اطلاعات واعلانات
نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں
درخواست دعا
رانا سلطان احمد خان صاحب تحریر کرتے ہیں کہ وقاص احمد صاحب پسر محمد اسلم صاحب سبزی فروش کا امسال رمضان سے قبل ایک روڈ حادثے میں دائیں ٹانگ کا فریکچر ہونے کی وجہ سے دو پٹھے ٹوٹ گئے تھے۔ آپریشن کروا لیا ہے اوراب واکرکے سہارے سے کچھ چلنا پھرنا شروع کر دیا ہے۔
احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ معجزانہ شفا عطا کرے اور صحت و سلامتی والی لمبی فعال زندگی عطا کرے۔ آمین
سانحہ ہائے ارتحال
٭…محمد اکمل صاحب مبلغ سلسلہ گیمبیا بیان کرتے ہیں کہ خاکسار کے والد ملک داؤد محمود احمد صاحب ابن محمد اسحاق صاحب مورخہ ۱۳؍مئی ۲۰۲۶ء کی صبح تقریباً ساڑھے دس بجے کراچی پاکستان میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے ہیں۔ انا للہ و انا الیہ راجعون
والد صاحب اللہ تعالیٰ کے فضل سے موصی تھے۔ مورخہ ۱۵؍مئی بروز جمعۃ المبارک ربوہ میں آپ کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔
خاکسار اس وقت مغربی افریقہ کے ملک گیمبیا میں احمدیہ مسلم سینٹنری پرنٹنگ پریس بانجل میں خدمت کی توفیق پا رہا ہے اورمیدان عمل میں ہونے کی وجہ سے والد محترم کی نمازجنازہ میں شریک نہیں ہوسکا۔
والد صاحب کے خاندان میں احمدیت آپ کے دادا جان محمد دین صاحب کے ذریعہ آئی جو کہ گاؤں بھڑتھانوالہ ضلع سیالکوٹ کے رہائشی تھے۔ وہ اپنے ایک دوست کے ذریعہ جلسہ سالانہ قادیان میں شامل ہوئے اور اللہ کے فضل سے حضرت خلیفۃ المسیح الثانیؓ کے ہاتھ پر۱۹۱۴ءمیں بیعت کر کے احمدیت کی آغوش میں آ گئے۔
والد صاحب ۱۹۵۰ء میں بوریوالہ شہر سے ۱۵؍کلومیٹر دور گاؤں چک نمبر 493 ای۔ بی میں پیدا ہوئے۔ یوں آپ پیدائشی احمدی تھے۔ والد صاحب کی والدہ کا نام امۃالصمدصاحبہ ہے جو کہ حضرت مسیح موعودؑ کے صحابی حضرت ماسٹر ماموں خانؓ صاحب کی بیٹی ہیں۔
محترم والد صاحب بہت خوش مزاج، ہنس مکھ اور زندہ دل انسان تھے جو ہمیشہ لوگوں کی بھلائی کا سوچتے۔ احمدیت کی تبلیغ کا جوش ان میں کوٹ کوٹ کے بھرا ہوا تھا اور ہر وقت تبلیغ کے مواقع ڈھونڈتے رہتے تھے۔
آپ بہت مہمان نواز تھے۔ خاص طو رپر مرکزی مہمانوں، مربیان کرام اور جماعتی نمائندوں کی خوب خاطر مدارت کرتے اور ان کے آرام کا پورا پورا خیال رکھتے۔ چنانچہ خاکسار کا جب بھی مرکز میں کسی ایسے بندے سے تعارف ہوا جو کہ ہمارے گاؤں جا چکا ہو تو وہ والد صاحب کا ذکر خیر کرتے اور آپ کی مہمان نوازی کی تعریف کرتے۔
والد صاحب نماز باقاعدگی سے ادا کرتے اور ہم سب بچوں کوبھی نماز کےليے اٹھاتے۔ ہمیشہ نماز فجر کے بعد گھر میں اونچی آواز سے تلاوت کرتے۔ نوافل باقاعدگی سے ادا کرتے۔
والد صاحب کو ایک لمبا عرصہ بطور صدر جماعت، سیکرٹری مال اور زعیم انصار اللہ خدمت کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
والد صاحب نے اپنے پیچھے۴؍بیٹے اور ۳؍بیٹیاں سوگوار چھوڑی ہیں۔(مرسلہ:مسعود احمد طاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل گیمبیا)
٭…امۃ العزیز محمود صاحبہ آف جماعت Barrie North، کینیڈا تحریر کرتی ہیں کہ خاکسار کی والدہ محترمہ امۃ الحفیظ ریحان صاحبہ اہلیہ ملک دوست محمد ریحان (مرحوم)مورخہ ۲۲؍اپریل ۲۰۲۶ءکو بقضائے الٰہی امریکہ کی ریاست ٹیکساس میں وفات پا گئیں۔اناللہ وانا الیہ راجعون
مرحومہ نہایت نیک، تہجد گزار، دعاگو اور خدمتِ دین کا جذبہ رکھنے والی خاتون تھیں۔ آپ نے اپنی پوری زندگی خدمتِ دین اور خلافت سے اخلاص و وفا کے ساتھ وابستگی میں گزاری۔
مرحومہ، حضرت مسیح موعودؑ کے صحابی حضرت ملک محمد صادق ککےزئی جہلمی صاحبؓ کی نواسی اور احمد خان ریحان صاحب کی دختر تھیں۔ آپ نے نصرت جہاں کالج ربوہ سے ایف اے کیا بعد ازاں اپنے گاؤں میں تعلیم کے فروغ کے لیے گورنمنٹ پرائمری سکول منظور کروایا۔ آپ گاؤں کی پہلی صدر لجنہ اماءاللہ تھیں اور گاؤں کے غیر از جماعت بچوں کو قرآن کریم بھی پڑھایا کرتی تھیں۔
شادی کے بعد کراچی منتقل ہو کر گھریلو ذمہ داریوں کے ساتھ خدمتِ دین کا سلسلہ جاری رکھا۔ ۱۹۸۴ءسے ۲۰۱۰ءتک مختلف جماعتی عہدوں پر مستقل خدمت کی توفیق پائی۔ امریکہ میں قیام کے دوران بھی آپ باقاعدگی سے جماعتی پروگراموں اور ترجمۃ القرآن کلاسز میں شامل ہوتی رہیں۔
آپ کی نیکی، حیا، پردہ داری اور اعلیٰ کردار کا ایسا اثر تھا کہ غیر از جماعت افراد بھی آپ کو بے حد عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھتے تھے۔
پسماندگان میں سات بچے شامل ہیں۔
احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرماتے ہوئے ان کے درجات بلند فرمائے، ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے، نیز ان کی نیکیوں کو جاری رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔
اعلان ولادت
احسان احمد خان صاحب تحریر کرتے ہیں کہ ان کے چھوٹے بھائی ڈاکٹر لقمان احمد خان صاحب اور بھاوج ڈاکٹر حصبۃ الحئی صاحبہ کو اللہ تعالیٰ نے پہلے بیٹے کے بعد اب مورخہ ۸؍مئی ۲۰۲۶ء کو بیٹی کی نعمت سے نوازا ہے جو وقف نوکی بابرکت تحریک میں شامل ہے اور حضور انور نے ‘‘رغیبہ’’ نام تجویز فرمایا ہے۔ نومولود کا تعلق حضرت مسیح موعودؑ کے صحابہ حضرت میاں غلام حسین صاحبؓ آف عالمگڑھ گجرات اور حضرت منشی ابراہیم سنوری صاحبؓ کے خاندان سے ہے۔ بچی، تنویر احمد خان صاحب مرحوم کی پوتی اور نعمۃ اللہ نعیم صاحب کی نواسی ہے۔
احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ نومولود کو اپنی رحمتوں اور پیار کےسایہ میں پروان چڑھائے اور نورالعین ثابت ہو۔ آمین



