جامعہ احمدیہ تنزانیہ میں سالانہ کھیلوں کاانعقاد
عمیر حفیظ صاحب نگران کھیل، استاد جامعہ احمدیہ تنزانیہ تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جامعہ احمدیہ تنزانیہ کومورخہ ۱۸تا۲۰؍اگست ۲۰۲۶ء سالانہ کھیلوں کا انعقاد کروانے کی توفیق ملی۔ کھیلوں کے آغازسے قبل حضور انور اید ہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں دعائیہ خط لکھا گیا۔

مقابلوں کے انعقاد کو زیادہ منظّم اور مسابقت سے بھرپور بنانے کے لیے جامعہ احمدیہ کے طلبہ کو تین گروپس میں تقسیم کیا گیا جن کے نام امانت، شجاعت اور شفقت ہیں۔ ماہ اپریل و مئی کے دوران جامعہ احمدیہ تنزانیہ میں گروپس کے مابین ابتدائی مقابلے بھی کروائے گئے۔ ان مقابلوں میں فٹ بال، باڑی، رسہ کشی، میروڈبہ، والی بال کے مقابلے شامل تھے۔ تمام مقابلے جامعہ احمدیہ کے گراؤنڈز میں بعد از نماز عصر منعقد ہوئے جن میں جامعہ کے اساتذہ کرام نے ریفریز کے فرائض انتہائی خوش اسلوبی سے سر انجام دیے۔

مورخہ ۱۸؍اگست کو صبح ساڑھے سات بجے افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں تلاوت قرآن کریم کے بعد مکرم حسین ایمپینڈا صاحب استاد جامعہ احمدیہ نے افتتاحی تقریر کی اور مکرم عابد محمود بھٹی صاحب پرنسپل جامعہ احمدیہ تنزانیہ نے دعا کروائی۔ گروپس کے درمیان ہونے والے مقابلہ جات میں والی بال، میرو ڈبہ، رسہ کشی، ٹیبل ٹینس، باڑی، فٹ بال، ریلے ریس شامل ہیں۔ جبکہ کچھ انفرادی مقابلہ جات بھی کروائے گئے مثلاً لانگ جمپ، ہائی جمپ، نیزہ پھینکنا، تھالی پھینکنا(یہ مقابلہ اس سال سے شروع ہوا ہے)، گولہ پھینکنا، نشانہ غلیل، پنجہ آزمائی، تین ٹانگ دوڑ، فراگ ریس، ۱۰۰؍میٹر ریس، ۱۶۰۰؍میٹر ریس، ثابت قدمی، مشاہدہ و معائنہ اور روک دوڑ شامل ہیں۔ مجموعی مقابلہ جات کی تعداد ۲۶؍تھی۔
کچھ مقابلہ جات اساتذہ کے مابین بھی کروائے گئے۔ مثلاً والی بال (طلبہ کی فاتح ٹیم کے ساتھ)، نشانہ غلیل، میوزیکل چیئر، ہاتھ سے پانی کی بوتل بھرنا وغیرہ۔
۲۰؍اگست ۲۰۲۶ءکو اختتامی تقریب منعقد کی گئی جس میں مکرم خواجہ مظفر احمد صاحب قائم مقام امیرو مبلغ انچارج تنزانیہ نے شرکت کی۔ ان کے ساتھ مکرم شیخ عبدالرحمٰن عامے صاحب نائب امیر جماعت احمدیہ تنزانیہ بھی تشریف لائے۔ اس تقریب میں تلاوت قرآن کریم کے بعد کھیلوں کی رپورٹ خاکسار (نگران کھیل)نے سواحیلی زبان میں پیش کی اور طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ اس کے بعد پرنسپل صاحب نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور آخر پر قائم مقام امیر صاحب نے طلبہ کو چند ایک نصائح کیں۔ اس سال کھیلوں میں اول پوزیشن امانت گروپ نے حاصل کی جس کے نگران مکرم عبدالناصر مومن صاحب استادجامعہ احمدیہ تنزانیہ ہیں۔ اس سال کے مثالی طالب علم عزیزم قدری اکونگوی رہے۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
اللہ تعالیٰ جامعہ کے طلبہ اوراساتذہ کو حقیقی رنگ میں خلافت کا سلطان نصیر بننے کی توفیق دے اور تمام اساتذہ و طلبہ کی جسمانی اور روحانی صلاحیتوں کو بڑھاتا چلا جائے اوراپنے فضلوں اور نصرتوں کا وارث بنائے۔ آمین
(مرسلہ:عابد محمود بھٹی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: مجلس انصاراللہ ناروے کے زیر انتظام ’اعضاء کا عطیہ‘ کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد



