لٹویا کےآرچ بشپ کے ساتھ جماعت احمدیہ کےوفد کی ملاقات
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ لٹویا کے ایک وفد نے مورخہ ۲۲؍جون ۲۰۲۶ء کو آرچ بشپ آف ریگا، مسٹر Zbigņevs Stankevičs سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس وفد میں مکرم فضل عمر شاہد صاحب سیکرٹری مال و تحریک جدید و وقف جدید جماعت لٹویا، مکرم خاقان احمد صائم صاحب نیشنل سیکرٹری تبلیغ جماعت احمدیہ لٹویا اور خاکسار (صدر جماعت لٹویا) شامل تھے۔

آرچ بشپ صاحب کو جماعت احمدیہ کا تعارف، حضرت عیسیٰؑ کی آمد ثانی، حضرت اقدس مسیح موعودؑ کی بعثت، اسلام کی پُرامن تعلیمات اور جہاد کے حقیقی مفہوم کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر آنجہانی پوپ کی وفات پر تعزیت اور موجودہ پوپ کے انتخاب پر مبارکباد پیش کی گئی۔ اسی طرح قرآن کریم کا انگریزی ترجمہ اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطابات و مکتوبات پر مشتمل کتاب ’عالمی بحران اور امن کی راہ‘ بھی تحفۃً پیش کی گئی جسے انہوں نے خوشی اور تشکر کے ساتھ قبول کیا۔ جواباً موصوف نے بھی وفد کو انگریزی بائبل اور دعاؤں پر مشتمل ایک سی ڈی بطور تحفہ پیش کی۔ دوران گفتگو قرآن کریم اور اسلام کی امن پسند تعلیمات کے حوالے سے بھی تبادلۂ خیال ہوا۔ آرچ بشپ صاحب نے بتایا کہ انہوں نے حال ہی میں قرآن کریم کا مکمل ترجمہ پڑھا ہے۔ انہیں قرآن کریم کی آیات کے درست مفہوم اور سیاق و سباق کے ساتھ اسلام کی پُرامن تعلیمات سے آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے جماعت احمدیہ کی اس کوشش کو سراہا کہ اسلام کے حقیقی اور روشن پیغام کو دنیا تک پہنچایا جائے۔

گفتگو کے اختتام پر آرچ بشپ صاحب نے کہا کہ وہ مسلمانوں کو شدت پسندی سے دور ہوکر امن کی راہ اختیار کرنے کی طرف متوجہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور ان کا یقین ہے کہ روشن اور پُرامن اسلام کا مستقبل تابناک ہے۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے لٹویا میں پہلی مرتبہ ایک بڑے مذہبی راہنما تک اسلام احمدیت کا پیغام براہ راست پہنچانے کا موقع میسر آیا۔ اللہ تعالیٰ اس ملاقات کے نیک اور دُور رس نتائج پیدا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ:بشارت احمد شاہد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭



