جماعت ہائے احمدیہ گیمبیا میں جلسہ ہائے یوم خلافت کا انعقاد
مکرم محمود احمد طاہر صاحب نائب امیر و مبلغ انچارج گیمبیا تحریر کرتے ہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ گیمبیا کو ماہ مئی۲۰۲۶ء میں جماعتی تاریخ و روایت کے مطابق ملک بھر کی جماعتوں میں جلسہ ہائے یوم خلافت منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ

جلسوں کا یہ سلسلہ ماہ مئی میں شروع ہوا اور جون میں بھی جاری رہا۔ اللہ کے فضل سے ملک بھر کی ۱۰۶؍جماعتوں و جگہوں پر یہ جلسے منعقد ہوئے اور کل ۵؍ہزار ۱۹۰؍افراد نے شرکت کی۔ ان جلسوں کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد خلافت سے متعلقہ حدیث پیش کی گئی۔ بعدازاں اردو، عربی اور مقامی زبانوں میں نظمیں پیش کی گئیں۔ مبلغین کرام اور مختلف علماء کرام نے درج ذیل عناوین پر تقاریر کیں: نظام خلافت کا تعارف، یوم خلافت منانے کی اہمیت، خلافت اور احیائے دین، برکات خلافت، خلافت اور ہماری ذمہ داریاں، خلافت احمدیت اور حضرت مسیح موعودؑ کی آمداور خلافت۔
اس کے علاوہ بعض جماعتوں میں برکات خلافت پر ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی۔ جبکہ بعض جماعتوں میں برکات خلافت کے حوالہ سے نمائش بھی لگائی گئی۔
اس سلسلہ میں ملک کے جماعتی ہیڈ کوارٹربانجل/کومبو میں موجود مسجد بیت السلام میں جلسہ یوم خلافت مورخہ۳۱؍مئی کو بعداز عصر منعقد ہوا۔ اس جلسہ کی صدارت مکرم بابا ایف تراولے صاحب امیر جماعت احمدیہ گیمبیا نے کی۔ اس تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور اردو نظم سے ہوا۔ اس کے بعد مختلف عناوین پر تقاریر ہوئیں جن میں خلافت اور احیاء دین، خلافت امن اور اتحاد کا ذریعہ اور خلافت کی برکات شامل تھیں۔
آخر پر مکرم امیر صاحب نےخلافت کی ضرورت و اہمیت پر اپنی تقریر میں کہا کہ تمام مسائل کا حل خلافت ہے، اس ليے اس نعمت پر اللہ کا شکر ادا کریں۔ امیر صاحب نے خلافت کے ساتھ جڑنے اور مکمل اطاعت کرنے کی نصیحت کی۔
تقریب کا اختتام دعاکے ساتھ ہوا جس کے بعد ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔ اس جلسہ میں کل حاضری ۵۶؍رہی۔
اللہ تعالیٰ ان جلسوں کے دوررس نتائج پیدا فرمائے اور ہمیں خلافت کے ساتھ جوڑے رکھے۔ آمین
(رپورٹ: مسعود احمد طاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: آسٹریلیا میں جلسہ ہائے یوم خلافت کا بابرکت انعقاد



