افریقہ (رپورٹس)

تربیتی کلاس برائے اطفال و اجتماع اطفال و خدام الاحمدیہ مجلس بواکے، آئیوری کوسٹ

اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے مجلس خدام الاحمدیہ بواکے شہر، آئیوری کوسٹ کو ۲۷؍جون تا ۴؍جولائی تربیتی کلاس برائے اطفال نیز مورخہ ۵؍جولائی ۲۰۲۶ء کو لوکل اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ و اطفال الاحمدیہ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

تربیتی کلاس کا آغاز مکرم کونے داؤد صاحب نائب امیر جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کی صدارت میں ہوا۔ تلاوت و عہد کے بعد اس کلاس کے مقصد اور ہماری ذمہ داریوں پر خاکسار (ریجنل مبلغ سلسلہ) نے مختصر توجہ دلائی۔ بعد ازاں تربیتی کلاس کا دعا سے باقاعدہ آغاز ہوا۔

اس تربیتی کلاس میں ناظرہ قرآن کریم، تلاوت، نظم، اذان، قصیدہ حضرت مسیح موعودؑ، سادہ نماز اور دینی معلومات سکھانے پر زور دیا گیا۔ کلاس کے اساتذہ میں مکرم سیلا شیخ یوسف صاحب معتمد مجلس، خاکسار (ریجنل مشنری سلسلہ)، نیز مکرم سیلا ابراہیم صاحب معلم سلسلہ شامل تھے۔ تربیتی کلاس کے پروگرام میں باجماعت نماز تہجد کو بھی لازم رکھا گیا نیز شام کے وقت میں کھیل کا وقت بھی مختص کیا گیا۔ اس کلاس کے آخری دن بچوں کی سیر وتفریح کے لیے ایک پارک کا وزٹ کیا گیا جس میں بچوں نے جھولوں کے علاوہ کشتی رانی سےبھی استفادہ کیا نیز اس دن کے آخری پہر میں بچوں نے پبلک میں لیف لیٹس اور پمفلٹس بھی تقسیم کیے۔

مورخہ ۵؍جولائی کو مجلس خدام الاحمدیہ بواکے نے اپنا اجتماع مسجدفضل عمر، بواکےشہر میں منعقد کیا جس میں ۱۹ خدام اور ۲۰؍اطفال شامل تھے۔ تلاوت قرآن کریم اور عہد کے بعد مکرم سیلا محمود ہارون صاحب نے ’’حضرت مسیح موعودؑ کے مشن کی تکمیل میں ایک خادم کا کردار‘‘ کے عنوان سے تقریر کی۔ بعد ازاں علمی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ ورزشی مقابلہ جات بعد از نماز فجر ملحقہ فٹ بال گراؤنڈ میں کروائے گئے تھے۔

اختتامی اجلاس میں مقابلہ جات میں پوزیشنز حاصل کرنے والوں کو انعامات دیے گئے۔ بعد ازاں خاکسار (ریجنل مبلغ سلسلہ) نے چند نصائح کے بعد اختتامی دعا سے پروگرام کا اختتام کیا۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اس پروگرام کے دوررس اثرات مرتب کرے۔ آمین

(رپورٹ: احتشام الحسن صاحب۔ مبلغ سلسلہ آئیوری کوسٹ)

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ فن لینڈ کی پہلی تاریخی مجلس شوریٰ کا انعقاد

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button