بنگلہ دیش میں جلسہ سالانہ یوکے ۲۰۲۶ء کے موقع پر تبلیغی، تعلیمی اور تربیتی پروگرامز کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جلسہ سالانہ یوکے ۲۰۲۶ء کے بابرکت موقع سے استفادہ کے لیے جماعت احمدیہ بنگلہ دیش کی جانب سے ملک بھر کی مختلف جماعتوں میں جلسہ سالانہ کے اجلاسات دیکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے جن میں سے چھ جماعتوں کو آن لائن جلسہ گاہ یوکے سے منسلک ہونے کی سعادت حاصل ہوئی۔

تینوں دن بڑی جماعتوں میں دور دراز سے آنے والے احباب کے لیے رہائش اور مختلف مقامات پر جلسہ دیکھنے والوں کے لیے کھانے کا انتظام کیا گیا۔ غیر احمدی مہمانوں اور نومبائعین کو بھی جلسہ میں شرکت کی دعوت دی گئی۔ بعض جماعتوں میں اجلاسات کے وقفہ کے دوران تربیتی نشستیں اور غیر احمدی مہمانوں کے لیے سوال و جواب کی مجالس بھی منعقد ہوئیں۔

جلسہ سالانہ کے تیسرے روز عالمی بیعت کے پیش نظر احباب جماعت کو جماعتی مراکز میں جمع ہوکر عالمی بیعت میں شامل ہونے کی خصوصی تحریک کی گئی، بالخصوص نو مبائعین احباب کو اس میں شامل کرنے کی کوشش کی گئی۔ چنانچہ ہزاروں احباب نے مختلف مساجد، جماعتی مراکز اور اپنے گھروں میں جلسہ کے اجلاسات دیکھے اور خلیفۂ وقت کے ساتھ دعاؤں میں شامل ہونے کی سعادت پائی۔

کئی سو نو مبائعین اور غیر احمدی مہمانوں نے بھی جلسے کے اجلاسات دیکھے جن میں بعض کو پہلی مرتبہ عالمی بیعت میں شامل ہونے کی توفیق ملی۔ اس موقع پر کئی بیعتیں بھی ہوئیں۔ موصولہ رپورٹ کے مطابق اتوار کے روز عالمی بیعت میں شامل ہونے والے احباب کی تعداد آٹھ ہزار سے زائد رہی۔فالحمدللہ علیٰ ذالک
(رپورٹ:نوید الرحمٰن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: لجنہ اماء اللہ اور ناصرات الاحمدیہ آئرلینڈ کا سترھواں سالانہ نیشنل اجتماع ۲۰۲۶ء




