شعبہ اشاعت کا بک سٹال اور نمائش شعبہ تاریخِ احمدیت جرمنی۔ جلسہ سالانہ جرمنی ۲۰۲۶ء
جلسہ گاہ کے مرکزی داخلہ اور مردانہ پنڈال کے درمیان ایک شاہراہ ایسی بھی ہے جس کے دونوں اطراف میں اہم دفاتر، سٹالز، نمائش کے دیدہ زیب مناظر شرکاء جلسہ کی توجہ کا مرکز بنتے ہیں۔ ان میں شعبہ اشاعت کا چار سو مربع فٹ پر مشتمل بک سٹال بھی ہے۔ جہاں ۷۶؍بڑی میزوں پر مختلف زبانوں میں سلسلہ احمدیہ کی طرف سے شائع کردہ لٹریچر فروخت کے لیے رکھا گیا ہے۔ ان میں پہلی بار حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی تفسیر قرآن کی دو جلدیں پہلی اور آٹھویں، ملفوظات جلد ایک اور جلد ۱۰؍کا جرمن ترجمہ شائع کیا گیا ہے۔ مجلس خدام الاحمدیہ کی طرف سے پانچ کتب جرمن زبان میں شائع کی گئی ہیں۔
مکرم صداقت احمد صاحب سیکرٹری اشاعت و انچارج شعبہ تصنیف نے بتایا کہ مردانہ اور زنانہ جلسہ گاہ پر لگائے جانے والے بک سٹالز کی تیاری بہت عرصہ پہلے شروع کر دی جاتی ہے۔ امسال بھی ۱۸؍ٹن لٹریچر دونوں سٹالز پر موجود ہے۔ دوستوں کو ایک عرصہ سے تحریک کی جا رہی ہے کہ سلسلہ کا جو لٹریچر جرمن میں موجود ہے اور بکثرت موجود ہے اس کو بچے بچیوں کو شادیوں پر بطور تحفہ دینے کو رواج دیں۔ اس کے علاوہ بعض رعایتی سکیمیں بھی شروع کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ بھی بعض احباب کی طرف سے تربیتی امور کو ذہن میں رکھ کر لٹریچر شائع کیا گیا ہے۔ حضرت مولوی یعقوب علی عرفانی صاحبؓ کی کتاب ’’حیات احمد‘‘، حضرت مولوی نعمت اللہ کی سیرت وسوانح، روایات اصحاب احمد جلد اول، نور کی مشکیں، سید الشہداء، یہ سب کتابیں پڑھنے سے تعلق رکھتی ہیں۔
بک سٹال کے ایک کونے میں بزرگ داعی الی اللہ مکرم قریشی محمد حنیف سائیکل سیاح مرحوم کی وہ سائیکل، چھتری اورتاریخی پوسٹر بھی رکھے گئے تھے جو ۵۵؍ہزار میل کے سائیکل سفر کے دوران آپ کے ہمسفر رہے۔ حال ہی میں آپ کی سوانح ’’موج احمدیت‘‘ کے نام سے شائع ہوئی ہے اورجرمنی کے جلسہ پر فروخت کے لیے موجود ہے۔
نمائش شعبہ تاریخ احمدیت
جلسہ سالانہ جرمنی میں جن نمائشوں کا اہتمام کیا گیا ہے ان میں ایک اہم نمائش شعبہ تاریخ احمدیت جرمنی کی طرف سے پچاس سالہ جلسہ سالانہ کا تصویری اور تحریری تعارف بھی شامل ہے۔ اس کو دو طریقوں پر محفوظ بنایا گیا ہے۔ ایک تو ہر سال کے کوائف پر مشتمل پوسٹرز مع تصاویر نمائش کا حصہ ہیں۔ دوسرے ہر سال کے سٹیج اوراس کی بیک گراؤنڈ میں لگائے گئے بڑے بینر کی تصویر ہے۔ دیکھنے والے کو دونوں طریق سے جلسہ کی یادیں آ گھیرتی ہیں۔ اس کے علاوہ شعبہ وائز تصاویر کی نمائش، افسران جلسہ سالانہ کا تعارف، بعض مقررین کی سال بہ سال تصاویر، غرض ہر اعتبار سے یہ نمائش انتہائی دلچسپی سے دیکھی جا رہی ہے اور لوگ تاریخ کا انمول تحفہ قرار دے رہے ہیں۔
اس موقع پر اخبار احمدیہ جرمنی نے اپنا خاص نمبر بھی شائع کیا ہے۔ جس میں اس حوالے سے حضرت امیرالمومنین ایدہ اللہ کا خصوصی پیغام بھی شامل ہے۔ پچاس جلسہ ہائے سالانہ کی بالتصویر تفصیل، جلسہ سالانہ پر کام کرنے والے کارکنان کو خراج عقیدت، جلسہ سالانہ جرمنی سے لوگوں کی وابستہ یادوں پر مضامین اس خصوصی نمبر میں شامل ہیں۔
(رپورٹ:عرفان احمد خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: مجلس انصاراللہ جرمنی کا ۴۵واں سالانہ نیشنل اجتماع ۲۰۲۶ء




