افریقہ (رپورٹس)

برکینا فاسو میں مرکزی مبلغین کا ریفریشر کورس

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ برکینافاسو کے مرکزی مبلغین کا تین روزہ ریفریشر کورس مورخہ ۲۵تا ۲۷؍ستمبر ۲۰۲۶ء بستان مہدی، واگادوگو میں کامیابی سے منعقد ہوا۔

افتتاحی اجلاس:پہلا اجلاس جمعہ ۲۵؍ستمبر کو شام سوا چار بجے مسجد میں منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد مکرم میاں قمر احمد صاحب امیر جماعت احمدیہ برکینا فاسو نے افتتاحی کلمات کہے اور دعا کروائی۔ اس کے بعد لیکچرز کا سلسلہ شروع ہوا۔ اگلے دو روز میں دوسرے اور تیسرے اجلاس کی صدارت بالترتیب مکرم ناصر اقبال خاں صاحب اور مکرم محب اللہ صاحب نے کی۔

تین روزہ ریفریشر کورس کے دوران دینی، تربیتی اور علمی موضوعات پر مبلغین کرام نے درج ذیل لیکچرز پیش کیے۔ ہر لیکچر کے بعد سوالات کا موقع بھی دیا گیا جن کے جواب ہر مقرر نے دیے:’’میڈیا کا جماعتی ترقی میں کردار‘‘ از حافظ طیب احمد صاحب، ’’حضرت مسیح موعودؑ کا علم کلام‘‘ از ناصر احمد سدھو صاحب، ’’آگاہی برائے نئے ملکی قوانین‘‘ از ودود احمد صاحب، ’’بعثت اولیٰ و ثانیہ میں طریقہ انتخاب خلافت‘‘ از خاکسار (مبلغ سلسلہ)، ’’جنگ عظیم سوم از روئے قرآن‘‘ از محب اللہ صاحب، ’’خلفائے کرام کی مبلغین کو نصائح‘‘ از حسن جنگانی صاحب، ’’تعارف بہائی مذہب‘‘ از حافظ محمد بلال صاحب، ’’تخلیق کائنات از روئے قرآن‘‘ از حافظ توصیف احمد صاحب اور ’’واقعہ معراج و اسراء‘‘ از آفاق احمد صاحب۔

کرکٹ میچ اور باربی کیو: دوسرے روز بعد نماز عصر مبلغین کی دو ٹیموں کے مابین کرکٹ میچ ہوا، جبکہ شام کو باربی کیو کا انتظام کیا گیا۔ شرکاء نے ان سرگرمیوں سے لطف اٹھایا اور میچ کے بعد اجتماعی تصویر بنائی گئی۔

اختتامی اجلاس: ۲۷؍ستمبر کو پونے بارہ بجے مکرم امیر صاحب کی زیر صدارت اختتامی اجلاس منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد امیر صاحب نے اختتامی کلمات کہے اور حضرت خلیفۃ المسیح الثانیؓ کی مبلغین کو کی گئی بعض نصائح پڑھ کر سنائیں۔ ریفریشر کورس کے تمام شرکاء کو یادگاری شیلڈز بھی دی گئیں۔ دعا کے ساتھ یہ علمی و تربیتی سرگرمی اختتام کو پہنچی۔

اللہ تعالیٰ اس کورس کے انتہائی مثبت اور دور رس نتائج ظاہر فرمائے اور جماعت احمدیہ برکینا فاسو کو فتوحات اور ترقیات کی نئی منزلیں طے کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ:چودھری نعیم احمد باجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں: فرانس میں کیمرون کے سفارت خانہ کے Minister Counsellor سے ملاقات

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button