مجلس انصار اللہ فن لینڈ کے تحت Raisio سِٹی لائبریری میں قرآن شریف کے تراجم کی نمائش
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصار اللہ فن لینڈ کو مورخہ ۳تا۱۶؍مارچ ۲۰۲۶ءتک Raisio کی سٹی لائبریری میں قرآن کریم کے تراجم کی نمائش منعقد کرنے کی توفیق ملی جس میں ۳۰؍سے زیادہ مختلف زبانوں میں قرآن کریم کے تراجم پیش کیے گئے۔

Raisioسٹی لائبریری اور کلچر کی ڈائریکٹر آئینومیورکا (Aino Mykrä)صاحبہ نے افتتاحی فیتہ کاٹ کر باقاعدہ نمائش کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر صدر مجلس انصار اللہ مکرم وقار جاوید صاحب، قائد تبلیغ مکرم معصوم احمد صاحب اور مبلغ سلسلہ فن لینڈ مکرم شاہد محمود کاہلوںصاحب بھی چند ممبرانِ جماعت کے ہمراہ موجود تھے۔
موصوفہ نے نمائش پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’Raisio لائبریری میں مختلف زبانوں میں قرآن کریم کی نمائش میں لانے کے لیے آپ کا شکریہ۔ ۱۰۰؍زبانوں کے مہینے(Hundred Languages Month) کے حصے کے طور پر ہم مختلف تقاریب کے ذریعے لسانی تنوّع منا کر رہےہیں۔ یہ نمائش ہر ایک کو مختلف زبانوں میں قرآن کو جاننے کا ایک قیمتی موقع فراہم کرے گی۔ ہمیں آپ کے ساتھ تعاون کرنے پر بہت خوشی ہے۔‘‘ تقریب کے دوران مربی صاحب اور صدر مجلس نے انہیں فنش زبان میں قرآن کریم کا نسخہ بھی پیش کیا۔

نیز تقریب کے دوران جماعت احمدیہ کا تعارف بھی پیش کیا گیا اور اس امر کو نمایاں کیا گیا کہ احمدیہ جماعت کو اللہ تعالیٰ کے فضل سے قرآن کریم کے ۷۰؍سے زائد زبانوں میں تراجم کی اشاعت کی توفیق ملی ہے۔ لائبریری نے جماعت کے مختصر تعارف کے ساتھ اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر نمائش کا اعلان شائع کیا اور لکھا کہ ’’جماعت احمدیہ فن لینڈ ایک مسلم کمیونٹی ہے جس کا مقصد مختلف مذاہب کے لوگوں کو آپس میں مل کر پرامن طور پر رہنے کی طرف لانا ہے۔‘‘
نمائش میں قرآن کریم کے مختلف زبانوں میں تراجم کے ساتھ ساتھ قرآنی تعلیمات اور راہنمائی پر مبنی پوسٹرز بھی آویزاں کیے گئے تھے۔ نمائش پرآنے والے لوگ QRکوڈ سکین کر کے مختلف زبانوں کے تراجم قرآن کریم کی پی ڈی ایف فائلز ڈاؤن لوڈ کر سکتے تھے۔ دو ہفتوں پر مبنی اس نمائش میں کافی تعداد میں افراد اس بابرکت نمائش سے مستفید ہوئے۔ اللہ تعالیٰ اس کے نیک نتائج پیدا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ:طاہر احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: بنگلہ دیش میں جلسہ ہائے یوم مصلح موعود نیز جلسہ ہائے یوم مسیح موعود کا مبارک انعقاد




