جماعت احمدیہ یوروگوئے (Uruguay) کےتیسرے جلسہ سالانہ ۲۰۲۶ء کا بابرکت انعقاد
٭… ’’قرآن کریم، الہام اور عقل‘‘ کے مرکزی موضوع پر منعقدہ جلسہ سالانہ کے موقع پرحضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام ٭… ۵۰؍احباب کی شمولیت، بشمول ۲۶؍غیر از جماعت مہمان
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ یوروگوئے (Uruguay) کو امسال اپنا تیسرا جلسہ سالانہ ’’قرآن کریم، الہام اور عقل‘‘ کے مرکزی موضوع پر ۷؍فروری ۲۰۲۶ء کو یوروگوئے کے دارالحکومت مانتےویدیو (Montevideo) میں منعقدکرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
تیاری:جلسہ سالانہ کی تیاری کئی ہفتے پہلے سے جاری تھی۔ اس سلسلہ میں جلسہ کے لیے ایک ہال بک کیا گیا۔ نیز شامل ہونے والے مہمانوں کے لیے ہوٹل میں بکنگ کروائی گئی۔ جلسہ کے لیے بینر چھپوایا گیا۔ ضیافت اور لنگرخانہ کے لیے سامان کی خریداری کی گئی۔ جلسہ سالانہ کی اشاعت کے لیے فیس بک پر اشتہارات دیے گئے۔ نیز اس سلسلہ میں تین مقامی اخبارات کے صحافیوں کے ساتھ انٹرویوز بھی ہوئے۔ اس جلسہ سالانہ میں شمولیت کے لیے ارجنٹینا (Argentina)، بولیویا (Bolivia) اور کینیڈا (Canada) سے احباب جماعت نے سفر اختیار کیا۔ اس کے ساتھ مجلس خدام الاحمدیہ کینیڈا سے چار خدام کو اس جلسہ میں وقف عارضی کرنے کی توفیق ملی۔

۶؍فروری ۲۰۲۶ء بروز جمعۃ المبارک نماز جمعہ ادا کرنے کے بعد کارکنان جلسہ نے جلسہ سالانہ کے لیے جلسہ گاہ میں سیٹ اپ مکمل کیا۔
۷؍فروری کو جلسہ میں آنے والے مہمانوں کے لیے جلسہ گاہ میں صبح ۱۰؍بجے ناشتے کا انتظام کیا گیا تھا جس کے بعد جلسہ کی کارروائی کا آغاز ہوا۔
پہلا اجلاس:جلسہ سالانہ یوروگوئے کی کارروائی تلاوت قرآن کریم سے شروع ہوئی۔ پہلے اجلاس کی صدارت مکرم مبلغ انچارج صاحب ارجنٹینا نے کی۔ اس موقع پر حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا جلسہ سالانہ کے لیے ارسال کردہ خصوصی پیغام خاکسار (مبلغ انچارج یوروگوئے) نے پڑھ کر سنایا اور مہمانوں کو جماعت احمدیہ کے تعارف پر مشتمل ایک خصوصی ویڈیو دکھائی گئی جس میں جماعت کی تعلیمات کے ساتھ ساتھ خدمت انسانیت کے لیے جماعت کی عالمی کوششوں اور سرگرمیوں کا جائزہ پیش کیا گیا۔

خاکسار نے ’’الہام از غیب‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ تقریر کے بعد جلسہ میں شامل ہونے والے غیراز جماعت مہمانوں نے اپنے تاثرات کا اظہار کیا جن میں یونیفیکیشن چرچ کے ڈائریکٹر رول رے بانےگاس (Raul Rey Banegas – Director of Unification Church) اور کیتھولک چرچ کے پادری ریورنڈ کارلوس سنابریا دے پریتو (Reverend Carlos Sanabria de Preto of Catholic Church) سر فہرست تھے۔ اس کے بعد مبلغ انچارج ارجنٹینا اور مبلغ انچارج بولیویا مکرم عطاء المنان صاحب کے ساتھ مہمانان جلسہ کی سوال و جواب کی نشست ہوئی جس کے بعد دعا کے ساتھ پہلے اجلاس کا اختتام ہوا۔
ایک بجے شاملین جلسہ کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا جس کی تمام تر تیاری ممبرات لجنہ اماءاللہ نے کی تھی۔
دوسرا اجلاس:دوسرے اجلاس کی صدارت مکرم عبدالرشید انور صاحب نے کی۔ اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد مکرم مبلغ انچارج صاحب بولیویا نے ’’ہستی باری تعالیٰ‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ صدر اجلاس نے ’’برکات خلافت‘‘ کے عنوان پر تقریر کی جس کے بعد دعا کے ساتھ جلسہ سالانہ یوروگوئے اپنے بابرکت اختتام کو پہنچا۔
جلسہ سالانہ کی کل حاضری ۵۰؍افراد پر مشتمل تھی جن میں ۲۶؍غیر از جماعت مہمان شامل تھے۔
جلسہ سالانہ کے اختتام کے چند دن بعد ۱۲؍فروری کو جلسہ سالانہ سے منسلک ایک تبلیغی ڈنر کا اہتمام کیا گیا جس میں حکومتی نمائندگان نیز مذہبی راہنماؤں کو دعوت دی گئی۔ بعدازاں خاکسار نیز مبلغ انچارج صاحب ارجنٹینا کا چینل4 کے ساتھ انٹرویو بھی ہوا۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
(رپورٹ: یوسف خان ،نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکے جلسہ سالانہ یوروگوئے ۲۰۲۶ء کے موقع پر بصیرت افروز پیغام کا اردو مفہوم
پیارے احباب جماعت احمدیہ یوروگوئے
السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ
مجھے بہت خوشی ہے کہ آپ اپنا جلسہ سالانہ مورخہ ۷؍فروری ۲۰۲۶ء کو منعقد کر رہے ہیں۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسے کو ہر کامیابی سے نوازے اور آپ سب بے شمار برکات کے وارث ہوں۔
قادیان میں ہمارے حالیہ جلسہ سالانہ کے موقع پر مَیں نے جلسہ سالانہ کی منفرد اہمیت اور عظمت کو بیان کیا تھا۔
اس ضمن میں حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا:’’اس جلسہ کو معمولی جلسوں کی طرح خیال نہ کریں۔ یہ وہ امر ہے جس کی خالص تائید حق اوراعلاءِکلمہ اسلام پر بنیاد ہے۔اس سلسلہ کی بنیادی اینٹ خدا تعالیٰ نے اپنے ہاتھ سے رکھی ہے اوراس کے لیے قومیں طیار کی ہیں۔ جو عنقریب اس میں آملیں گی۔ کیونکہ یہ اس قادر کافعل ہے جس کے آگے کوئی بات انہونی نہیں۔‘‘(اشتہار ۷؍دسمبر ۱۸۹۲ء، مجموعہ اشتہارات جلد ۱ صفحہ ۳۶۱ ایڈیشن ۲۰۱۹ء)
اس کے علاوہ مَیں نے ذکر کیا تھا کہ ہم اس عظیم پیشگوئی کی تکمیل کا ابھی سے مشاہدہ کر رہے ہیں کیونکہ اب ہم دیکھتے ہیں کہ دنیا کے ہر حصے میں جلسے منعقد ہو رہے ہیں اور جیسا کہ پیشگوئی کی گئی تھی نئی قومیں اس میں شامل ہورہی ہیں۔ پس یوروگوئے میں آپ کا یہ جلسہ بھی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ہمارے جلسوں کو اللہ تعالیٰ کی خاص تائید و نصرت حاصل ہے۔
لیکن ہمیں یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ جلسہ کی برکات سے صرف وہی لوگ مستفید ہوں گے جو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے ساتھ کی گئی بیعت کے عہد پر ثابت قدم رہیں گے۔ جو لوگ اپنی روحانی اور اخلاقی اصلاح پر توجہ نہیں دیتے وہ اس کی برکات سے فائدہ نہیں اٹھا سکتے۔
جیسا کہ میں نے قادیان کے جلسہ میں واضح کیا تھا، بیعت کی حقیقی روح کو پورا کرنے کے لیے ہر قسم کی بے حیائی، فحاشی، ناانصافی، بے ایمانی، بد نظمی اور سرکشی سے اجتناب لازمی ہے۔ احمدیوں کو اپنے آپ کو دنیاوی خواہشات کے تابع نہیں ہونے دینا چاہیے بلکہ انہیں اپنے نفس پر قابو رکھنا چاہیے۔ ایسے منفی اثرات سے اپنے آپ کو محفوظ رکھ کر ہی ہم اپنی بیعت کی ذمہ داریوں کو صحیح معنوں میں ادا کر سکتے ہیں۔
میں نے احباب جماعت کو یہ بھی کہا تھا کہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا کہ اگر میرے ساتھ عہد بیعت باندھا ہے تو پانچ وقت کی نمازیں اللہ اور اس کے رسول کے حکم کے مطابق ادا کرنی ہیں اور تہجد پڑھنے کی بھی کوشش کرنی ہے۔ پھر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر درود بھیجو۔ اپنے گناہوں کی معافی مانگتے رہو اور استغفار میں باقاعدگی اختیار کرو۔ اللہ تعالیٰ کے احسانوں کو دل سے یاد کرو اور اس کی حمد کو اپنا ہر روزہ ورد بنا لو۔
لہٰذا میں آپ کو تاکید کرتا ہوں کہ ان ہدایات پر عمل کریں، اپنی دعاؤں میں اضافہ کریں اور ذکر الٰہی کو ہمیشہ اپنے دلوں میں زندہ رکھیں۔ تقویٰ یعنی راستبازی کو بڑھانے کی مخلصانہ کوشش کریں اور اللہ تعالیٰ کے ساتھ ذاتی تعلق قائم کریں۔ متقی اور مثالی احمدی مسلمان بننے کی مسلسل کوشش کریں۔
میں آپ کو خلافت احمدیہ کے الٰہی نظام کی اہمیت یاد دلاتا ہوں جو بے شمار برکات کا سرچشمہ ہے۔ آپ کو خلیفۃ المسیح کے ساتھ اپنے تعلق کو مسلسل مضبوط کرتے رہنا چاہیے اور ہمیشہ وفادار رہنا چاہیے۔ میں ہر احمدی کو نصیحت کرتا ہوں کہ ایم ٹی اے کثرت سے دیکھیں اور اپنی دینی سمجھ اور علم میں اضافہ کریں۔ بالخصوص آپ کو میرے خطبات جمعہ اور دیگر مواقع پر دیے گئے خطابات کو باقاعدگی سے سننا چاہیے اور میری دی گئیں ہدایات اور راہنمائی پر عمل کرنا چاہیے۔
سب سے اہم بات یہ ہے کہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے ہمیں اسلام اور آنحضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کو دنیا کے ہر کونے تک پھیلانے کا فریضہ سونپا ہے۔ پس آپ کو ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے کہ اسلام کا سچا، پُرامن اور محبت بھرا پیغام یوروگوئے کے تمام باشندوں تک پہنچایا جائے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو ایسا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
آخر میں مَیں دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ آپ کو اپنے جلسہ کی کارروائی سے بہت زیادہ فائدہ اٹھانے کی توفیق عطا فرمائے نیز آپ کے ایمان کو مضبوط کرے۔ اللہ تعالیٰ آپ کی زندگیوں میں تقویٰ، نیک عمل اور اسلام اور انسانیت کی خدمت کی طرف ایک حقیقی تبدیلی لائے۔ اللہ تعالیٰ آپ سب پر رحم کرے۔
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ كینیا كی چھیالیسویں مجلس شوریٰ كا بابركت انعقاد



