مجلس انصاراللہ ناروے کے زیر انتظام ’اعضاء کا عطیہ‘ کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصار اللہ ناروے کو ۲۱؍اگست ۲۰۲۶ء کو ’اعضاء کا عطیہ‘ کے موضوع پر ایک کامیاب سیمینار منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ یہ سیمینار ناروے میں اوسلو سے تقریباً ۲۰۰؍کلومیٹر دور والدرس (Valdres)کے علاقے روعن(Røn) میں واقع ایک ہال میں بعداز مغرب زیرصدارت مکرم ڈاکٹر احمد رضوان صادق صاحب صدر مجلس انصاراللہ ناروے ہوا۔ اس سیمینار کے ليے اعضاء عطیہ کرنے کے حوالے سے ماہرین کو دعوت دی گئی تھی۔

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ پہلے لیکچر میں مکرم شکیل ملک صاحب، رکن ناروے کی اعضاء عطیہ کرنے والی تنظیم، نے اعضاء عطیہ کرنے کی اہمیت اور اس حوالے سے پائے جانے والے خدشات پر روشنی ڈالی۔ دوسرے لیکچر میں چسٹ سپیشلسٹ مکرم ڈاکٹر سید ندیم حسین صاحب نے اعضاء کی پیوندکاری کے طبی پہلوؤں اور اعداد و شمار سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اعضاء عطیہ کرنے کی کوئی عمر کی حد نہیں اور ایک ۹۳؍سالہ شخص بھی اعضاء عطیہ کر چکا ہے۔ اس موقع پر ایک معلوماتی ویڈیو بھی دکھائی گئی۔

آخر میں مکرم مصور احمد صاحب مبلغ سلسلہ نے اعضاء عطیہ کرنے کے اسلامی پہلو بیان کرتے ہوئے انصار کو بطور ’ڈونر‘ رجسٹر ہونے کی تحریک کی۔ دو گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے اس سیمینار میں سوال و جواب کا اجلاس بھی ہوا جس میں انصار نے بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔ آخر پر مربی صاحب نے دعا کروائی۔ اس سیمینار کی کُل حاضری ۵۵؍رہی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
(رپورٹ : عامر حسین۔ قائد اشاعت مجلس انصار اللہ ناروے)



