حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا دورۂ سویڈن 2016ء
٭ … مسجد کا مقصد تمام مومنین کو عبادت کے لئے ایک جگہ جمع کرنا ہوتا ہے۔٭ …ہم امن پسند لوگ ہیں اور ہم اپنی جماعت کے افراداور بچوں کو بچپن سے ہی سکھاتے ہیں کہ وہ امن پسند بنیں۔٭ …ہم عورت کی عزت کرتے ہیں اس کا احترام کرتے ہیں لیکن یہ ضروری نہیں کہ ہاتھ ملاناہی ان کی عزت کے اظہارکا ذریعہ ہے۔(حضور انور ایدہ اللہ کاسویڈش ٹی وی کی جرنلسٹ کو انٹرویو)
٭ …ہماراعقیدہ ہے کہ اسلامی تعلیمات بڑی وضاحت کے ساتھ انتہاپسندی اور ظلم و ستم کی مذمت کرتی ہیں۔٭ …آپ کبھی بھی کسی احمدی کو نہیں دیکھیں گے کہ وہ ملک چھوڑ کر ISIS یا دیگر انتہاپسند گروپوں میں شامل ہوا ہو۔ کیونکہ ہماری تعلیمات تو پیار، محبت اور ہم آہنگی پر مشتمل ہیں۔ ان اسلامی تعلیمات کا شدّت پسندی سے دُور دُور کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ اور میرا یقین ہے کہ ہر مذہب کی بنیادی تعلیم یہی محبت، پیار اور ہم آہنگی ہی ہے۔٭ …اس دَو ر میں جہاد یہی ہے کہ میڈیا، لٹریچر اورکتب کے ذریعہ اسلام کے مخالفین کے اعتراضات کا جواب دیا جائے۔ (اخبارSkanska Dagbladat کے صحافی کو انٹرویو)
٭ …جہاں بھی ہماری جماعت ہے ہم وہاں مساجد تعمیر کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔٭ …127 سال قبل 1889ء میں جس شخص نے مسیح موعود ہونے کا دعویٰ کیا وہ اکیلا شخص تھااوراس نے انڈیا میں پنجاب کے ایک چھوٹے سے گاؤں میں دعویٰ کیااوراس کے دعویٰ کے 127 سال بعد اب اس شخص کی جماعت تقریباً 207 ممالک تک جاپہنچی ہے۔٭ …میں دنیابھر کا سفر کرتاہوں۔لیکن ان سفروں کا مقصد رہنماؤں کو ملنا نہیں ہوتابلکہ میں تو اپنی جماعت کے لوگوں سے ملنے کے لئے سفر کرتاہوں جن سے میں پیارکرتاہوں اور جو مجھ سے پیارکرتے ہیں۔٭ …میرے لئے سب سے اہم چیز دنیا کا امن ہی ہے جس کے متعلق میں ایک عرصہ سے بات کررہاہوں۔٭ …مذہب اپنی تعلیمات پر عمل پیرا کرانے کے لئے آتاہے نہ کہ دوسروں کے خیالات اور روایات پر عمل پیرا ہونے کے لئے۔٭ …مَیں کسی شخص سے نفرت نہیں کرتا۔ اگر میں کسی چیزکو ناپسندکرتاہوں تو وہ کسی شخص کاکوئی فعل ہوتاہے نہ کہ وہ شخص۔
(سویڈش اخبار Sydsvenskan کے نمائندہ کو حضورانور ایدہ اللہ کا انٹرویو)
……………………………
11مئی 2016ء بروز بدھ(حصہ اوّل)
……………………………
صبح چار بجکر دس منٹ پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ’’ مسجد محمود‘‘ میں تشریف لا کر نماز فجر پڑھائی۔ نماز کی ادائیگی کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ اپنی رہائشگاہ پر تشریف لے گئے۔
پروگرام کے مطابق صبح گیارہ بجے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنے دفتر تشریف لائے۔
سویڈش ٹیلیویژن کی جرنلسٹ Helena Bohm Nilsson، لوکل اخبار "Skanska Dagbladat” کے نمائندہ، ساؤتھ سویڈن کے سب سے بڑے اخبار "Sydsvenskan”کے نمائندہ جرنلسٹ Jens Mikkelsen اور سویڈش نیشنل ریڈیو کی نمائندہ Anna Bubehko حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا انٹرویو لینے کے لئے آئے تھے۔ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے ان چاروں جرنلسٹس نے باری باری حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا انٹرویو لیا۔
سویڈش ٹی وی کی جرنلسٹ کو انٹرویو
سب سے پہلے سویڈش ٹیلیویژن کی جرنلسٹ نے حضور انور کا انٹرویو لیا۔
٭ … جرنلسٹ نے سوال کرتے ہوئے پوچھا کہ یہ مسجد جماعت احمدیہ کے لئے کیامعانی رکھتی ہے؟
اس کے جواب میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا: مسجد کا مقصد تمام مومنین کو عبادت کے لئے ایک جگہ جمع کرنا ہوتا ہے۔قرآن کریم میں آتا ہے کہ انسان کی پیدائش کا مقصد اس کے خالق کے آگے جھکنا ہے۔ پس ہمارا یقین ہے کہ ایک مسلمان مومن کے لئے ضروری ہے کہ وہ حقوق اللہ کی ادائیگی کرے اور اس مسجد کی تعمیر کا بھی یہی مقصد ہے کہ احمدی مسلمان اسلامی تعلیمات کے مطابق دن میں پانچ مرتبہ یہاں جمع ہوں گے اور اپنے خالق کی عبادت کریں گے اور جمعہ ادا کریں گے۔ اس کے علاوہ کمیونٹی کے فائدہ کے لئے یہاں جمع ہوں گے۔ اور بعض اوقات ویسے ہی ملنے جلنے کے لئے جمع ہوں گے۔ لڑکے اور لڑکیاں یہاں آئیں گے اور ملٹی پرپز ہال میں اپنی گیمز وغیرہ کریں گے یا اپنے دیگر فنکشنز کا انعقاد کریں گے۔ لیکن بنیادی مقصد اپنے خالق حقیقی کی عبادت کے لئے جمع ہونا ہے۔
٭ …موصوفہ نے پوچھا کہ مسجد کی اس عمارت کے بارے میں آپ کا کیا خیال ہے؟
اس پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا:یہ عمار ت بہت خوبصورت طرز پر تعمیر کی گئی ہے۔ میرا خیال ہے کہ یہاں کے مقامی لوگ بھی اس عمارت کو پسند کریں گے کیونکہ اس مسجد کا نقشہ بہت خوبصورت طرز پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔
٭ …اس کے بعد موصوفہ نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے پوچھا کہ آپ کا مشن کیا ہے؟
اس پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا: جماعت احمدیہ مسلمہ کا مقصد رسول کریم صلی اللہ علیہ و سلم نے پہلے ہی بتادیا تھا۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے پیشگوئی فرمائی تھی کہ آخری زمانہ میں جب مسلمان اسلام کی اصل تعلیمات کو بھلا دیں گے اورسیدھے راستہ سے بھٹک جائیں گے اس وقت ایک شخص ظاہر ہوگا جو اللہ تعالیٰ کی طرف سے بھیجا جائے گا اور وہ اسلام کے پیغمبر نبی صلی اللہ علیہ و سلم کا ماننے والا ہوگا اور وہ مسیح اور مہدی کہلائے گا۔ وہ مسلمانوں اور دیگر مذاہب کی راہنمائی کرے گا کہ اصل اسلام کیا ہے۔ اور بنی نوع انسان کو ایک جھنڈے تلے جمع کرے گاتا وہ اپنے خالق کے حقوق ادا کرسکیں اورایک دوسرے کے مابین اور معاشرے میں پیار، محبت اور ہم آہنگی پیدا کرسکیں۔

٭ …موصوفہ نے سوال کیا کہ یہاں میں نے ایک نعرہ سنا ہے۔ کیا آپ اس کے متعلق کچھ بتائیں گے؟
اس پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: اگر نعرے سے آپ کی مراد ’’محبت سب کے لئے، نفرت کسی سے نہیں‘‘ ہے تو یہ قرآنی تعلیمات اور اسلام کا خلاصہ ہے۔اسلام کا مطلب ہی امن اور سلامتی ہے۔ ہمیں ایک دوسرے سے پیار کرنا چاہئے، پیار اور محبت پھیلانی چاہئے۔ قرآن کریم کہتا ہے کہ اپنے دشمن کے ساتھ بھی انصاف کا سلوک کرو۔
حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا: پیار کیا ہے؟ پیار ہمدردی کا نام ہے۔ یہ پیار ہی ہے کہ ہم نہیں چاہتے کوئی بھی شخص کوئی ایسے اعمال کرے جن سے وہ عذاب الٰہی کا مورد ٹھہرے۔ یہ پیارکے جذبات اس کے لئے بھی ہیں جو بظاہر ہمارا دشمن ہے۔اور ہم کسی کو اپنا دشمن نہیں سمجھتے۔پیارکے بھی کئی مرتبے ہوتے ہیں۔ اپنے بچے کے لئے آپ کا پیار اور ہوتاہے، بہن بھائیوں کے لئے اور، دوستوں کے لئے اورپیار ہوتاہے اور والدین کے لئے ایک مختلف پیارہوتاہے۔ انہی پیارکے مختلف مراتب کو مدّنظررکھتے ہوئے ہم دنیا کے ہر شخص سے پیارکرتے ہیں اور کسی کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتے۔ہرایک کے لئے ہمدردی رکھتے ہیں۔
٭ …اس کے بعد موصوفہ نے سوال کیا کہ آپ کا ان نوجوانوں کے بارہ میں کیاخیال ہے جو یہاں مالمومیں اور سویڈن میں ISIS میں شامل ہورہے ہیں؟
اس پرحضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا: ISISکیا چیز ہے؟ یہ ایک تنظیم ہے جو کہ نام نہاد لیڈرز نے اپنے ذاتی مفادات کی خاطر بنائی ہوئی ہے اور یہ لوگ نوجوان نسل کو اپنے ساتھ شامل کرنے کے لئے مختلف قسم کی لالچ دیتے ہیں۔مثال کے طور پرجب وہ مرجائیں گے تو جنت میں جائیں گے اوراگر زندہ بچ جاتے ہیں تو اسلام کی خدمت کررہے ہیں۔ مگر درحقیقت یہ درست نہیں ہے۔ جیساکہ مَیں نے پہلے کہا کہ پیغمبراسلام رسولِ کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے پیشگوئی فرمائی تھی کہ آخری زمانہ میں لوگ اسلامی تعلیمات کو بھلادیں گے۔اور ان کی ہدایت کے لئے ایک شخص آئے گا اور ہمارا ایمان ہے وہ شخص مرزا غلام احمد آف قادیان بانی جماعت احمدیہ کی صورت میں آچکاہے۔ ایسی کوئی بھی تنظیم یا کوئی بھی شخص جو ان تنظیموں میں شامل ہوتاہے جو شدّت پسندی کی تعلیم دے رہے ہیں تویہ عمل سراسر اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے۔ ایسے لوگ جو کچھ کررہے ہیں وہ ٹھیک نہیں ہے۔
٭ …خاتون صحافی نے سوال کیاکہ آپ کی جماعت نوجوان نسل کو ISIS میں شامل ہونے سے روکنے کے لئے کیا اقدامات کرتی ہے؟
اس پرحضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا: جماعت احمدیہ کے علاوہ دوسرے نوجوانوں پر توہم کوئی اثر و رسوخ نہیں رکھتے اور ہماری جماعت میں سے کوئی ایک بھی ایسا نہیں ہے جس نے ISIS میں شامل ہونے کی خواہش کی ہو۔ ہم امن پسند لوگ ہیں اور ہم اپنی جماعت کے افراداور بچوں کو بچپن سے ہی سکھاتے ہیں کہ وہ امن پسند بنیں اور ان کے سامنے اسلام کی حقیقی تصویر رکھتے ہیں۔ پس احمدیوں میں سے آپ کو ایسا کوئی شخص نہیں ملے گا۔جہاں تک دوسرے مسلمانوں کا تعلق ہے تو ہم انہیں یہ ضرور کہتے ہیں کہ یہ سراسر اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے۔ مگر اُن پر ہمارا اثرور سوخ نہیں ہے۔ اسی لئے ہم حکومتوں سے کہتے ہیں کہ یہ لوگ آپ کی رعایاہیں اس لئے آپ کو ایسے قوانین بنانے چاہئیں یا ایسے اقدام کرنے چاہئیں جن سے یہ نوجوان شدت پسند تنظیموں میں شامل ہونے سے رک جائیں۔
٭ …خاتون صحافی نے کہاآپ نے اس debate کے متعلق تو سنا ہوگاجس میں مسلمان لیڈر نے عورت کے ساتھ ہاتھ ملانے سے انکار کردیا؟
اس پر حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا: میرے نزدیک یہ کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے۔میں خود بھی عورتوں کے ساتھ ہاتھ نہیں ملاتا۔ہر قبیلہ اور قوم کے اپنے رسوم و رواج ہوتے ہیں۔ ہم عورت کی عزت کی خاطر اس سے ہاتھ نہیں ملاتے۔میں بعض اوقات جھک جاتاہوں جوکہ ہاتھ ملانے سے زیادہ باعثِ عزت ہے۔ ہندو ہاتھ جوڑ کر نمستے کہتے ہیں۔ جاپانی جھکتے ہیں۔ اسی طرح دنیاکی مختلف قوموں کے مختلف رسوم و رواج ہیں۔نائیجیریا میں بعض قبیلے ہیں جن کے چیف دوسرے لوگوں کے سامنے کھانا نہیں کھاتے چاہے کوئی ملک کا سربراہ ہی کیوں نہ ہو۔بعض افریقن قبیلوں کے چیفس جب ہم سے ملنے کے لئے آتے ہیں اور ہمارے یوکے میں سالانہ جلسہ میں شامل ہوتے ہیں تو وہ کہتے ہیں کہ ہمارے اپنے طور طریق ہیں۔ ہم یہ نہیں کریں گے، ہم ایسے بیٹھیں گے،ہم آپ کے ساتھ کھانا نہیں کھائیں گے وغیرہ اور ہم ان لوگوں کی عزت کرتے ہیں کیونکہ وہ ہمارے ملک میں ہمارے مہمان بن کر آتے ہیں۔ اگر آپ یہ کہیں کہ بے شک آپ مسلمان ہیں لیکن چونکہ آپ یورپ میں رہ رہے ہیں اور یورپ کے یہی رسوم و رواج ہیں کہ عورت کے ساتھ ہاتھ ملایاجائے تو ٹھیک ہے ہم عورت کی عزت کرتے ہیں اس کا احترام کرتے ہیں لیکن یہ ضروری نہیں کہ ہاتھ ملاناہی ان کی عزت کے اظہارکا ذریعہ ہے۔میں کہتاہوں کہ میرے دل میں عورت کی زیادہ قدر ہے بہ نسبت اس کے جو عورت کے ساتھ ہاتھ ملاتاہے اور بظاہر اس کے سامنے بڑا اچھا دِکھتاہے۔
٭ …خاتو ن صحافی نے کہاکہ اس کا مطلب ہے کہ اگر آپ عورت کے ساتھ مصافحہ نہیں کرتے تو آپ صحیح طور پر معاشرے میں integrate نہیں کررہے۔
اس کے جواب میں حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا: آپ integration کی کیاتعریف کرتی ہیں؟ میں نے بہت سے سیاستدانوں سے پوچھاہے مگر وہ integrationکی صحیح تعریف نہیں بتاسکے۔میرے نزدیک integration کامطلب ہے کہ اپنے ملک سے پیارکریں اور ہمارے عقیدہ کے مطابق ملک سے پیار آپ کے ایمان کا حصہ ہے۔اگرکوئی پاکستانی یا کوئی افریقن جو ہجرت کرکے سویڈن آیاہے اور یہاں آکر سویڈش شہریت حاصل کرلی ہے تو پھر اس کو سویڈن سے پیارکرنا ہوگا۔اسے ملک کے ساتھ وفاداررہناہوگا۔اگر اس ملک پر دشمن کی طرف سے حملہ ہوتاہے تو اسے ملک کی افواج میں شامل ہوکر اس کا دفاع کرنا ہوگا۔اسے ملک کی ترقی کے لئے کرداراداکرناہوگا۔ اسے اس ملک کے لئے ریسرچ کرنی ہوگی۔ اسے اس ملک کے لوگوں سے پیارکرناہوگا۔اس کو قانون پر عمل کرناہوگا اور ان تمام قوانین کا احترام کرنا ہوگا جوکہ حکمرانوں اور پارلیمنٹس کے ذریعہ نافذ ہوئے ہیں۔ پس یہ integration ہے۔
حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا: اب دنیا سمٹ چکی ہے۔نقل و حرکت میں آزادی ہے۔اس ملک میں اوردیگر ممالک میں بھی صرف عیسائی یایہودی نہیں رہ رہے بلکہ مسلمان، ہندو، بدھ مت کے ماننے والے اور دیگر مذاہب کے لوگ بھی رہ رہے ہیں۔ اور ان لوگوں کے اپنے اپنے رسوم و رواج ہیں۔ اگرآپ یہ کہیں کہ انہیں اپنے وہ رسوم و رواج بھی ترک کرنے ہوں گے جن سے ملکی قانون کو کوئی ٹھیس نہیں پہنچ رہی یا جن سے ملک کے لوگوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچ رہاتودرست نہ ہوگا۔ آپ کو ان کے ذاتی معاملات میں دخل اندازی نہیں کرنی چاہئے۔خواہ ان معاملات کا تعلق ان کے مذہب سے ہو یا ان کے اپنے رسوم و رواج سے ہو۔کیونکہ وہ ملک کے وفادارہیں اور یہی integration ہے۔
٭ …اس کے بعد موصوفہ نے پوچھاکہ یورپین میوزک competition کون جیتے گا؟ اس پر حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایاکہ مَیں ایسی چیزوں میں دلچسپی نہیں رکھتا۔
٭ …موصوفہ نے اگلا سوال کیاکہ جب ہم آپ کا انٹرویوکرنے کے لئے یہاں آئے تھے تو ہمیں سیکیورٹی چیک سے گزرنا پڑاتھا۔ مجھے پتہ چلاہے کہ پاکستان میں آپ کی جماعت پر مظالم ہوتے ہیں۔ آپ اس کو کیسے دیکھتے ہیں؟
اس پر حضورانو رایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا: گوکہ ہم پر پاکستان میں ظلم کئے جارہے ہیں لیکن اس کے باجود احمدیوں کی ایک بڑی تعداد جوکہ لاکھوں میں ہے پاکستان میں مقیم ہے۔
حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا: پاکستان میں مَیں نے بھی بے بنیادالزامات کی بنیاد پر چنددنوں کی قید کاٹی ہے۔لیکن میں نے خلیفہ منتخب ہونے تک وہ ملک نہیں چھوڑا۔ہمیں ان مظالم کا سامنا تو کرنا پڑرہا ہے کیونکہ ان مظالم کے پیچھے حکومت کا ہاتھ ہے۔وہاں احمدیوں کے خلاف قوانین نافذ کئے گئے ہیں کہ ہم اپنے عقیدہ کا نہ تو اظہارکرسکتے ہیں اور نہ ہی تبلیغ کرسکتے ہیں۔ہم اپنی عبادت کی جگہوں کو مسجد نہیں کہہ سکتے۔ہم اپنے آپ کو مسلمان سمجھتے ہیں مگر وہاں ہم اپنے آپ کو مسلمان نہیں کہہ سکتے یہاں تک کہ قانون کی رو سے ہم اپنے بچوں کے مسلمانوں کی طرح کے نام بھی نہیں رکھ سکتے۔پس اس طرح کے مظالم کا وہاں ہمیں سامنا تو ہے۔
٭ …اس پر صحافی خاتون نے پوچھا کہ کیا آپ کو یورپ میں بھی خطرہ ہے؟
اس پر حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا: یورپ میں تو radicalised نوجوان نسل سے ہرایک کو خطرہ ہے جیساکہ آپ نے پہلے کہا۔لیکن چونکہ مسلمانوں کی بڑی تعداد یا مسلمانوں کے بعض فرقے اور گروہ احمدیوں کے خلاف ہیں اس لئے وہ احمدیوں کو نقصان پہنچاسکتے ہیں اور ممکن ہے کہ وہ جماعت کے سربراہ کو بھی اپنا نشانہ بنائیں۔یہی وجہ ہے کہ جب مَیں یہاں ہوتاہوں تو عام دنوں سے بڑھ کر چیکنگ اور سیکورٹی کا خیال رکھا جاتاہے۔اور جب میں یہاں نہیں بھی ہوتاتو تب بھی سیکیورٹی چیکنگ کا انتظام ہوتاہے۔ احمدیوں میں سے ہرایک کے پاس اپنا Identity Card ہوتاہے جسے سکین کروانے کے بعد وہ مسجد میں داخل ہوتاہے۔یہ صرف حفاظتی اقدام کی خاطر کیاجاتاہے۔ہمیں بعض یورپین ممالک کے حکام کی طرف سے بھی کہاگیاہے کہ ہمیں حفاظتی تدابیر اختیارکرنی چاہئیں۔
٭ …انٹرویوکے آخر میں خاتون صحافی نے حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا شکریہ اداکیااور کہاکہ جمعہ اور ہفتہ کے روز آپ کی مسجد کے حوالہ سے تقریبات منعقد ہو رہی ہیں۔ اس مسجد کے حوالہ سے آپ کچھ کہنا چاہیں گے؟
اس پر حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا: جمعہ کے روز ہمارا ہفتہ وار روایتی مذہبی اجتماع ہوتاہے جس کا انعقاد یہاں جمعہ کے روز دوپہر کے وقت ہوگا۔ ہفتہ کو رسمی طور پر مہمانوں کے لئے ایک تقریب کا انتظام کیا گیا ہے۔ مجھے امید ہے کہ آپ کو بھی اس تقریب میں مدعو کیا ہوگا۔ اگر نہیں کیا تو میں آپ کو دعوت دیتاہوں کہ آپ ہفتہ کے روز آئیں اور اس تقریب میں شامل ہوں۔ وہاں میں مختصراً اسلامی تعلیمات کے متعلق بتاؤں گاکہ مسلمانوں کو کیا کرنا چاہئے اور احمدیت کیاہے اور ہماری جماعت کا مقصد کیا ہے۔
اس کے بعد موصوفہ نے آخر پر ایک مرتبہ پھر حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا شکریہ اداکیا۔
…………………………
سویڈن کے لوکل اخبارSkanska Dagbladat کے صحافی کو انٹرویو
٭ …اس کے بعد لوکل اخبارSkanska Dagbladat کے جرنلسٹ نے حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا انٹرویوکیا۔ انٹرویو شروع کرنے سے پہلے صحافی نے بتایاکہ وہ پہلے اس مسجد کے حوالہ سے اخبارمیں لکھ چکے ہیں۔اس کے بعد صحافی نے پوچھاکہ کچھ عرصہ پہلے مالموسے تعلق رکھنے والاایک نوجوان دہشتگردی کے الزام میں برسلز میں گرفتارکیاگیاہے۔ ISIS جس طرح لوگوں کو بھرتی کررہی ہے وہ سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ اس حوالہ سے آپ کیاکہیں گے؟

اس پر حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا: اس حوالہ سے میں لمبے عرصہ سے خبردار کررہاہوں کہ حکومتوں کو اس بارہ میں اقدامات کرنے چاہئیں۔ اگر آپ کو مسلمانوں کے سکولوں یا مسجدوں وغیرہ میں کسی پر شک ہے تو باقاعدہ ان کی نگرانی کرنی چاہئے۔اگر مکمل احتیاط کی جائے تو میرا نہیں خیال کہ کوئی بھی یہ ملک چھوڑ کر ISIS میں شامل ہوسکتاہے۔اگر ان لوگوں کو radicalise کیا جارہا ہے تو یہاں اس ملک کے اندر ہی کیا جارہا ہے۔ اور یہ حکومت کا کام ہے کہ وہ دیکھے کہ ان لوگوں کو کس طرح شدّت پسندی کی تعلیم دی جارہی ہے؟ جہاں تک احمدی مسلمانوں کا تعلق ہے تو ہماراعقیدہ ہے کہ اسلامی تعلیمات بڑی وضاحت کے ساتھ انتہاپسندی اور ظلم و ستم کی مذمت کرتی ہیں۔ اور جہاں تک احمدی نوجوانوں یا کسی بھی احمدی کا تعلق ہے تو آپ کبھی بھی کسی احمدی کو نہیں دیکھیں گے کہ وہ ملک چھوڑ کر ISIS یا دیگر انتہاپسند گروپوں میں شامل ہوا ہو۔ کیونکہ ہماری تعلیمات تو پیار، محبت اور ہم آہنگی پر مشتمل ہیں۔ ان اسلامی تعلیمات کا شدّت پسندی سے دُور دُور کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ اور میرا یقین ہے کہ ہر مذہب کی بنیادی تعلیم یہی محبت، پیار اور ہم آہنگی ہی ہے۔
٭ …اس کے بعد صحافی نے کہا کہ جو نوجوان ISIS چھوڑ کر واپس برطانیہ یا سویڈن آرہے ہیں ان کے بارہ میں آپ کا کہنا ہے کہ انہیں دوسرا موقع ملنا چاہئے؟
اس پر حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا: دیکھیں جب آپ نے انہیں ہرجگہ جانے کی مکمل آزادی دی ہوئی ہے تو آپ انہیں چیک نہیں کرسکتے۔پس ان لوگوں کو جیلوں میں نہیں بلکہ بعض ہوسٹلز میں رکھناچاہئے تاکہ آپ ان پر نظررکھیں اور انہیں بتائیں کہ ملک کے ساتھ وفاداری کیاچیز ہوتی ہے؟ اور اس کا آپ کے عقیدہ میں کیا مقام ہے؟کیونکہ ہمارے عقیدے کے مطابق وطن سے محبت ایمان کا حصہ ہے جوپیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کا قول ہے۔پس اگرآپ نوجوان نسل کو احساس دلادیتے ہیں کہ یہ تمہاری تعلیمات ہیں اور تمہیں ان تعلیمات پر چلنا چاہئے تو میراخیال ہے اگر ان کو ٹھیک طریق سے سکھایا جائے اور ان پر نظر رکھی جائے توقوی امید ہے کہ ان میں سے بڑی تعداد کچھ عرصہ بعد اپنے اعمال سے توبہ کرلے گی۔ میرے نزدیک انہیں جیل میں نہیں رکھناچاہئے۔جب ان کو دوسرے قیدیوں کے ساتھ رکھیں گے تو ہوسکتاہے کہ آپ کومزید کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑے۔اور ممکن ہے وہ ان قیدیوں سے بری چیزیں سیکھ لیں۔اور اگر وہ یقین دہانی کروادیں کہ ہم اب مکمل طور پر تبدیل ہوچکے ہیں تو آپ انہیں ان کے گھروں میں رہنے کی اجازت دے دیں اور وقت بوقت ان کو زیرِ مشاہدہ رکھیں۔
٭ …صحافی نے کہاکہ سویڈن میں اس کے برعکس ہورہا ہے۔ جب یہ لوگ واپس آتے ہیں ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جاتی ہے کیونکہ دہشتگردوں کے ساتھ شامل ہونا یارابطہ رکھنا غیر قانونی فعل ہے۔آپ کا اس کے بارہ میں کیا خیال ہے؟
اس پر حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا: اگر تو قانون کہتاہے کہ ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے تو پھر ٹھیک ہے۔اور اگر یہ ثابت ہوجائے کہ ان لوگوں کی وجہ سے مسائل پیداہوئے ہیں اور یہ ان مسائل کا حصہ ہیں اور انہوں نے اپنے آپ کو کبھی بدلا ہی نہیں توپھر قانون جس طرح کہتاہے اس کے مطابق ان کے ساتھ سلوک ہوناچاہئے۔
٭ …صحافی نے پوچھاکہ اس مسئلہ کے بارہ میں احمدی جماعت کیا کردار اداکرسکتی ہے؟
اس پر حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا: ہم تو ایک لمبے عرصہ سے اپنا کرداراداکررہے ہیں۔ ہم تو کہتے ہیں آج کے دور میں جہاد جس کو بالعموم دشمن کے خلاف تلوار اور طاقت کا استعمال سمجھاجاتاہے موقوف ہوگیاہے۔ کیونکہ تلوار کے جہاد کی اجازت صرف اُس وقت دی گئی تھی جب دشمن اسلام کو مٹانے کے لئے مسلمانوں کے خلاف تلوار اُٹھارہے تھے۔وہ چند مسلمانوں یا چند مسلمانوں کے گروپوں کو ختم نہیں کرناچاہتے تھے بلکہ وہ کلیتہً مذہب کو ہی مٹادینا چاہتے تھے۔لیکن آج کے دَور میں ہم کوئی ایسا مذہبی یا غیر مذہبی گروپ نہیں دیکھتے جو تلوار کے زور سے صفحہ ٔ ہستی سے اسلام کا نام مٹانے کی کوشش کررہاہو۔اگر یہ لوگ اسلام کے خلاف ہیں تو میڈیایا اس قسم کے دیگر ذرائع کو بروئے کارلاتے ہوئے اسلام کے خلاف پراپیگنڈاکرتے ہیں۔ پس اس دَو ر میں جہاد یہی ہے کہ میڈیا، لٹریچر اورکتب کے ذریعہ اسلام کے مخالفین کے اعتراضات کا جواب دیا جائے۔ اس دَور میں طاقت کے استعمال کی اجازت نہیں ہے۔ جب دشمن کے خلاف تلوارکے جہاد کی سب سے پہلے اجازت دی گئی تو اس اجازت کے ساتھ تفصیلی ہدایات بھی دی گئیں۔ اور اس آیت میں یہ بھی ذکر کیا گیا کہ اگر آپ نے ان دشمنوں کو جومسلمانوں پر حملہ آور ہونے کے لئے تیارتھے ان کا طاقت کے ساتھ مقابلہ نہ کیاتو آپ کو کوئی کلیسا،گرجا، مندر یا عبادت کی کوئی بھی جگہ محفوظ نہیں ملے گی کیونکہ یہ دشمنان صرف اسلام کو ہی نہیں مٹانا چاہتے ہیں بلکہ یہ لوگ تو مذہب کے خلاف ہیں اور تمام مذاہب ختم ہوجائیں گے۔
٭ …صحافی نے کہاکہ یہ لوگ تو سمجھ رہے ہیں وہ اس طرح سے اسلام کو پھیلا رہے ہیں۔
اس پر حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے فرمایا کہ: آپ تلوار کے ذریعہ نہیں بلکہ تبلیغ کے ذریعہ اسلام کا پیغام پھیلاسکتے ہیں۔ حتیٰ کہ قرآن کریم خود کہتاہے کہ مذہب میں کوئی جبرنہیں۔پس جب مذہب میں جبر نہیں تو اسلام کو پھیلانے کے لئے طاقت کا استعمال کس طرح جائز ہوسکتاہے؟
٭ …اس کے بعد صحافی نے سوال کیاکہ آپ کا یہاں سٹاک ہوم میں کیا پروگرام ہے؟ کیا آپ سیاستدانوں سے ملیں گے؟
حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا: میرا نہیں خیال کہ میں سیاستدانوں سے ملوں گامگر سٹاک ہوم میں ایک ریسیپشن کا پروگرام منعقد ہورہاہے۔اگر کچھ سیاستدان ہماری دعوت قبول کرلیتے ہیں تو ممکن ہے اس موقع پر مختصرسی ملاقات ہوجائے۔ورنہ میراارادہ تو صرف اس مسجد کے افتتاح کا تھا۔اور جماعت کے افراد کے ساتھ ملاقاتیں کرنا تھا۔
٭ …صحافی نے کہا کہ یہاں مالمو میں آپ کامسجد بنانے کاکیامقصد تھا؟
اس پر حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا: یہاں مالمومیں احمدی مسلمانوں کے پاس باقاعدہ کوئی عبادت کے لئے جگہ نہیں تھی جہاں وہ جمع ہوسکتے اورباجماعت نمازیں اداکرسکتے۔ لیکن اب ہم نے یہاں مسجد تعمیر کرلی ہے۔دن میں پانچ نمازیں اداکرنا ہم پر فرض ہے۔پس اس مسجد کا مقصد بھی یہی ہے کہ احمدی مسلمان یہاں جمع ہوں اور باجماعت اپنی فرض نمازوں کی ادائیگی کریں۔ اس کے علاوہ اور بھی مقاصد ہیں۔ جیسے یہاں multi purpose ہال تعمیر کیاگیاہے جس کو آپ کمیونٹی ہال بھی کہہ سکتے ہیں جہاں احمدی نوجوان یا قدرے بڑی عمر کے لوگ بھی آسکیں گے جووہاں کھیل سکتے ہیں، اپنے اجلاسات کرسکتے ہیں اور اپنی دیگر تقریبات منعقد کرسکتے ہیں۔
٭ …اس کے بعد صحافی نے کہا کہ میں نے یہاں پر سکورٹی کافی سخت دیکھی ہے۔اس کی کیا وجہ ہے؟
اس پر حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا: بالعموم دنیا کے حالات میں ایک اضطراب ہے۔ بعض یورپین ممالک میں بھی ہمیں کہاگیاہے کہ ہم اپنی مساجد وغیرہ کی حفاظت کا انتظام کریں۔ پس جب بھی احمدی یہاں جمع ہوتے ہیں تو سیکیورٹی کی خاطر ہر احمدی کو ایک IDENTITYکارڈ ایشو کیاگیاہے جسے وہ سکین کرواکرمسجد میں داخل ہوسکتے ہیں۔اور اگر کوئی باہر کا بندہ مسجد میں آنا چاہے تو آسکتاہے مگر اس کا سیکیورٹی چیک ہوگا۔کیونکہ صرف احمدی مسلمانوں کو خطرہ لاحق نہیں ہے بلکہ اس radicalisation کی وجہ سے ہرایک کو خطرہ لاحق ہے۔حتیٰ کہ آپ کو بھی خطرہ ہوسکتاہے۔ بہرحال ہماری مساجد آسانی سے نشانہ بن سکتی ہیں اس لئے ہمیں محتاط اور چوکنّا رہناپڑتاہے۔
٭ …اس کے بعد صحافی نے پوچھاکہ آپ کا تعلق پاکستان سے ہے؟ کیا آپ بغیر کسی مسئلہ کے پاکستان جاسکتے ہیں؟
اس پر حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا: خلیفہ منتخب ہونے سے پہلے میں پاکستان میں تھا حتّٰی کہ پاکستان میں میرے خلاف مقدمہ بھی دائر کیاگیاجس کی وجہ سے مجھے چند دن جیل میں رہنا پڑا۔لیکن اس کے باوجود میں نے پاکستان نہیں چھوڑا۔ مگر جب میرا انتخاب جماعت احمدیہ کے سربراہ کے طور پر ہؤا تو مَیں نے خود یہ فیصلہ کیااور جماعت نے بھی یہی تجویز کیاکہ میں پاکستان کی بجائے لندن میں رہوں کیونکہ پاکستان کا قانون ہماری جماعت کے سربراہ یا کسی بھی احمدی کو اس بات کی اجازت نہیں دیتا کہ وہ اپنی مرضی کے مطابق اپنے عقائد پر عمل کرسکیں یا ان کی تبلیغ کرسکیں۔ مَیں وہاں قانون کے مطابق نہ تو نمازیں پڑھاسکتاہوں، نہ خطبات دے سکتاہوں اور نہ ہی اپنے آپ کو مسلمان کہہ سکتاہوں۔
٭ …اس پر صحافی نے کہاکہ اس کا مطلب ہے کہ پاکستان میں صرف اسلام کی ایک ہی تعریف ہے۔
اس پر حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے فرمایا: وہ کہتے ہیں کہ ہم لوگ مرتد ہیں اور اصل اسلامی تعلیمات سے بھٹک گئے ہیں۔اس لئے وہ ہمیں مسلمان نہیں سمجھتے۔اوراسی وجہ سے انہوں نے پارلیمنٹ میں ہمارے خلاف قانون سازی کی۔ پس جب بھی میں پاکستان جاؤں تووہاں ایسے قوانین موجود ہیں جن کی وجہ سے کوئی بھی مولوی پولیس سٹیشن جاکر میرے خلاف مقدمہ کرواسکتا ہے۔میں نماز نہیں پڑھ سکتایہاں تک کہ میں السلام علیکم بھی نہیں کہہ سکتا۔
٭ …صحافی نے پوچھا کہ کیاآپ وزٹ پر پاکستان جاسکتے ہیں؟
حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایاکہ میں اگر پاکستان جاؤں تو وہاں جاکرکیاکروں گا؟ میں ہر جمعہ کو خطبہ دیتاہوں جو دنیابھر میں ہمارے ٹی وی چینل کے ذریعہ سنا جاتاہے۔تو اگر میں وہاں جاؤں تو میں نماز نہیں پڑھاسکتا۔میں خطبات نہیں دے سکتااور میں اپنے آپ کو مسلمان نہیں کہہ سکتا۔ میں ان باتوں کا کس طرح انکار کردوں جن پر میراایمان ہے؟
٭ … صحافی نے آخری سوال کیاکہ ہرسال پِیس سمپوزیم کا انعقاد کیاجاتاہے؟ کیا امن کا قیام آپ کی جماعت کے لئے بہت بڑا مسئلہ ہے؟
اس پر حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا: یہ مسئلہ نہیں ہے بلکہ یہ ہماری جماعت کے مختلف پروگراموں میں سے ایک پروگرام ہے کہ ہم ہرسال پَیس سمپوزیم کا انعقادکرتے ہیں اور غیر احمدی اور غیرمسلم افراد کی ایک بڑی تعداد اس تقریب میں شامل ہونے کے لئے آتی ہے۔وہاں سیاستدان بھی آتے ہیں اور حاضرین کو ایڈریس کرتے ہیں اور مَیں بھی حاضرین کو ایڈریس کرتا ہوں اور اسلام کی صحیح تصویر پیش کرتاہوں اور حالات حاضرہ کے مسائل پر بات کرتاہوں۔ اس کے علاوہ ہماری جماعت کا جو سب سے بڑا فنکشن ہے وہ جلسہ سالانہ کا انعقاد ہے اور یہ ہر ملک میں منعقد ہوتاہے اور یوکے میں بھی ہوتاہے۔ چونکہ یوکے میں مَیں بھی موجود ہوں اس لئے اس کو انٹرنیشنل جلسہ سمجھاجاتاہے جس میں 35 سے چالیس ہزارتک لوگ شامل ہوتے ہیں اور یہ تین دن تک جاری رہتاہے۔اس میں بھی بعض غیر احمدی اور غیر مسلمان مہمان آتے ہیں لیکن اکثریت احمدی افراد کی ہوتی ہے۔
انٹریو کے آخر پر صحافی نے حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا شکریہ اداکیا۔
…………………………
اخبار Sydsvenskan کے نمائندہ کو حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ کا انٹرویو
بعدازاں ساؤتھ میں سب سے بڑے اخبار Sydsvenskan کے نمائندہ نے حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا انٹرویو لیا۔موصوف نے انٹرویوکے آغاز میں کہاکہ انہیں حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ مل کر بہت خوشی ہوئی ہے جس پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے ان کا شکریہ اداکیا۔
٭ …اس کے بعد موصوف نے پوچھا کہ مالمو میں بننے والی اس نئی مسجد کے متعلق آپ کیا کہنا چاہیں گے؟
اس کے جواب میں حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے فرمایا: جب میں پہلی مرتبہ یہاں مالمو میں آیا تویہاں زرعی زمین ہوتی تھی لیکن اس دفعہ جب میں آیا تو اسی زرعی زمین پر ایک نہایت خوبصورت عمارت تعمیرہوچکی تھی۔ اور مسجد وہ جگہ ہے جہاں ہم اپنے خالقِ حقیقی کی عبادت کے لئے جمع ہوتے ہیں۔ پس اگر آپ کا مذہب کے ساتھ لگاؤہے تو آپ یہ دیکھ کر جذباتی ہوجاتے ہیں کہ آپ کے پاس ایک ایسی جگہ ہے جہاں آپ کی جماعت کے لوگ اور مسلمان جمع ہوکر اپنی عبادات بجالاسکتے ہیں اور خداتعالیٰ کے حضور جھک سکتے ہیں۔
٭ …اس کے بعد اس نمائندہ نے سوال کیاکہ آپ کے لئے اور جماعت احمدیہ کے لئے مالمومیں مسجد بنانا اتنا ضروری کیوں تھا؟
اس کے جواب میں حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے فرمایا: جہاں بھی ہماری جماعت ہے ہم وہاں اپنی مساجد تعمیر کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔یہ بات نہیں ہے کہ ہم نے صرف مالمومیں کوئی خاص مقاصد لے کر مسجد تعمیر کی ہے بلکہ یہاں کافی احمدی رہتے ہیں اور انہوں نے کہا کہ ہم مالمو میں اپنی مسجد تعمیر کرنا چاہتے ہیں اور انہوں نے مسجد تعمیر کرلی۔ جرمنی میں بھی آپ دیکھیں گے کہ بڑے شہروں میں نہیں بلکہ چھوٹے چھوٹے قصبوں میں جن کی آبادی شاید بیس پچیس ہزار کی ہو اور وہاں احمدی رہ رہے ہیں وہ بھی وہاں مساجد تعمیر کررہے ہیں۔ پس جہاں ہماری کمیونٹی ہے وہاں کوشش ہوتی ہے کہ ہماری عبادت کے لئے ایک جگہ بھی ہو۔ بالکل ایسے ہی جیسے ماضی میں جہاں بھی عیسائی ہوتے وہاں وہ چرچ تعمیر کرلیتے تھے۔
اس پر نمائندہ نے کہاکہ ابھی بھی تعمیر کرتے ہیں۔ جس کے جواب میں حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا: بسااوقات ابھی بھی کرتے ہیں۔زیادہ تر افریقہ میں کرتے ہیں اور یورپ کو تو بھول ہی چکے ہیں۔
٭ …نمائندہ نے پوچھاکہ آپ کے مذہب اور دیگر مسلمانوں میں کیا بڑافرق ہے؟
اس کے جواب میں حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے فرمایا: ہمارا کوئی نیا مذہب نہیں ہے یا ہمارا مذہب اسلام سے کوئی مختلف نہیں ہے۔ہم بھی اسلام کے اسی نبی محمد صلی اللہ علیہ و سلم پر ایمان رکھتے ہیں اور اسی کتاب قرآن کریم پر ایمان رکھتے ہیں جس پر دوسرے مسلمان۔ فرق یہ ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم نے پیشگوئی فرمائی تھی کہ آخری زمانہ میں مسلمان حقیقی اسلامی تعلیمات کو بھلادیں گے اور اس وقت ایک شخص ظاہر ہوگا۔ اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے بعض علامتیں بھی بیان فرمائیں کہ جب وہ شخص ظاہر ہوگا اور دعویٰ کرے گا تو تم اس کواِن نشانیوں پر پرکھ لینا۔اوریہ علامتیں بہت سی ہیں۔

حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے فرمایا: پس ہم یقین رکھتے ہیں کہ وہ شخص ظاہر ہوچکاہے۔ رسولِ کریم صلی اللہ علیہ و سلم نے جو علامتیں بیان فرمائیں ان کے مطابق آخری زمانہ میں میڈیا بہت زیادہ اہمیت کا حامل بن جائے گا، نقل وحمل کے ذرائع کی کثرت ہوگی اور بعض آسمانی نشان ظاہرہوں گے جیساکہ سورج اور چاند کو معیّنہ وقت پر گرہن لگناوغیرہ ہیں۔پس ہم یقین رکھتے ہیں کہ یہ نشانات پورے ہوچکے ہیں اور وہ شخص ظاہر ہوچکاہے۔ جبکہ دیگر مسلمانوں کا کہناہے کہ جس مسیح نے آنا تھا اُس نے آسمان سے نازل ہونا ہے۔ جبکہ ہمارا عقیدہ ہے کہ ہر انسان اس دنیا میں کچھ وقت گزارنے کے بعد وفات پاجاتاہے اور ہمارے عقیدے کے مطابق کوئی بھی وفات یافتہ شخص دوبارہ نہیں آسکتا۔ پس جس شخص کے متعلق رسولِ کریم صلی اللہ علیہ و سلم نے پیشگوئی فرمائی تھی وہ وہ مسیح ناصری نہیں تھا بلکہ اس مسیح کی خصوصیات کا حامل ایک شخص تھا۔ پس ہمارا ایمان ہے کہ وہ شخص آچکاہے۔ آپ کہہ سکتے ہیں ہمارے اور دیگر مسلمانوں کے بیچ سب سے بڑا اختلاف یہی ہے۔
حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے فرمایا: اس اختلاف کے باجود جن مسلمانوں کو احساس ہورہاہے حق کیا ہے وہ ہمارے ساتھ شامل ہوتے جارہے ہیں۔ 127 سال قبل 1889ء میں جس شخص نے مسیح موعود ہونے کا دعویٰ کیا وہ اکیلا شخص تھااوراس نے انڈیا میں پنجاب کے ایک چھوٹے سے گاؤں میں دعویٰ کیااوراس کے دعویٰ کے 127 سال بعد اب اس شخص کی جماعت تقریباً 207 ممالک تک جاپہنچی ہے۔ جب اس کی وفات ہوئی تو اس وقت بھی احمدیوں کی تعداد چار لاکھ کے قریب پہنچ چکی تھی۔اور اُس کے وقت مواصلاتی ذرائع اور سہولیات اس طرح نہیں تھیں جس طرح کہ اب ہیں۔اُس وقت جو لوگ ہماری کمیونٹی میں شامل ہوئے وہ زیادہ تر مسلمان ہی تھے۔ گو کہ مسلمان مُلّاں بڑا شورمچاتے ہیں اوربعض ممالک میں ہم پر ظلم ہورہے ہیں اور ہمارے خلاف قوانین بنائے گئے ہیں لیکن اس کے باوجود بھی مسلمان اور دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگ ہماری جماعت میں شامل ہورہے ہیں۔
٭ …نمائندہ نے کہاکہ آپ پر پاکستان میں پابندیاں ہیں۔جس پر حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے فرمایا:بالکل درست بات ہے۔ ہم پاکستان میں اپنے آپ کو مسلمان نہیں کہہ سکتے۔ آئین کہتا ہے کہ احمدی قانونی طورپر غیر مسلم ہیں۔
٭ …نمائندہ نے اگلا سوال کیاکہ پاکستان میں احمدیوں کو خطرہ کیوں سمجھاجاتاہے؟ یا پاکستان کو احمدیوں سے کیا خطرہ ہے کہ وہاں احمدیوں کے خلاف قانون بنایاگیاہے؟
اس پر حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے فرمایا: ہم تو پاکستان کے لئے کوئی خطرہ نہیں ہیں۔ پاکستان کے پہلے وزیر خارجہ احمدی تھے۔ایک بڑی تعداد میں پاکستانی افواج میں احمدی فوجیوں نے پاکستان کی خاطر دشمنوں کے ساتھ لڑائی کی اورجان کی قربانی دی۔ انہیں اس وقت کی حکومت کی طرف سے تمغوں سے نوازا گیا۔بلکہ ابھی حال ہی میں گزشتہ مہینہ ایک احمدی فوجی جو پاکستانی حکومت کے لئے لڑ رہے تھے شدّت پسندوں کے ہاتھوں شہید ہوئے اوران کی تدفین ربوہ میں عمل میں آئی جہاں اکثریت احمدیوں کی ہے۔اورحکومت کی طرف سے پورے اعزاز کے ساتھ انہیں دفن کیاگیا۔پس اگر ہم کچھ غلط کررہے ہیں تو پھر ہم پاکستان کے لئے جانیں کیوں قربان کرتے ہیں اورپاکستان کی خدمت کیوں کرتے ہیں؟ پاکستان کا پہلا نوبل انعام یافتہ ایک احمدی ہی تھا جس کو ضیاء الحق نے ازخود پاکستانی تسلیم کیااوردوسری طرف ضیاء الحق ہی تھا جس نے احمدیوں کے خلاف مزید قوانین نافذ کئے۔
حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے فرمایا: پس جب کہیں ان کا مفاد ہوتاہے تو وہ ہمیں قانون پر عمل کرنے والے اور وفادار پاکستانی بھی سمجھتے ہیں۔پس وہ یہ سب گھٹیاسیاسی مفاد کی خاطر کرتے ہیں جس کی ابتدا 1974ء میں اس وقت کے پاکستانی وزیرِ اعظم ذوالفقار علی بھٹو نے کی اور اس کے بعد اس میں اضافہ مارشل لاء کے تحت ضیاء الحق نے کیا۔پس یہ یا تو سیاسی مفاد کی خاطر یا پھر مُلّاؤں کو خوش کرنے کے لئے اور ان کو ٹھنڈا کرنے کے لئے ہوتارہاہے۔
٭ …اس کے بعد نمائندہ نے کہاکہ میں نے دیکھاہے کہ آپ تیسری عالمی جنگ کے بارہ میں آگاہ کرنے کے لئے دنیا بھرکا سفرکرتے ہیں اور مختلف رہنماؤں سے ملتے ہیں اور انہیں خطوط لکھتے ہیں۔ اس کے بارہ میں کچھ بتائیں۔
اس پر حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے فرمایا: یہ درست ہے کہ میں دنیابھر کا سفر کرتاہوں۔لیکن ان سفروں کا مقصد رہنماؤں کو ملنا نہیں ہوتابلکہ میں تو اپنی جماعت کے لوگوں سے ملنے کے لئے سفر کرتاہوں جن سے میں پیارکرتاہوں اور جو مجھ سے پیارکرتے ہیں۔اوران سفروں کے دوران اگر مقامی جماعتوں کی انتظامیہ وہاں کے سیاستدانوں اور رہنماؤں کے ساتھ میٹنگز کا انتظام کرتی ہے یا مختلف سیاستدانوں سے ملاقات کرنے کا موقع ملتاہے تو میں پھر ان سے بھی مل لیتاہوں۔
حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے فرمایا: میرے لئے سب سے اہم چیز دنیا کا امن ہی ہے جس کے متعلق میں ایک عرصہ سے بات کررہاہوں۔اوریہی وجہ ہے کہ میں نے دنیا کے مختلف ممالک کے سربراہوں کو بشمول امریکہ، برطانیہ، چین، روس، سعودی عرب، ایران اورحتی کہ پوپ کو خطوط لکھے ہیں۔تاکہ ہم سب باہم متحدہوکر دنیا میں امن کے قیام کے لئے کوشش کریں۔
٭ …نمائندہ نے پوچھاکہ کیا آپ کے پاس کوئی حل ہے؟
اس پر حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے فرمایاہے: اس کا حل جو مَیں ہر مرتبہ بتاتاہوں یہی ہے کہ اپنے خالقِ حقیقی کو پہچانیں اور ایک دوسرے کی عزت و احترام کریں۔ جماعت احمدیہ کے بانی نے بھی یہی فرمایا ہے کہ میرے آنے کے دو مقاصد ہیں۔ ایک تو بنی نوع انسان کو اس کے خالق کے قریب لانا اور دوسرا بنی نوع انسان کو حقوق العباد کی طرف متوجہ کرنا۔ جاپان میں ایک بدھ مت کے پادری نے مجھ سے پوچھاتھاکہ امن کی تعریف کیاہے؟ تو میں نے ان کو یہی جواب دیاتھاکہ اپنے حقوق کا مطالبہ کرنے کی بجائے دوسروں کے حقوق ادا کرنے کی کوشش کریں۔اگرہرایک اسی طریق پر عمل پیرا ہوجائے تو خود ہی امن قائم ہوجائے گا۔دوسرے کا حق مارنے کی بجائے اس کا حق اداکرو۔ اسی طریق پر ہم امن کا قیام کرسکیں گے۔
٭ …نمائندہ نے پوچھاکہ آپ نے مختلف رہنماؤں کو جو خطوط لکھے ہیں ان کا کیا جواب ملا؟
اس پر حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے فرمایا: مجھے صرف کینیڈا اور یوکے کے وزرائے اعظم کی طرف سے جواب موصول ہوا۔اور انہوں نے لکھاکہ ہم دنیا میں امن کے قیام کیلئے کوششیں کررہے ہیں اور اپنے نیوکلیئر ہتھیاروں میں کمی کررہے ہیں۔ یہ تو صرف سیاسی جواب تھا۔ مجھے نہیں علم کہ وہ اس پر کبھی عمل بھی کریں گے۔
٭ …اس کے بعد نمائندہ نے سوال کیاکہ سویڈن اور دنیابھر میں ISIS کے متعلق کافی بحث ہوتی رہی ہے۔ بہت سے نوجوان جو اِن یورپین ملکوں میں پلے بڑھے ہیں وہ یہاں سے سیریاجاکرISIS میں شامل ہورہے ہیں۔ آپ کے خیال میں بہت سے لوگ کیوں ان میں شامل ہورہے ہیں؟
اس پر حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے فرمایا: اس کی کئی وجوہات ہیں۔ایک وجہ جو میں بالعموم بتاتاہوں وہ معاشی ہے اور اس کو اب بہت سے سیاسی لیڈرز اور تجزیہ کار تسلیم بھی کررہے ہیں۔2008ء میں آنے والے معاشی بحران کے نتیجہ میں نوجوان نسل کے اندر محرومی میں بہت اضافہ ہواہے۔بہت سوں کی نوکریاں چلی گئیں۔ صرف یوکے میں ہی لاکھوں کی تعداد میں لوگ اپنی نوکریوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔اگر اس حوالہ سے کوئی بہتری ہو بھی رہی ہے تواس بہتری کا فائدہ نوجوان نسل کو نہ ہونے کے برابرہے۔جو تجربہ کارہیں ان کو تونوکریاں مل جاتی ہیں جبکہ نوجوان ویسے ہی رہتے ہیں۔ اورISIS ان لوگوں کو پانچ، چھ یا دس ہزار ڈالرزماہانہ کا لالچ دے کر اپنی طرف کھینچ رہی ہے۔ایک شخص جس کو سوڈالرماہانہ مل رہاہو جب اسے ہزاروں ڈالرز ملیں تو آپ خود ہی اندازہ لگالیں۔ تو اس کی ایک وجہ یہ ہے۔
حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے فرمایا: اس کے علاوہ بھی کئی پُرکشش چیزیں ہیں۔مثلاً اگر آپ لڑتے ہوئے مارے جاتے ہیں تو آپ کو جنت ملے گی وغیرہ وغیرہ۔ لیکن یہ اسلامی تعلیمات نہیں ہیں۔ یہ لوگ انہیں قرآن کریم کی غلط تفاسیر بتاکر شدت پسند بنارہے،انہیں اپنے زیرِ اثر کررہے ہیں اور خودساختہ تعلیمات پر عمل کروارہے ہیں ۔
حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے فرمایا: نوجوانوں کی ایک تعداد ایسی بھی ہے جو ISIS سے بچ کر نکل آئے ہیں۔اوریہ نوجوان بتاتے ہیں کہ جب ہم وہاں گئے تھے تو بہت اچھے ارادوں کے ساتھ گئے تھے کہ ہم اسلام کے بارہ میں سیکھیں گے اور اسلام کی خدمت کریں گے۔لیکن انہوں نے وہاں ظلم اور سفاکی کے علاوہ کچھ نہیں دیکھا۔پس اگر ان نوجوانوں کو radicalise کیاجارہاہے تو حکومتوں کو بھی چاہئے کہ وہ ٹھوس اقدامات کریں اور دیکھیں کہ انہیں کیوں radicalise کیاجارہاہے اور اس کی کیا وجوہات ہیں؟ اب تو سیاسی تجزیہ کاراوربعض صحافی جو وہاں گئے ہیں وہ بتارہے ہیں کہ اگریہ یہ اقدامات کرلئے جائیں تو نوجوان نسل کو واپس لایاجاسکتاہے۔پس جیساکہ میں نے کہاکہ جو ISIS کررہی ہے وہ اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے۔
حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے فرمایا: یہ بھی کہاجارہا ہے کہ نوجوانوں میں جنہوں نے سب سے زیادہ ظلم وستم ڈھائے ہیں ان کاتعلق افریقہ، ایشیا یا دنیا کے کسی اور حصّہ سے آئے ہوئے باشندوں سے نہیں بلکہ مقامی یورپ کے باشندوں سے تھا۔ پس ہمیں دیکھنا ہوگاکہ ایسا کیوں ہورہاہے؟
حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے فرمایا: دوسری طرف آپ یہ بھی دیکھیں گے کہ احمدی نوجوان ان شدت پسندوں کے ہاتھوں radicalise نہیں ہورہے۔ کیونکہ ہماری تعلیمات ہی اصل اسلامی تعلیمات ہیں۔ ہم انہیں بچپن سے ہی بتاتے ہیں کہ اصل اسلام کیاہے۔
٭ …نمائندہ نے کہا کہ اب سویڈن میں یہ قانون بنایاگیاہے کہ ISIS میں جاکر شامل ہونا غیر قانونی ہے۔یعنی جو لوگ ISIS چھوڑ کر واپس بھی آنا چاہیں گے ان کے لئے راستہ بند ہے۔تو کیا ایسے نوجوانوں کو معاف کردینا چاہئے؟
اس پر حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے فرمایا: اگر کوئی وہاں برے ارادے کے ساتھ گیا تھا تو اسے قانون کا سامناکرنا ہوگا۔اور یہ قانون اور عدالت کا کام ہے کہ وہ دیکھے کہ وہ وہاں کس ارادے کے ساتھ گیاتھا اور کیا اس کو اپنی اصلاح کا ایک موقع ملنا چاہئے یا اسے سزا ملنی چاہئے۔
٭ …اس کے بعد نمائندہ نے سوال کرتے ہوئے کہاکہ یہاں سویڈن میں عورتوں کے ساتھ ہاتھ ملانے پر بحث چل رہی ہے اور بعض کے نزدیک اگر آپ عورتوں کے ساتھ ہاتھ نہیں ملاتے تو اس کا مطلب ہے کہ آپ ان کی عزت اور احترام نہیں کرتے۔اس حوالہ سے آپ کا کیا نظریہ ہے؟
اس پر حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے فرمایا: اگر میں عورت کے ساتھ ہاتھ نہیں ملاتا تو آپ کو کیا پتہ کہ میرے دل میں کیاہے؟ اگرمیں عورت کے ساتھ ہاتھ نہیں ملاتاتو میں اپنی مذہبی تعلیمات اور روایات کی بنا پرایسا کرتاہوں۔
حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے فرمایا: یہ بہت معمولی سی بات ہے جس کوبہت بڑامسئلہ بنادیاگیاہے۔ مجھے نہیں سمجھ آتی کہ اگرایک مرد عورت کے ساتھ ہاتھ نہیں ملاتا تو کیااس سے ملک کی ترقی میں رکاوٹ آجاتی ہے؟ یا یہ عمل ملکی ترقی کے لئے بہترثابت ہوتاہے؟ ان معاملات کا تعلق تو اپنی ذات سے ہے۔سیاستدان اور سیاسی رہنماان باتوں میں کیوں الجھ رہے ہیں؟ ہزاروں ایسے معاملات ہیں جو اس کی نسبت زیادہ سنگین ہیں۔ ہزاروں لوگ بھوکے مررہے ہیں حتیٰ کہ یہاں سویڈن میں بھی ایک اچھی خاصی تعداد ان لوگوں کی ہے جو غربت کے کم ترین معیارسے بھی نیچے ہیں۔ آپ ان بھوکوں کو کھانا کھلانے کے بارہ میں کیوں نہیں پریشان ہوتے؟ آپ ایسے لوگوں کے لئے ملازمتو ں کے مواقع کیوں نہیں مہیاکرتے؟ عورتوں سے ہاتھ ملانا کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے۔ اصل مسائل تو یہ ہیں۔ان کے بارہ میں debate کیوں نہیں ہورہی؟ لوگ dustbins سے خوراک کیوں تلاش کرتے پھرر ہے ہیں؟
٭ … اخباری نمائندہ نے سوال کیاکہ کیا آپ عورت سے ہاتھ ملائیں گے یانہیں؟
اس پر حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے فرمایا: میں عورتوں سے ہاتھ نہیں ملاتا۔ کیونکہ میں ایک مذہبی رہنماہوں۔اور میں اپنی مذہبی تعلیمات اور روایات کی پیروی کرتاہوں۔
حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے فرمایا: دنیا میں بہت سے قبائل اور مذاہب ہیں جن کے اپنے طور طریق ہیں اور وہ ہاتھ نہیں ملاتے۔ ہندؤوں کا اپنا طریقہ ہے وہ ہاتھ جوڑ کرنمستے کردیتے ہیں۔جاپانیوں کا اپنا طریقہ ہے اور وہ صرف جھکتے ہیں۔ افریقہ میں بھی بعض چیف ہوتے ہیں جو ہاتھ نہیں ملاتے اور دوسروں کی موجودگی میں کھانا بھی نہیں کھاتے۔تو ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ وہ غلط ہیں۔
حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے فرمایا:اگر میں ملکی قوانین پر عمل کرنے والاہوں۔اگر میں اپنے ملک سے پیار کرتاہوں۔اگرمیں ملک کی ترقی کے لئے بھرپور کوشش کررہاہوں اور اس کے لئے اپنی تمام ترصلاحیتیں اور قابلیتیں بروئے کارلارہاہوں تو مجھے ایک ایساشخص نہیں سمجھاجائے گا جو اس معاشرے کا حصہ نہیں بن رہا۔ملک کے ساتھ وفاداری ظاہر کرنے کے لئے عورتوں کے ساتھ ہاتھ ملانا یا شراب پینا ضروری نہیں ہے۔ بہت سارے عیسائی ہیں جو شراب نہیں پیتے یا شراب خانوں میں نہیں جاتے تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ معاشرے کا حصہ نہیں ہیں۔ یہودیوں میں عورتوں کو مردوں کے ساتھ ہاتھ ملانے کی ممانعت ہے۔ یہ علیحدہ بات ہے کہ وہ اس پر عمل نہیں کرتے۔اگریہی حرکت کوئی یہودی کرتاتو آپ اس کو اتنا بڑا مسئلہ نہ بناتے اور اس کے خلاف بولنے والے کو۔anti semitismکا نام دے دیتے۔ لیکن چونکہ یہ کسی مسلمان نے کیا ہے اس لئے سب پریشان ہوگئے ہیں۔
٭ …نمائندہ نے کہاکہ آپ Radical Islamاور عورتوں سے ہاتھ ملانا یا نہ ملانا اس طرح کے سوالات سے تھک گئے ہوں گے۔
اس پر حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے فرمایاکہ اسلام کو radical کہنا یا اسلام کا radical ہونا ایک بہت بڑا مسئلہ ہے۔ اس سے دنیا کا امن خراب ہورہاہے۔اگرکوئی سویڈش مسلمان radicalise ہوتاہے تو یہ صرف سویڈن کے لئے پریشان کُن نہیں بلکہ وہ دنیا کے کسی بھی ملک کے لئے خطرہ ہے۔جیساکہ یہاں سے ایک سویڈش برسلز میں گیاتھا۔پس اگر مالمومیں ایک شخص radicalise ہوتاہے تو وہ صرف مالموکے لئے نہیں بلکہ پوری دنیا کے لئے خطرہ ہے۔اگر کوئی جنوبی افریقہ یا جنوبی امریکہ میں radicalise ہوتاہے تو وہ دنیا کے ہر ملک کے لئے خطرہ ہے۔اگر کوئی ایران، اردن، سیریایا مصر میں radicalise ہوتاہے تو وہ ساری دنیا کے لئے خطرہ ہے۔تو یہ ایک بہت بڑا مسئلہ ہے اور اس کومختلف طریق سے حل کرنا ہوگا۔اس لئے اس کا ہاتھ ملانے والے مسئلہ کے ساتھ مقابلہ نہیں کرسکتے۔ سیاستدانوں نے اس مسئلہ کو صرف اور صرف لوگوں کی توجہ پھیرنے کے لئے اُٹھایاہے۔
٭ …اس کے بعد نمائندہ نے سوال کیاکہ آپ کا
ہم جنس پرستی کے بارہ میں کیا نظریہ ہے؟ اگر کوئی ہم جنس پرست ہو تو وہ اس نئی بننے والی مسجد میں آسکتاہے؟
اس پر حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے فرمایاہے: قرآن کریم کی نسبت بائبل میں homosexuality پر زیادہ تفصیل سے بات کی گئی ہے۔ اگر آپ حقیقی طور پر عیسائیت پر عمل پیراہیں تو آپ اس فعل کو ناپسند کریں گے۔آپ نے قومِ لوط کا نتیجہ بھی دیکھاجنہیں سزا دی گئی اور تباہ کردیئے گئے۔اس کی تفصیل بائبل میں بھی بیان کی گئی ہے۔اگرآپ خداپر یقین رکھتے ہیں اورسمجھتے ہیں کہ بائبل میں جو بھی لکھاہے سچ ہے تو بائبل کہہ رہی ہے کہ یہ لوگ اپنی بداعمالیوں کے نتیجہ میں تباہ و برباد کردیئے گئے تھے۔ پھر اِس زمانہ کے لوگوں کوسزا کیوں نہیں ملے گی؟ دوسری بات یہ ہے کہ اگر کوئی ہم جنس پرست ہے تو کیا ضروری ہے کہ وہ اعلان کرے کہ میں homosexual ہوں؟ اگرکوئی علی الاعلان بھی کہے کہ وہ ہم جنس پرست ہے تو ہم اس کو اس مسجد میں آنے سے نہیں روکیں گے۔لیکن اس کے ساتھ ہمدردی کرتے ہوئے ہم اس کو یہ ضرور بتائیں گے کہ اس کو اپنے اندر تبدیلی پیداکرنی چاہئے ورنہ قرآن اور بائبل کی تعلیمات کے مطابق اسے خداتعالیٰ کی طرف سے عذاب اور سزا ملے گی۔اب تو ماہرِ نفسیات بھی یہ تسلیم کررہے ہیں اور کہتے ہیں کہ یہ ایک نفسیاتی بیماری ہے جس کا علاج موجود ہے۔مگر homosexuality کے متعلق بنائے جانے والے قوانین کی وجہ سے وہ خاموش ہیں۔ دیکھیں کہ جب یہ قوانین نہیں بنے تھے اس وقت بھی homosexual موجود تھے مگر ایسے لوگ صرف وہی تھے جنہیں بچپن میں کوئی نفسیاتی مسئلہ تھاجس کی وجہ سے وہ ایسے بن گئے۔ مگر مختلف اسمبلیوں کی طرف سے قوانین کے پاس ہونے کے بعد ایسے لوگ بھی جنہیں بچپن میں کوئی نفسیاتی مسئلہ نہیں تھا وہ بھی ان ہم جنس پرستوں کے زیرِ اثر آرہے ہیں اور صرف اور صرف شہوت کی خاطر اس طرف آرہے ہیں۔ اگر آپ homosexuals کا ڈیٹا دیکھیں تو آپ کو پتہ چلے گا کہ لوگوں کو چالیس یا پچاس سال کے قریب جاکر مسائل پیداہونے شروع ہوجاتے ہیں اور وہ اس وقت اپنے پارٹنرکو چھوڑنا چاہتے ہیں۔ بعض جو بڑی عمر میں homosexual کلب وغیرہ میں شامل ہوتے ہیں ان میں سے بعض شادی شدہ بھی ہوتے ہیں جن کی بیویاں بھی پریشان ہوتی ہیں اور کہتی ہیں کہ ان لوگوں نے ہماری شادی شدہ زندگی برباد کردی ہے۔ ایسے لوگوں نے پہلے کبھی homosexuality کی طرف جانے کا سوچا بھی نہیں ہوتا لیکن اب صرف اور صرف اپنی شہوانیت کی خاطر homosexual clubs میں جانے لگ گئے ہیں۔
٭ …اس پر اخباری نمائندہ نے کہا کہ یہ تو صرف ان لوگوں کے لئے ہے جو مذہب کو مانتے ہیں۔لیکن بہت سارے لوگ تو مذہب کو مانتے ہی نہیں۔
حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے فرمایا: میں بعض ایسے ہم جنس پرستوں کو جانتا ہوں جو مسلمان ہیں۔جب میں نے انہیں کہا کہ اپنا علاج کروائیں تو وہ علاج سے ٹھیک ہوئے۔انہوں نے homosexual پارٹنر سے اپنی نفسانی خواہشات پوری کرنا چھوڑدیا اورپھر عورت سے شادی کی اور اب وہ عورت کے ساتھ تعلق قائم کرکے خوش ہیں۔
٭ … اخباری نمائندہ نے کہاکہ پھر آپ کا ایسے لوگوں کے بارہ میں کیا خیال ہے؟
اس پر حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے فرمایا کہ مَیں تو ایسے لوگوں کے ساتھ ہمدردی رکھتا ہوں۔ جب مجھے پتہ ہے کہ خدا تعالیٰ ایسے لوگوں کو سزا دے گا تو مَیں ان کے ساتھ ہمدردی کی وجہ سے انہیں سمجھانے کی کوشش کرتا ہوں اورمیں ایسے لوگوں سے نفرت نہیں کرتا۔ اگر ان میں سے کوئی ہماری مسجد میں آکر دعاکرناچاہے تو وہ آسکتا ہے۔ مَیں ان کو مسجد آنے سے نہیں روکوں گا۔
حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے فرمایا: اگر آپ homosexual نہیں ہیں اور مخالف جنس کے ساتھ تعلق رکھتے ہیں تو کیا آپ سڑکوں پر آکر یہ تعلق قائم کرتے ہیں؟ یا پھر اعلان کرتے پھرتے ہیں کہ میں نے یہ تعلق قائم کرناہے۔اگرآپ اعلان نہیں کررہے تو پھر homosexuals کے بارے میں اتنا شورمچانے کی کیا ضرورت ہے؟ کوئی بھی یہ نہیں کہتاکہ میرا اپنی بیوی یا اپنی دوست یا partner کے ساتھ جنسی تعلق قائم کرنے کا حق ہے اور میں قائم کرتاہوں۔ اس کا کہیں بھی اعلان نہیں ہوتایا کسی اخبار میں کوئی خبر نہیں چھپتی۔
٭ …اس کے بعد نمائندہ نے سوال کیاکہ کیا آپ سمجھتے ہیں کہ جماعت احمدیہ کے لئے ضروری ہے کہ وہ جدید معاشرے کے مطابق اپنے آپ کو ڈھالے؟
اس پر حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے فرمایا: میرایقین ہے کہ مذہب اپنی تعلیمات پر عمل پیرا کرانے کے لئے آتاہے نہ کہ دوسروں کے خیالات اور روایات پر عمل پیرا ہونے کے لئے۔تمام انبیاء اسی وقت آئے جب روحانیت پست ہوگئی تھی۔ اوریہی حال اب ہے۔ آجکل ہم لوگ دنیاکی طرف حد سے زیادہ مائل ہوچکے ہیں۔روحانیت اور مذہب اندھیرے کا شکارہوچکے ہیں۔ اس کے بارہ میں کوئی نہیں سوچتا۔یہ صرف جماعتِ احمدیہ ہی ہے جو کہتی ہے کہ ہمیں تمام بنی نوع انسان کو ان کے خالق کے قریب کرنا ہے تاکہ حقوق اللہ اور حقوق العباد کی ادائیگی ہوسکے۔ پس مَیں تو ہرایک کے ساتھ ہمدردی رکھتا ہوں۔ مَیں کسی شخص سے نفرت نہیں کرتا۔ اگر میں کسی چیزکو ناپسندکرتاہوں تو وہ کسی شخص کاکوئی فعل ہوتاہے نہ کہ وہ شخص۔ اگر کوئی چور ہے یا قاتل ہے تو میں اس کے اُس فعل کو سخت ناپسند کرتاہوں مگر اس شخص کو ناپسند نہیں کرتا۔میں ایسے شخص کے لئے دعاکرتاہوں کہ وہ اپنی اصلاح کرے اور تمام برے کاموں سے توبہ کرے۔ یہی میرامذہب ہے اور اسی مذہب کوہم نے پھیلاناہے۔اور قرآ ن کریم کہتاہے کہ مذہب میں کوئی جبر نہیں۔اگر آپ اس کو مانتے ہو تو بہت اچھی بات ہے۔ اگر نہیں مانتے تو آپ کی مرضی ہے۔ آپ آزاد ہیں۔ تاہم اس کے ساتھ ساتھ ہم سب انسان ہیں۔ ہم کسی بات کو مانتے ہیں یا اسے ردّ کرتے ہیں مگر بحیثیت انسان ہم سب کو دوستانہ ماحول میں ایک دوسرے کے ساتھ مل جل کررہناچاہئے اور معاشرے کی ترقی کے لئے کام کرنا چاہئے۔
٭ …اس کے بعد اخباری نمائندہ نے کہاکہ اخبارات میں آپ کو Pope Muslim بھی کہاجاتاہے۔ اس کے بارے میں آپ کیاکہیں گے؟
اس پر حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے فرمایا: اگرآ پ مجھےMuslim Pope کہنا چاہتے ہیں تو آپ کی مرضی ہے۔ اگر میں اپنی اصطلاح استعمال کروں تو میں کیتھولک pope کوChristian Caliph کہوں گا۔ (یہ تو صرف اصطلاح ہے۔)
٭ …اس اخباری نمائندہ نے آخر ی سوال پوچھا کہ کیا آپ کیتھولک پوپ سے مل چکے ہیں؟
اس پر حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے فرمایا: میری پوپ سے ملاقات توکبھی نہیں ہوئی لیکن مجھے پوپ کی بعض تقاریر اور اقوال پسند ہیں۔
اس انٹرویوکے آخر میں اخباری نمائندہ نے حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکا شکریہ اداکیا۔
………
(باقی آئندہ)




