حالاتِ حاضرہ

سپورٹس بلیٹن

ہاکی: ایف آئی ایچ ورلڈکپ۲۰۲۶ءمیں نیدرلینڈز، ارجنٹینا، جرمنی اورسپین نے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔دوسرے مرحلے میں گروپ ای کے مقابلوں میں میزبان نیدرلینڈزنے بھارت کوایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی جبکہ انگلینڈ کے ساتھ ڈچ ٹیم کا مقابلہ ۲۔۲؍گول سے برابرہوا۔ارجنٹینانے انگلینڈکے خلاف۳۔۱؍اور بھارت کے خلاف ۵۔۳؍سے کامیابی حاصل کرکے سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔گروپ ایف میں سپین نے جرمنی کو ایک کے مقابلہ میں دو گول سے ہرایا، جبکہ بیلجیم اور سپین کا میچ ۱۔۱؍گول کی برابری پرختم ہوا۔دفاعی چیمپئن جرمنی نے آسٹریلیا کو۴۔۲؍سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔۲۸؍اگست کو پہلا سیمی فائنل نیدرلینڈزاورسپین جبکہ دوسراسیمی فائنل جرمنی اور ارجنٹینا کے مابین کھیلا جائے گا۔ٹیموں کی درجہ بندی کے لیے کھیلے گئے دیگر مقابلوں میں نیوزی لینڈنے ویلزاور پاکستان کے خلاف فتوحات حاصل کیں، پاکستانی ٹیم جاپان کے خلاف کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی جبکہ ویلز کو جاپان کے ہاتھوں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔آئرلینڈ نے ملائیشیا کے خلاف ۷۔۴؍سے فتح حاصل کی اور جنوبی افریقا نے فرانس کو ۳۔۱؍سے ہرایا۔

اس عالمی ٹورنامنٹ میں پانچویں پوزیشن کا مقابلہ انگلینڈاور آسٹریلیا کے مابین ہوگا، ساتویں پوزیشن کے لیے بھارت اوربیلجیم آمنے سامنے ہوں گے،نویں پوزیشن کا میچ نیوزی لینڈاورآئرلینڈجبکہ گیارھویں پوزیشن کا مقابلہ پاکستان اور جنوبی افریقاکے درمیان کھیلا جائے گا۔

کرکٹ:آسٹریلیا بمقابلہ بنگلہ دیش،دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے ایک اننگز اور۵۱؍رنزسے کامیابی حاصل کرکے سیریز برابرکردی۔کوئنزلینڈکے شہرMackayمیں کھیلے گئے اس ٹیسٹ میچ کا فیصلہ محض ڈیڑھ دن میں ہوگیا۔ آسٹریلیا نے پہلے گیندبازی کی اور بنگلہ دیشی ٹیم کو صرف ۶۴؍رنزپر ڈھیر کردیا۔مچل سٹارک نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے دس اوورز میں ۱۲؍رنزکے عوض چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔جواب میں میزبان ٹیم ۲۱۰؍رنزبنانے میں کامیاب ہوئی، شریف الاسلام نے سات وکٹیں حاصل کیں۔ بنگلہ دیش کے بلے بازدوسری باری میں بھی بری طرح ناکام ہوئے اور۹۵؍کے اسکور پر پوری ٹیم واپس لوٹ گئی۔مچل سٹارک نے چارجبکہ پیٹ کمنز اور نیتھن لائن نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان بمقابلہ انگلینڈ:تین ٹیسٹ میچز کی سیریزکے پہلے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو باآسانی ایک اننگز اور۱۰۳؍رنزسے ہرادیا۔ ہیڈنگلے لیڈزمیں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی ٹیم اپنی پہلی باری میں ۱۷۱؍رنزبناکرآؤٹ ہوئی۔انگلش فاسٹ باؤلرزOllie Robinsonاور Josh Tongueنے پانچ پانچ وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں انگلینڈنے ۴۰۹؍رنزبنائے،ہیری بروک ۹۱؍رنز کےساتھ نمایاں رہے۔کھیل کے تیسرے روزپاکستان ٹیم اپنی دوسری اننگزمیں ۱۳۵؍رنزبناسکی اور یوں انگلینڈنے میچ اننگزکے مارجن سے اپنے نام کرلیا۔

بھارت بمقابلہ سری لنکا:پہلے ٹیسٹ میں بھارت نے ۱۶۵؍رزسے کامیابی حاصل کرلی۔نوجوان بلےبازDevdutt Padikkalنے پہلی باری میں ۱۶۷؍جبکہ دوسری باری میں۴۴؍رنزبنائے اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرارپائے۔بھارت کے پہلی اننگز میں۴۶۲؍رنزکے جواب میں میزبان سری لنکن ٹیم۲۸۴؍رنزبناسکی۔دوسری اننگزمیں بھارت نے ۱۹۳؍رنزبناکرسری لنکا کے لیے۳۷۲؍رنزکا ہدف مقرر کیاجس کے جواب میں میزبان ٹیم صرف ۲۰۶؍رنزبناسکی۔بائیں ہاتھ کے سپن گیندباز Manav Sutharنے میچ میں دس کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔

(ن م طاہر)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

یہ بھی پڑھیں
Close
Back to top button