جماعت احمدیہ سُرینام کی رمضان المبارک ۲۰۲۶ء کے دوران مساعی
محض خدا تعالیٰ کے فضل و احسان سے جماعت احمدیہ سُرینام کو رمضان المبارک ۲۰۲۶ء کے دوران مختلف مساعی کی توفیق ملی جن کی تفصیل درج ذیل ہے۔
رمضان المبارک کی تیاری اور آغاز: دسمبر ۲۰۰۱ء سے ماہ صیام میں روزانہ ۱۵؍منٹ کا ٹی وی پروگرام پیش کرنے کی سعادت حاصل ہو رہی ہے۔ امسال بھی جنوری کے آخر میں معروف چینل ’’راسونک ٹی وی‘‘ (Rasonic TV) کے دو چینلز پر پروگرام نشر کرنے کا معاہدہ کیا گیا۔ گذشتہ سال نومبر سے نئے مواد کی تیاری اور ترجمہ کا کام جاری تھا۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں دعا کی درخواست کے بعد ۲۳؍جنوری سے ریکارڈنگ و تدوین کا آغاز ہوا اور بفضلہ تعالیٰ ۱۷؍فروری کو پہلا پروگرام ’’رؤیت ہلال‘‘ کے موضوع پر نشر ہوا۔

مورخہ ۱۸؍فروری کو پہلی نماز تراویح ادا کی گئی اور ۱۹؍فروری کو پہلا روزہ رکھا گیا۔ قبل از رمضان سحر و افطار کا ٹائم ٹیبل تیار کرکے تقسیم کیا گیا۔ دونوں مساجد میں پنجوقتہ نمازوں کے ساتھ نماز تراویح، روزانہ درس حدیث اور سوال و جواب کی نشستوں کا باقاعدہ انعقاد ہوتا رہا۔
اجتماعی افطاری اور بین المذاہب روابط:رمضان کے آغاز پر افطار کیلنڈر آویزاں کیا گیا جس کے تحت احباب جماعت نے اپنی سہولت کے مطابق باری باری افطار کا انتظام کیا۔ امسال دونوں مساجد میں ۱۲؍اجتماعی افطاریوں کا انعقاد ہوا جن میں ۶۰تا۱۱۰؍افراد شریک ہوئے۔ افطار کے فوراً بعد نماز مغرب ادا کی جاتی اور عشاء و تراویح کے بعد عشائیہ پیش کیا جاتا۔
مورخہ ۶ اور۱۴؍مارچ کو بین المذاہب افطار پروگرام منعقد ہوئے جن میں مختلف مذاہب کے نمائندگان، اراکین پارلیمنٹ، اساتذہ، طلبہ اور دیگر معززین نے شرکت کی۔ اس موقع پر اسلامی تعلیمات، روزہ اور رمضان کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی۔

یوم مصلح موعود: مورخہ ۲۱؍فروری کو جلسہ یوم مصلح موعود منعقد ہوا جس میں تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد حضرت مصلح موعودؓ کے علمی کارناموں، پیشگوئی مصلح موعود کی صداقت اور آپؓ کی نصائح جیسے موضوعات پر تقاریر ہوئیں۔ اس جلسہ میں تقریباً ۱۰۰؍افراد جماعت اور ۸؍مہمان شریک ہوئے۔
رمضان پروگرامز (میڈیا):راسونک ٹی وی اور ریڈیو پر روزانہ رمضان پروگرامز چاند رات تک جاری رہے، جبکہ راپار براڈکاسٹنگ نیٹ ورک (RBN) کو بھی خصوصی پروگرامز فراہم کیے گئے۔ مختلف موضوعات مثلاً رمضان کی اہمیت، روزہ کے مسائل، نماز تراویح، تلاوت قرآن، اعتکاف، لیلۃ القدر اور عید الفطر پر مجموعی طور پر ۳۵؍ٹی وی اور ۳۱؍ریڈیو پروگرامز پیش کیے گئے۔ یہ پروگرامز قرآن کریم، احادیث نبویہ ﷺ، حضرت مسیح موعودؑ اور خلفائے کرام کے ارشادات سے مزین تھے اور بڑی تعداد میں ناظرین نے انہیں سراہا۔
نیز راسونک ٹی وی کی درخواست پر دعائے افطار ریکارڈ کروائی گئی جو پورے رمضان نشر ہوتی رہی۔ ان تمام پروگرامز کے اخراجات افراد جماعت کی مالی قربانی سے پورے کیے گئے۔
مستحقین کی امداد: جماعتی نظام کے تحت ۳۰؍مستحق خاندانوں، بیوگان اور ضرورت مندوں کی مدد کی گئی۔ بعض کو اشیائے خورونوش اور بعض کو نقد امداد فراہم کی گئی، جبکہ چند بچوں کے لیے عید کے کپڑوں کا بھی انتظام کیا گیا۔
عید الفطر:مورخہ ۲۰؍مارچ بروز جمعۃ المبارک عیدالفطر ادا کی گئی۔ نماز عید میں ۱۲۵؍مرد و زن شامل ہوئے جبکہ متعدد غیر از جماعت احباب نے بھی شرکت کی۔ نماز کے بعد حاضرین کی تواضع کی گئی اور بچوں میں تحائف تقسیم کیے گئے۔
۷۰؍سالہ قیام جماعت اور لوگو کی رونمائی: امسال جماعت احمدیہ سُرینام کے قیام کے ۷۰؍سال مکمل ہونے پر ایک خصوصی لوگو کی رونمائی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں جماعت کے اولین بزرگان نے لوگو کی نقاب کشائی کی۔
اللہ تعالیٰ ان مساعی کو قبول فرماتے ہوئے جماعت کے نفوس و اموال میں برکت عطا فرمائے اور مزید خدمت دین کی توفیق دے۔ آمین
(رپورٹ: لئیق احمد مشاق۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: رمضان المبارک میں لجنہ اماء اللہ لائبیریا کی خدمت خلق




