متفرق

ربوہ کا موسم(۱۷تا۲۳؍اپریل ۲۰۲۶ء)

۱۷؍ اپریل جمعۃ المبارک کو نماز فجر کے وقت آسمان بادلو ں سے بھرا ہوا تھا اور ہوا بالکل بند تھی، دن چڑھنے کے ساتھ ہی آہستہ آہستہ بادل کچھ ہلکے ہونے شروع ہوگئے تاہم بعد دوپہر پھر اپنی جگہ آموجود ہوئے، ایسے لگتا تھا کہ بارش ہوگی لیکن تیز ہوا ان کو اپنے ساتھ لے گئی، بادلوں کی وجہ سے دن خوشگوار گزرا۔ ہفتہ کو صبح ہی سے ہوا جاری تھی جس کی وجہ سے گرمی میں فرق پڑ گیا تھا۔ سر شام ہی ہوا درمیانی رفتار سے یکدم تیز ہوگئی اور جھکڑ میں بدل گئی، کچھ دیر بعد نارمل رفتار پکڑ لی تاہم ساتھ ہی ہوا میں خنکی بھی داخل ہوگئی اور رات ٹھنڈی بن گئی، کھلے آسمان تلے رات کو سونے والوں کے لیے موسم جنت نظیر تھا۔ اتوار کو بھی ہوا جاری و ساری تھی، آسمان صاف ہونے کی وجہ سے سورج خوب چمک رہا تھا، دھوپ کی تمازت میں ہوا کی وجہ سے کچھ کمی واقع ہوگئی۔ سوموار کو فجر کے وقت آسمان پر ہلکے بادلوں کی ایک پرت موجود تھی جس کی وجہ سے خوب چمکتا ہوا سورج دھوپ کو پوری طرح زمین پر بکھیر نہ سکا۔

منگل کو گرم دن تھا، آسمان بادلوں سے خالی ہونے کی وجہ سے سورج کو اپنی مَن مانی کرنے کا موقع مل گیا، اُس نے خوب دھوپ بکھیرے رکھی۔ بدھ کا دن بھی اسی طرح گرمی لیے ہوئے تھا، دن بھر ہلکی ہوا چلتی رہی۔ لیکن رات کے وقت اچانک یہ خراماں خراما ں چلتی ہوا تیز ہوگئی اور اس میں ٹھنڈ کا عنصر بھی آگیا۔ یہ تیز اور سرد ہوا ساری رات چلتی رہی اور موسم خوشگوار بن گیا۔ جمعرات کو آسمان پر ہلکے بادل موجود تھے لیکن دن میں گرمی خوب رہی، آجکل موسم گرما اپنے جوبن پر ہے۔ گندم کی کٹائی اور چھٹائی شروع ہوگئی ہے، لوگوں نے اپنے گھروں میں نئے سیزن کی گندم سٹو ر کرنا شروع کردی ہے۔ اس ہفتہ میں اوسط ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۳۸؍ اور کم سے کم ۲۴؍ درجہ سینٹی گریڈ رہا۔(ابو سدید)

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button