جماعت احمدیہ فن لینڈ کا چار روزہ تربیتی و تبلیغی دورہ
بشارت الرحمٰن صاحب نیشنل سیکرٹری تربیت فن لینڈ لکھتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ فن لینڈ کے وفد نے چار روزہ تربیتی و تبلیغی دورہ کامیابی سے مکمل کیا۔ اس وفد میں مکرم شاہد محمود کاہلوں صاحب مبلغ انچارج فن لینڈ اور خاکسار (نیشنل سیکرٹری تربیت) شامل تھے۔ دورے کا مقصد احباب جماعت سے روابط مضبوط کرنا، قرآن کریم کے نئے شائع شدہ فنش ترجمہ کو اہم قومی اداروں تک پہنچانا اور میڈیا نمائندگان، لائبریرینز اور مذہبی راہنماؤں سے روابط قائم کرکے اسلام کی پُرامن تعلیمات متعارف کروانا تھا۔

وفد نے ہیلسنکی سے تقریباً ۴۰۰؍کلومیٹر کا سفر کرکے Vaasaکا دورہ کیا جہاں مقامی احباب سے ملاقات اور تربیتی و تعلیمی نصائح کا موقع ملا۔ بعد ازاں تقریباً ۳۰۰؍کلومیٹر کا سفر کرکے Oulu پہنچے۔ وہاں سٹی لائبریری میں BBC سے وابستہ صحافی Ms. Erika اور لائبریری کی انتظامیہ سے ملاقات ہوئی۔ انہیں جماعت احمدیہ کی عالمی و ملکی سرگرمیوں سے آگاہ کیا گیا اور قرآن کریم کے نسخے پیش کیے گئے۔ لائبریری میں قرآن کریم کی نمائش منعقد کرنے کی تجویز بھی خوش دلی سے قبول کی گئی۔
Oulu میں ایک ایمان افروز ملاقات بھی ہوئی۔ وفد کی ملاقات ’عبدالرحمٰن‘ نامی ایک مسلمان سے ہوئی جنہوں نے بتایا کہ تقریباً بیس سال قبل حضرت سر محمد ظفر اللہ خان صاحبؓ کے انگریزی ترجمہ قرآن کریم کے مطالعہ سے انہیں اسلام قبول کرنے کی توفیق ملی تھی۔ انہیں جماعت احمدیہ کا تعارف کروایا گیا اور فنش زبان میں قرآن کریم کا نسخہ بطور تحفہ پیش کیا گیا۔

وفد نے تقریباً ۵۵۰؍کلومیٹر کا سفر کرکے Inari کا رخ کیا۔ وہاں Sámi پارلیمنٹ لائبریری میں فنش ترجمہ قرآن کریم پیش کیا گیا۔ مقامی اخبار Inarilainen کے چیف ایڈیٹر مسٹر Pekka سے ملاقات ہوئی جنہوں نے جماعت احمدیہ کی امن و محبت کی سرگرمیوں میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور ’’محبت سب کے لیے، نفرت کسی سے نہیں‘‘ کے موضوع پر مضمون شائع کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
Ivalo سٹی لائبریری کی چیف لائبریرین Ms. Virpi Veskoniemi سے ملاقات میں انہیں جماعت احمدیہ کی خدمات اور قیام امن کی کوششوں سے آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے قرآن کریم کی تلاوت سماعت کی اور قرآن کریم فنش ترجمہ کے نسخے خوش دلی سے قبول کرتے ہوئے آئندہ قرآن کریم کی نمائش منعقد کرنے پر رضامندی ظاہر کی۔ مزید برآں دیگر لائبریریز، بالخصوص Sámi پارلیمنٹ لائبریری اور Utsjoki لائبریری میں بھی قرآن کریم کے نسخے رکھنے کی پیشکش کی۔
Ivalo چرچ کے پادری Mr. Tuomo Huusko سے بھی ملاقات ہوئی اور انہیں فنش قرآن کریم کا نسخہ پیش کیا گیا۔ باہمی احترام اور بین المذاہب ہم آہنگی کے اظہار کے طور پر انہوں نے مبلغ انچارج صاحب کو Sámi زبان میں ترجمہ شدہ بائبل کا نسخہ بطور تحفہ پیش کیا۔
وفد تقریباً ۳۲۶؍کلومیٹر کا سفر کرکے Rovaniemi پہنچا۔ سٹی لائبریری میں ملاقات کے دوران قرآن کریم کا فنش ترجمہ پیش کیا گیا اور لائبریرین نے جماعت احمدیہ کی عالمی و تبلیغی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے دسمبر میں، جب Santa Claus Village کی وجہ سے دنیا بھر سے بڑی تعداد میں سیاح Rovaniemi آتے ہیں، قرآن کریم کی نمائش منعقد کرنے کی تجویز پیش کی۔
واپسی پر وفد تقریباً ۳۵۰؍کلومیٹر کا سفر کرکے Kajaani اور مزید ۲۰۰؍کلومیٹر کا سفر کرکے Kuopio پہنچا جہاں مقامی احباب سے ملاقات، خیر خیریت دریافت کرنے اور جماعتی امور کے حوالے سے راہنمائی کا موقع ملا۔ بعد ازاں وفد تقریباً ۴۰۰؍کلومیٹر کا سفر کرکے بحفاظت Helsinki واپس پہنچ گیا۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس چار روزہ دورے کے دوران تقریباً ۳۰۰۰؍کلومیٹر سفر اور ۴۱؍گھنٹے تبلیغ کے لیے سڑک پر گزارے گئے۔ فنش زبان میں شائع شدہ قرآن کریم کے تقریباً ۲۰؍نسخے فن لینڈ کے آٹھ مختلف شہروں میں اہم قومی اداروں، لائبریریوں، میڈیا نمائندگان اور مذہبی راہنماؤں کو پیش کیے گئے۔ ان اداروں میں روزانہ تقریباً ۱۵۰۰؍افراد آتے ہیں، یوں ان شاء اللہ قرآن کریم کے یہ نسخے بڑی تعداد میں لوگوں تک اسلام کا پُرامن پیغام پہنچانے کا ذریعہ بنیں گے۔ اس دوران مقامی احباب جماعت سے ملاقات اور ان کی حوصلہ افزائی کا بھی موقع ملا۔
اللہ تعالیٰ ان کوششوں کو قبول فرمائے اور اسلام کا پُرامن پیغام فن لینڈ کے ہر شہر اور گھر تک پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: فرخ اسلام۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: جامعہ احمدیہ تنزانیہ کے نئے میس ہال کا افتتاح




