افریقہ (رپورٹس)

کینیا کے ویسٹرن سی (ننڈیویسی ) ریجن کی جماعت ویبویے (Webuye) میں ’مسجد طارق‘ کا مبارک افتتاح

ویبویے (Webuye) جماعت احمدیہ کینیا کے ویسٹرن سی ریجن کی ایک جماعت ہے۔ یہاں احمدیت کا پیغام شیانڈہ جماعت (ہیڈ کوارٹرز ویسٹڑن اے ریجن ) کے ایک مخلص احمدی Mzee Salam Weyimi صاحب کے ذریعے پہنچا جو سال ۱۹۸۶ء میں شیانڈہ سے ویبویے منتقل ہوئے تھے۔ اس کے بعد ان کی اور جماعت کے معلمین و مبلغین کی تبلیغی مساعی سے یہاں جماعت قائم ہوگئی اور چند سال بعد یہاں ایک نیم پختہ مسجد بھی تعمیر کی گئی۔ مگر بعد میں آنے والے سالوں میں یہ مسجد اور جماعت بوجوہ قائم نہ رہی سکی۔ سال ۲۰۲۵ء میں جماعت کی طرف سے اس جماعت کو از سر نو قائم کرنے اور یہاں موجود ایک جماعتی پلاٹ کو دوبارہ حاصل کرنے کی کوششیں شروع کی گئیں جو بفضل خدا کامیاب رہیں اور مختلف مراحل سےگزرنے کے بعد یہ قیمتی پلاٹ جماعت کو دوبارہ مل گیا۔ الحمدللہ

اس جماعتی زمین پر ۳۱؍جنوری ۲۰۲۶ء کو مکرم ناصر محمود طاہر صاحب امیر و مبلغ انچارج کینیا نے احباب جماعت و معلّمین کرام کی معیت میں مسجد کا سنگ بنیاد رکھا اور ماہ جون میں یہ خوبصورت اور پختہ مسجد مکمل ہو گئی جس میں کم از کم ایک سو افراد کے لیے نماز ادا کرنے کی گنجائش ہے۔ مسجد کے اندر پارٹیشن لگا کر مستورات کے لیے علیحدہ باپردہ نماز ادا کرنے کا انتظام کیا گیا ہے۔ مسجد کے سامنے والے اور مستورات کے داخلی دروازوں پر برآمدے بھی تعمیر کیے گئے ہیں۔ وضو وغیرہ کے لیے بھی مردوخواتین کے لیے مناسب بندوبست کیا گیا ہے۔ مسجد کے پلاٹ کے گردچاردیواری تعمیر کرکے خوبصورت آہنی گیٹ لگایا گیا ہے اور بجلی کا کنکشن بھی حاصل کیا گیا ہے۔ پانی کے لیے ہیومینٹی فرسٹ کینیا کے تعاون سے بورہول پر واٹر پمپ نصب کیا گیا ہے جس سے نہ صرف مسجد کے لیے صاف ستھرا پانی دستیاب ہے بلکہ آس پاس کی آبادی بھی اس سے مستفید ہورہی ہے، الحمدللہ۔ اس طرح اللہ تعالیٰ کے فضل سے مسجد ہٰذا میں تمام بنیادی سہولتیں مہیا کر دی گئی ہیں۔

اس مسجد کی تعمیر کا سارا خرچ با اجازت حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز، مکرمہ خالدہ نزہت صاحبہ اہلیہ مکرم چودھری منیر احمد منیب صاحب آف جرمنی نے اپنے بیٹے طارق احمد مرحوم جو ۱۸؍سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگیا تھا، کی طرف سے ادا کیا ہے۔ چودھری منیر احمد صاحب کو اس سے قبل حضور انور کی اجازت سے کینیا کے کوسٹ ’’اے‘‘ ر یجن میں ’مسجد جنت‘ کی تعمیر کی بھی توفیق ملی ہے۔ اللہ تعالیٰ ان کی ان قربانیوں کو اپنے فضل سے شرف قبولیت بخشے۔ آمین

مسجد طارق ویبویے کا افتتاح مورخہ ۳۱؍جولائی ۲۰۲۶ء کو قبل از نماز جمعہ عمل میں آیا۔ خاکسار (مبلغ سلسلہ) نے مکرم امیر صاحب کینیا کی نمائندگی کرتے ہوئے مسجد کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ریجنل انچارج مکرم معلم عبد اللہ حاجی صاحب، دیگر معلمین اور مقامی جماعت کے علاوہ ریجن کی دیگر جماعتوں کے ۱۰۰؍سے زائد احباب موجود تھے۔ ان کے علاوہ معززین علاقہ اور بطور نمائندہ لوکل ایڈمنسٹریشن ویلج ایلڈر بھی تشریف فرماتھے۔ پروگرام کے مطابق فیتہ کاٹنے اور یادگاری تختی کی نقاب کشائی کے بعد خاکسار نے دعا کروائی جس کے بعد مسجد کے ہال میں ایک مختصر پروگرام منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم اور اس کے سواحیلی ترجمہ کے بعد حضرت مسیح موعودؑ کا منظوم اردو کلام پیش کیا گیا۔ جس کے بعد مقامی جماعت کے صدر جو مزے سالم ویمی کے صاحبزادے ہیں نے مسجد کی تعمیر پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنے کے بعد حاضرین کو خوش آمدید کہا اور مسجد کی افتتاحی تقریب میں شریک ہونے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ بعدہٗ  مکرم معلم عبد اللہ حاجی صاحب ریجنل انچارج نے مسجد کی تعمیر پر اللہ تعالیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مسجد کی تعمیر کی مختصر رپورٹ پیش کی جس کے بعد مختلف جماعتوں کے نمائندگان نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ پھر ویلج ایلڈر صاحب نے مسجد کی تعمیر پر جماعت کو مبارکباد دی اور جماعت کی پر امن تعلیمات اور تعاون پر مبنی رویے کی تعریف کی اور اپنی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ اس کے بعد خاکسار نے مختصر تقریر کی اور مسجد کی تعمیر پر احباب جماعت کو مکرم امیر صاحب کی طرف سے مبارک باد دی جس کے بعد مسجد کے آداب اور اس کی حفاظت و صفائی وغیرہ سے متعلق قرآن و حدیث میں فرمودہ احکام بیان کیے اور دعا کروائی۔

نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد احباب کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔

اللہ تعالیٰ اس مسجد کو مخلص عبادت گزار نمازیوں سے بھر دے اور اسے منبع رشدوہدایت بنائے۔ آمین

(رپورٹ:محمد افضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: جلسہ سالانہ یوکے ۲۰۲۶ء کے حوالے سے جماعتہائے احمدیہ کینیا کی مساعی

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button