یورپ (رپورٹس)

مجلس انصار اللہ سکاٹ لینڈ کے زیر اہتمام ’بیکن آف پیس‘ چیریٹی واک ۲۰۲۶ء کا کامیاب انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصار اللہ سکاٹ لینڈ کے زیر اہتمام سالانہ ’’بیکن آف پیس‘‘ چیریٹی واک مورخہ ۶؍ستمبر ۲۰۲۶ء بروز اتوار گلاسگو کے Kelvingrove Park میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر انصار، خدام، ممبرات لجنہ اماءاللہ اور ناصرات پر مشتمل تقریباً ۱۲۰؍افراد کے علاوہ سکاٹ لینڈ بھر سے ۲۰؍غیر از جماعت معزز مہمانوں نے شرکت کی۔ اس پروگرام کا مقصد باہمی اتحاد، شہری ذمہ داری اور انسانیت کی خدمت کے جذبہ کو فروغ دینا تھا۔

اس پروگرام کی تیاری اور انتظام کے لیے کئی ماہ قبل ایک ریجنل کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس نے متعدد منصوبہ بندی اجلاسوں کے ذریعے تمام انتظامات کو احسن رنگ میں مکمل کیا۔

تقریب کا آغاز صبح ساڑھے دس بجے دعا سے ہوا۔ افتتاحی کلمات مکرم Ahmad Owusu-Konadu صاحب چیئرمین بیکن آف پیس سکاٹ لینڈ نے پیش کیے جس کے بعد مکرم ڈاکٹر عبد الحئی صاحب ریجنل امیر سکاٹ لینڈ نے استقبالیہ تقریر کی۔ اس موقع پر Susan Murray ممبر آف پارلیمنٹ برائے Cumbernauld and Kirkintillochکا نیک تمناؤں پر مشتمل پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔ بعد ازاں Chief Inspector Karen Cameron لوکل ایریا کمانڈر پولیس سکاٹ لینڈ نے اظہار خیال کیا اور باقاعدہ طور پر واک کا آغاز کروایا۔

Kelvingrove Park میں واک کے اختتام پر شرکاء اور مہمان مسجد بیت الرحمٰن پہنچے جہاں اختتامی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ اس کے بعد مختلف فلاحی اداروں کے نمائندگان اور کمیونٹی راہنماؤں نے ’بیکن آف پیس‘ کے تحت خدمت خلق کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اپنے تاثرات پیش کیے۔ اجلاس کے بعد حاضرین کی کھانے سے تواضع کی گئی۔

بیکن آف پیس ۲۰۲۶ء کے تحت جمع ہونے والے عطیات فروری ۲۰۲۷ء میں منعقد ہونے والی ایک خصوصی تقریب میں مستحق فلاحی اداروں میں تقسیم کیے جائیں گے۔ ان اداروں میں Masroor Eye Institute, Help for Kids, Glasgow Children‘s Hospital Charity, CHAS, Macmillan Cancer Support, Humanity First UK, Ibrox Primary School, Maryhill Integration Network, BJO Amara Association اور Crossbasket House Charity شامل ہیں۔

سال ۲۰۲۶ء کے لیے سکاٹ لینڈ ریجن کا فنڈ ریزنگ ہدف ۱۵؍ہزار پاؤنڈ مقرر کیا گیا ہے جس میں سے ۵؍ہزار پاؤنڈ سے زائد رقم اب تک جمع ہو چکی ہے اور یہ مہم سال کے اختتام تک جاری رہے گی۔ ان شاءاللہ

(رپورٹ: ارشد محمود خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: جماعت مسجد فضل اور جماعت مسجد ایسٹ، لندن کا مشترکہ جلسہ سیرت النبی

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button