سپورٹس بلیٹن
کرکٹ :دسواں ویمنز ایشیا کپ،بھارت نے سری لنکا کو ہراکرآٹھویں بارٹائیٹل اپنے نام کرلیا۔دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت نے دفاعی چیمپئن کے خلاف ۷۲؍رنزکے واضح فرق سے کامیابی حاصل کی۔فاتح ٹیم نے مقررہ ۲۰؍اوورزمیں ۱۸۳؍رنزبنائے، شفالی ورما(Shafali Verma) کی۳۹؍گیندوں پر۶۸؍رنز کی اننگز نے اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کرداراداکیا۔انہوں نے ساتھی اوپنر سمرتی مندھانا(Smriti Mandhana)کے ساتھ پہلی وکٹ کی شراکت میں ۱۲۹؍رنزبنائے۔ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم ۱۱۱؍رنز بناسکی۔Shree Charaniنے چارجبکہ Deepti Sharmaنے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔شفالی ورما ، فائنل میچ کے ساتھ ساتھ ٹورنامنٹ کی بہترین کھلاڑی بھی قرارپائیں۔
قبل ازیں سیمی فائنل مقابلوں میں پاکستان ٹیم کو سری لنکا کے ہاتھوں چار وکٹوں سے شکست کاسامنا کرنا پڑا، جبکہ بھارت نے بنگلہ دیش کو۴۰؍رنزسے ہرایا۔
ایشیا کپ فائنل کےبعد بھارتی ٹیم نے چیئرمین ایشین کرکٹ کونسل محسن نقوی جوکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اور وفاقی وزیر داخلہ بھی ہیں، کے ہاتھ سے ٹرافی وصول کرنے سے انکارکردیا۔گذشتہ سال مینز ایشیا کپ جیتنے کے بعدبھی انڈین ٹیم نے محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہیں کی تھی اور تاحال وہ ٹرافی ایشین کرکٹ کونسل کے آفس میں پڑی ہے۔
پاکستان بمقابلہ انگلینڈ: انگلینڈ نےتین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں پاکستان کوتین صفر سے شکست دے دی۔ برمنگھم میں کھیلے گئے آخری ٹیسٹ میں انگلش ٹیم نےآٹھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔پاکستان نے اپنی پہلی اننگزمیں ۱۳۳؍رنزبنائے جس کے جواب میں انگلینڈنے ۴۵۳؍رنزاسکورکیے۔دوسری باری میں پاکستانی ٹیم ۴۴۹؍رنزبنانے میں کامیاب ہوئی۔اپنا پہلا انٹرنیشنل میچ کھیلنے والے فاسٹ باؤلر رضاء للہ نے نہ صرف پہلی اننگز میں چاروکٹیں اڑائیں بلکہ ۸۱؍رنزکی جارحانہ اننگز بھی کھیلی جس میں ریکارڈ ۹؍چھکے بھی شامل تھے۔کھیل کے چوتھے روز۱۳۰؍رنز کا ہدف انگلینڈ نے ۲وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔انگلش باؤلر اولی رابنسن ۲۱؍وکٹوں کے ساتھ سیریز کے نمایاں ترین بولر رہے۔
ٹینس:سیزن کے آخری گرینڈ سلیم یوایس اوپن کے مینزسنگلز فائنل میں جرمنی کے Alexander Zverevامریکہ کے Ben Sheltonکو شکست دے کر چیمپئن بن گئے۔۱۹۸۹ء کے بعدیہ پہلا موقع ہے کہ کسی جرمن کھلاڑی نے یوایس اوپن میں مینز سنگلزکا ٹائیٹل جیتا ہو۔ خواتین کے فائنل میں قازقستان کی ایلینا ریباکینا (Elena Rybakina) نے دو بار کی دفاعی چیمپئن اورعالمی نمبرایک آرینا سبالینکا (Aryna Sabalenka)کو سخت مقابلے میں شکست دے کر اپنا تیسرا گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتا۔اس فتح کے ساتھRybakina خواتین کی عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن پر آنے والی پہلی قازق کھلاڑی بھی بن گئیں۔
(ن م طاہر)




