چولہ بابا نانک رحمۃ اللہ علیہ(قسط ۲۴)
۲۲۲۔ اگر ہاتھ سے وقت جاوے نکل
تو پھر ہاتھ مل مل کر رونا ہے کل
ہاتھ ملنا haath malnaa: افسوس کرنا Wringing the hands
اطاعت کا وقت ہاتھ سے نکل جانے کے بعد صرف افسوس اور رونا ہی باقی رہتا ہے۔
۲۲۳۔ نہ مردی ہے تیر اور تلوار سے
بنو مرد مردوں کے کردار سے
مردی mardi: مردانیت Manliness, bravery
کردار kirdaar: عمل، برتاؤ، طور طریق Character
مرد کی شان اسلحہ سے نہیں ہوتی۔ تیر اور تلوار مردانیت کا نشان نہیں بلکہ کردار اچھا ہونا مردوں جیسی بہادری کی دلیل ہے۔
۲۲۴۔ سنو آتی ہے ہر طرف سے صدا
کہ باطل ہے ہر چیز حق کے سوا
صدا Sadaa: آوازVoice
اپنے ماحول میں قدرت کے خاموش پیغام کو سنو ہر طرف سے یہی آواز آتی ہے کہ ایک اللہ حق ہے اس کے سوا ہر چیز باطل ہے۔ اللہ تعالیٰ کی ہستی سچ ہے باقی جس بھی چیز کو خدا مانتے ہیں سب جھوٹ ہے۔
۲۲۵۔ کوئی دن کے مہمان ہیں ہم سبھی
خبر کیا کہ پیغام آوے ابھی
پیغام paighaam: وہ امر یا بات وغیرہ جو کہلا کر یا لکھ کر بھیجیں، زبانی بات، پیام، سندیسا۔ یہاں مراد اللہ تعالیٰ کی طرف سے واپسی کا حکم Call, message
انسان کا انجام موت ہے اور اس کا کوئی وقت مقرر نہیں۔ معلوم نہیں کہ ابھی واپسی کا بلاوا آجائے۔
۲۲۶۔ گرو نے یہ چولا بنایا شعار
دکھایا کہ اِس رہ پہ ہوں میں نثار
شعار she‘aar: عادت، لباس Habit, way of life, dress
نثار nisaar: قربان، فدا To sacrifice
اس لیے گرو کے پیغام پر عمل کرنے میں تاخیر نہ کرو اس نے یہ چولہ پہن رکھا تھا اور اس کی تعلیم پر عمل کرتا تھا۔ اس نے اپنے کردار سے دکھایا کہ وہ اس تعلیم پر جان نثار کرنے کو تیار تھا
۲۲۷۔ وہ کیونکر ہو ان ناسعیدوں سے شاد
جو رکھتے نہیں اس سے کچھ اعتقاد
ناسعیدnaa sa‘eed: بدبخت، بد فطرت Unlucky, unfortunate
شاد shaad: خوش Happy
اعتقاد i‘teqaad: عقیدہ رکھنا Faith
وہ ان بد بختوں سے کیسے خوش ہو سکتا ہے جو اس پر یقین نہیں کرتے۔ اس پر ایمان نہیں لاتے۔ یعنی وہ اس پر ایمان نہ لانے والوں سے خوش نہیں ہو سکتا۔
۲۲۸۔ اگر مان لو گے گرو کا یہ واک
تو راضی کرو گے اسے ہو کے پاک
واک waak: حکم، ارشاد Command, direction
اگر تم گرو کی بات مان کر خود کو پاک صاف کرلوگے تو اسےخوش کروگے۔
۲۲۹۔ وہ احمق ہیں جو حق کی رہ کھوتے ہیں
عبث ننگ و ناموس کو روتے ہیں
عبثabas: بےفائدہ، لاحاصل، فضول، بیکار Useless, vain
ننگ و ناموس naNg-o-naamoos: عزت و شہرہ، لحا ظ و شرم، عزت و آبرو esteem, Honour
وہ لوگ بے وقوف ہیں جو سچا راستہ کھو دیتے ہیں۔ جو سچے راستے پر نہیں چلتا اس کو کوئی عزت و احترام نہیں ملتا۔ اس نقصان پر وہ بے فائدہ روتے ہیں۔
۲۳۰۔ وہ سوچیں کہ کیا لکھ گیا پیشوا
وصیت میں کیا کہہ گیا برملا
پیشوا peshwaa: راہنما، پیشوائی کرنے والا A leader, a guide
وصیتwasiyyat: ورثے کے متعلق ہدایت Will
برملا barmalaa: کُھلا، ظاہرِ صاف صاف Clearly
وہ یہ سوچیں کہ راہنمائی کرنے والا ان کے لیے کیا لکھ کے چھوڑ گیا ہے۔ اپنی وصیت میں کیا صاف صاف لکھا ہے۔
۲۳۱۔ کہ اسلام ہم اپنا دیں رکھتے ہیں
محمد کی رہ پر یقیں رکھتے ہیں
وصیت میں صاف صاف اپنی تعلیم کا خلاصہ لکھا ہے کہ ہمارا دین اسلام ہے اور ہم اس دین پر یقین رکھتے ہیں جو حضرت محمد مصطفیٰﷺ ہمارے لیے لائے ہیں۔
۲۳۲۔ اٹھو سونے والو کہ وقت آگیا
تمہارا گرو تم کو سمجھا گیا
غفلت میں سوئے رہنے والو !اب وقت آگیا ہے کہ حق کو تسلیم کرو یہ بات گرو تمہیں سمجھا کر اس دنیا سے رخصت ہوئے۔
۲۳۳۔ نہ سمجھے تو آخر کو پچھتاؤ گے
گرو کے سراپوں کا پھل پاؤ گے
سراپوں saraapoN: بددعا، کوسنا، پھٹکار Curse
اگر اس نصیحت کوابھی بھی نہ سمجھو گے تو گرو کی ناراضگی مول لوگے۔ گرو اس بات سے خوش نہیں ہوں گے۔
مزید پڑھیں: چولہ بابا نانک رحمۃ اللہ علیہ(قسط ۲۳)




