اطلاعات و اعلانات

اطلاعات واعلانات

نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں

سانحہ ہائے ارتحال

٭… عبادہ اسلم قریشی صاحب مبلغ سلسلہ لائبیریا تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کے خسر راؤ عبد الجبار خان صاحب بعمر۷۸؍سال مورخہ ۲۰؍نومبر ۲۰۲۵ء کو ربوہ میں وفات پا گئے ہیں۔ انا للہ وانا الیہ راجعون

آپ کاہنور ضلع روہتک میں پیدا ہوئے اور تقسیم ہند کے بعد اپنے والد راؤ عبد الرزاق خان صاحب کے ساتھ پھلروان ضلع سرگودھا میں آکر آباد ہوئے۔

۱۹۷۴ء کے سخت اور کٹھن حالات میں بڑی جرأت اور بہادری کے ساتھ اپنی برادری اور مخالفین کا سامنا کیا۔

آپ پیشہ کے لحاظ سے تاجر تھے۔ تجارت کے سلسلہ میں چند سال بحرین میں مقیم رہے۔ اس دوران آپ کو حج بیت اللہ کرنے کی سعادت بھی نصیب ہوئی۔

آپ نے پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے (راؤ خرم ذیشان صاحب اور راؤ محمد طلحہ صاحب حال مقیم کینیڈا)، دو بیٹیاں (فریحہ جبار صاحبہ اہلیہ خاکسار اور وجیہہ جبار صاحبہ اہلیہ عطاءالحی منصور صاحب مبلغ سلسلہ) یادگار چھوڑے ہیں۔

تاجر ہونے کے باوجود آپ ہمیشہ دین کو دنیا پر ترجیح دینے والے تھے۔

اپنے بچوں کی اعلیٰ دینی تعلیم و تربیت کے لیے انہیں مرکز ربوہ میں لا کر آباد کیا، اپنی دونوں بیٹیوں کی شادی اپنی خواہش کے مطابق واقفین زندگی مربیان سلسلہ سے کیں۔

آپ صوم و صلوٰۃ کے پابند، عبادتوں میں اپنے اہل کے لیے نمونہ تھے، کاروباری مصروفیات کے باوجود پنجوقتہ نماز باجماعت کے پابند تھے، خلافت سے والہانہ محبت اور کامل توکّل علیٰ اللہ کرنے والے تھے۔

تمام مالی تحریکات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والے، نہ صرف خود موصی تھے بلکہ تمام اہل و عیال کی وصیت کروائی، ہر لحاظ سے حقوق اللہ اور حقوق العباد پورے کرنے والے، نہایت سخی اور فراخدل تھے، اکثر خاموشی سے یتیموں اور بیواؤں کی امداد کرتے رہتے۔

آپ ایک شفیق باپ، بہترین دوست، ہمیشہ دینی غیرت رکھنے والے، ہر چھوٹے بڑے سے مسکرا کر محبت سے ملنے والے فرشتہ صفت وجود تھے۔ (مرسلہ:فرخ شبیر لودھی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل لائبیریا)

٭… مہک محمود صاحبہ تحریر کرتی ہیں کہ خاکسار کے دادا چودھری منظور احمد گوندل صاحب ۱۹؍نومبر ۲۰۲۵ء کو بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون

مرحوم، حضرت چودھری علی محمد صاحبؓ آف چک ۹۹ شمالی سرگودھا ، صحابی حضرت مسیح موعودؑ کے فرزند تھے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے مرحوم موصی تھے اور جماعت احمدیہ سے گہری وابستگی رکھتے تھے۔ نمازوں کی پابندی، خلافت سے وفا اور خدمتِ دین کا جذبہ ان کی زندگی کے نمایاں اوصاف تھے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے مرحوم کو گوٹھ احمدیہ میں مسجد تعمیر کرنے کی توفیق بھی حاصل ہوئی جو ان کی دینی غیرت اور خدمتِ اسلام کا ایک روشن نشان ہے۔

دادا جان ایک نہایت شفیق باپ، نرم دل، عاجز اور محبت سے بھرپور انسان تھے۔ ان کی سب سے نمایاں خوبی یہ تھی کہ شدید بیماری کے باوجود وہ اپنے بچوں اور عزیزوں کا خیال رکھتے اور سب کی خیریت دریافت کرتے رہتے۔ اپنی تکلیف کو کبھی دوسروں پر حاوی نہ ہونے دیتے۔خدا تعالیٰ سے محبت کا ان کا ایک خاص انداز تھا۔ ہمیشہ ہمیں نصیحت کرتے کہ نماز کبھی نہ چھوڑیں اور خلافت کے ساتھ جڑے رہیں کیونکہ اسی میں بقا ہے۔

پسماندگان میں پانچ بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔ آپ کے ایک پوتے عبدالسمیع ابن راشد محمود صاحب کینیڈا میں بطور مربی سلسلہ خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔

٭… نوید الرحمٰن صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل بنگلہ دیش تحریر کرتے ہیں کہ تسلیم الدین صاحب مورخہ ۳۰؍ نومبر۲۰۲۵ء بروز اتوار برین سٹروک کے باعث بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون

مرحوم کی عمر ۸۵؍سال تھی۔ یکم دسمبر صبح دس بجے مرحوم کے آبائی گاؤں چڑائی کھولا جماعت میں ان کے چھوٹے بیٹے محمدالحق صاحب مبلغ سلسلہ نے نماز جنازہ پڑھائی اور وہیں تدفین عمل میں آئی۔

پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے اور تین بیٹیاں یادگار چھوڑی ہیں۔

مرحوم ۱۹۹۲ء یا ۱۹۹۳ء میں بیعت کر کے جماعت میں داخل ہوئے تھے۔ مختلف جماعتی عہدوں پر فائز رہے۔ پچھلے چار سالوں سے چڑائی کھولا جماعت کے صدر کے طور پر خدمات سر انجام دے رہے تھے۔ نرم مزاج، پنج وقت نمازی نیز تہجد کے پابند تھے۔ دعا گو، مہمان نواز، قناعت شعار، واقفین زندگی کی عزت کرنے والےتھے۔ مرحوم دلیر بھی تھے، کئی مرتبہ شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑا لیکن کبھی بز دلی نہیں دکھائی۔

احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کے ساتھ مغفرت اور رحم کا سلوک فرمائے، ان کے پسماندگان اور جملہ عزیز و اقارب کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کے نیک نمونہ کو جاری رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

اعلانات ولادت

٭… حافظ محمد طلحہ ملک صاحب کارکن الفضل انٹرنیشنل تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل سے خاکسار کو یکم دسمبر ۲۰۲۵ء کو بیٹی سے نوازا ہے۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے نومولود کا نام ’عیانہ ملک‘ منظور فرمایا ہے۔ نومولود وقف نو کی بابرکت تحریک میں شامل ہے۔

بچی، حضرت غلام محی الدین صاحب بھیرویؓ اور ماسٹر عبد المجید صاحب استاد تعلیم الاسلام ہائی سکول ربوہ کی نسل سے ہے۔نومولود کے دادا محمد افضال اظہر ملک صاحب اور نانا سعید احمد ریحان صاحب مختلف عہدوں پر جماعتی خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔ نیز نومولود، محمد فاتح ملک صاحب مبلغ سلسلہ کی بھتیجی اور توصیف احمد ریحان صاحب مہتمم تربیت نومبائعین مجلس خدام الاحمدیہ کینیڈا اور حماد احمد ریحان صاحب واقف زندگی کی بھانجی ہے۔

٭…نوید الرحمٰن صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل بنگلہ دیش یہ اعلانات ولادت بھیجتے ہیں:

۱۔ معین الاسلام صاحب مبلغ سلسلہ و استاد جامعہ احمدیہ بنگلہ دیش اور مسترین نوشریکہ کے ہاں مورخہ ۲۶؍نومبر ۲۰۲۵ء کو بیٹی پیدا ہوئی ہے۔ الحمدللہ

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے از راہ شفقت نو مولود کا نام ’دانیہ معین‘ عطا فرمایا ہے اور وقف نو کی بابرکت تحریک میں شامل فرمایا ہے۔

۲۔ پیارۃ اللہ صاحب اور شاہناز پروین صاحبہ کو اللہ تعالیٰ نے ۱۳؍ دسمبر ۲۰۲۵ء کو بیٹا عطا فرمایا ہے۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے از راہ شفقت نو مولود کا نام ’جری اللہ‘ رکھا ہے اور وقف نو کی با برکت تحریک میں منظور فرمایا ہے۔

احباب جماعت سے تمام نومولودگان کے نیک، خادم دین اور قرۃ العین ہونے کے لیے عاجزانہ دعا کی درخواست ہے۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button