سالانہ تقریب تقسیم انعامات جامعہ احمدیہ جرمنی برائے سال ۲۰۲۵ء – ۲۰۲۶ء
مجلس علمی
جامعہ احمدیہ جرمنی کے طلبہ میں ’’فَاسۡتَبِقُوا الۡخَیۡرٰتِ‘‘ کی روح پیدا کرنے کے ليے مجلس علمی کے تحت دوران سال مختلف انفرادی اور گروپس کے مابین مقابلہ جات کروائے جاتے ہیں۔ امسال ان مقابلہ جات میں مقابلہ حُسن قراءت، مقابلہ کسوٹی، مقابلہ مضمون نویسی، مقابلہ تقریر بزبان اردو، انگریزی، عربی اور جرمن، نیز انہیں چاروں زبانوں میں تقریر فی البدیہہ کے مقابلہ جات بھی منعقد کروائے گئے۔ اسی طرح مقابلہ اذان، مقابلہ نظم، مقابلہ حفظ ادعیہ، مقابلہ پیغام رسانی، مقابلہ بیت بازی اور ایک دلچسپ مقابلہ مقابلہ کوئز بھی منعقد کروایا گیا۔

مجلس العاب
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا ارشاد ہے کہ ’’طلبہ جامعہ احمد یہ… کم از کم ڈیڑھ گھنٹہ کوئی نہ کوئی گیم کھیلیں اور Exerciseکریں‘‘۔ حضور انور کے اس ارشاد کے پیش نظر طلبہ روزانہ کسی نہ کسی کھیل میں شامل ہوتے ہیں۔ اسی طرح دوران سال طلبہ کے گروپس اور کلاسز کےمابین مختلف ورزشی مقابلہ جات منعقد کيے جاتے ہیں۔ سال کے اختتام پر تین دن کے ليے سالانہ کھیلوں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ امسال سالانہ کھیلیں مورخہ ۳۰؍اپریل تا ۲؍مئی منعقد ہوئیں۔
دوران سال منعقد ہونے والے مقابلہ جات میں مقابلہ Weight loss(یعنی وزن کم کرنا)، پانچ کلو میٹرتیز پیدل چلنے کا مقابلہ، ۱۳؍کلومیٹر کراس کنٹری ریس اور اسی طرح بعض کھیلوں کے کوالیفائنگ میچز بھی کروائے گئے۔

سالانہ کھیلوں کی افتتاحی تقریب مورخہ ۳۰؍اپریل بروزجمعرات منعقد ہوئی اور یہ کھیلیں۲؍مئی تک جاری رہیں۔ تین دن جاری رہنے والی ان کھیلوں میں انفرادی اور اجتماعی یعنی گروپس کے مابین مقابلہ جات ہوئے۔ انفرادی مقابلہ جات میں نیزہ پھینکنا، گولہ پھینکنا، لمبی چھلانگ، دوڑ ۱۰۰ میٹر، دوڑ ۱۰۰۰؍میٹر، تھالی پھینکنا، ثابت قدمی، گاڑی کھینچنا، ٹائرفلپ، پنجہ آزمائی، کلائی پکڑنا، تین ٹانگ دوڑ اور Strongman Parkourاور روک دوڑ شامل ہیں۔ جبکہ گروپس کے مابین منعقد ہونے والے مقابلہ جات میں فٹ بال، باسکٹ بال، والی بال، Völkerball، رسہ کشی، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس اور ریلے ریس شامل ہیں۔
مجلس ارشاد
مجلس ارشاد کے تحت منعقد ہونے والے پروگرامز میں جلسہ یوم مسیح موعودؑ، یوم مصلح موعودؓ، یوم خلافت، حمدیہ محفل، نعتیہ محفل، قرآن سیمینار شامل ہیں نیزطلبہ کی آگاہی کے ليے مختلف لیکچرز بھی ہوئے جن میںسائیکالوجی اور تھیالوجی، نفسیاتی بیماریوں کا تعارف، پاکستان میں جماعت احمدیہ کی مخالفت کے اسباب، فیک نیوز اور غلط معلومات کے اثرات اور اس کے سدباب کے طریق، اسی طرح ہنگامی حالات سے نپٹنے کے ليے Survival Coaching کے موضوع پر عملی طور پر آگاہی دی گئی۔
ڈیوٹیاں
طلبہ جامعہ احمدیہ کو پڑھائی کے ساتھ مختلف جماعتی پروگراموں میں وقار عمل اور انتظامی ڈیوٹیاں سر انجام دینے کی توفیق ملتی رہی جن میں جلسہ سالانہ، اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ، مجلس مشاورت، تربیتی کلاس، Tag der Öffnen Tür یعنی مساجد کے اوپن ڈے پر ڈیوٹیاں اور وقار عمل میں حصہ لینا شامل ہے۔
کلاس ایکسچینج پروگرام
حضو ر انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشاد کے مطابق کلاس ایکسچینج پروگرام کے تحت امسال درجہ خامسہ کو دو ہفتوں کے ليے جامعہ احمدیہ یو کے اور جامعہ احمدیہ یوکے کی درجہ خامسہ کو جامعہ احمدیہ جرمنی آنے کا موقع ملا۔ یہ ایک بہت ہی بابرکت پروگرام ہے جس میں طلبہ کو ایک دوسرے کے ماحول میں رہ کر مختلف معاملات کو سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔
دیگر مذہبی اداروں کا دورہ
امسال جامعہ کی ایک کلاس کو ڈارمشٹڈ میں موجود یہودیوں کے معبد خانے کا بھی تعلیمی دورہ کرنے اور براہ راست معلومات حاصل کرنے کا موقع ملا۔
تقریب تقسیم انعامات
علمی و ورزشی مقابلہ جات میں پوزیشن حاصل کرنے والے، نیز تدریسی سال ۲۰۲۴ء – ۲۰۲۵ء میں کلاسز میں اول، دوم اور سوم آنے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی کے ليے مورخہ ۲۱؍جون ۲۰۲۶ءکو جامعہ احمدیہ میں ایک پُروقار تقریب تقسیم انعامات کا انعقادکیا گیا جس کے مہمان خصوصی مکرم عبداللہ واگس ہاؤزرصاحب امیر جماعت احمدیہ جرمنی تھے۔ دیگرمہمانان میں نیشنل عاملہ کے ممبران، مختلف شعبہ جات کے نگران اور اسی جماعت کے دیگرمعززین کرام کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔
تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو عزیزم فاتح احمد عزیز نے کی۔ اس کے بعد عزیزم راحیل احمد نےحضرت اقدس مسیح موعودؑ کے منظوم کلام ’’جوخاک میں ملے، اُسے ملتا ہے آشنا‘‘ سے چند اشعار خوش الحانی سے پیش کیے۔ تلاوت ونظم کے بعد مکرم امیر صاحب نے پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ اور گروپس کے مابین انعامات تقسیم کیے۔ اس سال علمی مقابلہ جات میں بحیثیت مجموعی اول پوزیشن’’عزیزم ثاقب محمود‘‘ اور بہترین گروپ’’صداقت‘‘ قرارپایا اور ورزشی مقابلہ جات میں بحیثیت مجموعی اول پوزیشن’’عزیزم یونس یوسف ‘‘ اور بہترین گروپ ’’دیانت ‘‘ قرارپایا۔ اس کے بعد مکرم مہمان خصوصی نے تدریسی سال ۲۰۲۴ء – ۲۰۲۵ء میں کلاسز میں اول، دوم اور سوم آنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے۔ گذشتہ تعلیمی سال میں خداتعالیٰ کے فضل وکرم سے جامعہ احمدیہ جرمنی کو فارغ التحصیل ہونے والے اٹھارہ مربیان کرام حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں پیش کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔ جنہیں پیارے آقا نے مورخہ ۲؍مئی کو جامعہ احمدیہ یوکے میں منعقد ہونے والی کانووکیشن کی تقریب میں اپنے دست مبارک سے ’’شاہد‘‘ کی ڈگری سے نوازا۔ ان مربیان کرام میں سے ایک مربی سلسلہ عزیزم سجیل احمد باجوہ صاحب ویزےکی مجبوری کی وجہ سے اس تقریب میں شامل نہ ہوسکے۔ اُس وقت ان کی سند حضورانورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری سے مکرم امیر صاحب جرمنی نے وصول کی تھی۔ لہٰذا تقسیم انعامات کے آخر پر عزیزم سجیل احمدباجوہ صاحب نے مہمان خصوصی سے اپنی ’’شاہد‘‘ کی سَند وصول کی۔
انعامات کی تقسیم کے بعد مکرم امیر صاحب نے اپنی تقریر میں طلبہ، بالخصوص امسال فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ کو مختلف مثالوں کے ساتھ محنت اور جذبہ سے تبلیغ کا فرض ادا کرنے اور اپنا عملی نمونہ پیش کرنے کی نصیحت کی۔اس کے بعد مکرم پرنسپل صاحب جامعہ احمدیہ نے بھی طلبہ کو سنّت ابراہیمی کے مطابق روحانی طَیر بننے، وقف کی حقیقی روح کو سمجھنے اور اس کے مطابق دوران جامعہ اور بعدازاں میدان عمل میں خدمت کرنے کی تلقین کی۔ اس کے ساتھ ساتھ آپ نے مکرم امیر صاحب اور دیگر مہمانان کرام کی تشریف آوری پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے بعد اختتامی دُعا ہوئی۔ دُعا کے بعد تمام مہمانان کرام کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا اور اس طرح یہ تقریب بخیروخوبی اپنے اختتام کو پہنچی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
(رپورٹ:سرفراز احمد۔ استاد جامعہ احمدیہ جرمنی)

مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ کونگو برازاویل کا چودھواں جلسہ سالانہ ۲۰۲۶ء



