جماعت احمدیہ آئرلینڈ کا تئیسواں جلسہ سالانہ ۲۰۲۵ء
٭… حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام
٭… روحانی و علمی موضوعات پر تقاریر ٭… ۴۴۰؍احباب کی شمولیت
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ آئرلینڈ کو اپنا ۲۳واں جلسہ سالانہ مورخہ ۲۳و۲۴؍اگست ۲۰۲۵ء کو ملک کے خوبصورت اور دلکش مغربی ساحل پر واقع شہر گولوے (Galway) میں کلیٹن ہوٹل (Clayton Hotel) میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

تیاری اور آغاز:جلسہ کی تیاری کئی ماہ سے چل رہی تھی اور ۲۲؍اگست بروز جمعہ جلسہ گاہ میں تمام کارکنان کے ساتھ معائنہ انتظامات کی تقریب رکھی گئی۔ نیشنل صدر ڈاکٹر محمد انور ملک صاحب نے تمام نظامتوں کی تیاری کا جائزہ لیا اور اپنی تقریر میں جملہ کارکنان کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ان سنہری ارشادات کی طرف توجہ دلائی جو آپ نے کچھ ہفتے قبل جلسہ سالانہ یوکے کے موقع پر اپنے خطبہ جمعہ میں کارکنان اور جماعت کو پیش فرمائے تھے۔
ہفتہ کی صبح مسجد مریم میں باجماعت نماز تہجد ادا کی گئی۔ نماز فجر اور درس القرآن کے بعد تمام کارکنان کو ناشتہ پیش کیا گیا۔
جلسہ سالانہ کا باقاعدہ آغاز صبح دس بج کر پینتالیس منٹ پر کلیٹن ہوٹل کے باہر پرچم کشائی کی تقریب کے ساتھ ہوا۔ نیشنل صدر صاحب نے لوائے احمدیت جبکہ مکرم ابراہیم نونن صاحب مبلغ انچارج نے قومی پرچم لہرایا۔

پہلا اجلاس:تقریب پرچم کشائی کے بعد جلسہ کے پہلے اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور نظم کے ساتھ ہوا۔ جلسہ سالانہ کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا ارسال کردہ خصوصی پیغام مبلغ انچارج صاحب نے پڑھ کر سنایا۔ بعدہٗ ان موضوعات پر تقاریر ہوئیں:’’آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم: تمام انسانیت کے لیے رحمت‘‘ از مکرم یوسف پینڈر صاحب سیکرٹری نومبائعین، ’’دل میں یہی ہے ہر دم تیرا صحیفہ چوموں، قرآں کے گرد گھوموں کعبہ مرا یہی ہے‘‘ از مکرم شہزاد احمد ملک صاحب صدر مجلس انصار اللہ اور ’’بے یقینی اور لا دینیت کے دور میں اللہ کا دامن تھامے رکھنا‘‘ از مکرم مطرف احمد صاحب مبلغ سلسلہ۔ شاملين جلسہ کی سہولت کے ليے تمام تقاریر کے تراجم کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔
اس سال متعدد معزز مہمانوں نے جلسہ سالانہ میں شرکت کی جن میں پاؤلا ہل مین، اَن گارڈاشیاخانا کی اسسٹنٹ کمشنر (Paula Hillman – Assistant Commissioner for An Garda Síochána)، ایمن او کوو(Éamon Ó Cuív)، گالوے ویسٹ کے حال ہی میں ریٹائرڈ رکن پارلیمنٹ، جان کونالی (John Connolly)، اس حلقے کے نئے منتخب رکن پارلیمنٹ اور ایلن چیورز(Alan Cheevers)، گالوے سٹی کے ڈپٹی میئر شامل تھے۔
مہمانوں کو جماعت احمدیہ مسلمہ کے تعارف پر مشتمل ایک خصوصی ویڈیو دکھائی گئی جس میں جماعت کی عالمی کوششوں کے ساتھ ساتھ آئرلینڈ میں جماعت احمدیہ کی مختلف خیراتی سرگرمیوں کا جائزہ پیش کیا گیا۔
مختلف معزز مہمانوں نے شاملین جلسہ کے سامنے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور جماعت کی عالمی مساعی کے ساتھ ساتھ جزیرہ آئرلینڈ میں امن اور اتحاد کے لیے جماعت کی کاوشوں کو سراہا۔
جان کونولی ٹی ڈی گالوے ویسٹ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں جہاں بھی امن کو خطرہ ہے ہم اس کا مقابلہ صرف متحد ہوکر کرسکتے ہیں۔
ایلن چیورز ڈپٹی میئر گالوے سٹی کاؤنسل نے کہا کہ یہ بہت اہم ہے کہ ہم امن، اتحاد اور بھائی چارے کی اقدار سے سیکھیں۔ آپ کا نعرہ ’محبت سب کے لیے، نفرت کسی سے نہیں‘ اس وقت مزید بامعنی ہے جب دنیا میں نفرت زیادہ دکھائی دیتی ہے۔ یہ موقع ہے کہ ہم دوستیاں بڑھائیں اور اپنی کمیونٹیز کے تعلقات کو مضبوط کریں۔
تیسرا اجلاس:جلسہ سالانہ آئرلینڈ کا تیسرا اجلاس تلاوت قرآن کریم اور نظم کے ساتھ شروع ہوا۔ اس کے بعد مکرم ڈاکٹر رضوان احمد صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ نے ’’احیائے اسلام میں نوجوانوں کا کردار‘‘ اور خاکسار (مبلغ سلسلہ) نے ’’حضرت مسیح موعودؑ بطور سلطان القلم‘‘ کے موضوعات پر تقاریر کیں۔
احمدیہ مسلم میڈیکل ایسوسی ایشن اور احمدیہ مسلم ریسرچ ایسوسی ایشن کے اجلاس ہوئے۔
دوسرا دن:اتوار کو جلسے کا دوسرا دن بھی نمازتہجد کی باجماعت ادائیگی، فجر اور درس القرآن کے ساتھ شروع ہوا۔
صبح کے وقت مستورات کا اجلاس ہوا۔ نیشنل سیکرٹری تربیت اور نائب نیشنل صدر لجنہ اماء اللہ آئرلینڈ مکرمہ شائستہ پینڈر صاحبہ نے اردو اور انگریزی میں ’’تمام بھلائیاں قرآن میں ہیں‘‘کے موضوع پر تقریر کی۔
مرد و خواتین کے ساتھ ’تبلیغ‘ کے موضوع پر سوال و جواب کی مجلس ہوئی جس میں مبلغین کرام نے سوالات کے تفصیلی جواب دیے نیز سب کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے سرگرمی سے میدانِ تبلیغ میں شامل ہونے کی پُراثر تلقین بھی کی۔
اختتامی اجلاس: جلسہ سالانہ کا اختتامی اجلاس زیرصدارت مکرم نیشنل صدر صاحب منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد ان موضوعات پر تقاریر ہوئیں: ’’آگ ہے پر آگ سے وہ سب بچائے جائیں گے جو کہ رکھتے ہیں خدائے ذوالعجائب سے پیار‘‘ از مکرم ڈاکٹر حامد خان صاحب نیشنل سیکرٹری تبلیغ اور افسر جلسہ سالانہ اور ’’قرآن – اللہ کاالہامی کلام جو انسانیت کی ہدایت کے ليے محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے دل پر انسانیت کی راہنمائی کے لیے اتارا گیا‘‘ از مبلغ انچارج صاحب۔
اس کے بعد ان طلبہ کو تعلیمی ایوارڈز پیش کیے گئے جنہوں نے اپنی تعلیم یا تحقیق کے شعبہ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
آخر میں نیشنل صدر جماعت احمدیہ آئرلینڈ نے اپنی اختتامی تقریر میں مختلف تربیتی مسائل پر روشنی ڈالی۔ دعا کے ساتھ یہ جلسہ سالانہ اپنے بابرکت اختتام کو پہنچا۔ امسال جلسہ سالانہ پر کل حاضری ۴۴۰ تھی۔
اللہ تعالیٰ تمام شاملین جلسہ کو اس سے مستفید ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ:عطاء الرحمٰن خالد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکے تئیسویں جلسہ سالانہ آئرلینڈ ۲۰۲۵ء کے موقع پر بصیرت افروز پیغام کا اردو مفہوم
پیارے احباب جماعت آئرلینڈ
السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ
مجھے بہت خوشی ہے کہ آپ اپنا جلسہ سالانہ ۲۳و۲۴؍اگست۲۰۲۵ء کو منعقد کر رہے ہیں۔ میری دلی دعا ہے کہ اللہ آپ کے جلسہ کو عظیم کامیابی عطا فرمائے اور تمام شاملین بھر پور فائدہ اٹھائیں اور اسلام کی خوبصورت اور پُرامن تعلیمات کا زیادہ علم اور گہری سمجھ حاصل کریں۔
جیسا کہ میں نے یوکے کے حالیہ جلسہ سالانہ کے موقع پر ذکر کیا تھا، حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے اس تقریب کی عظیم اہمیت کو اجاگر فرمایا ہے اور بتایا ہے کہ جلسہ کا مقصد جماعت کی فکری، اخلاقی اور روحانی ترقی کو فروغ دینا ہے۔ پس ہر فرد کو چاہیے کہ اس بابرکت موقع سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کی مخلصانہ کوشش کرے۔
جلسہ کی کارروائی کے متعلق حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ و السلام نے ہدایت فرمائی ہے کہ شاملین کو چاہیے کہ تقریریں نہایت توجہ سے سنیں اور مقرر کی لسانی کی بجائے پیغام کے مفہوم پر غور کریں۔ احمدیوں کو یاد رکھنا چاہیے کہ جلسہ میں شرکت کا اصل مقصد اللہ تعالیٰ کی برکات اور رضا حاصل کرنا ہے۔ آپ جو کچھ بھی کریں وہ اللہ کی رضا حاصل کرنے کے لیے ہونا چاہیے۔ لہٰذا یہ دن بالخصوص مسلسل ذکر الٰہی میں گزارنے چاہئیں۔ ذکر الٰہی دلوں کو پاک کرتا ہے اور انسان کو خدا کی برکات کا وارث بناتا ہے۔
جلسہ کا ایک اور مقصد بھائی چارہ کو فروغ دینا اور اختلافات کو دور کرنا ہے۔ اس لیے آپ کو اپنے جلسہ کے دوران اعلیٰ اخلاقی معیار اور طرزِ عمل کا عملی نمونہ پیش کرتے ہوئے ایک حقیقی اسلامی ماحول قائم کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام نے فرمایا:’’اس جلسہ کو معمولی انسانی جلسوں کی طرح خیال نہ کریں۔ یہ وہ امر ہے جس کی خالص تائید حق اور اعلاءِ کلمہ اسلام پر بنیاد ہے۔ اس سلسلہ کی بنیادی اینٹ خدا تعالیٰ نے اپنے ہاتھ سے رکھی ہے اور اس کے لیے قو میں تیار کی ہیں۔ جو عنقریب اس میں آملیں گی۔ کیونکہ یہ اس قادر کا فعل ہے جس کے آگے کوئی بات انہونی نہیں۔‘‘( مجموعہ اشتہارات جلد ۱ صفحہ ۳۶۱، ایڈیشن۲۰۱۹ء)
ہر احمدی کو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے مشن کی تکمیل کے لیے انتھک محنت کرنے کا عہد کرنا چاہیے جو یہ ہے کہ اول بنی نوع انسان کو ہمارے خالق واحد خدا کو پہچاننے اور اس کی عبادت کرنے کی طرف بلایا جائے اور دوم یہ کہ بنی نوع انسان کے حقوق کو پورا کیا جائے تاکہ اس دنیا میں امن اور ہم آہنگی قائم ہو سکے۔
حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ و السلام کو صرف قبول کر لینا کافی نہیں ہے جن کی آمد کی پیشگوئی ہمارے پیارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے خود فرمائی تھی۔ بلکہ آپ کو بیعت کی تمام شرائط پر عمل کرنے کی کوشش بھی کرنی چاہیے۔ خود احتسابی اور اپنے روزمرہ کے کاموں میں مسلسل بہتری کے ذریعہ آپ زیادہ بہتر احمدی مسلمان بن سکتے ہیں اور اس دنیا میں ایک حقیقی روحانی انقلاب پیدا کرنے میں مدد کرسکتے ہیں۔
حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا: ’’اسلامی کاموں کے انجام دینے کے لئے عاشق زار کی طرح فدا ہونے کو تیار ہوں اور تمام تر کوشش اس بات کے لئے کریں کہ ان کی عام برکات دنیا میں پھیلیں۔ اور محبت الٰہی اور ہمدردی بندگان خدا کا پاک چشمہ ہر یک دل سے نکل کر اور ایک جگہ اکٹھا ہوکر ایک دریا کی صورت میں بہتا ہوا نظر آوے… خدا تعالیٰ نے اس گروہ کو اپنا جلال ظاہر کرنے کے لئے اور اپنی قدرت دکھانے کے لئے پیدا کرنا اور پھر ترقی دینا چاہا ہے تا دنیا میں محبتِ الٰہی اور توبہ نصوح اور پاکیزگی اور حقیقی نیکی اور امن اور صلاحیت اور بنی نوع کی ہمدردی کو پھیلا دے۔‘‘(مجموعہ اشتہارات جلد۱صفحہ ۱۹۷-۱۹۸، ایڈیشن اول)
آپ کو ہمیشہ خلافت احمدیہ کے الٰہی قائم کردہ نظام کے وفادار رہنا چاہیے جو بنیادی طور پر جماعت کی ترقی، اسلام کے پھیلاؤ اور عالمی امن کے قیام سے جڑا ہوا ہے۔ خلیفۃ المسیح کے ساتھ ایک مضبوط تعلق قائم کریں اور ہمیشہ وفادار رہیں۔ میں آپ کو تلقین کرتا ہوں کہ ایم ٹی اے باقاعدگی سے دیکھیں، میرے خطبات جمعہ اور دیگر مواقع پر میرے خطابات باقاعدگی سے سنیں اور میری نصائح پر عمل کرنے کی کوشش کریں۔
میں تبلیغ کے حوالہ سے آپ کو آپ کی ذمہ داریوں کی یاددہانی کرواتا ہوں جو ہر احمدی مسلمان کا بنیادی فرض ہے۔ آئرلینڈ بھر میں اسلام احمدیت کا پاک پیغام پہنچانے کےلیے آپ کو دانشمندانہ منصوبے بنانے اور مؤثر انداز میں تبلیغی پروگرام ترتیب دینے چاہئیں۔ اللہ آپ کو اس نیک کام میں کامیاب ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔
آخر پر میں دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ آ پ کے جلسے کو بڑی کامیابی سے نوازے اور اپنے ایمان کو مضبوط اور تازہ کرنے کی توفیق بخشے۔ اللہ تعالیٰ آپ کی زندگیوں میں مزید تقویٰ، نیکی اور اسلام احمدیت اور انسانیت کی خدمت کی طرف حقیقی تبدیلی لانے کی توفیق عطا فرمائے۔ اللہ آپ سب پر فضل فرمائے۔
مزید پڑھیں: مجلس انصاراللہ بیلجیم کے تحت گرجا گھروں میں تبلیغی مساعی




