حالاتِ حاضرہ

سپورٹس بلیٹن

ایشین گیمز:بیسویں ایشیائی کھیلیں ۱۹؍ستمبر سے۴؍اکتوبر۲۰۲۶ء تک جاپان کے شہرAichi–Nagoyaمیں منعقدہورہی ہیں۔ جن میں ۴۵؍ممالک کےگیارہ ہزارکے قریب کھلاڑی۴۳؍کھیلوں میں مجموعی طورپر۲۶۹؍میڈلزکے لیےمیدان میں اتریں گے۔ابھی تک ہونے والے مقابلوں میں چینی ایتھلیٹس سب سے زیادہ میڈلزحاصل کرچکے ہیں ۔ویمنزکرکٹ ایونٹ کا فائنل بھارت اورسری لنکا کے مابین کھیلا گیا جس میں بھارتی ٹیم نے ۱۴۷؍رنزسے فتح حاصل کرکے گولڈ میڈل حاصل کیا۔بھارت نے مقررہ ۲۰؍اوورزمیں تین وکٹوں کے نقصان پر۲۱۶؍رنزبنائے جس کے جواب میں سری لنکن ٹیم محض۶۹؍کے سکورپرڈھیر ہوگئی۔برونزمیڈیل میچ میں پاکستان ویمنز ٹیم نے بنگلہ دیش کو شکست دی۔پہلے بلےبازی کرتے ہوئے پاکستان نے۲۰؍اوورز میں۱۴۵؍رنزبنائے، کپتان فاطمہ ثناء ۴۵؍رنزبناکرنمایاں رہیں۔جواب میں بنگلہ دیشی ٹیم ۱۱۴؍رنزبناسکی۔ پاکستان کی طرف سے امّ ہانی نے دس رنزکے عوض تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

کرکٹ :انگلینڈ بمقابلہ سری لنکا: انگلینڈ نے سری لنکا کے خلاف ٹی20؍سیریز تین۔صفر سے جیت لی۔ ساؤتھ ہیمپٹن میں کھیلے گئے پہلے میچ میں کپتان ہیری بروک کی ناقابلِ شکست ۱۱۴؍رنز کی اننگز کی بدولت انگلینڈ نے ۱۱۹؍رنز سے فتح حاصل کی۔کارڈف میں ہونے والے دوسرے مقابلہ میں انگلش ٹیم چھ وکٹوں سے فتحیاب ہوئی۔ تیسرے میچ میں جوز بٹلر کی محض ۳۲؍گیندوں پر ناقابلِ شکست ۶۲؍رنز کی طوفانی اننگز نے میزبان ٹیم کو آٹھ وکٹوں سے جیت دلائی۔ نوجوان فاسٹ بولر سونی بیکر نے سیریز میں شاندار کارکردگی دکھائی۔ہیری بروک ۱۷۰؍رنز کے ساتھ سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ اس فتح کے ساتھ انگلینڈ نے آئی سی سی ٹی20 رینکنگ میں نمبر ایک پوزیشن دوبارہ حاصل کرلی ہے۔

زمبابوے بمقابلہ آسٹریلیا: آسٹریلیا نے زمبابوے کے خلاف تین ون ڈے میچوں کی سیریز تین۔صفر سے جیت لی۔ تاہم تیسرا میچ انتہائی سنسنی خیز رہا۔ ۲۷۲؍رنز کے ہدف کا تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم سخت مشکلات کا شکارہی اور آخری اوور میں ۹؍وکٹوں کے نقصان پر میچ جیتنے میں کامیاب ہوئی۔

کیریبیئن پریمیئر لیگ:اینٹیگا اینڈ باربوڈا فالکنز نے جمیکا کنگزمین کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر پہلی بار سی پی ایل کا ٹائٹل جیت لیا۔ پاکستانی کھلاڑی سفیان مقیم اور شاداب خان نے فالکنز کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔سفیان مقیم نے فائنل میں چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاداب خان ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرارپائے۔

فٹبال: انگلش پریمیئر لیگ میں گذشتہ ہفتہ کے میچوں میں دفاعی چیمپئن آرسنل کو برائٹن کے ہاتھوں تین۔صفر کی غیرمتوقع شکست کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ مانچسٹر سٹی نے سنڈرلینڈ کے خلاف پانچ،تین کےمقابلے میں کامیابی حاصل کی۔ لیورپول نے برن متھ کو ایک۔صفر سے شکست دی۔ اس وقت مانچسٹرسٹی بغیرمیچ ہارے ۱۵؍پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔

فارمولا ون کارریسنگ: گذشتہ ہفتہ ہونے والی سپینش گراں پری میرسیڈیز کے کیمی انتونیلی نے جیت لی ۔یوں انتونیلی رواں سیزن میں ڈرائیورز چیمپئن شپ میں ۸۱؍پوائنٹس کی واضح برتری کے ساتھ سرفہرست ہیں۔ریڈبل کے Max Verstappenنے دوسری جبکہ میکلیرن کے Lando Norrisنے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ فراری کے لیوس ہیملٹن بریک فیل ہونے کے باعث ریس مکمل نہ کرسکے۔اگلی ریس باکو، آذربائیجان میں۲۶؍ستمبر کو ہوگی۔ (ن م طاہر)

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button