جماعت احمدیہ بینن کا پانچواں واقفِ نَو نیشنل اجتماع
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ بینن کو اپنا پانچواں سالانہ اجتماع وقف نو ۲۷ اور ۲۸؍جون ۲۰۲۶ء کو مسجد بیت التوحید، کوٹونو میں منعقد کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔ شعبہ وقفِ نو مرکزیہ کی طرف سے ہدایت ملی کہ ہر ملک اپنا انفرادی وقفِ نو لوگو بنائے، اس کے مطابق جماعت احمدیہ بینن کو اپنا نیا لوگو شعبہ وقف نو مرکزیہ کی مدد سے اجتماع سے قبل بنانے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ

افتتاحی تقریب بروز ہفتہ زیر صدارت مکرم محمد لقمان بصیریو صاحب، امیر جماعت بینن، شروع ہوئی۔ تلاوتِ قرآنِ کریم و نظم کے بعد امیر صاحب نے اپنی تقریر میں واقفین و واقفاتِ نو کو حضرت مریم علیہا السلام کی مثال پر عمل کرنے کی نصیحت کی، جنہوں نے اللہ کے احکامات کی اطاعت کی اور اللہ تعالیٰ نے ان کی ضروریات براہِ راست پوری فرمائیں۔ امیر صاحب نے کہا کہ وقف کوئی نئی سکیم نہیں بلکہ اللہ کے حضورزندگی وقف کرنا قدیم سے روایت ہے جو اللہ تعالیٰ کے برگزیدہ لوگ کرتے آئے ہیں۔ دعا کے ساتھ افتتاحی تقریب اختتام پذیر ہوئی۔

افتتاحی اجلاس کے بعد جامعہ احمدیہ برکینافاسو کی سرگرمیوں پر ایک ڈاکومنٹری دکھائی گئی تاکہ نوجوانوں کو اپنی ابتدائی تعلیم مکمل کرنے کے بعد جامعہ میں داخلہ لینے کی ترغیب دی جا سکے۔ اس کے بعد نمازِ ظہر و عصر امیر صاحب نے پڑھائی اور تمام شرکاء کو ظہرانہ پیش کیا گیا۔
اس کے بعد علمی و ورزشی مقابلہ جات ہوئے۔ نیز مکرم لقمان داؤدا صاحب نے ایک ورکشاپ میں واقفین و واقفاتِ نو کے لیے وہ میدان اور شعبے بیان کیے جن میں وہ جماعت کی خدمت کر سکتے ہیں۔واقفین نو نے اس ورکشاپ میں نہایت دلچسپی کے ساتھ حصہ لیا۔
نمازِ مغرب و عشاء کے بعد کھانا پیش کیا گیا اور نصاب کا زبانی امتحان بھی لیا گیا۔
دوسرا دن: دوسرا دن نمازِ تہجد اور فجر سے شروع ہوا، جس کے بعد عیسیٰ ابراہیم صاحب (واقفِ نو) نے ’’وقفِ نو کی ذمہ داریاں‘‘ کے عنوان پر درس دیا۔ انفرادی جائزہ فارم تمام شرکاء سے پُر کروائے گئے۔ سالانہ کتاب ’’ضرورت الامام‘‘ کا سوالنامہ پندرہ سال سے زائد عمر کے واقفینِ نو نے مکمل کیا۔
صبح نو بجے والدین کے ساتھ میٹنگ ہوئی تاکہ انہیں بچوں کے ریکارڈ رکھنے اور ان کی روحانی تربیت کی طرف توجہ دلائی جا سکے۔
اجتماع ہال میں ایک نمائش لگائی گئی جس میں ۲۰۰۵ء سے بینن میں وقفِ نو کی سرگرمیوں کی تاریخی تصاویر، ۲۰۰۷ء میں وکیل وقفِ نو محترم سیّد میر قمر سلیمان صاحب کا دورہ اور مختلف واقفینِ نو کی تصاویر شامل تھیں۔ گذشتہ تین سالوں میں منعقدہ قومی سطح کے سیمینارز کی تصاویر بھی شامل کی گئیں۔ یہ نمائش تمام واقفین ِنو نیز باقی تمام شاملین اجتماع کے لیے خاص دلچسپی کا باعث بنی۔

نمائش کے ساتھ ایک وقفِ نو سٹال بھی لگایا گیا جس میں ٹی شرٹس، بال پوائنٹ، کی چینز اور پی کیپس، بینن وقفِ نو لوگو کے ساتھ رکھی گئیں۔ ’’اسماعیل‘‘ اور ’’مریم‘‘ رسائل بھی اسٹال پر رکھے گئے۔
اختتامی اجلاس امیر جماعت بینن کی صدارت میں منعقد ہوا۔ تلاوت و نظم کے بعد علمی و ورزشی مقابلہ جات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے واقفین و واقفاتِ نو میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ امیر صاحب نے واقفینِ نو کو میڈلز دیے اور صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ نے واقفاتِ نو کو میڈلز پہنائے۔
اپنی اختتامی تقریر میں امیر صاحب نے کہا کہ یہ تمام مقابلہ جات اس لیے کروائے گئے کہ آپ سب واقفینِ نو دینی سرگرمیوں میں دلچسپی بڑھائیں، نیکیوں، عبادات اور اعمال صالحہ میں ایک دوسرے سے آگے بڑھیں۔ امیر صاحب نے نصیحت کی کہ ہر واقفِ نو روزانہ کم از کم ایک گھنٹہ قرآن کریم کی تلاوت کرے۔ دعا کے ساتھ اجلاس اختتام پذیر ہوا۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس بابرکت اجتماع میں بینن کے ۱۵؍سے زائد ریجنز سے شرکاء شامل ہوئے جن میں کوٹونو، پورتو نووو، کالوی، ویدا، آلاڈا، پوبے، بوہیکوں، لوکوسا، داسا، ساوے، پاراکو، باسیلا، جُوگو، ناتیٹنگو اور مالانویل شامل ہیں۔ اس اجتماع میں کل ۵۵؍واقفینِ نو، ۲۸؍واقفاتِ نو، ۵۱؍والدین اور ۲۳؍دیگر ممبران و بچے شامل ہوئے۔ یوں کُل شرکاء کی تعداد ۱۵۷؍رہی۔ الحمدللہ
پروگرام کے اختتام پر محترم امیر صاحب نے دعا کروائی۔ نماز ظہر و عصر کے بعد احباب اپنے گھروں کو روانہ ہوئے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام شرکاء کو اپنے فضلوں کا حقیقی وارث بنائے اور ہر واقفِ نو کی حفاظت فرمائے۔ آمین۔
(رپورٹ: مرزا فرحان بیگ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: مجلس انصاراللہ علاقہ ہیسن ٹاونس، جرمنی کا سالانہ اجتماع ۲۰۲۶ء



