برکینافاسو میں مجلس خدام الاحمدیہ کے ریجنل اجتماعات
ریجنل اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ ڈوری
مکرم رانا فاروق احمد صاحب ریجنل مبلغ ڈوری اطلاع دیتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ ڈوری ریجن کو اپنا دو روزہ ریجنل اجتماع مورخہ ۲۵ و ۲۶؍اپریل ۲۰۲۶ء کو ڈوری کی احمدیہ مسجد کے احاطے میں کامیابی کے ساتھ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ امسال اجتماع کا مرکزی عنوان ’’اطاعت۔ امن کی ضمانت‘‘ مقرر کیا گیا تھا۔

اجتماع گاہ: ڈوری شہر میں جماعت کی پندرہ ایکٹر ملکیتی اراضی ہے۔ اس میں مسجد، مشن ہاؤس، احمدیہ ریڈیو اور احمدیہ پرائمری سکول دو دہائیوں سے واقع ہیں۔ جبکہ احمدیہ مسلم کلینک اورشہداء کوارٹرز حالیہ سالوں میں تعمیر ہوئے ہیں۔ اسی زمین پردہشت گردی کی وجہ سے یہاں آکر آباد ہونے والے احمدی مہاجرین کے لیے ہیومینٹی فرسٹ کی طرف سے تعمیر کردہ ۴۰ مکانات اور فارمنگ کا پراجیکٹ بھی ہے۔ اس سارے پراجیکٹ کا نام سیدنا حضور انور ایدہ اللہ نے ازراہ شفقت ’’محمد آباد‘‘ عطا فرمایا ہے۔ محمد آباد کے وسیع کمپاؤنڈ میں ریجنل اجتماع منعقد کیا گیا۔
مورخہ ۲۵؍اپریل کو اجتماع کا باقاعدہ آغاز سہ پہر ساڑھے تین بجے ہوا۔ تلاوتِ قرآنِ کریم اور عہد کے بعد ریجنل قائد صاحب نے مہمانوں اور معزز شرکا کو خوش آمدید کہتے ہوئے افتتاحی تقریر کی۔ آخر پر خاکسار (ریجنل مبلغ) نے اپنی تقریر میں خدام کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلانے کے بعد افتتاحی دعا کروائی۔
افتتاحی اجلاس کے بعد شام ساڑھے چار بجے کھیل کے میدان میں ورزشی مقابلے منعقد ہوئے۔ کھیلوں کے بعد نمازِ مغرب و عشاء باجماعت ادا کی گئیں پھر رات کا کھانا پیش کیا گیا۔ رات پونے آٹھ بجے مسجد کے ہال میں علمی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔
دوسرے دن کا آغاز صبح چار بجے باجماعت نمازِ تہجد سے ہوا جس میں ۲۷؍اطفال اور ۵۴؍خدام نے شرکت کی۔ نماز فجر کے بعد لوکل مبلغ دیکو عمر صاحب نے درس دیا۔ آج نماز ظہر تک خدام اور اطفال کے ورزشی مقابلہ جات کے فائنل میچز ہوئے۔
اجتماع کی اختتامی تقریب بعد از نماز ظہر بیت الطاہر ڈوری میں ہوئی جس میں تلاوت قرآن مجید کے بعد خدام کا عہد ریجنل قائد بلال اَگ اکمد صاحب نے دہرایا۔ پھر اجتماع کی رپورٹ ناظم اعلیٰ مکرم جیکو عمران صاحب نے پیش کی۔ نمایا ں پوزیشن لینے والے خدام واطفال میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ آخر پرخاکسار نے خدام کو خلافت سے اپنا تعلق مضبوط کرنے اور اپنے عہد بیعت کو پورا کرنے کی طرف توجہ دلائی اور دعا کروائی۔
برکینافاسو کے کئی ریجنز میں سیکیورٹی صورت حال خراب ہونے کی وجہ سےدیہات سے بڑی تعداد میں لوگ نقل مکانی کرکے شہروں میں مہاجر کیمپس میں مقیم ہیں۔ ڈوری ریجن کی کئی جماعتوں سے احمدی احباب ڈوری شہر میں جماعتی زمین پر گذشتہ تین سال سے رہائش پذیر ہیں۔ اس لیے ریجنل اجتماع میں بھی ڈوری شہر میں مقیم خدام واطفال ہی شامل ہوئے۔ اجتماع کی مجموعی حاضری ۱۴۸؍رہی جس میں ۷۰؍خدام اور ۷۸؍اطفال شامل تھے۔
ریجنل اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ بانفورا
اللہ تعالیٰ کے فضل سےمجلس خدام الاحمدیہ بانفورا کو اپنا ریجنل اجتماع مورخہ۴ و ۵؍جولائی ۲۰۲۶ء کو مرکزی موضوع ’’برکینافاسو میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے خدام کا کردار‘‘ پر منعقد کرنے کی توفیق عطا ہوئی۔

۴؍جولائی کو دو پہر ایک بج کر تیس منٹ پر سانفو شمس الدین صاحب نمائندہ صدر مجلس خدام الاحمدیہ برکینافاسو کی زیر صدارت افتتاحی اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔ پھر عہد دہرایا گیا اور نظم ہوئی۔ قائد علاقہ نے تمام خدام کوخوش آمدید کہا۔ اس کے بعد چندمہمانوں نے اپنے تاثرات کا اظہا رکیا۔ پھرریجنل صدر صاحب نے خدام کو اجتماع کی مبارکباددی۔ صدر مجلس نے افتتاحی کلمات کہے اور دعا کروائی۔
خدام اور اطفال کےچار ورزشی مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔ اسی طرح خدام کے چھ علمی، جبکہ اطفال کے چار علمی مقابلے کروائے گئے۔
نماز مغرب کے بعدشعبہ رشتہ ناطہ کی اہمیت پر لوکل مبلغ ماندے مصطفیٰ صاحب نے درس دیا۔

دوسرے روز کا آغاز نماز تہجد سے کیا گیا۔نماز فجر کے بعد لوکل مبلغ بارو یوسف صاحب نے انفاق فی سبیل اللہ پر درس دیا۔ اس کے بعدتمام خدام ایک منظّم مارچ کرتے ہوئے فاسومیبو (Faso Mebo) پہنچے اور خدام کی طرف سے پچاس ہزار فرانک سیفا کی رقم بھی پیش کی گئی۔ (قارئین کی معلومات کے لیے درج ہے کہ فاسو میبو، ایک حکومتی رفاعی منصوبہ ہے جس کا مقصد لوگوں میں خدمت خلق کا احساس پیدا کرنا اور ملک کو عوامی ذرائع سے تعمیر کرنا ہے۔ا س پراجیکٹ میں حصہ لینے کے لیے انفرادی اور اجتماعی طو رپر شامل ہوکر اپنی استعداد کے مطابق وہاں وقار عمل کیا جاسکتا ہے،اسی طرح میڑیل یا رقم پیش کی جا سکتی ہے۔یہ کامیابی سے چلنے والا ایک منصوبہ ہے جس کے ذریعہ ملک بھر میں تعمیر کا کافی کام ہورہاہے۔)
اجتما ع میں اطفال کا الگ اجلاس منعقد ہوا جس میں ان کے مقابلہ جات ہوئے اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔
انسانیت کی خدمت کے جذبے کے تحت عطیہ خون کا کیمپ بھی لگایا گیا، جہاں ریجن کے ۳۷؍خدام نے مقامی آبادی کی صحت اور ضرورت کے لیے اپنے خون کے عطیات پیش کیے۔
نمائندہ صدر کی زیر صدارت صبح دس بجے اختتامی اجلاس شروع ہوا۔ تلاوت ، عہد اور نظم کے بعد اجتما ع کے مرکزی موضوع پر بادو سرما عیسیٰ صاحب نےتقریر کی۔پھر ریجن کی سالانہ سرگرمیوں کی رپورٹ پیش کی گئی اور انعامات تقسیم ہوئے۔بعد ازاں قائد علاقہ اور ریجنل مبلغ صاحب نے اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔ صدر اجلا س نے اختتامی کلمات کہے اور دعا کروائی۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے ریجن کی ۱۵؍مجالس سے ۲۱۳؍ خدام و اطفال نے اجتماع میں شرکت کی توفیق پائی۔
ریجنل اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ بورومو
مکرم اعجاز احمد صاحب ریجنل مبلغ بورومو اطلاع دیتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے خدام الاحمدیہ بورومو کو اپنا ریجنل اجتماع مورخہ ۳۰ و ۳۱؍مئی ۲۰۲۶ء مجلس ہابے میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔
مورخہ ۳۰؍مئی کو اجتماع کا آغاز سہ پہر تین بجے زیر صدارت بارو رشید صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ برکینافاسو ہوا۔ تلاوت، عہد اور نظم کے بعد ریجنل قائد صاحب نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ پھر خاکسار (مربی سلسلہ) نے خدام کو چندنصائح کیں۔ بعد ازاں صدر مجلس نے افتتاحی تقریر کی اور خاکسار نے دعا کروائی۔

اس کے بعد خدام اوراطفال کےورزشی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ نمازمغرب وعشاء کے بعد درس ہوا۔ رات کو صدر مجلس خدام الاحمدیہ نے ریجنل عاملہ سے میٹنگ کی۔
اجتماع کے دوسرے دن کا آغاز نماز تہجد سے ہوا اور بعدنماز فجر درس دیا گیا۔ پھرعلمی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔
اطفال الاحمدیہ کا ایک الگ پروگرام منعقد ہوا جس میں صدر مجلس نے اطفال سے دینی معلومات کے متعلق سوالات کیے اور انہیں نمازوں اور تلاوت قرآن مجید کی طرف توجہ دلائی۔
دوپہر گیارہ بجے اختتامی تقریب کا انعقاد ہوا۔ ریجنل قائد صاحب نے سالانہ کارگزاری رپورٹ پیش کی۔ پھر خاکسار نے تقریر کی۔ بعد ازاں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ آخر پر صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ نے تقریر کی اور دعا کروائی۔ اجتماع کی حاضری ۶۵ خدام اور ۵۲ اطفال کے ساتھ ۱۱۷ رہی۔ الحمد للہ
(رپورٹ: چودھری نعیم احمد باجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: کینیا کے ویسٹرن سی (ننڈیویسی ) ریجن کی جماعت ویبویے (Webuye) میں ’مسجد طارق‘ کا مبارک افتتاح




