ایشیا (رپورٹس)

بنگلہ دیش میں مربیان سلسلہ کا ریفریشر کورس

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ بنگلہ دیش کے میدان عمل میں متعین ۵۳ مربیان سلسلہ کا چار روزہ ریفریشر کورس مورخہ ۱۴ تا ۱۷؍جون ۲۰۲۶ء بنگلہ دیش جماعت کے ہیڈکوارٹر دار التبلیغ بخشی بازار ڈھاکہ میں منعقد ہوا۔

ریفریشر کورس میں ترجمۃ القرآن، حدیث، اختلافی مسائل، حضرت مسیح موعودؑ کی کتب، حضرت مسیح موعودؑ اور جماعت کے خلاف اٹھنے والے مختلف اعتراضات، موازنہ مذاہب اور حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے جوابات پر مشتمل بنیادی مسائل کے جوابات جیسے موضوعات پر کلاسز منعقد ہوئیں۔ یہ کلاسز درج ذیل مربیان سلسلہ نے لیں: مکرم ہزاری احمد المنعم صاحب، مکرم شاہ محمد نور الامین صاحب، مکرم شیخ مستفیض الرحمٰن صاحب، مکرم زبیر احمد صاحب اور مکرم ظہیر احمد صاحب۔ محترم عبد الاول خان چودھری صاحب نیشنل امیر و مبلغ انچارج صاحب نے بھی کلاس لی۔

ریفریشر کورس کے دوران حضور انور کے خطابات بر موقع تقاریب تقسیم اسناد جامعہ احمدیہ یوکے (۲۰۲۳ء تا ۲۰۲۵ء ) بھی شاملین کو سنائے گئے۔

شاملین ریفریشر کورس کی اراکین نیشنل مجلس عاملہ کے بعض ممبران کے ساتھ بھی نشست ہوئی جہاں میدان عمل میں کام کرنےکے متعلق مشورے اور تبادلۂ خیال ہوا۔ اسی طرح ریفریشر کورس کے دوران مکرم محمد امداد الرحمٰن صدیقی صاحب مربی سلسلہ و سابق پرنسپل جامعہ احمدیہ بنگلہ دیش نے ’خلافت کا مقام اور مربیان کی ذمہ داریاں‘ کے بارے میں مربیان کرام کو اہم نصائح کیں۔ ریفریشر کورس کے اختتام پر امتحانات بھی ہوئے۔

ریفریشر کورس کا اختتامی اجلاس مورخہ ۱۷؍جون بروز بدھ بعد نماز عصر زیر صدارت محترم امیر صاحب منعقد ہوا جس میں نیشنل عاملہ کے ممبران نے بھی شرکت کی۔ اس اجلاس میں حضور انور کا خطاب برموقع تقریب تقسیم اسناد جامعہ احمدیہ برطانیہ ۲۰۲۵ء ایک مرتبہ پھر سنایا گیا۔ پھر نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے ۵ مربیان کو انعامات سے نوازا گیا۔ آخر پر دعا سے یہ ریفریشر کورس اپنے اختتام کو پہنچا۔ الحمد للہ

(رپورٹ: نوید الرحمٰن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں: مجلس انصار اللہ نیو ساؤتھ ویلز، آسٹریلیا کا سولہواں سالانہ ریجنل اجتماع

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button