امریکہ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ فرنچ گیانا کا آٹھواں جلسہ سالانہ ۲۰۲۵ء

٭… جلسہ سالانہ کے بابرکت موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا احباب جماعت کے نام خصوصی پیغام

٭… نماز تہجد، پنجوقتہ نمازوں، دروس اور علمی و روحانی تقاریر کا اہتمام ٭… پچاس احباب کی شمولیت

اللہ تعالیٰ کے بے انتہا فضل و کرم سے جماعت احمدیہ فرنچ گیانا کو اپنا آٹھواں جلسہ سالانہ مورخہ ۲۶تا ۲۸؍دسمبر ۲۰۲۵ء کو منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

جلسہ سالانہ کی تیاری کئی ہفتے قبل شروع کردی گئی تھی۔ انتظامات کو احسن رنگ میں سرانجام دینے کے لیے ایک انتظامی کمیٹی تشکیل دی گئی۔ چونکہ جماعت ابھی اپنے ابتدائی مراحل میں ہے، اس لیے تیاری کے دوران مختلف شعبہ جات کی ذمہ داریوں کے حوالے سے احباب جماعت کی تربیت بھی کی گئی۔ امسال مکرم عزیزو ابوبکاری صاحب نے بطور افسر جلسہ سالانہ اور مکرم ثانی موکائی لو صاحب نے بطور افسر جلسہ گاہ خدمت کی توفیق پائی۔

آغاز اور پرچم کشائی:جلسہ سالانہ کا آغاز مورخہ ۲۶؍دسمبر بروز جمعۃ المبارک ہوا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے مشن ہاؤس میں تہجد، نماز فجر اور ناشتے کا انتظام کیا گیا۔ فرنچ گیانا کے مقامی وقت کے مطابق صبح ۱۰؍بجے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ براہ راست سنا گیا۔ اس دوران آنے والے مہمانوں کی رجسٹریشن بھی جاری رہی۔

پروگرام کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی جس دوران خاکسار (مبلغ سلسلہ و نیشنل صدر جماعت فرنچ گیانا) نے لوائے احمدیت اور مکرم Azizou Aboubakari Sani صاحب صدر خدام الاحمدیہ فرنچ گیانا نے فرانس کا قومی پرچم بلند کیا۔ اس موقع پر احباب جماعت دعا رَبَّنَا تَقَبَّلۡ مِنَّا ؕ اِنَّکَ اَنۡتَ السَّمِیۡعُ الۡعَلِیۡمُ کا ورد کرتے رہے۔ تقریب کے اختتام پر خاکسار نے دعا کروائی۔

پرچم کشائی کے بعد تمام احباب نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے مسجد میں تشریف لے گئے۔ خاکسار نے خطبہ جمعہ میں جلسہ سالانہ کی تاریخ و اہمیت بیان کی۔ بعد ازاں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا جماعت احمدیہ فرنچ گیانا کے نام بابرکت اور ایمان افروز پیغام حاضرین کو پڑھ کر سنایا گیا۔ پیغام کا انگریزی اور فرنچ زبان میں ترجمہ بھی پیش کیا گیا تاکہ احباب جماعت اور غیر احمدی مہمان یکساں طور پر اس سے استفادہ کر سکیں۔

جلسہ کی برکات اور پیغام کے مضامین کو زیادہ سے زیادہ شرکاء تک پہنچانے کے لیے ہفتہ کے پروگرام کے دوران بھی یہ پیغام انگریزی اور فرنچ زبان میں دوبارہ پڑھ کر سنایا گیا۔ نماز جمعہ کے بعد حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

مستورات کا اجلاس:دوپہر کے کھانے کے بعد مستورات کا اجلاس منعقد ہوا۔ اس میں مکرمہ فائزہ لقمان صاحبہ نے ’’تعارف جماعت احمدیہ‘‘ کے موضوع پر تقریر کی جس میں جماعت احمدیہ کے قیام، اغراض و مقاصد اور خلافت احمدیہ کی برکات کا تعارف پیش کیا گیا۔ بعد ازاں مکرمہ سارہ ملک صاحبہ نے ’’اسلام میں عورت کے حقوق‘‘ کے موضوع پر تقریر کی اور قرآن کریم و سنت نبویؐ کی روشنی میں عورت کے مقام اور حقوق کو واضح کیا۔

بعد ازاں سوال و جواب کا پروگرام ہوا جس میں حاضرین نے مختلف سوالات کیے اور ان کے جواب دیے گئے۔ نماز مغرب و عشاء جمع کر کے ادا کی گئیں اور پہلے دن کی کارروائی اختتام پذیر ہوئی۔

دوسرا دن:جلسہ سالانہ کے دوسرے دن کا آغاز نماز تہجد، نماز فجر اور درس سے ہوا۔ پروگرام کے مطابق جلسہ سالانہ کا دوسرا اجلاس صبح ساڑھے دس بجے تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور حضرت مسیح موعودؑ کے منظوم کلام سے شروع ہوا۔ اس اجلاس میں ان موضوعات پر تقاریر ہوئیں:’’جماعت احمدیہ کا تعارف‘‘، ’’حضرت مرزا غلام احمدؑ کے دعویٰ مسیح و مہدی کی حقیقت‘‘، ’’جماعت احمدیہ کے قیام کی غرض‘‘، ’’خلافت کی برکات اور اسلام کی روحانی نشانیاں‘‘۔ خاکسار نے ’’اسلام میں مہدی اور مسیح کے ظہور کی نشانیاں‘‘ کے موضوع پر اپنی تقریر میں قرآن و حدیث کی روشنی میں مہدی و مسیح کے متعلق اسلامی تعلیمات بیان کیں۔ بعد ازاں اعلانات ہوئے اور نماز ظہر و عصر کے بعد شاملین جلسہ کی خدمت میں دوپہر کا کھانا پیش کیا گیا۔

بعد از دوپہر جلسہ سالانہ کے تیسرے اجلاس میں خلافت کی برکات اور خلافت سے وفاداری جیسے موضوعات پر تقاریر ہوئیں۔ ان تقاریر کے ذریعہ بالخصوص نوجوانوں اور نئے شامل ہونے والوں میں خلافت کی اہمیت اور اس کی روحانی تاثیر کو اجاگر کیا گیا۔ اس اجلاس میں مہمانان کے لیے بھی ایک نشست رکھی گئی جس میں مختلف معزز مہمانان نے شرکت کی۔ نماز مغرب و عشاء کے بعد عشائیہ پیش کیا گیا اور دوسرے دن کی کارروائی اختتام پذیر ہوئی۔

تیسرا دن:جلسہ سالانہ کے تیسرے اور آخری دن کا آغاز نماز تہجد، فجر، تلاوت قرآن کریم اور ناشتہ سے ہوا۔ اس کے بعد فرنچ گیانا کے مقامی وقت کے مطابق تقریباً صبح سات بجے ایم ٹی اے کے ذریعہ قادیان دارالامان میں منعقد ہونے والے جلسہ سالانہ ۲۰۲۵ء میں شامل ہونے کی توفیق ملی اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا اختتامی خطاب براہ راست سننے کی سعادت حاصل ہوئی۔

اس روحانی خطاب کے بعد شکریہ، اعلانات اور دعا کے ساتھ جلسہ سالانہ اختتام پذیر ہوا۔

جلسہ سالانہ کے دوران ضیافت کے انتظامات بھی نہایت عمدگی سے کیے گئے۔ جلسے کے انتظامی امور میں بھی شعبہ جات نے باہمی تعاون اور مستعدی سے خدمات انجام دیں۔ استقبال و رجسٹریشن کے شعبہ نے مہمانوں کی آمد پر راہنمائی اور اندراج کا کام انجام دیا۔ سیکیورٹی اور پارکنگ کے شعبہ نے نظم و ضبط اور آمد و رفت کو منظّم رکھا۔ آڈیو ویڈیو اور فوٹوگرافی کے شعبہ نے جلسہ کے مختلف روحانی و تربیتی لمحات کو محفوظ کیا جبکہ ترجمہ کی سہولت کے ذریعہ مختلف زبانیں سمجھنے والے حاضرین کو تقاریر، خطاب اور ہدایات سے استفادہ کا موقع ملا۔

الحمدللہ، جماعت احمدیہ فرنچ گیانا کا جلسہ سالانہ نہایت کامیاب رہا۔اس میں پچاس احباب نے شمولیت کی۔

(رپورٹ:لقمان احمد باجوہ۔ مبلغ سلسلہ و صدر جماعت فرنچ گیانا)

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے جلسہ سالانہ فرنچ گیانا ۲۰۲۵ءکے موقع پر بصیرت افروز پیغام کا اردو مفہوم

پیارے احباب جماعت احمدیہ فرنچ گیانا

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

مجھے اس بات کی بہت خوشی ہے کہ آپ اپنا ۸واں جلسہ سالانہ ۲۶، ۲۷ اور ۲۸؍دسمبر ۲۰۲۵ء کو منعقد کر رہے ہیں۔ میری دلی دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسہ کو بڑی کامیابی سے نوازے اور آپ سب بےانتہا برکتیں حاصل کریں۔

اگر ہم ایک فقرے میں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے بیان فرمودہ جلسہ سالانہ کے حقیقی مقصد کو سمجھنا چاہتے ہیں تو وہ یہ ہے کہ ’تقویٰ کی راہوں پر قدم مارنا‘۔ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے ہمیں اس فقرے میں ایک نہایت اہم سبق دیا ہے جس پر ہم اگر عمل کریں تو ہم اپنی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی لا سکتے ہیں۔ اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہم دنیا کو بکلی ترک کر دیں اور ہر ایک سے اپنا تعلق توڑ دیں۔ بلکہ اس دنیا میں رہتے ہوئے اور اپنی تمام تر ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے ہمیں تقویٰ کے راستے پر چلتے رہنا ہے اور کوئی بھی دنیاوی امور ہمیں اس مقصد سے ہٹا نہ سکیں۔

میں آپ کو تلقین کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ کے ساتھ ایک ذاتی تعلق قائم کریں اور بہترین احمدی مسلمان بننے کی کوشش کریں۔ اپنی پنجوقتہ نمازیں باقاعدگی سے اور باجماعت ادا کریں، اپنی دعاؤں میں اضافہ کریں اور اپنے دلوں میں ہمیشہ ذکر الٰہی کرتے رہیں۔

اس حوالہ سے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا: ’’انسان کو چاہیئے کہ روحانی پانی کو تلاش کرے تو وہ اسے ضرور پالے گا۔ اور روحانی روٹی کو ڈھونڈے تو وہ اسے ضرور دی جائے گی۔ جیسا کہ ظاہری قانون قدرت ہے ویسا ہی باطن میں بھی قانون قدرت ہے لیکن تلاش شرط ہے جو تلاش کرے گا وہ ضرور پالےگا۔ خدا تعالیٰ کے ساتھ تعلق پیدا کرنے میں جو شخص سعی کرے گا خدا تعالیٰ اس سے ضرور راضی ہوجائے گا۔‘‘ [ملفوظات جلد ۱۰صفحہ ۹۵]

آپ کو بیعت کے تقاضوں کو پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے اور اپنی روحانی حالتوں کو بہتر بنانے کی کوشش کریں تاکہ آپ ان بلند معیاروں کو پا سکیں جن کی توقع حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے اپنی جماعت کے ممبران سے کی ہے۔ صرف اسی صورت میں کہ جب آپ اپنے روزمرہ کے طرز عمل اور رویے کا مسلسل جائزہ لیتے رہیں گے اور اپنے آپ کو مثالی احمدی مسلمان بنانے کے لیے کوشش کرتے رہیں گے اور اس کے لیے اپنے آپ کو پابند کرلیں گے، تبھی آپ جلسہ میں شمولیت کے مقصد کو حاصل کرنے والے ہوں گے۔

میں آپ کو خلافت احمدیہ کی عظیم اہمیت کی یاددہانی کرواتا ہوں جو بے شمار برکات کا سرچشمہ ہے۔ آپ کو خلیفۃ المسیح کے ساتھ ایک مضبوط تعلق قائم کرنا چاہیے اور ہمیشہ وفادار رہنا چاہیے۔ آپ کو ایم ٹی اے کثرت سے دیکھنا چاہیے اور میرے خطبات جمعہ باقاعدگی سے سننے چاہئیں، نیز دیگر تقریبات اور مواقع پر میرے خطابات بھی سنیں اور میری دی گئی ہدایات اور نصائح پر عمل کریں۔

میں تبلیغ کے حوالے سے بھی آپ کی عظیم الشان ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلانا چاہتا ہوں جو ہر احمدی مسلمان کے لیے لازمی ہے۔ اس سلسلے میں، میں آپ کو نصیحت کرتا ہوں کہ آپ خاص طور پر میرے ایک حالیہ خطبہ جمعہ کی طرف رجوع کریں جس میں مَیں نے تبلیغ کے آداب اور درست طریق کار کے بارے میں، بالخصوص اس دور کے مطابق، تفصیلی راہنمائی فراہم کی تھی۔ لہٰذا، آپ کو دانشمندانہ منصوبہ بندی کرنی چاہیے اور حکمت کے ساتھ جامع پروگرام تیار کرنے چاہئیں تاکہ فرنچ گیانا کے تمام لوگوں تک اسلام احمدیت کا پُرامن پیغام مؤثر اور بہترین انداز میں پہنچایا جا سکے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو اس نیک مقصد میں ہر لحاظ سے کامیابی عطا فرمائے۔ اللہ آپ سب پر فضل فرمائے۔

مزید پڑھیں: مجلس انصار اللہ سکاٹ لینڈ کے زیر اہتمام ’بیکن آف پیس‘ چیریٹی واک ۲۰۲۶ء کا کامیاب انعقاد

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button