مجلس خدام الاحمدیہ بنگلہ دیش کے تحت میٹ اینڈ گریٹ پروگرام کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ بنگلہ دیش کے تحت ایک میٹ اینڈ گریٹ پروگرام مورخہ ۱۶؍فروری ۲۰۲۶ء کو دارالتبلیغ بخشی بازار، ڈھاکہ میں منعقد ہوا۔ اس پروگرام میں دارالحکومت ڈھاکہ کی دو بڑی مجالس، ڈھاکہ اور میرپور سے تقریباً ۲۵۰؍خدام نے شرکت کی، فالحمدللہ علیٰ ذالک۔

ابتدائی نشست میں شامل ہونے والے خدام کے بیٹھنے کا انتظام ان کے متعلقہ شعبہ ہائے زندگی کے مطابق کیا گیا جس کے نتیجہ میں خدام کو اپنے اپنے شعبوں میں کام کرنے والے دیگر احمدی خدام سے تعارف اور تبادلۂ خیال کا موقع ملا۔
اس پروگرام کی صدارت مکرم مشتاق احمد صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ بنگلہ دیش نے کی جبکہ مکرم عبدالاول خان چودھری صاحب نیشنل امیر و مبلغ انچارج بنگلہ دیش بھی شامل ہوئے۔ دونوں معززین نے خدام کو نہایت اہم اور مفید نصائح کیں۔

مکرم صدر صاحب نے اپنی تقریر میں خدام کو باہمی اخوت کو فروغ دینے، جماعت سے دور ہونے والے خدام سے محبت و حکمت کے ساتھ تعلق قائم کرکے انہیں مسجد سے وابستہ کرنے کی تلقین کی۔ نیز صحت کے حوالہ سے متوازن طرززندگی اختیار کرنے اور موبائل فون و دیگر الیکٹرانک آلات کے استعمال میں احتیاط برتنے کی طرف توجہ دلائی۔ مکرم امیر صاحب نے خدام کو قرآن کریم کی باقاعدہ تلاوت کے ساتھ ترجمہ و تفسیر کے مطالعہ کی تلقین کی۔ مزید برآں اپنے اپنے پیشہ وارانہ میدان میں نمایاں مقام حاصل کرنے کی طرف توجہ دلائی اور جماعت کے اندر رشتۂ ازدواج قائم رکھنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
آخر پر سوال و جواب کی نشست بھی ہوئی۔ بعد ازاں دونوں مجالس کے قائدین نے اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔ پروگرام کا اختتام اجتماعی دعا سے ہوا جس کے بعد جماعت ڈھاکہ کی جانب سے شاملین کی تواضع میں عشائیہ پیش کیا گیا۔
اللہ تعالیٰ اس کاوش میں بے انتہا برکت عطا فرمائے اور اسے خدام کی تربیت و اصلاح کا مؤثر ذریعہ بنائے۔ آمین
(رپورٹ: نوید الرحمٰن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ سکاٹ لینڈ کی سالانہ امن کانفرنس ۲۰۲۶ء




