یورپ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ چیک ریپبلک کا پہلا جلسہ سالانہ ۲۰۲۵ء

٭… جماعت احمدیہ چیک ریپبلک کے پہلے تاریخی جلسہ سالانہ کے موقع پر حضور انور کا احباب جماعت کے نام خصوصی پیغام

٭… ’’قَدۡ اَفۡلَحَ مَنۡ تَزَکّٰی‘‘ کے مرکزی موضوع پر منعقدہ جلسہ سالانہ میں ۹؍ممالک سے ۱۶۹؍احباب کی شمولیت

محض اللہ تعالیٰ کے فضل و توفیق سے جماعت احمدیہ چیک ریپبلک کو اپنا پہلا جلسہ سالانہ ’’قَدۡ اَفۡلَحَ مَنۡ تَزَکّٰی‘‘ یعنی جو پاک بنے گا، وہ یقیناً کامیاب ہوگاکے مرکزی موضوع پر مورخہ ۲۷و۲۸؍دسمبر ۲۰۲۵ء کو Kyje Cultural Center میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک۔ حضور انور نے ازراہ شفقت مکرم محمد الیاس منیر صاحب مبلغ سلسلہ و انچارج شعبہ تاریخ جماعت احمدیہ جرمنی کو بطور مرکزی نمائندہ مقرر فرمایا اور جلسہ سالانہ قادیان کے موقع پر حضور انور کے اختتامی خطاب کے دوران چیک ریپبلک کے جلسہ سالانہ کے مناظر ایم ٹی اے پر نشر کرنے کی اجازت بھی عطا فرمائی۔

جلسہ سالانہ کے تمام انتظامات مکرم کاشف جنجوعہ صاحب مبلغ سلسلہ و نیشنل صدر جماعت احمدیہ چیک ریپبلک کی نگرانی میں مکمل ہوئے۔ جلسہ سالانہ کے لیے درج ذیل افسران کی حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے تقرری منظور فرمائی: افسر جلسہ سالانہ مکرم مبارز احمد امینی صاحب، افسر جلسہ گاہ مکرم محمد طیب حنیف صاحب، افسر جلسہ خدمت خلق مکرم محمد ایثار صاحب اور افسر جلسہ مستورات مکرمہ حانیہ وحید جنجوعہ صاحبہ۔

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اجازت سے جماعت احمدیہ جرمنی کے شعبہ سمعی و بصری نے جلسہ سالانہ چیک ریپبلک کے موقع پر خصوصی انتظامات کیے۔ ڈیجیٹل سکرین، ساؤنڈ سسٹم، ویڈیو گرافی، فوٹوگرافی، یوٹیوب پر براہ راست نشریات اور اردو، انگریزی اور چیک زبانوں میں رواں ترجمہ کا انتظام کیا گیا۔ ترجمہ کے لیے مخصوص ریڈیو فریکونسی کرایہ پر حاصل کی گئی تاکہ شاملین اپنے آلات کے ذریعے مختلف زبانوں میں جلسے کی کارروائی سن سکیں۔

جماعت احمدیہ جرمنی کی ایم ٹی اے ٹیم نے دوسرے روز کی کارروائی کو براہ راست نشر کرنے کا انتظام کیا تاکہ شاملین حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ کو براہ راست دیکھ اور سن سکیں اور حضور انور بھی شاملینِ جلسہ کو دیکھ سکیں۔ جلسے کی کارروائی کی ایم ٹی اے نیوز کے لیے ویڈیو بھی تیار کی گئی۔

۲۵؍دسمبر ۲۰۲۵ء بروز جمعرات سے مہمانوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا۔ ان کی رہائش کے لیے جلسہ گاہ کے قریب ہوٹل کا انتظام کیا گیا تھا۔

پہلا روز:مورخہ ۲۷؍دسمبر کو جلسہ کے پہلے روز کا آغاز نماز تہجد کے ساتھ ہوا۔ نماز فجر کے بعد درس ہوا اور پھر ناشتہ پیش کیا گیا۔

صبح ساڑھے دس بجے تقریب پرچم کشائی سے جلسہ کا آغاز ہوا۔ مرکزی نمائندہ نے لوائے احمدیت جبکہ نیشنل صدر صاحب جماعت احمدیہ چیک ریپبلک نے قومی پرچم بلند کیا۔ یہ موقع اس لحاظ سے بھی تاریخی تھا کہ پہلی مرتبہ اس ملک میں لوائے احمدیت لہرایا گیا۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک

افتتاحی اجلاس مرکزی نمائندہ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ مکرم جبریل احمد صاحب صدر مجلس انصاراللہ چیک ریپبلک نے تلاوت قرآن کریم پیش کی۔ خاکسار نے اردو ترجمہ، مکرم عطا عبدالرؤوف صاحب نے چیک زبان میں اور مکرم عمران الحق صاحب نے انگریزی زبان میں ترجمہ پیش کیا۔ بعد ازاں صدر مجلس نے جلسہ سالانہ کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا ارسال کردہ خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا۔ اس پیغام کا انگریزی ترجمہ مکرم مبارز احمد امینی صاحب نے پیش کیا جس کے بعد دعا ہوئی۔ مکرم روحان احمد صاحب نے حضرت مسیح موعودؑ کے منظوم کلام ’’محمود کی آمین‘‘ سے چند منتخب اشعار پیش کیے۔ مکرم نیشنل صدر صاحب نے ’’نظام جماعت کی برکات‘‘ کے موضوع پر اور مکرم محمد ایثار صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ چیک ریپبلک نے ’’اسلام کی روشنی میں علمِ اعصاب، جینیات اور اپنی اصلاح کا سفر‘‘ کے موضوع پر تقاریر کیں۔ پھر جلسہ سالانہ کے موقع پر ۲۰۱۹ء سے ۲۰۲۵ء کے دوران نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے ۱۹؍طلبہ و طالبات میں اعزازی اسناد، قلم اور خصوصی بیجز تقسیم کیے گئے۔ ان اسناد کی خصوصیت یہ تھی کہ ان پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے دستخط ثبت فرمائے تھے اور اپنے دست مبارک سے قلم عنایت فرمائے تھے۔

پہلے اجلاس کی آخری تقریر مکرم عبدالباسط طارق صاحب مبلغ سلسلہ جرمنی نے ’’ہم آہنگ اور خوشگوار عائلی زندگی کے سنہری اصول‘‘ کے موضوع پر کی۔ اس طرح پہلے روز کا پہلا اجلاس اختتام پذیر ہوا۔ بعد ازاں نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں اور شاملین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

پہلے روز کے دوسرے اجلاس کا آغاز سہ پہر چار بجے مکرم نیشنل صدر صاحب کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا جو مکرم فاتح عزیز صاحب متعلم جامعہ احمدیہ جرمنی نے پیش کیا۔ متلوّ آیات کا چیک ترجمہ مکرم ہاشم عبدالرؤوف صاحب نے اور انگریزی ترجمہ مکرم ماہر تاثیر صاحب متعلم جامعہ احمدیہ جرمنی نے پیش کیا۔ حضرت مسیح موعودؑ کے کلام میں سے نظم ’’مناجات اور تبلیغ حق‘‘ کے چند اشعار ’’اے خدا اے کارساز و عیب پوش و کردگار‘‘ مکرم مرتضیٰ منان صاحب مبلغ سلسلہ نے پیش کیے۔ اس کے بعد ان موضوعات پر تقاریر ہوئیں: ’’دلائل ہستی باری تعالیٰ سے تزکیۂ نفس کا سبق‘‘ از مکرم محمد طیب حنیف صاحب نیشنل جنرل سیکرٹری جماعت احمدیہ چیک ریپبلک اور ’’معاشرے کی اصلاح میں آنحضورﷺ کا عملی نمونہ‘‘ از مکرم جبریل احمد صاحب صدر مجلس انصاراللہ چیک ریپبلک۔

جماعت احمدیہ چیک ریپبلک کی تاریخ پر ایک دستاویزی ویڈیو دکھائی گئی جس کا حاضرین پر گہرا اثر ہوا۔ ویڈیو میں چیک ریپبلک میں حضرت مسیح موعودؑ کے مشن کے آغاز کے واقعات اور اللہ تعالیٰ کے فضلوں کا ذکر کیا گیا۔

اجلاس کی اختتامی تقریر مرکزی نمائندہ نے حضرت مسیح موعودؑ کے شعر ’’صدق سے میری طرف آؤ اسی میں خیر ہے، ہیں درندے ہر طرف میں عافیت کا ہوں حصار‘‘ کے موضوع پر کی۔ دعا کے ساتھ جلسہ کے پہلے روز کی کارروائی اختتام پذیر ہوئی۔ بعد ازاں مختلف گروپ تصاویر بنائی گئیں اور نماز مغرب و عشاء کے بعد شاملین کی کھانے سے تواضع کی گئی۔

دوسرا دن:دوسرے دن کا آغاز بھی نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد درس کا اہتمام تھا۔ بعد ازاں ناشتہ پیش کیا گیا۔

جلسے کی کارروائی کا آغاز صبح ۱۱؍بجے ہوا۔ شاملین بڑی ڈیجیٹل سکرین پر جلسہ سالانہ قادیان کے اختتامی اجلاس کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کو براہ راست دیکھ سکتے تھے جبکہ حضور انور بھی ویڈیو لنک کے ذریعہ چیک ریپبلک کے شاملین کو دیکھ رہے تھے۔ ہمارے لیے یہ بھی ایک خوش نصیبی تھی کہ حضور انور نے اپنے خطاب کے بعد جلسہ سالانہ چیک ریپبلک کا ذکر خیر فرمایا اور شاملین کی حاضری کا اعلان بھی کیا۔

اس کے بعد نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں اور شاملین کی ظہرانے سے تواضع کی گئی۔

جماعت احمدیہ چیک ریپبلک کے مرد و زن کی کُل تجنید ۵۴؍ہے۔ جبکہ اس پہلے جلسہ سالانہ میں ۹؍ممالک سے ۱۶۹؍احباب نے شرکت کی۔ چونکہ جلسہ کی کارروائی آن لائن بھی براہ راست نشر ہو رہی تھی، اس لیے مجموعی طور پر ۱۷؍ممالک سے ایک لاکھ ۱۸؍ہزار۷۶۴؍افراد نے اس سے استفادہ کیا۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک

(رپورٹ: میر ندیم الرشید۔ ناظم رپورٹنگ)

٭…٭…٭

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا جلسہ سالانہ چیک ریپبلک ۲۰۲۵ء کے موقع پر بصیرت افروز پیغام

پیارے احبابِ جماعت چیک ریپبلک!

السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ

الحمد للہ کہ جماعت چیک ریپبلک کو اپنا پہلا جلسہ سالانہ مؤرخہ 27؍دسمبر 2025ء کو منعقد کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ کے اس جلسہ کو ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے۔ آمین

حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں۔ ’’اس جلسہ سے مدعا اور اصل مطلب یہ تھا کہ ہماری جماعت کے لوگ… ایک ایسی تبدیلی اپنے اندر حاصل کرلیں کہ ان کے دل آخرت کی طرف بکلی جھک جائیں اور ان کے اندر خدا تعالیٰ کا خوف پیدا ہو اور وہ زہد اور تقویٰ اور خدا ترسی اور پرہیزگاری اور نرم دلی اور باہم محبت اور مواخات میں دوسروں کے لئے ایک نمونہ بن جائیں۔‘‘(روحانی خزائن جلد ۶۔صفحہ ۳۹۴)

پس آپ میں سے وہ سب جو دنیوی کاموں اور کاروباروں کو چھوڑ کر جلسہ میں شامل ہونے کے لئے جمع ہوئے ہیں تو اس مقصد کو سامنے رکھیں کہ ہم نے اس جلسہ کے ذریعہ اپنے اندر کس طرح تبدیلی پیدا کرنی ہے۔

حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے جلسہ کے قیام کا ایک مقصد یہ بیان فرمایا ہے کہ ایسی جماعت تیار ہو جو خدا تعالیٰ کی معرفت میں ترقی کرنے والی ہو۔ خدا تعالیٰ کا خوف اُن میں پیدا ہو۔ زُہد اور تقویٰ اُن میں پیدا ہو۔ خدا ترسی کی عادت اُن میں پیدا ہو۔ آپس کا محبت اور پیار اُن میں پیدا ہو۔ وہ نرم دلی اور باہم محبت کا اعلیٰ معیار حاصل کرنے والے ہوں۔ بھائی چارے کی مثال بن کر رُحَمَآءُ بَیْنَھُمْ کا نمونہ بن جائیں۔ انکسار، عاجزی اُن کا شیوہ ہو… اسلام کا پیغام دنیا کے کونے کونے میں پہنچانے کے لئے اُن کے دل میں ایک تڑپ ہو جس کے لئے جان، مال، وقت اور عزت کی قربانی کے لئے ہر وقت تیار ہوں۔

(ماخوذ از شہادۃ القرآن، روحانی خزائن جلد 6صفحہ 394)

پس یہ مقاصد ہیں ان جلسوں کے اور جماعت کے قیام کے کہ آپس میں متحد ہوکر بھائی چارے کی ایک ایسی مثال بنیں کہ رُحَمَآءُ بَیْنَھُمْ کا نمونہ بن جائیں۔ نرم دلی اور باہم محبت اور مواخات میں دوسروں کے لئے ایک نمونہ بن جائیں۔ آپس کے محبت، پیار اور بھائی چارےکے نمونے جہاں اللہ تعالیٰ کے پیار کو جذب کرتے ہوئے، تقویٰ کے معیار کو اونچا کرنے والے ہوں گے، وہاں غیروں کے لئے بھی اسلام کی خوبصورت تعلیم کی طرف توجہ دلانے والے ہوں گے۔ اور یوں تبلیغ کے مزید میدان کھلیں گے۔

ہمیں ہر قسم کے بغضوں اور کینوں سے اپنے آپ کو نکالنا ہوگا۔ اپنے دلوں کو آئینے کی طرح صاف کرنا ہوگا اور اللہ تعالیٰ کے حقوق کی ادائیگی کے لئے ہر قسم کے شرکوں سے اپنے آپ کو پاک کرنا ہوگا۔ دنیا کا خوف یا دنیاداروں کا خوف، یا دنیاداری کی طرف رجحان، جس سے انسان خدا تعالیٰ کو بھول جاتا ہے، جس سے اُس کی عبادت کے معیار میں کمی آتی ہے، ان سب سے بچو گے تو تبھی بیعت کے حقدار کہلاؤ گے۔ اور یہ بجز تقویٰ کے ممکن نہیں۔

اللہ تعالیٰ آپ سب کو ان باتوں پر کما حقہ عمل کرنے کی توفیق دے اور آپ سب کو حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی ان تمام دعاؤں کا وارث بنائے جو آپ علیہ السلام نے جلسہ سالانہ میں شامل ہونے والوں کیلئے کی ہیں۔ آمین

مزید پڑھیں: سالانہ اجتماع مجلس انصار اللہ برطانیہ ۲۰۲۶ء

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button