واقفات نو اور واقفین نو کینیا کے سالانہ اجتماعات ۲۰۲۶ء کا انعقاد
واقفات نو کینیا کا سالانہ اجتماع ۲۰۲۶ء
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے کینیا میں واقفات نو اور واقفین نو کے تیسرے سالانہ اجتماعات کا انعقاد ہوا۔ مورخہ ۷؍اگست ۲۰۲۶ء بروز جمعۃ المبارک شام پانچ بجے احمدیہ مشن ہاؤس نیروبی کے احمدیہ ہال میں واقفات نو کا اجتماع مکرمہ صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ کینیا کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اس موقع پر مکرمہ ہبۃ الغالب صاحبہ اہلیہ مکرم رشید احمد نوید صاحب مبلغ سلسلہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ملک بھر سے ۱۶؍واقفات نو اپنے والدین کے ہمراہ شریک ہوئیں۔ چونکہ اگلے روز لجنہ اماء اللہ اور ناصرات کا اجتماع منعقد ہونا تھا، اس لیے اس میں شرکت کے لیے آنے والی لجنہ اور ناصرات بھی اس پروگرام میں شامل ہوئیں اور کل شاملین کی تعداد ۳۰۰؍سے زائد رہی۔ الحمدللہ

اجتماع کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم سے ہوا۔ ایک واقفۂ نو نے ’’تحریک وقف نو‘‘ کے موضوع پر انگریزی میں تقریر کی جس کا سواحیلی ترجمہ بھی پیش کیا گیا اور بعد ازاں تقریر سے متعلق سوالات کے جواب دیے گئے۔ واقفات نو نے مل کر ناصرات کا ترانہ پیش کیا۔ اس کے بعد واقفات نو کو عمر کے لحاظ سے چار گروپس میں تقسیم کر کے مقررہ نصاب کے مطابق تحریری و زبانی امتحانات لیے گئے۔ ۱۰؍سال تک کی ناصرات کا صرف زبانی جبکہ ۱۱؍سے ۲۱؍سال تک کی واقفات نو کا تحریری و زبانی امتحان لیا گیا۔
امتحانات کے بعد تقاریر کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوا۔ ناصرات نے ’’واقفات نو کی ذمہ داریاں‘‘ اور ’’انسانیت اور جماعت کی خدمت میں واقفات نو کا کردار‘‘ کے موضوعات پر سواحیلی اور انگریزی زبانوں میں تقاریر کیں اور سوالات کے جواب دیے۔ اس موقع پر نظمیں بھی پیش کی گئیں۔ آخر میں مکرمہ صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ کینیا نے اجتماع کے کامیاب انعقاد پر سیکرٹری صاحبہ اور شامل ہونے والی واقفات نو کو مبارک باد دی اور انہیں تعلیمی و تربیتی امور میں ترقی کرنے، جماعتی خدمت میں خود کو مصروف رکھنے نیز اپنے لیے اور والدین کے لیے دعاؤں کی تحریک کی۔ نیز اللہ تعالیٰ کے احکامات، آنحضرتﷺ کے اسوۂ حسنہ کی پیروی اور خلیفۂ وقت کی اطاعت کی تلقین کی۔ بعد ازاں صدر صاحبہ اور مہمان خصوصی نے تمام واقفات نو میں تحائف اور علمی مقابلہ جات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی واقفات میں انعامات تقسیم کیے۔ دعا کے ساتھ اجتماع اختتام پذیر ہوا جس کے بعد شاملین کی کھانے سے تواضع کی گئی۔
واقفین نو کینیا کا سالانہ اجتماع ۲۰۲۶ء
اسی سلسلہ میں مورخہ ۱۴؍اگست ۲۰۲۶ء بروز جمعۃ المبارک احمدیہ مشن ہاؤس نیروبی میں کینیا کے واقفین نو کا تیسرا سالانہ اجتماع منعقد ہوا جس میں ملک بھر سے ۱۲؍واقفین نو اور ان کے والدین نے شرکت کی۔ اجتماع کی کارروائی نیشنل سیکرٹری وقف نو مکرم اسماعیل کشوما صاحب کی نگرانی میں شام سات بجے احمدیہ مسجد نیروبی کے مین ہال میں شروع ہوئی۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم کے بعد واقفین نو کو عمر کے لحاظ سے چار گروپس میں تقسیم کر کے مقررہ نصاب کے مطابق علمی مقابلہ جات اور زبانی و تحریری امتحانات لیے گئے۔ ۱۰؍سال تک کے واقفین نو کا صرف زبانی جبکہ اس سے زائد عمر کے واقفین نو کا تحریری و زبانی امتحان لیا گیا۔

بعد ازاں مکرم ناصر محمود طاہر صاحب امیر و مبلغ انچارج کینیا کی زیر صدارت تربیتی اجلاس ہوا جس میں تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم کے بعد مکرم کاشف محمود صاحب واقف نو اور نیشنل سیکرٹری صاحب وقف نو نے تحریک وقف نو، اس کی برکات اور مستقبل میں جماعتی خدمات میں واقفین نو کی ذمہ داریوں کے موضوعات پر تقاریر کیں۔ آخر میں مکرم امیر صاحب نے اجتماع میں شامل ہونے والے تمام واقفین نو میں تحائف نیز علمی مقابلہ جات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے واقفین نو میں انعامات تقسیم کیے اور اپنی مختصر سی تقریر میں اعلیٰ اسلامی اخلاق اپنانے، علمی و عملی صلاحیتوں کو بڑھانے اور دین کو دنیا پر مقدم رکھنے کے عہد کو خلوص سے نبھانے کی نصیحت کی۔ دعا کے ساتھ اجتماع اختتام پذیر ہوا۔
اس اجتماع میں واقفین نو اور ان کے والدین سمیت کُل ۲۷؍افراد شامل ہوئے۔ بعد ازاں واقفین نو کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا جس میں ان کے والدین، مکرم امیر صاحب اور دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔
(رپورٹ:محمد افضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: مجلس خدام الاحمدیہ سینٹرل ویسٹ ریجن، گھانا کاکیپ کوسٹ کیسل کا مطالعاتی و تفریحی دورہ




