برکینا فاسو میں لوکل مبلغین کے ریفریشر کورس کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ برکینا فاسو کے تمام لوکل مبلغین کا ریفریشر کورس ۲۲؍تا ۲۴؍اگست۲۰۲۶ء مرکزی مشن ہاؤس سومگاندے واگادوگو میں منعقد ہوا۔ ملک بھر سے مبلغین ۲۲؍اگست بروز ہفتہ دوپہر تک نیشنل ہیڈکوارٹرز واگادوگو پہنچ گئے۔
افتتاحی اجلاس:شام چار بجے مکرم کابورے سلیمان صاحب نائب امیر دوم جماعت احمدیہ برکینافاسو کی زیرصدارت مسجد بیت المہدی میں افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ کے بعد مکرم کونے داؤدا صاحب نیشنل جنرل سیکرٹری نے شاملین کو خوش آمدید کہا۔ پھر صدر مجلس نے تقریرکی اور دعا کروائی۔

تین روزہ ریفریشر کورس میں درج ذیل موضوعات پر لیکچرز ہوئے۔ ہر لیکچر کے بعد شاملین کو سوالات کرنے کا موقع دیا گیا۔

خصوصی نشست:مکرم میاں قمر احمد صاحب امیر و مبلغ انچارج برکینا فاسو کے ساتھ تمام شاملین ریفریشر کورس کی ایک خصوصی نشست منعقد ہوئی جس میں مبلغین نے اپنے بعض مسائل پیش کيے اور کام میں بہتری لانے کے ليے تجاویز دیں۔
برکینا فاسو میں مذہبی آزادی کا قانون: معاشرے میں امن و آشتی برقرار رکھنے اورمذہبی جذبات کی توقیر کرنے کے حوالے سےبرکینافاسو میں نیا آرڈیننس پاس ہوا ہے۔ نئے قانون کے تحت تمام مذہبی تنظیموں کے قواعد و ضوابط اور معاملات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ پہلے ہی ملکی قوانین کی پاسداری کرتی اور دوسروں کے جذبات کا خیال رکھتی ہے۔ تاہم نئے قانون کو سمجھنے اور اس کی تفصیلات جاننے کے ليے متعلقہ محکمہ کی ایک اہم عہدیدار مشن ہاؤس تشریف لائیں اور ریفریشر کورس کے شاملین کے ساتھ ایک نشست کی۔ یہ مجلس بہت مفید رہی۔ مبلغین نے نئے قانون کے حوالے سے سوالات کيے تاکہ کسی بھی طرح ملکی قانون کی خلاف ورزی نہ ہو۔

کوائف رجسٹریشن:نئے ملکی قانون کے تحت تمام مبلغین کا مکمل اندراج ضروری ہے۔ چنانچہ مبلغین اور ان کی فیملیز کےتفصیلی کوائف کا اندراج کرنے کے ليے ایک کمیٹی بنائی گئی۔ کمیٹی میں مکرم حافظ محمد بلال طارق صاحب، مکرم ودود احمد صاحب، مکرم آفاق احمد صاحب، مکرم مرزاایقان صاحب اور مکرم منفرد صاحب شامل تھے۔ تین روزہ ریفریشر کورس کے دوران اس کمیٹی نے مبلغین کی انفرادی تصاویر کے ساتھ ساتھ تمام کوائف کا اندراج مکمل کیا۔
اختتامی تقریب:مورخہ۲۴؍اگست ۲۰۲۶ء کو رات سوا آٹھ بجے مسجد بیت المہدی، واگادوگو میں ریفریشر کورس کی اختتامی تقریب مکرم امیر صاحب برکینا فاسو کی زیر صدارت منعقد ہوئی۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ کے بعدمکرم ناصر اقبال صاحب مبلغ سلسلہ نے ریفریشر کورس کی رپورٹ پیش کی۔ پھر بعض مبلغین کو حوصلہ افزائی کے طور پر تحائف دیے گئے۔ اسی طرح تین مبلغین کو قرعہ اندازی کے ذریعہ لیپ ٹاپ دیے گئے۔ آخر پر امیر صاحب نے تقریر کی اور دعا کروائی۔ اس کے بعد اجتماعی تصاویر ہوئیں۔
اس ریفریشر کورس میں مجموعی حاضری ۱۰۴؍رہی۔ اللہ تعالیٰ اس ریفریشر کورس کے عمدہ نتائج ظاہر فرمائے اور جماعت احمدیہ برکینا فاسو ترقیات کی منازل طے کرتی چلی جائے۔ آمین
(رپورٹ:چودھری نعیم احمد باجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: ٹورانٹو ویسٹ ریجن کی نئی مسجد کے احاطہ میں ’کینیڈا ڈے‘ کی تقریب



