جماعت ہائے احمدیہ گیمبیا کی ماہ فروری و مارچ ۲۰۲۶ء میں مساعی
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت ہائے احمدیہ گیمبیا کو ماہ فروری و مارچ ۲۰۲۶ءمیں تبلیغ، تعلیم و تربیت کے شعبہ جات میں مختلف مساعی کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک۔ ان مساعی کی تفاصیل درج ذیل ہیں۔
٭…رمضان المبارک میں گیمبیا میں ۷۲؍جماعتوں میں روزانہ ایک پارہ قرآن کریم کا درس ہوا اور اللہ کے فضل سے دوران ماہ قرآن کریم کا ایک دور تمام جماعتوں میں مکمل کرنےکی توفیق ملی۔

٭…ملک کی ۸۵؍جماعتوں میں روزانہ باجماعت نماز تراویح ادا کی گئی۔
٭…۸۳؍جماعتوں میں نماز عید باجماعت ادا کی گئی۔
٭…ملک کے جماعتی ہیڈکوارٹر بیت السلام مسجد میں یوم مصلح موعود اور یوم مسیح موعود کے اجلاسات منعقد ہوئے جن کی صدارت مکرم امیر صاحب گیمبیا نے کی۔ ان اجلاسات کے بعد باجماعت افطار کا انتظام کیا گیا۔ مختلف ریجنز میں بھی مذکورہ بالا اجلاسات منعقد کيے گئے۔
٭…مختلف ریجنز میں خدام نے اجتماعی افطار کا انتظام کیا جس کے بعد نماز مغرب ادا کی گئی۔ کھانے کے بعد سب نے باجماعت نماز عشاء و تراویح اد اکی۔
٭…مختلف ریجنز میں غرباء اور مستحقین میں افطاری تقسیم کی گئی۔
٭… یو آر آر (Upper Rive Region) میں روزانہ کی بنیاد پر نمازیوں، ہمسایوں اور غرباء میں افطاری تقسیم کی گئی۔
٭…ایل آر آر (Lower River Region)میں موجود ہسپتال میں خدام نے وقار عمل کیا۔ ان کے ایک وارڈ کو دھویا اور بعدازاں مریضوں، ان کے تیمارداروں اور موجود سٹاف میں افطار پیکٹ تقسیم کيے۔

٭… ایل آر آر میں قائم جماعت کے سکول طاہر احمدیہ مسلم سینئر سیکنڈری سکول مانساکونکو میں رمضان المبارک میں حسن قراءت کا مقابلہ منعقد کیا گیا جو تین ہفتوں پر مشتمل تھا۔ آخری ہفتہ میں پوزیشن لینے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کيے گئے۔ اس میں اللہ کے فضل سے ایک احمدی طالب علم نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
٭…اسی طرح نصرت سینئر سیکنڈری سکول کومبو میں بھی دوران ماہ مختلف عناوین پر مباحث (ڈائیلاگ) منعقد کيے گئے جن میں طلبہ کے مستقبل کے بارے میں بات چیت ہوئی۔
٭…خدام الاحمدیہ گیمبیا کی طرف سے غیراحمدیوں کےساتھ مختلف مذہبی عناوین پر تبلیغی نشستیں ہوئیں جو سوشل میڈیا جیسے فیس بک اور یوٹیوب پر براہ راست دکھائے گئے۔
٭…مربیان و معلمین نے مختلف جگہوں پر خدام کے ساتھ اجلاسات کيے اور خصوصاً کمزور خدام سے ملاقاتیں کی گئیں اور ان کے ساتھ دوستانہ تعلق قائم کیا گیا۔
٭…سینٹرل ریور ریجن کی ایک جماعت سارے نیانگا میں مورخہ ۲۵؍مارچ ۲۰۲۶ء کو ایک خاص پروگرام منعقد کیا گیا جس میں ۱۵۰؍افراد شامل ہوئے جن میں اکثریت خدام کی تھی۔ اس پروگرام میں یوم مسیح موعود کے حوالے سے حضرت مسیح موعودؑ کی آمد کے بارے میں پوری ہونےوالی نشانیوں کو بیان کیا گیا۔ آخر پر شاملین کو سوالات کرنےکا موقع بھی دیا گیا۔ یہ پروگرام بھی سوشل میڈیا پر براہ راست دکھایا گیا۔ اس پروگرام میں احباب نے بہت دلچسپی لی اور ایسے پروگرام کو جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ اس موقع پر غیر احمدی زیر رابطہ افراد کو بھی مدعو کیا گیا۔ پروگرام کے بعد پیغام سے مطمئن ہوکر ۱۰؍افراد نے بیعت کرلی اور غلامان مسیح الزمان میں شامل ہوگئے۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک
٭… احمدیہ مسلم سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن (AMSA) کے تحت جماعتی سکولوں میں مختلف عناوین پر اجلاسات منعقد کيے گئے جن میں یوم مصلح موعود، یوم مسیح موعود، وفات مسیحؑ، اسلام کی رو سے کون مسلمان ہے؟ شامل تھے۔
٭… بانجل کومبو ریجن میں مختلف تبلیغی اجلاسات منعقد ہوئے۔ چار خاندانوں سےخصوصی رابطہ کیا گیا اور بفضل اللہ تعالیٰ ۸؍افراد نے بیعت کرکے احمدیت میں شمولیت اختیار کی۔
٭… ملک بھر کی۱۰۰؍جماعتوں میں جلسہ ہائے یوم مصلح موعود منعقد ہوئےجن میں۴؍ہزار ۲۹۹؍احباب شامل ہوئے۔
٭… ملک بھر کی ۱۱۵؍جماعتوں میں جلسہ ہائے یوم مسیح موعود منعقد ہوئے جن میں ۵؍ہزار ۴۱۹؍احباب شامل ہوئے۔
اللہ تعالیٰ ان ادنیٰ کاوشوں کو قبول فرمائے اور ان کو بےشمار پھل لگائے۔ آمین
(رپورٹ: مسعود احمد طاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: مجلس خدام الاحمدیہ گنی بساؤ کا ساتواں نیشنل اجتماع ۲۰۲۶ء




