از مرکزجلسہ سالانہیورپ (رپورٹس)

رپورٹس از شعبہ مہمان نوازی مستورات

جامعہ احمدیہ یوکے۔ مہمانان مسیحِ پاکؑ کا مسکن

اللہ تعالیٰ کے خاص فضل سے امسال بھی جامعہ احمدیہ حضرت مسیح موعودؑ کے مہمانوں کی مہمان نوازی کرنے کی سعادت حاصل کر رہا ہے۔ جامعہ احمدیہ میں ٹھہرے ہوئے مہمانوں کے لیے سب سے پُر کشش بات یہ ہے کہ روزانہ پانچ وقت نمازیں حضور اقدس ایَّد ہ اللہ تعالیٰ کی اقتداء میں ادا کرنے کے لیے مہمانوں کو اسلام آباد پہنچانے کا خصوصی انتظام کیا جا تا ہے۔

جامعہ احمدیہ میں لجنہ اماء اللہ کی ۱۸؍کارکنات پر مشتمل ٹیم چہروں پر مسکراہٹ سجائے ہمہ وقت مہمانوں کی خدمت کے لیے کمر بستہ رہتی ہے۔ جامعہ میں ۶۰۰ مہمانوں کی رہائش کا انتظام کیا گیا ہے جس میں سے ۱۱۴ بستر مستورات کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔ متوقع مہمانوں کی کثیر تعداد کے پیش نظر امسال، ان میں گذشتہ سالوں کی نسبت اضافہ کیا گیا ہے۔ اس سال مستورات کے لیے changing room کی سہولت بھی مہیا کی گئی ہے۔ غسل خانوں میں صفائی کا بہت اچھا انتظام ہے۔

رہائش کے لیے مہمانوں کی ضرورت اور سہولت دونوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کے لیے جگہ مختص کی جاتی ہے۔ بزرگ خواتین اور ایسی مستورات جن کو فرشی بستر پر دقت ہو ان کے لیے بیڈز کا انتظام بھی ہے۔ اس کے علاوہ کپڑے دھونے اور سُکھانے کے لیے بھی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

مہمان چونکہ دن یا رات کسی بھی وقت آسکتے ہیں اس لیے ضیافت مارکی چوبیس گھنٹے کھلی رہتی ہے۔ یہاں مہمانوں کو حتّی الوسع ایسی خوراک مہیا کی جاتی ہے جو ان کی طبیعت کے مطابق ہو، جیسے پرہیزی کھانا، اُبلی سبزیاں، مچھلی، سلاد وغیرہ۔ اس کے علاوہ چائے کی میز پرروایتی چائے کے علاوہ مختلف قسم کے قہوہ جات بھی موجود ہیں۔ اسی میز پر ہمہ وقت ڈبل روٹی، مکھن، جام اور مختلف اقسام کے سیریل بھی مہمانوں اور خاص طور پر ان کے ساتھ آئے ہوئے بچوں کے لیے دستیاب رہتے ہیں۔

دیگر سہولیات میں مہمانوں کےاستعمال کے لیے ’’وائی فائی‘‘، کمپیوٹر اور پرنٹر بھی موجود ہیں۔ علاوہ ازیں امسال حفاظتی اقدامات بھی مزید بہتر کیے گئے ہیں۔ جیسا کہ CCTV کیمروں وغیرہ سے چوبیس گھنٹے جائزہ لیا جاتا ہے اور ان دنوں میں مہمانوں کی حفاظت کے پیش نظر بالعموم سیکیورٹی بھی بڑھا دی جاتی ہے۔

حضور اقدس ایَّد ہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزسے شرفِ ملاقات کے بعد مہمانوں کے جذبات کی کیفیت صرف ایک احمدی دل ہی جان سکتا ہے۔ آنسوؤں سے تر آنکھوں اور خوشی و مسرت سے پُر جذباتی لہجہ میں اپنے تاثرات بیان کر تے ہوئے مہمان بار بار خوشی کا اظہار کرتے ہیں کہ حضور انور کے نورانی چہرہ کا اپنی آنکھوں سے دیدار کر لیا ہے۔

٭…٭…٭

تیاری جلسہ سالانہ از مسجد بیت الفتوح۔ خدمت کی سعادت

جی آیاں نوں

حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ و السَّلام کے مہمانوں کی خدمت کی سعادت کے حصول میں مسجد بیت الفتوح کو ایک امتیازی مقام حاصل ہے۔ قریباً دو دہایوں سے مسجد اور اس کے ملحقہ علاقے مہمانوں کی خدمت اور مہمان نوازی کی سعادت حاصل کرتے آ رہےہیں۔ ہر سال لوٹ کر آنے والی خدمت کا یہ موقع کارکنات کےلیے باعث فخر ہے۔مسجد بیت الفتوح کو مہمان نوازی میں ایک انفرادیت اس لیے بھی حاصل ہے کہ یہاں مہمانوں کی خدمت گزاری جلسہ سے چند دن قبل ہی شروع ہو جاتی ہے اور جلسہ کے بعد تک جاری رہتی ہے۔خدا کے فضل و کرم سے اس سال بھی مسجد بیت الفتوح میں مہمان مستورات کی رہائش کا بہت ہی احسن طریق پر انتظام کیا گیا ہے۔ برقی قمقموں اور دنیا بھر کے ممالک کے پرچموں کی رنگا رنگ جھنڈیوں سے مسجد سجائی گئی ہے۔ یہاں ڈیوٹی دینے والی کارکنات نہایت تُندہی،جذبۂ خدمت سے سرشار،شوق اور لگن کے ساتھ مسلسل مہمان نوازی کی سعادت سر انجام دے رہی ہیں۔ مسجد میں موجود مہمانوں اور کارکنات سبھی کے دل خدا کی حمد سے لبریز ہیں، ہر ایک دل سے یہی صدا بلند ہوتی ہے:

مرکز فتح وظفر ہو جائے یہ بیت الفتوح

اس کے میناروں سے گونج اٹھے صدائے قادیاں

امسال بھی مہمانوں کی آمد سے پہلے ہی مسجد میں سیٹ اَپ شروع کر دیا گیا تھا اور طاہر ہال میں مہمان مستورات کی رہائش کے لیے بستر بچھائے گئے۔ ہر شعبہ کی کارکنات نے مہمانوں کی سہولت کے لیے بنائے گئے معلوماتی ڈیسک اور رہائش گاہ کو سجانے میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیا۔ مسجد میں عموماً مہمانوں کو زمین پر گدے بچھا کر دیے جاتے ہیں مگر بزرگ خواتین یا ایسی لجنہ ممبرات جو زمین پر لیٹ نہیں سکتیں ان کے لیے بیڈز کا انتظام بھی موجود ہے۔ طاہر ہال میں Accomodation ڈیسک کے علاوہ ریسپشن ڈیسک اور نظافت بیت الفتوح ڈیسک بھی لگائے گئے ہیں جن کا مقصد مہمانوں کو فوری معلومات اور مدد مہیا کرناہے۔ ریسپشن ڈیسک پر مہمانوں کا اندراج کیا جاتا ہے جس میں مہمانوں کا نام، ملک اور ان کے ساتھ آئے بچوں کے نام اور تعداد کا اندراج کیا جاتا ہے اور پھر ان کو Accomodation کارڈ جاری کیا جاتا ہے۔

سہولیات: شعبہ مہمان نوازی کے تحت طاہر ہال میں مہمانوں کی سہولت کے لیے فریج، مائیکرو ویو، ٹوسٹر اور ۲۴؍گھنٹے چائے اور کافی کا انتظام موجود ہے۔شعبہ نظافت کے تحت مستورات کے زیر استعمال تمام ٹوائلٹس کی صفائی اور ستھرائی کاخاص خیال رکھا جارہاہے۔ مہمانوں کی سہولت کے مدِّ نظر کپڑے دھونے اور سکھانے کا انتظام کیاگیاہے جس کے تحت واشنگ مشین، ہاتھ سے کپڑے دھونے کے لیے ٹب، ڈرائر اور کپڑے سکھانے والے سٹینڈز بھی مہیا کیے گئے ہیں۔

امسال ضیافت مارکی کے اندر ٹک شاپ کا بھی انتظام کیا گیا ہے جہاں پر مختلف اشیاء مثلاً کولڈ ڈرنکس، کرسپ، قلفی اور بچوں کے لیے انواع و اقسام کی سویٹس وغیرہ مناسب داموں پر فروخت کے لیے موجود ہیں۔

شعبہ ضیافت مسجدبیت الفتوح: طاہر ہال سے نکلتے ہی مسجد کے پارکنگ ایریا میں ایک وسیع کھانے کی مارکی لگائی گئی ہے۔ اس مارکی کو بہت خوبصورت طریق پر سجایا گیاہے۔ جا بجا کھانا کھانے کے آداب سے متعلق مختلف قرآنی احکامات، احادیث، حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ و السَّلام اور حضور انور ایَّدہ اللہ بنصرہ العزیز کے فرمودات مختلف زبانوں میں آویزاں کیے گئے ہیں۔ ڈیوٹی پر موجود کارکنات نہایت جوش و خروش سے مہمانانِ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ و السَّلام کا استقبال کرتی اور ان کی خدمت سرانجام دیتی نظر آتی ہیں۔

حضرت مسیح موعود علیہ السَّلام کےمہمان چونکہ دنیا کے مختلف مقامات سے تشریف لاتے ہیں لہٰذا اس بات کا بھی خاص خیال رکھا گیا ہے کہ روایتی کھانوں کے علاوہ دیگر ممالک کے پکوان مثلاً انڈونیشیا اور یورپ کے کھانے بھی پیش خدمت ہوں۔

شعبہ سیکیورٹی: چونکہ اس مسجد میں مہمان کثیر تعداد میں رہائش پزیر ہوتے ہیں اور ساتھ ہی کارکنات کی بھی ایک کثیر تعداد اپنا کام کر تی ہے اس لیے سیکیورٹی کا غیر معمولی انتظام کیا گیا ہے۔ مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین کا شعبہ سیکیورٹی بھی نہایت باریک بینی سے اپنا کام سر انجام دےرہا ہے۔ مسجد میں AIMS نمبر کے بغیر داخلہ منع ہے۔

شعبہ تجنید: شعبہ تجنید کے تحت ایمز کارڈ کے علاوہ مہمانوں کے جلسہ کارڈ،SENDکارڈ، گرین ایریا اور کرسیوں کے پاس بنانے کا بھی انتظام موجود ہے۔امسال مہمانوں کی ہیلتھ اور سیفٹی کا بہت زیادہ دھیان رکھا جا رہاہے اور اس سلسلہ میں اس مرتبہ یہ خصوصی انتظام کیا گیا ہے کہ ہر شعبہ کی ناظمہ safe guarding team میں بھی شامل ہے۔

٭…٭…٭

رہائش گاہ مستورات حدیقہ المہدی

مرحبا اے آنے والے! مرحبا صد مرحبا

رحمت و فضل و کرم کی بارشیں تجھ پر صدا

یوں توجلسہ سالانہ یوکے پر آنے والے معزز مہمانوں کی خدمت کی تیاری سالِ نو کی آمد کے ساتھ ہی شروع ہوجاتی ہے۔ لیکن ماہ جولائی کی ابتدا سے تو اس میں برق رفتاری سی آجاتی ہے۔ ایک خالی، کھلے میدان کو بے لوث رضا کاروں کی ٹیمیں چند گنتی کے دنوں کے لیے ایک با رونق شہر میں تبدل کر دیتی ہیں۔ جہاں زندگی کی تمام بنیادی ضروریات کو مہیا کیا جاتا ہے۔ باقی تمام شعبہ جات کے ساتھ ایک انتہائی اہم شعبہ رہائش بھی اپنی ذمہ داری کو احسن طریقے سے انجام دینے کے لیے سرگرم عمل ہو جاتا ہے۔ مہدیٴ زماںؑ کے اس باغیچہ میں آپؑ ہی کے مہمانوں کے آرام کی خاطر مناسب رہائش گاہوں کا خاطر خواہ انتظام کیا جاتا ہے۔ ان رہائش گاہوں میں بچوں سے لے کر بزرگوں تک،ہر ایک کی ضرورت اور سہولت کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔

جلسہ سے ایک ہفتہ قبل، نائب ناظمۂ اعلیٰ اپنی ٹیم کے ساتھ تقریباً روزانہ مارکیوں کا جائزہ لینے حدیقہ المہدی آتی ہیں۔ احاطے میں موجود رجسٹریشن کا شعبہ آنے والے مہمانوں کا باقاعدہ اندراج کرنے کے بعد ان کو متعلقہ مارکی میں بھیجتا ہے۔ بعد ازاں مارکیوں میں ڈیوٹی پر موجود کارکنات، مہمانوں کو ان کی آرام گاہ کی جانب راہنمائی کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہوتی ہیں۔ امسال اس شعبے کے تحت تین مارکیوں میں مہمان مستورات کی رہائش کا باقاعدہ انتظام ہے:

مارکی نمبر ۱: اس مارکی کے تین حصے ہیں۔ A سیکشن غسل خانے اور بیت الخلاء سے قریب ترین ہونے کی وجہ سے بزرگ اور disabled خواتین کے لیے مخصوص ہے۔ دوسرا حصہ دیگر خواتین کے لیے اور تیسرا PAAMA کی بہنوں کے لیے مختص ہے۔

مارکی نمبر ۲: یہ مارکی چھوٹے بچوں اور ان کی ماؤں کے لیے مختص کی گئی ہے۔ اس مارکی کے بھی تین حصے ہیں۔

مارکی نمبر ۳: یہ مارکی عمومی مارکی ہے جس میں بچوں والی ماؤں اور بزرگ خواتین کے علاوہ دیگر تمام خواتین رہائش پذیر ہوتی ہیں۔ اس مارکی کے بھی تین حصےہیں۔

علاوہ ازیں مہمانوں کی متوقع کثیر تعداد کے پیشِ نظر امسال ضرورت کے تحت ماں اور بچہ مارکی ۳؍اوور فلو رہائش مارکی کے طور پر استعمال کیے جانے کے لیے بھی مکمل تیاری کی گئی ہے۔

جمعرات کی شب سےہر مارکی میں ایک ناظمہ اور ہر حصے میں ایک نائب ناظمہ کے علاوہ آٹھ سے دس کارکنات دن رات مہمانوں کی خدمت کے لیے کمر بستہ ہیں۔ اللہ تعالیٰ سب کو بہترین جزا دے۔ آمین

امسال بڑھتی ہوئی ضرورت کے مدنظر غسل خانوں کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے۔رہائشی مارکیوں کے ساتھ غسل خانے اور بیت الخلاء دونوں ہی پچھلے سال کی نسبت کثیر تعداد میں فراہم کیے گئے ہیں۔ مہمانوں کی سہولت کے لیے کارکنات کو دن رات ان کی خاص صفائی کے انتظام کی تاکید کی گئی ہے۔

رہائش گاہ میں متفرق مقامات پر پینے کے پانی کے پوانٹس بھی بنائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ایک بڑی مارکی مختلف روزمرّہ ضروریات زندگی کی فراہمی کےلیے بنائی گئی ہے۔ اس مارکی میں موبائل فون کے چارج کرنے کے لیے چارجنگ پوانٹس، چھوٹے بچوں کے لیے نیپی بدلنے کا انتظام اور کپڑے استری کرنے کے لیے استری اسٹینڈز وغیرہ جیسی سہولیات دستیاب ہیں۔

شعبہ رہائش کے تحت حضرت مسیح موعودؑ کے مہمانوں کو ہر ممکن سہولت مہیا کرنےکی بھر پور کوشش کی جا رہی ہے۔ اللہ تعالیٰ شاملین جلسہ کو اس جلسہ کی بے شمار برکات کا وارث بنائےاور محض للہ خدمت کی سعادت حاصل کرنے والی ہر کارکنہ کو بہترین اجر عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: شعبہ رپورٹنگ مستورات جلسہ گاہ)

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button