چولہ بابا نانک رحمۃ اللہ علیہ(قسط ۱۸)
۱۵۳۔وہ آنکھیں نہیں جو کہ گریاں نہیں
وہ خود دل نہیں جو کہ بریاں نہیں
گریاں giryaaN: رونے والا Weeping, crying
بریاں biryaaN: بھنا ہوا، جلا ہوا Scorched, burning with the love of God
وہ آنکھیں آنکھیں کہلانے کی مستحق نہیں جو محبوب کے عشق میں آنسو نہیں بہاتیں۔ وہ دل دل نہیں کہلا سکتا جو محبوب کے عشق میں جلا ہوا نہ ہو۔
۱۵۴۔تو انکار سے وقت کھوتا ہے کیا
تجھےکیا خبر عشق ہوتا ہے کیا
تم جو حقیقت سے منہ موڑتے ہو اپنا وقت برباد کر تے ہو۔ تمہیں علم ہی نہیں کہ عشق کیا جذبہ ہے۔
۱۵۵۔مجھے پوچھو اور میرے دل سے یہ راز
مگر کون پوچھے بجز عشق باز
بجز bajuz: سوائے Without, except, for
میں عشق کے رموز جانتا ہوں سب بتا سکتا ہوں کہ یہ جنون کیا ہوتا ہے مگر عشق کرنے والے کے سوا کون پوچھے گا؟ کسی کو کھوج ہی نہیں ہے۔
۱۵۶۔جو برباد ہونا کرے اختیار
خدا کے لئے ہے وہی بختیار
بختیار bakhtiyaar: کامیاب، نصیب والاFortunate, invested with power
عشق کی اول شرط ہر دوسرے سے لا تعلق ہونا ہے۔ جو اس کی طاقت اور حوصلہ رکھتا ہے اور ترک دنیا اختیار کرلیتا ہے وہی خدا تعالیٰ کی نظر میں خوش نصیب اور کامیاب ہے۔
۱۵۷۔جواس کےلئے کھوتے ہیں پاتے ہیں
جو مرتے ہیں وہ زندہ ہو جاتے ہیں
وہ جو اس کے لئے دوسرے خداؤں کو چھوڑتے ہیں ایک قادرو توانا خدا کو پالیتے ہیں۔ وہ جو اس کی راہ میں مرنا قبول کرتے ہیں ہمیشہ کی زندگی پالیتے ہیں۔
۱۵۸۔وہی وحدہ لا شریک اور عزیز
نہیں اس کی مانند کوئی بھی چیز
وحدہ لا شریک wahdahu laa shareek: وہ اکیلی ذات، اللہ تعالیٰ، جس کا کوئی ہمسر نہیں۔ He is one who has no equal, no associate uniqueness in attributes
عزیز azeez: خدا تعالیٰ کی صفت، محبوب، پیارا The Mighty , Omnipotent , dear (an attribute of God)
اللہ تعالیٰ ایک ہے اس کا کوئی ساتھی یا شریک نہیں ہے۔ وہ پیارا ہے ساری طاقتوں کا مالک ہے۔ اپنی صفات میں یکتا ہے۔ اس کی طرح کوئی اور نہیں ہے۔
۱۵۹۔اگر جاں کروں اس کی راہ میں فدا
تو پھر بھی ہو شکر اس کا کیوں کر ادا
فدا Fida: فدا کرنا To offer life , to sacrifice
اس کے ان گنت احسانات کا شکرادا کرنے کے لئے اس کی راہ میں اپنی جان قربان کردوں تو بھی شکر کا حق ادا نہیں ہو سکتا۔
۱۶۰۔میں چولے کا کرتا ہوں پھر کچھ بیاں
کہ ہے یہ پیارا مجھے جیسے جاں
اب میں پھر چولے کی بات بیان کرتا ہوں کیوں کہ یہ مجھے اپنی جان کی طرح پیارا ہے۔
۱۶۱۔ذرا جنم ساکھی کو پڑھ اےجواں
کہ انگد نے لکھا ہے اس میں عیاں
انگد کی جنم ساکھی کو دوبارہ پڑھ کے دیکھ لو اس میں یہ صاف صاف لکھا ہے
۱۶۲۔کہ قدرت کے ہاتھوں کے تھے وہ رقم
خدا ہی نے لکھا بہ فضل و کرم
قدرت qudrat: طاقت ، قوت Might, power
رقم raqam: لکھا ہوا Scripts, writings
کہ چولہ کی تحریراللہ تعالیٰ کی قدرت سے لکھی گئی ہے۔ جو بھی اس پر لکھاہوا ہے اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل و کرم سے لکھا ہے۔
۱۶۳۔وہ کیا ہے یہی ہے کہ اللہ ہے ایک
محمد ﷺنبی اس کا پاک اور نیک
چولہ پر کیا لکھا ہے؟ یہی لکھا ہے کہ اللہ ایک ہے اس کے سواکوئی معبود نہیں اور محمد ﷺ اس کے پاک اور نیک نبی ہیں۔
۱۶۴۔بغیر اس کےدل کی صفائی نہیں
بجز اس کے غم سے رہائی نہیں
بجز bajuz: سوائے Without, except, for
اس کلمہ پاک پر ایمان اور عمل کے بغیر دل دوسرے بتوں سے صاف نہیں ہوسکتا ۔ اور اس پر ایمان کے سوا غم سے نجات نہیں مل سکتی۔
مزید پڑھیں: رسول اللہ ﷺ کے جانشین ۔قرآن کی پیشگوئیاں



