مجلس انصار اللہ فن لینڈ کے گیارھویں سالانہ نیشنل اجتماع ۲۰۲۶ء کا کامیاب انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس انصاراللہ فن لینڈ کو اپنا گیارہواں سالانہ اجتماع مورخہ ۲۲ و ۲۳؍اگست ۲۰۲۶ء کو مسجد نور، وانتا (Vantaa) میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ امسال مکرم حافظ عطاء الاوّل صاحب نے ناظم اعلیٰ کی ذمہ داری ادا کی۔
پہلا دن: مورخہ ۲۲؍اگست بروز ہفتہ نماز تہجد و فجر اور ناشتے کے بعد صبح ۱۰؍بجے تقریب پرچم کشائی منعقد ہوئی۔ صدر مجلس انصاراللہ فن لینڈ مکرم وقار جاوید صاحب نے لوائے مجلس انصاراللہ جبکہ نیشنل صدر جماعت احمدیہ فن لینڈ مکرم عطاءالغالب صاحب نے ملکی پرچم لہرایا۔ بعد ازاں نیشنل صدر صاحب نے دعا کروائی۔

صدر مجلس کی زیر صدارت افتتاحی اجلاس میں تلاوت قرآن کریم، عہد اور نظم کے بعد انہوں نے نصائح کیں۔ مکرم شاہد محمود کاہلوں صاحب مبلغ انچارج فن لینڈ نے اجتماع کے مقاصد اور انصار کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔
بعدازاں علمی مقابلہ جات ہوئے۔ نماز ظہر و عصر اور کھانے کے بعد بھی علمی مقابلہ جات جاری رہے۔
شام کو باربی کیو کا اہتمام کیا گیا۔ اس دوران Darts اور مقبول مقابلہ ’’تقلید‘‘ منعقد ہوئے جن میں انصار، خدام اور اطفال نے دلچسپی سے حصہ لیا۔ بعد ازاں نماز مغرب و عشاء باجماعت ادا کی گئیں۔

دوسرا دن: مورخہ ۲۳؍اگست بروز اتوار نماز فجر اور ناشتے کے بعد انصار قریبی سپورٹس ہال تشریف لے گئے جہاں مختلف ورزشی مقابلہ جات ہوئے۔ دوپہر ۲؍بجے مسجد آکر نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں اور کھانا تناول کیا گیا۔ بعد ازاں رِنگ ٹاس اور پنجہ آزمائی کے مقابلے ہوئے۔

اختتامی اجلاس میں تلاوت قرآن کریم، عہد اور نظم کے بعد صدر مجلس نے سالانہ کارگزاری رپورٹ اور اجتماع کمیٹی کی خدمات کا مختصر تعارف پیش کیا۔ علمی و ورزشی مقابلہ جات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں انعامات تقسیم کیے گئے اور مکرم ارشد اقبال بھٹی صاحب کو مثالی ناصر کی امتیازی سند دی گئی۔ نیشنل صدر جماعت احمدیہ فن لینڈ نے ’’انصاراللہ کی تاریخ‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ بعد ازاں صدر مجلس نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا انصاراللہ فن لینڈ کے نام سالانہ اجتماع کے موقع پر ارسال کردہ خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا۔ نیشنل صدر صاحب نے اختتامی دعا کروائی اور اجتماعی تصاویر بنائی گئیں۔اجتماع کی مجموعی حاضری ۶۷؍رہی جس میں ۳۵؍انصار شامل تھے۔ اختتام کے بعد وقار عمل کیا گیا اور پھر تمام شاملین نے کھانا کھایا۔
اللہ تعالیٰ اس اجتماع کو شرف قبولیت بخشے، تمام شاملین و کارکنان کو جزائے خیر عطا فرمائے اور مجلس انصاراللہ فن لینڈ کو ہمیشہ خلافت کا وفادار خادم اور تابعدار بنائے۔ آمین
(رپورٹ: طاہر احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکا مجلس انصاراللہ فن لینڈ کے کے سالانہ نیشنل اجتماع ۲۰۲۶ء کے موقع پر بصیرت افروز پیغام
پیارے ممبران مجلس انصار اللہ فن لینڈ
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
مجھے یہ جان کر بہت خوشی ہوئی ہے کہ آپ کو ’’قرآن کریم‘‘ کے موضوع پر اپنا سالانہ اجتماع منعقد کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔ اللہ تعالیٰ اسے ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے۔ آمین
میں اس موقع پر اس بارے میں چند ضروری باتیں بیان کرنا چاہتا ہوں۔
حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام فرماتے ہیں کہ:
’’کامیاب وہی لوگ ہوں گے جو قرآن کریم کے ماتحت چلتے ہیں۔ قرآن کو چھوڑ کر کامیابی ایک نا ممکن اور محال امر ہے‘‘۔ (الحکم ۳۱؍اکتوبر ۱۹۰۱ء)
پس ہر احمدی کو اپنی کامیابیوں کو حاصل کرنے کے لئے یہ نسخہ آزمانا چاہئے۔ دین بھی سنور جائے گا اور دنیاوی مسائل بھی حل ہو جائیں گے۔
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسولﷺنے فرمایا: صرف دو آدمیوں پر رشک جائز ہے ان میں سے ایک وہ شخص جسے اللہ تعالیٰ نے قرآن عطا کیا ہو اور وہ دن رات اس کی تلاوت کرتا ہو۔
مجلس انصار اللہ ایسی تنظیم ہے جسے قرآن کریم پڑھنے اور پڑھانے کی طرف خاص توجہ دینی چاہئے۔ انصار اللہ کے ذمہ خلافت ثالثہ میں یہ کام لگایا گیا تھا کہ قرآن کریم کی تعلیم کو رائج کریں، قرآن کریم کی تلاوت کی طرف توجہ دیں اور گھروں کو بھی اس نور سے منور کریں۔ اسی لئے انصار کی ایک قیادت بھی ہے جو تعلیم القرآن کہلاتی ہے۔ اگر انصار پوری توجہ دیں تو ہر گھر میں باقاعدہ قرآن کریم پڑھنے اور اس کو سمجھنے کی کلاسیں لگ سکتی ہیں۔ پس اجتماع کے اس بابرکت موقع پر یہ عزم کر کے جائیں کہ اپنے گھروں میں خود بھی قرآن کریم پڑھیں گے اور اپنے بیوی بچوں کی بھی نگرانی کریں گے کہ وہ بھی اس پر عمل کرنے والے ہوں۔
میرا یہ پیغام اپنے میگزین میں بھی شائع کر لیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کو توفیق عطا فرمائے کہ آپ قرآن کریم کے مقام کو پہچانیں اور اپنی اور اپنی نسلوں کی زندگیاں سنوارنے والے ہوں۔ آمین
مزید پڑھیں: مجلس انصار اللہ سکاٹ لینڈ کے زیر اہتمام ’بیکن آف پیس‘ چیریٹی واک ۲۰۲۶ء کا کامیاب انعقاد



