دعا دینا دعا کرنا دعا لینا عبادت ہے

دعا دینا دعا کرنا دعا لینا عبادت ہے
بزرگوں کی دعا سے کچھ نہ کچھ پانا عبادت ہے
سُکوں کی گود میں بیٹھے خدائے واحدِ کُل کو
کبھی جب بھی اکیلے ہو صَدا کرنا عبادت ہے
عبادت کی کئی قسمیں عبادت کے کئی ہیں رنگ
کہیں جینا عبادت تو کہیں مرنا عبادت ہے
عبادت ذکر اللہ کا عبادت درد بندے کا
قبائے بندگی میں بھی چُھپے رہنا عبادت ہے
ثنائے مصطفٰیؐ کرنا، درودِ مصطفٰیؐ پڑھنا
زباں پر ذکر رکھ کر ہی چلا کرنا عبادت ہے
عبادت یہ نہیں کہ تم کرو سجدے دکھاوے کو
جبینِ زندگی کو خُوشنما رکھنا عبادت ہے
بہت دل کی اُداسی میں یونہی بس ضبط کر لینا
مقامِ ہجر میں اشکوں کا نہ گرنا عبادت ہے
بڑوں کی بات کو سن کر بڑوں کو مان دے دینا
تو چھوٹوں کو محبت سے ہنسا دینا عبادت ہے
اگر ہو راستے میں خار ، شیشہ یا کوئی بھی چیز
تو اُس کو اِک طرف کرنا ہٹا دینا عبادت ہے
محبت کی گلی میں تم اگر جاؤ تو اے جاناں!
دَر و دیوار کی ہر اِک ادا پڑھنا عبادت ہے
اُجالے کی ضرورت ہو اُجالا چاہیے سب کو
تو دل کو اک دیا کرنا دیا بننا عبادت ہے
(دیا جیم۔فجی)
مزید پڑھیں: یادِ حبیب ﷺ




