یورپ (رپورٹس)

لٹویا میں واقع جاپانی سفارت خانے کے فرسٹ سیکرٹری کی جماعتی مشن ہاؤس آمد

اللہ تعالیٰ کے فضل سے لٹویا کے شہر ریگا (Riga) مین جاپانی ایمبیسی کے فرسٹ سیکرٹری مسٹر Toshiaki Kadokura صاحب مورخہ ۱۵؍جون ۲۰۲۶ء کی شام جماعت احمدیہ لٹویا کا تعارف حاصل کرنے کے لیے مشن ہاؤس تشریف لائے۔ موصوف گذشتہ تقریباً ڈیڑھ سال سے لٹویا میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور اس سے قبل روس اور دیگر روسی زبان بولنے والے ممالک میں بھی کام کرچکے ہیں۔ لٹویا میں مختلف اقلیتی مذہبی گروہوں سے تعارف کے سلسلہ میں انہوں نے جماعت احمدیہ سے رابطہ کیا تھا۔

خاکسار (صدر جماعت لٹویا) کے علاوہ مکرم عبدالحئی صاحب جنرل سیکرٹری، مکرم فضل عمر شاہد صاحب سیکرٹری مال و تحریک جدید و وقف جدید اور مکرم خاقان احمد صائم صاحب سیکرٹری تبلیغ نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ سیکرٹری موصوف کے سوالات میں جماعت کے قیام، تعداد، احباب کے مختلف ممالک سے تعلق، نمازوں کے انتظام، مسجد کی تعمیر، دیگر مسلمانوں سے تعلقات، مقامی انتظامیہ سے روابط، چندہ کے نظام اور جماعت کو درپیش مشکلات وغیرہ شامل تھے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ان کے تمام سوالات کے جواب دیے گئے اور انہیں جماعت احمدیہ، اسلام کی تعلیمات، مساجد کے مقاصد، جہاد کے حقیقی مفہوم، نظام مالیات، خدمت خلق اور عالمی قیام امن کے لیے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی کوششوں سے آگاہ کیا گیا۔

جب انہیں بتایا گیا کہ جماعت احمدیہ دنیا کے ۲۱۴؍سے زائد ممالک میں قائم ہے تو انہوں نے خاصی حیرت کا اظہار کیا۔ انہیں جاپان میں جماعت احمدیہ کی سرگرمیوں، مسجد بیت الاحد اور جاپانی زبان میں جماعت کی ویب سائٹ سے بھی متعارف کروایا گیا۔ جاپان میں قدرتی آفات کے مواقع پر جماعت احمدیہ کی خدمت خلق کا ذکر بھی کیا گیا جس میں ۱۹۹۵ء کے زلزلہ کے دوران جاپانی عوام کی خدمت بھی شامل تھی۔

اسی طرح انہیں حضرت چودھری سر محمد ظفراللہ خان صاحبؓ کی شخصیت اور دوسری جنگ عظیم کے بعد جاپانی قوم کے حق میں ان کے تاریخی اور انصاف پر مبنی موقف سے بھی آگاہ کیا گیا۔ نیز ہیروشیما اور ناگاساکی پر ایٹمی حملوں کی حضرت مصلح موعودؓ کی طرف سے مذمت کا بھی ذکر کیا گیا۔

ملاقات کے بعد مہمان کو جماعت احمدیہ لٹویا کی لائبریری اور دفتر کا دورہ کروایا گیا۔ جاپانی زبان میں قرآن کریم کا ترجمہ دیکھ کر انہیں خاصی خوشگوار حیرت ہوئی اور انہوں نے اسے کھول کر پڑھا۔ دفتر میں حضرت اقدس مسیح موعودؑ اور خلفائے کرام کی تصاویر اور جماعت کی خدمت انسانیت کے اعتراف میں مختلف اداروں کی طرف سے دی گئی اسناد بھی انہیں دکھائی گئیں۔

آخر پر انہیں جاپانی ترجمۃ القرآن، حضرت چودھری سر محمد ظفراللہ خان صاحبؓ کی کتاب ’’Islam & Human Rights‘‘ اور حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطابات و مکتوبات پر مشتمل کتاب ’’عالمی بحران اور امن کی راہ‘‘ کی انگریزی کاپیاں بطور تحفہ پیش کی گئیں جنہیں انہوں نے دلی شکریہ کے ساتھ قبول کیا۔ ملاقات نہایت خوشگوار رہی اور موصوف نے جماعت احمدیہ کے تعارف اور خدمات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

اللہ تعالیٰ اس ملاقات کے اسلام احمدیت کے حق میں نیک اور دُور رس نتائج پیدا فرمائے اور ہمیں دنیا میں حقیقی اسلام کا پیغام پھیلانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ:بشارت احمد شاہد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں: کک وٹ اور کاسائی اورینٹل ریجن کانگو کنشاسا کے جلسہ ہائے سالانہ ۲۰۲۶ء کا انعقاد

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button