظار کرنے والوں کے لیے پانی مہیا کیا جا رہا ہے اور ضرورت کے مطابق دھوپ سے بچاؤ کے لیے چھتریاں بھی فراہم کی گئی ہیں۔ کھانا تقسیم کرنے اور سٹاک کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ایک بڑی ٹیم مقرر کی گئی ہے تاکہ خدمت فوری، بلا تاخیر، بر وقت اور مؤثر ہو۔ علاوہ ازیں غذائی سامان کے ریکارڈ اور سٹاک کی نگرانی کے ساتھ بزرگ اور معذور مہمانوں کی حفاظت کو بھی یقینی بنایا جاسکے۔
ضیافت ناشتے کی ٹیم
ناشتے کی فراہمی کے لیے ایک علیحدہ ٹیم مقرر ہے۔ اس سال ناشتے کے سٹیشنز کو اَزسرِِنَو ترتیب دیا گیا ہے تاکہ مہمانوں کو کم سے کم انتظار کرنا پڑے، قطاریں مختصر ہوں اور انتظار کا وقت کم سے کم ہو۔ تمام رضاکارکارکنات کو SEND کارڈز کی شناخت اور متعلقہ مہمانوں کو فوری سہولت فراہم کرنے کی تربیت دی گئی ہے۔
ضیافت مدر اینڈ چائلڈ مارکی
اس ذیلی شعبہ میں تقریباً ۱۸۰؍ رضاکار کارکنات خدمات سر انجام دے رہی ہیں۔ چھوٹے بچوں والی ماؤں کی بہتر خدمت کے لیے کارکنات کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے تاکہ کھانا جلد فراہم کیا جا سکے اور مہمانوں کو کم سے کم انتظار کرنا پڑے۔
پُش چیئر استعمال کرنے والی ماؤں کے لیے ایک علیحدہ داخلی دروازہ مقرر کیا گیا ہے۔ امسال زائد فوڈ سٹیشنز، بہتر داخلی و خارجی راستے اور گرم موسم کے پیش نظر مناسب ہواداری کا انتظام کیا گیا ہے۔ امسال رضاکار کارکنات ماؤں کو کھانا اٹھانے میں مدد فراہم کرنے کے لیے بھی مقرر کی گئی ہیں۔ SEND مہمانوں کو بغیر انتظار فوری سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ صفائی، نظم و ضبط اور خوشگوار ماحول کو برقرار رکھنے کے لیے خصوصی کاوشیں کی جا رہی ہیں۔
ضیافت ہیلتھ اینڈ سیفٹی
یہ ٹیم ۱۵؍رضاکار کارکنات پر مشتمل ہے۔ اس کا مقصد غذائی تحفظ اور صحت و سلامتی کے تمام اصولوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے۔ ٹیم کی کارکنات نے متعلقہ تربیت مکمل کی ہوئی ہے، جو شعبہ کے کام میں عملی معاونت فراہم کرے گی۔ مزید براں اس شعبہ کے استعمال کے لیے ایک چھوٹا فرسٹ ایڈ باکس بھی مہیا کیا گیا ہے۔
ضیافت مین مارکی
اس شعبہ میں ۱۷۶؍رضاکار کارکنات خدمات سر انجام دے رہی ہیں۔ ان کی ذمہ داریوں میں مارکی کی تیاری، کھانے کی تقسیم، صفائی، نظم و ضبط اور ضیافت کے اختتام پر مارکی کو سمیٹنا شامل ہے۔ امسال بہتر منصوبہ بندی اور اضافی کارکنات کی بدولت کھانا زیادہ تیزی سے فراہم کیا جارہا ہے، جس سے قطاروں میں نمایاں کمی آئی ہے۔
ضیافت ڈسپلن
اس ٹیم میں ۵۳؍رضاکار کارکنات شامل ہیں۔ اس شعبہ کا مقصد ضیافت مارکیوں کے باہر نظم و ضبط برقرار رکھنا، قطاروں کو منظم رکھنا اور مہمانوں کا خوش اخلاقی سے استقبال کرنا ہے۔
امسال کام کوبہتر بنانے کے لیے رضاکار کارکنات کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے۔ قطاروں کی طرف آنے والی ممبرات کی احسن راہنمائی کے لیے اضافی سائن بورڈز، بیریئرز اور میگا فون کا انتظام کیا گیا ہے۔ تمام کارکنات کو حسنِ اخلاق، حکمت اور وقار کے ساتھ ڈیوٹی انجام دینے کی تربیت دی گئی ہے۔ SEND پاس رکھنے والے مہمانوں کو ترجیح دی جا رہی ہے، جبکہ بزرگ مہمانوں کی قریبی مارکیوں کی طرف راہنمائی کی جا رہی ہے تاکہ انہیں غیر ضروری پیدل سفر کی دقت نہ اٹھانی پڑے۔ حفاظتی نقطۂ نظر سے تمام مہمانوں کو مارکی کے پچھلے حصے سے باہر جانے کی ہدایت دی جا رہی ہے تاکہ گرم کھانے کی موجودگی میں کسی حادثے کا اندیشہ نہ رہے۔
ورکرز ضیافت مارکی
اس شعبہ میں ۵۸؍رضاکارکارکنات خدمت سر انجام دے رہی ہیں۔ اس ٹیم کی ذمہ داری ہے کہ وہ جلسہ کے مختلف شعبہ جات کی کارکنات کو کھانا فراہم کریں۔ امسال انتظار کے وقت میں کمی کے لیے ایک اضافی فوڈ سروس پوائنٹ قائم کیا گیا ہے اور کھانا تقسیم کرنے والے سٹیشنز میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ یہ بھی یقینی بنایا جا رہا ہے کہ مہمان گرم کھانے اور گرم برتنوں سے محفوظ، فاصلے پر بیٹھے ہوں۔
ٹی سٹال
خدا کے فضل و کرم سے ٹی اسٹال اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے خدمت، خوش اخلاقی اور بہترین انتظامات کا عملی نمونہ پیش کرنے کے لیے ایک بار پھر تیار ہے۔ ۱۸۴؍ کارکنات پر مشتمل ٹی سٹال کی ٹیم جلسہ سالانہ یو کے میں شامل ہونے والے مہمانوں کی خدمت میں چائے پیش کر نے میں مصروف ہے۔ چائے کے علاوہ سٹال پر مہمانوں کومختلف مشروبات بھی پیش کیے جا رہے ہیں، جن میں Lemonade، کافی، دودھ، ہاٹ چاکلیٹ اور آئسڈ کافی شامل ہیں۔ گذشتہ سال متعارف کروائی گئی مقبول گُڑ والی چائے اس سال بھی پیش کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ امسال گرم موسم کی مناسبت سے آئسڈ کافی( آئسڈ چوکو لاٹے)بھی مینیو میں شامل ہے۔ ٹی سٹا ل پر صبح فجر کی نماز کے بعد اُبلے ہوئے انڈے اور چائے بھی پیش کی جاتی ہے۔
مہمانوں کی سہولت کے لیے بزرگ خواتین کے لیے علیحدہ قطار کا انتظام ہے اسی طرح SEND کی لائن بھی مزید منظم کی گئی ہے تاکہ مشروب مقررہ افراد تک جلد اور احتیاط سے پہنچ جائے۔
لجنہ بازار
جلسہ سالانہ برطانیہ ۲۰۲۶ء کے موقع پر لجنہ اماءاللہ کے زیرِ انتظام حدیقۃ المہدی میں مستورات کے لیے لگایا جانے والا بازار ایک بار پھر خدمت خلق، جماعتی تعاون اور روحانی تربیت کا حسین امتزاج پیش کرتا رہا۔ باوجود شدید گرمی کے، بازار میں ہر سو گہما گہمی اور چہل پہل تھی۔ یہ بازار نہ صرف مستورات کے لیے خریداری کا مرکز تھا بلکہ احمدی خواتین کی محنت، ہنرمندی، تنظیمی صلاحیتوں اور مہمان نوازی کا عملی نمونہ بھی تھا۔

امسال کل ۳۰؍ سٹالز لجنہ بازار کی زینت بنے جن میں نجی ا سٹالز کے علاوہ ایک بڑا فوڈ سٹال بھی شامل تھا۔ ان اسٹالز پر تینوں دن متنوع اشیاء دستیاب رہیں جن میں کپڑے، زیورات، دستکاری، بچوں کے کھلونے وغیرہ شامل تھے۔ سب اسٹالز میں ہیومینٹی فرسٹ کاا سٹال اپنی انفرادیت قائم کیے ہوئے تھا جہاں پر مختلف قسم کی اشیاء ہیومینٹی فرسٹ کے ’’لوگو‘‘ کے ساتھ دستیاب تھیں مثلاًجیکٹ، hoodies چھتریاں، tote bagاور ٹوپیاں وغیرہ۔ اس اسٹال پر ملنے والا شہد بھی بہت پسند کیا جاتا ہے۔ علاوہ ازیں پانی کی بوتلیں اور بیگز بھی بہت پسند کیے گئے۔ اسی طرح آرگینک سکن کئیر (organic skin care)کا اسٹال بھی امسال اپنی نوعیت میں منفرد تھا۔ یہاں پر بکنے والی تمام اشیاء قدرتی اجزاء سے بنی ہوئی تھیں مثلاً سکن کئیر، عود پرفیوم اور بخور (air freshner) خاص طور پر دبئی سے منگوا ئے گئےتھے جبکہ ایرانی زعفران بھی دستیاب تھا۔ اس اسٹال کی ایک خاص بات یہ بھی تھی کہ یہاں seamoss gel سے بنایا گیا فوڈ سپلیمنٹ بھی دستیاب تھا۔
بازار میں کھانے پینے کےا سٹالز پر خاصی رونق دیکھی گئی جہاں مختلف قسم کے لذیذ پکوان دستیاب تھے مثلاً چنا چاٹ، دہی بھلّے، پانی پوری، مصالحہ فش، نان پکوڑے، سموسے، لوڈِڈ فرائیز، چکن برگر اور وافل سنڈے وغیرہ۔ شدید گرمی کی وجہ سے فالودہ اور قلفی کے اسٹالز پر کافی گہما گہمی تھی۔ لجنہ بازار میں داخل ہوتے ہی ایک منظّم ترتیب واضح نظر آتی تھی۔ تمام فوڈ اسٹال ایک جانب کو تھے جبکہ دیگر اشیاء کے ا سٹالز دوسری جانب موجود تھے۔

حفظانِ صحت کو یقینی بنانے کے لیے گورنمنٹ کی ہیلتھ اینڈ سیفٹی کی ٹیم بازار کا معائنہ کرتی رہی۔ اور اس امر کو یقینی بناتی رہی کہ ہر چیز صحیح طریقے سے کام کر رہی ہو اور کھانا بناتے وقت کارکنات نے ایپرن، ٹوپی اور دستانے وغیرہ پہنے ہوئے ہوں۔ بازار کے انتظام و انصرام کے لیے ۸؍ٹیمیں بنائی گئی تھیں جن میں food prep سیلز، سٹور، فنانس، صفائی ستھرائی، حفظانِ صحت وغیرہ کی ٹیمیں شامل ہیں۔ بازار میں اسٹال ہولڈرز اور خریداروں، دونوں کے لیے بہترین سہولیات فراہم کی گئی تھیں۔ سب اسٹالز کو مارکی، بجلی، میزیں اور کرسیاں فراہم کی گئی تھیں۔ خریداروں کے لیے قطاروں کے انتظام کو بہتر بنانے کے لیے امسال خاص کوشش کی گئی تھی جس میںSEND اور معمر افراد کے لیے خصوصی قطاریں شامل تھیں۔ کھانے کے لیے مخصوص زونز بھی قائم کیے گئے تھے تاکہ مہمان آرام سے من پسندکھانا خرید سکیں۔
یہاں پر کام کرنے والی کارکنات بازار میں رضاکارانہ ڈیوٹی کو اس لیے ترجیح دیتی ہیں کیونکہ یہ ٹیم ورک کا ایک بہترین نمونہ ہے اور انہیں ایک ٹیم کی طرح متحد ہو کر کام کرنا بہت پسند ہے۔
بُک سٹال – جلسہ سالانہ یوکے ۲۰۲۶ء
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جلسہ سالانہ یوکے ۲۰۲۶ء کے موقع پر جلسہ گاہ مستورات میں قائم بُک اسٹال نے مہمانوں کی علمی و روحانی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ بُک سٹال جلسہ گاہ کے داخلی راستے کے عین سامنے ہونے کی وجہ سے صبح ہی سےبڑی تعداد میں خواتین اور بچیاں آتے ہی سٹال کا رخ کرتی رہیں۔ اس کے علاوہ دوپہر کے کھانے کے وقفہ کے دوران اور شام کو جلسہ کی کارروائی ختم ہونے کے بعد بھی بُک سٹال ،شاملین کی دلچسپی کا باعث بنا رہا۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے مستورات سے خطاب کے دوران خواتین کو اپنا دینی علم بڑھانے کے خصوصی تاکید فرمائی، جس کے بعد بُک سٹال میں خاص طور پر خواتین اور بچوں کی دلچسپی میں اضافہ دیکھا گیا۔
اس سال بچوں کے لیے رنگین تصاویر سے مزین چند نئی، حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے اقتباسات پر مبنی، کہانیوں کی کتابیں شائع کی گئیں، جنہیں غیر معمولی مقبولیت حاصل ہوئی اور یہ سب سے زیادہ فروخت ہونے والی کتب میں شامل رہیں۔ اسی طرح دینی معلومات پر مبنی تعلیمی playing کارڈز اور عربی حروفِ تہجی سیکھنے کے لیے flash cards بھی والدین اور بچوں کی بھرپور توجہ کا مرکز بنے۔
امسال لجنہ اماء اللہ یو کے کی دو نئی شائع کردہ کتب “Faith in Action” اور “Quest for Morality” پیش کی گئیں۔ ’’ Faith in Action‘‘ احمدی خواتین کی عبادت کے اعلیٰ معیار، اخلاق حسنہ اور دین کی خاطر قربانیوں کے واقعات کا مجموعہ ہے۔ اس کے علاوہ احمدی خواتین شہداء کے ایمان افروز واقعات کا تذکرہ بھی ازدیادِ ایمان کے لیے اس کتاب میں شامل ہیں۔ “Quest for Morality” قرآنی ا حکامات اور قرآنی فلسفہ کی روشنی میں دور حاضر میں اخلاق حسنہ کے اعلیٰ معیار کے قیام کے لیے عملی راہنمائی فراہم کرتی ہے۔
ہفتہ کے روز دوپہر کے بعد صحیح بخاری جلد دوم پہلی مرتبہ فروخت کے لیے پیش کی گئی۔ قارئین کی بے حد دلچسپی کے باعث چند ہی گھنٹوں میں تمام دستیاب نسخے فروخت ہو گئے۔ یاد رہے کہ صحیح بخاری جلد اول گذشتہ سال اسی بک سٹال پر پہلی مرتبہ متعارف کروائی گئی تھی۔
حسبِ روایت قرآن کریم اورقاعدہ یسرنا القرآن کی نقول بھی حاضرین میں ہمیشہ کی طرح مقبول رہیں اور ان کی طلب مسلسل دیکھنے میں آئی۔ اس سال حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی چند اہم کتب کے انگریزی تراجم بھی پہلی مرتبہ دستیاب کیے گئے، جن میں خطبہ الہامیہ، نور المسیح اور فقہ المسیح شامل ہیں۔ ان کتب میں بھی قارئین نے خاص دلچسپی کا اظہار کیا۔
بُک سٹال کی ایک اور نمایاں کوشش امسال لجنہ کا شائع کردہ سہ ماہی میگزین النصرت کے لیے قائم کردہ ایک علیحدہ سٹال تھا، جہاں سال ۲۰۲۵ء تا ۲۰۲۶ء کے تمام دستیاب شمارے نمائش اور فروخت کے لیے رکھے گئے۔ مہمانوں نے اس اشاعت کو بھی خوب سراہا اور بڑی تعداد میں شمارے حاصل کیے۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے بُک سٹال کے ذریعے جماعتی لٹریچر کی اشاعت اور مطالعۂ کتب کی حوصلہ افزائی کا مقصد احسن رنگ میں پورا ہوا۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کوششوں کو قبول فرمائے اور اس مساعی کو آئندہ بھی مستورات کی علمی و روحانی ترقی کا ذریعہ بناتا چلا جائے۔ آمین۔
شعبہ فرسٹ ایڈ جلسہ گاہ مستورات
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جلسہ سالانہ برطانیہ ۲۰۲۶ء کے دوران جلسہ گاہ مستورات میں شعبہ فرسٹ ایڈ نے تمام شاملینِ جلسہ کو بروقت، منظّم اور معیاری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے اپنی خدمات نہایت مستعدی سے سر انجام دیں۔

شعبہ فرسٹ ایڈ میں تربیت یافتہ عملہ تعینات ہے جو مریضوں کا ابتدائی طبی معائنہ (Triage) کر کے ان کی طبیعت کا جائزہ لیتا ہے تاکہ ہر مریض کو اس کی ضرورت کے مطابق فوری اور مناسب طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ اس مقصد کے لیے شعبہ میں دو کلینیکل کیوبیکلز (Clinical Cubicles) قائم کیے گئے ہیں جہاں مریضوں کا معائنہ اور ابتدائی علاج کیا جاتا ہے۔ بنیادی دوائیں جیسے pain killers, anti-allergy سے لیکر ضرورت پڑنے پر antibiotics بھی دستیاب ہیں۔
شعبہ میں خدمات انجام دینے والی رضاکار کارکنات میں تجربہ کار پیرا میڈکس، ڈاکٹرز، میڈیکل طلبہ و طالبات اور دیگر معاون عملہ شامل ہے۔ روزانہ تقریباً ۲۰؍ تا ۲۵؍ افراد پر مشتمل ٹیم مختلف شفٹوں میں خدمات انجام دیتی رہی، جس کی بدولت دن رات مسلسل طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائی گئی۔
جلسہ گاہ مستورات میں ایک موبائل فرسٹ ایڈ ٹیم بھی موجود رہی جو روزانہ دوپہر دوبجے سے رات ساڑھے نو بجے تک فعال رہتی تھی ۔ یہ ٹیم بگیوں (Buggies) کے ذریعے جلسہ گاہ کے مختلف حصوں میں پہنچ کر ضرورت مند مریضوں کو فوری طبی امداد فراہم کرتی اور ضرورت پڑنے پر انہیں فرسٹ ایڈ یونٹ تک منتقل کرتی رہی۔

جن مریضوں کے بارے میں مزید طبی معائنے یا ہسپتال منتقل کیے جانے کی ضرورت محسوس کی جاتی ہے، انہیں مردانہ جلسہ گاہ میں ہر وقت موجود ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال روانہ کیا جاتا ہے۔ مردانہ شعبہ فرسٹ ایڈ، جلسہ گاہ مستورات میں موجود فرسٹ ایڈ شعبہ کے ساتھ عقب سے ملحقہ ہے جس کی وجہ سے دونوں شعبوں کے درمیان بہترین رابطہ اور فوری تعاون ممکن ہوتا ہے، جس سے مریضوں کی بروقت منتقلی اور علاج میں سہولت میسر آتی ہے۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے شعبہ فرسٹ ایڈ کی رضاکار کارکنات نے محنت، پیشہ ورانہ مہارت اور جذبۂ خدمت کے ساتھ جلسہ سالانہ کے دوران طبی خدمات احسن رنگ میں انجام دیں اور شاملینِ جلسہ کی صحت و سلامتی کے لیے ہر ممکن کوشش کی۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام خدمت کرنے والیوں کی خدمات کو قبول فرمائے اور آئندہ بھی خدمتِ خلق کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔
ماں اور بچہ مارکی
ماں اور بچہ مارکی کا بنیادی مقصد جلسہ سالانہ میں شامل ہونے والی چھوٹے بچوں والی ماؤں کے لیے ایک محفوظ، آرام دِہ اور پُرسکون ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنے بچوں کے ساتھ جلسہ سالانہ کی کارروائی سے بھرپور استفادہ کر سکیں۔ اس سال بھی ماں اور بچہ مارکی میں خدمت کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور ماؤں و بچوں کی سہولت کے لیے متعدد انتظامات کیے گئے۔
ماں اور بچہ مارکی مکمل طور پر ایئر کنڈیشنڈ ہے تاکہ ماؤں اور بچوں کو موسم کی شدت سے محفوظ، خوشگوار ماحول مہیا کیا جا سکے۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایت کے مطابق مارکی کے اندر پینے کے پانی کا وافر انتظام کیا گیا تاکہ گرمی کے موسم میں مہمانوں کو ہر وقت پینے کا صاف پانی دستیاب رہے۔
ماں اور بچہ مارکی میں خدمات انجام دینے والی تمام لجنہ کو ہیلتھ اینڈ سیفٹی کی تربیت دی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ امسال فرسٹ ایڈ اور فائر ڈرل کی عملی تربیت بھی مکمل کروائی گئی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کا بروقت اور مؤثر انداز میں سامنا کیا جاسکے اور شاملین جلسہ کو فوری معاونت فراہم کی جا سکے۔
جلسہ سے قبل تمام کارکنات کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی گئی، جس میں کارکنات کی ذمہ داریوں، حفاظتی اقدامات اور خدمت کے طریقۂ کار کے بارے میں تفصیلی ہدایات دی گئیں تاکہ جلسہ کے دوران بہترین نظم و نسق برقرار رکھا جا سکے۔
تمام کارکنات چھوٹے بچوں کے ساتھ آنے والی ماؤں کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں مناسب نشستوں تک پہنچانے اور ضرورت کے مطابق ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کے لیے مصروف عمل رہیں تاکہ تمام شاملین اطمینان کے ساتھ جلسہ کی کارروائی سے مستفید ہو سکیں۔
نظم و ضبط اور آمد و رفت کو بہتر بنانے کے لیے مارکی میں علیحدہ داخلی اور خارجی راستوں کا انتظام کیا گیا۔ جلسہ کی کارروائی دکھانے والی اسکرینوں کے گرد بھی حفاظتی انتظامات کیے گئے تاکہ بچوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ تمام کارکنات حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے مہمانوں کی خدمت اخلاص، محبت اور جذبۂ ایثار کے ساتھ انجام دینے کی بھرپور کوشش کرتی ر ہیں۔
پُش چیئر مارکی
پُش چیئر مارکی کا مقصد چھوٹے بچوں کے ساتھ آنے والے مہمانوں کے لیے منظّم اور محفوظ پُش چیئر کی پارکنگ فراہم کرنا ہے تاکہ وہ آسانی سے جلسہ کی کارروائی سے استفادہ کر سکیں۔ اس شعبہ میں ۲۵؍ کارکنات خدمات انجام دے رہی ہیں۔ پُش چیئرز کی شناخت اور واپسی کے لیے مختلف رنگوں کے زونز کا استعمال کیا گیا ہے، جس سے پُش چیئرز کی آسان، جلد اور درست واپسی ممکن ہوتی ہے۔ SEND پاس رکھنے والی ماؤں کو ترجیحی بنیادوں پر سہولت فراہم کی جاتی ہے تاکہ انہیں کسی دشواری کا سامنا نہ ہو۔

مارکی میں تقریباً ۱۰۰۰؍ پُش چیئرز کی گنجائش موجود ہے اور اس کے لیے منظّم پارکنگ اور واضح راستوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ تمام کارکنات خوش دلی، اخلاص اور ذمہ داری کے ساتھ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے مہمانوں کی خدمت میں مصروف رہیں۔

مارکی برائے سہولیات
ماں اور بچہ مارکی کے عین سامنے چھوٹے بچوں کے ساتھ جلسہ میں شامل ہونے والی ماؤں کے لیے ایک سہولیات کی مارکی موجود ہے۔ اس مارکی میں بچوں کا کھانا، پانی اور دودھ وغیرہ گرم کرنے کے لیے مائیکروِویو، ایک چھوٹا فریج اور دودھ پلانے والی ماؤں کے لیے ایک الگ باپردہ گوشہ بھی بنایا گیا ہے۔ مارکی کو اندر سے نہایت باریک بینی اور سلیقہ سے سجایا گیا ہے۔ مارکی میں اندر داخل ہوتے ہی ایک پُرسکون ماحول کا احساس ہوتا ہے جہاں آ کر چھوٹے بچوں والی مائیں نہایت سکون اور سہولت سے اپنے بچوں کی ضروریات پوری کر سکتی ہیں۔ اس ٹیم میں شامل تمام کارکنات نہایت پیار، خلوص اور محبت سے ماؤں کا استقبال کرتی رہیں اور انکی ہر ممکن خدمت کرتی رہیں۔
شعبہ ’بچوں کے نیم بینڈز ‘
شعبہ ’بچوں کےName Bands‘ نے جلسہ سالانہ یوکے ۲۰۲۶ء کے دوران بچوں کی حفاظت اور ان کی آسان شناخت کو یقینی بنانے اور گمشدگی کی صورت میں والدین تک فوری طور پر واپس پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ بچوں کو کلائی پر پہننے والے شناختی Bandsفراہم کیے گئے جن پر بچے کا نام، والدہ کا نام، ایمز آئی ڈی اور رابطہ نمبر درج تھا تاکہ والدین سے فوری رابطہ کیا جا سکے۔ اس شعبہ میں ۱۴؍ کارکنات خدمت پر مامور رہیں، جنہوں نے اخلاص، ذمہ داری اور خوش اسلوبی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیں۔

اس انتظام کا مقصد یہ تھا کہ اگر کوئی بچہ اپنے اہلِ خانہ سے بچھڑ جائے تو اسے جلد اور محفوظ طریق پر دوبارہ ان کے ساتھ ملایا جا سکے۔ اس کے علاوہ کارکنات گمشدہ بچوں اور ان کی والدہ یا سرپرست کو Lost Children Point تک راہنمائی فراہم کرتی ر ہیں اور ضرورت کے مطابق ان کی ہر طرح سے معاونت بھی کرتی رہیں۔
الحمدللہ، اس سال شعبہ میں غیر معمولی مصروفیت رہی۔ پہلے ہی دن تقریباً ۷۰۰؍Name Bandsجاری کیے گئے، جبکہ تینوں دنوں کے دوران ۱۵۰۰؍سے زائد بچوں کو Name Bandsفراہم کیے گئے۔ تمام کارکنات نے صبر، خوش اخلاقی اور بہترین باہمی تعاون کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کیں۔
شعبہ SEND
شعبہ SEND نے جلسہ سالانہ یوکے ۲۰۲۶ء کے دوران SENDبچوں اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے مارکی میں ایک محفوظ ماحول کو یقینی بنایا۔ اس شعبہ میں۱۸؍کارکنات مہمانوں کی ہر ممکن معاونت کے لیے مستعد رہیں۔ مارکی میں مختلف سہولیات جیسے سینسری ایریا، سیکیورڈ گارڈن ایریا، سرگرمیوں کی میزیں، آرام کے لیے کرسیاں اور کھانے پینے کا انتظام موجود تھا۔ کارکنات ہر وقت SENDبچوں کی دیکھ بھال اور ان کے اہلِ خانہ کی ہر ممکن معاونت کے لیے موجود رہیں۔ اس سہولت کے باعث SEND خاندانوں کو ایک محفوظ اور آرام دہ ماحول میسر آیا۔ الحمدللہ، امسال مارکی کوگذشتہ سالوں کی نسبت زیادہ محفوظ بنانے کے لیے اضافی اقدامات کیے گئے۔ علاوہ ازیں بچوں کے لیے دستیاب کھلی جگہ بھی وسیع کی گئی۔ الحمدللہ، تمام کارکنات نے نہایت اخلاص، محبت اور صبر کے ساتھ یہ خدمت سرانجام دی۔ اس شعبہ کے تحت مین مارکی میں حضور ایدہ اللہ تعالیٰ کے مستورات سے خطاب کا رواں ترجمہ سائن لینگویج میں بھی پیش کیا گیا۔

خدمت خلق
یہ شعبہ جلسہ گاہ مستورات کے تمام داخلی دروازوں کے ساتھ تقریباً ایک سو سے زائد کارکنات کے ساتھ موجود تھا جو مسیح پاک ؑ کے مہمانوں کی مدد کرتا رہا۔ جلسہ کے دنوں میں یہ کارکنات ضرورت کے تحت مہمانوں کا سامان داخلی راستوں سے رہائش گاہ تک پہنچانے اور پھر جلسہ ختم ہونے پر رہائش گاہ سے واپس لانے میں بھر پور مدد فراہم کرتی ر ہیں۔ چھوٹے بچوں کے ساتھ جلسہ میں شامل ہونے والی ماؤں، بزرگ خواتین اور SEND مہمانوں کو ترجیحی بنیادوں پر مدد فراہم کی جاتی رہی تاکہ ان کو کسی بھی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس کے علاوہ اس شعبہ کے پاس مختلف ضروریات زندگی کی اشیاء بھی موجودر ہیں جو ہنگامی صورت میں مہمانوں کو مہیا کی جا سکتی ہیں۔ (جیسے ٹوتھ برش اور چھوٹے بچوں کے فیڈرز وغیرہ)
یہ بات قابل ذکر ہے کہ امسال اس شعبہ کے تحت جلسہ سالانہ سے قبل مجالس میں ایک پیغام بھجوایا گیا کہ اگر کسی کے پاس وھیل چیئر ہے جو اب زیر استعمال نہیں تو وہ جلسہ سالانہ کے لیے عطیہ کر دیں۔ یہ وھیل چیئرز ایسے مہمانوں کو جلسہ سالانہ میں ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچانے کے لیے استعمال کی گئیں جن کو زیادہ چلنے میں دشواری ہوتی تھی۔ مہمانوں نے اس شعبہ کی خدمت کو بہت سراہا اور خوشی کا اظہار کیا۔
شعبہ ٹکٹ ایشو
شعبہ ٹکٹ ایشو اپنی خدمات کا آغاز جلسہ سالانہ سے کچھ دن قبل مسجد بیت الفتوح سے کرتا ہے، جہاں مہمانوں کو مختلف اقسام کے پاسز جاری کیے جاتے ہیں۔ جلسہ کے آغاز کے بعد یہ شعبہ جلسہ گاہ میں بھی اپنی خدمات جاری رکھتا ہے۔
اس شعبہ کی بنیادی ذمہ داری مستورات اور پانچ سال یا اس سے زائد عمر کے بچوں کے لیے مین مارکی کے چیئر پاسز جاری کرنا، نیز مقررہ معیار کے مطابق اہل افراد کو گرین ایریا، چیئر پاسز اور فلور پاسز فراہم کرنا ہے۔ یہ چیئر پاس خواتین کو مین مارکی میں کرسی پر بیٹھنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
شعبہ کا بنیادی مقصد جلسہ میں شامل مہمانوں کو زیادہ سے زیادہ آرام اور سہولت فراہم کرنا اور ان کی ضروریات کے مطابق بروقت معاونت مہیا کرنا ہے۔ SEND مہمانوں کے لیے واضح، درست اور بروقت معلومات فراہم کرنا اولین ترجیح ہوتی ہے تاکہ انہیں ہر ممکن سہولت اور راہنمائی میسر آ سکے۔
شعبہ نظافت (شعبہ Hygiene)
بے شک یہ شعبہ جلسہ سالانہ کا ایک بہت ہی اہم شعبہ ہے۔ اس شعبہ کے تحت تقریباً ۲۴۰ کارکنات کی ٹیم ۲۴؍گھنٹے شاملین جلسہ کی خدمت پر ماموررہتی ہے۔ جلسہ گاہ مستورات میں ۱۷؍سے زائد ٹوائلٹ مارکیاں ہیں اور ہر مارکی میں کم سےکم ۷ ٹوائلٹ ہیں۔
شعبہ نظافت میں کچھ مزیدشعبہ جات کام کرتے ہیں جیسے ڈسپلن کا شعبہ ہےجو رش کے دوران نظم و ضبط کو دیکھتا ہے۔ اس کی ذمہ داریوں میں آنے اور جانے کے راستے الگ رکھنا اور قطار بنوانا وغیرہ شا مل ہیں۔ پھر ایک maintenance کا شعبہ ہے۔ جس میں یہ یقینی بنایا جاتا ہے کہ بیت الخلا درست حالت میں کام کر رہے ہوں تاکہ شاملینِ جلسہ آسانی سے تمام سہولیات سے استفادہ کر سکیں۔ اس کے علاوہ ایک شعبہ ضیافت یا سپلائی کہلاتا ہےجس کا کام کارکنات کو دوران ڈیوٹی پانی پلانا اور سنیکس وغیرہ مہیا کرنا ہے۔
بزرگ اور معذور لوگوں کے لیے ۱۰؍ٹوائلٹس ہیں۔ ہر ٹوائلٹ مارکی میں ۲ disable ٹوائلٹس ہیں اور ۲ disable toilet cabin الگ سے ہیں اور ان میں shower بھی ہیں۔
پریس اینڈ میڈیا
۲۰؍کارکنات پر مشتمل یہ ٹیم مختلف خواتین صحافیوں کو جلسہ سے پہلے جلسہ سالانہ پر آنے کے دعوت دیتی ہے اور ان کے ساتھ مستقل رابطہ میں رہتی ہے۔ اس کے علاوہ جلسہ سے پہلے، جلسہ کے دوران اور بعد میں بھی انسٹا گرام اور ایکس(X) پر مختلف ویلاگز اور ریلز بنا کر اَپ لوڈ کرتی ہے۔ امسال چرچ آف انگلینڈ کی پریسٹ جلسہ سالانہ میں شامل ہوئیں۔ ان کو جلسہ گاہ مستورات کا تفصیلی دورہ کروایا گیا اور کتب پیش کی گئیں۔
شعبہ ماحولیات
جلسہ گاہ کو ماحولیاتی آلودگی سے بچانے کے لیے اس شعبہ کی کارکنات نہایت ذمہ داری کےساتھ اپنی ڈیوتی کرتی ہیں۔ ٹیم میں شامل کارکنات جلسہ گاہ مستورات میں جا بجا نصب ’ریسائیکل بن‘ سے کچرا نکالتی ہیں اوراسے مناسب حد تک چھانٹی کر کے علیحدہ مخصوص شدہ بڑے بن میں ڈالتی ہیں تاکہ کچرا درست طریقے سے تلف ہو اور ماحول کی صفائی اور حفاظت برقرار رہے۔
شعبہ سمعی بصری
شعبہ سمعی بصری کی ٹیم ۶۸؍کارکنات پر مشتمل ہے۔ یہ ٹیم دنیا کے مختلف ممالک سے آنے والی مہمان خواتین کو ٹرانسلیشن سیٹ قیمتاً فراہم کرتی ہے۔ امسال جلسہ سالانہ کی کارروائی کی انگلش، بنگلہ، جرمن، عربی، فرنچ، رشین، انڈونیشین، ٹرکش اور سپینش زبانوں میں رواں ترجمہ کی سہولت فراہم کی گئی جبکہ مستورات کی تقاریر کا اردو اور انگریزی زبان میں رواں ترجمہ پیش کیا گیا۔ امسال سواحیلی، فارسی، جاپانی، البانی اور ازبکستانی زبانوں میں بھی پہلی مرتبہ ترجمہ پیش کیا گیا۔
جماعتی شعبہ جات کی نمائندگی
ہر سال کی طرح امسال بھی مختلف جماعتی شعبہ جات کی جلسہ گاہ مستورات میں نمائندگی کی گئی جن میں ITQA، IAAAE، ریویو آف ریلیجنز اور شعبہ رشتہ ناطہ وغیرہ شامل ہیں۔
شعبہ Census
جلسہ گاہ مستورات میں قائم ہر شعبہ کی طرح یہ شعبہ بھی خاص اہمیت رکھتا ہے۔ اس شعبہ کی ٹیم میں شامل ۳۱؍کارکنات جلسہ سالانہ کے تینوں دن نہایت مستعدی سے روزانہ دو مرتبہ خواتین اور بچوں کی کل تعداد گنتی کرتی ہیں، نیز inspection کے دن بھی شاملین جلسہ کی گنتی کی جاتی ہے، اور پھر یہ رپورٹ صدر لجنہ اماءاللہ اور لجنہ دفتر کو پیش کی جاتی ہے۔ اس شعبہ کے تحت کی جانے والی گنتی کا مقصد یہ ہوتا ہے کہ حضور ایدہ اللہ تعالیٰ اور صدر لجنہ اماءاللہ کے لیے فوری اور درست شمار فراہم کیا جائے، تاکہ وہ ان تمام شعبہ جات کو یہ تعداد بتا سکیں جنہیں صحیح تعداد کی ضرورت ہوتی ہے، مثلاً ضیافت ٹیم وغیرہ۔
ائیر پورٹ ڈیوٹی
ایسے میں جلسہ سالانہ میں شامل ہونے والے مہمانوں کا ائیر پورٹ سے ہی پُر تپاک استقبال شروع ہو جاتا ہے۔ خدام ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھائے ان مہمانوں کے منتظراور ان کو ان کی منزل مقصود تک پہنچانے کے لیے ہمہ وقت مستعد ہوتے ہیں۔ اکیلے سفر کرنے والی خواتین جو کسی بھی ائر پورٹ پر اتر رہی ہیں، اس سہولت کی وجہ سے ان کو کسی قسم کی دشواری نہیں ہوتی۔
(رپورٹ: شعبہ رپورٹنگ مستورات جلسہ گاہ)
٭…٭…٭






