مجلس انصاراللہ آسٹریلیا کے چونتیسویں نیشنل سالانہ اجتماع ۲۰۲۶ء کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصاراللہ آسٹریلیا کا چونتیسواں سالانہ نیشنل اجتماع مورخہ ۷تا ۹؍اگست ۲۰۲۶ء مسجد بیت الہدیٰ، سڈنی میں ’’آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت‘‘ کے مرکزی موضوع پر منعقد ہوا۔ اجتماع میں ملک بھر سے ۵۲۳؍انصار نے شرکت کی۔ اجتماع کے دوران علمی و ورزشی مقابلہ جات، تربیتی پروگراموں، مجلس سوال و جواب اور دیگر متنوع سرگرمیوں کا انعقاد ہوا۔

پہلا دن:اجتماع کا آغاز ۷؍اگست کو نماز جمعہ کے بعد پرچم کشائی کی تقریب سے ہوا۔ مکرم عبدالجمیل مبشر صاحب صدر مجلس انصاراللہ آسٹریلیا نے لوائے انصاراللہ جبکہ مکرم انعام الحق کوثر صاحب امیر جماعت احمدیہ آسٹریلیا نے آسٹریلیا کا قومی پرچم لہرایا اور دعا کروائی۔
بعد ازاں صدر مجلس انصاراللہ آسٹریلیا کی صدارت میں افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ تلاوت قرآن کریم، عہد اور نظم کے بعد صدر مجلس نے اپنی افتتاحی تقریر میں آنحضرت ﷺ سے محبت کی اہمیت واضح کرتے ہوئے انصار کو تاکید کی کہ اجتماع کے تینوں دن کثرت سے درود شریف پڑھیں۔ اس کے بعد آپ نے دعا کروائی۔

افتتاحی اجلاس کے بعد علمی مقابلہ جات ہوئے۔ نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کے بعد عشائیہ پیش کیا گیا۔ بعد ازاں چند ورزشی مقابلہ جات ہوئے۔ سڈنی میں سرد موسم کے باوجود انصار نے ان مقابلہ جات میں نہایت ذوق و شوق سے حصہ لیا۔
رات دس بجے انصار نے خلافت ہال میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ براہ راست سنا۔ اس طرح اجتماع کا پہلا دن بخیر و خوبی اختتام پذیر ہوا۔
دوسرا دن:دوسرے دن کا آغاز باجماعت نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد درس قرآن کریم ہوا اور انصار نے مسجد میں انفرادی طور پر تلاوت قرآن کریم کی۔ صبح چھ بجے ناشتہ پیش کیا گیا۔ صبح آٹھ بجے سے مختلف ورزشی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ نماز ظہر و عصر کے بعد ظہرانہ پیش کیا گیا۔ دوپہر اڑھائی بجے علمی مقابلہ جات کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوا۔

نماز مغرب و عشاء کے بعد عشائیہ پیش کیا گیا۔ بعد ازاں مجلس سوال و جواب منعقد ہوئی جس میں مکرم امیر صاحب اور مربیان سلسلہ نے انصار کے مختلف سوالات کے جواب دیے۔ یہ سلسلہ تقریباً ایک گھنٹہ جاری رہا۔ اس کے بعد چند اور علمی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ رات نو بجے علمی مقابلہ جات کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئے۔
تیسرا دن:اجتماع کا تیسرا اور آخری دن بھی باجماعت نماز تہجد سے شروع ہوا۔ نماز فجر کے بعد درس قرآن کریم ہوا اور انصار نے مسجد میں انفرادی طور پر تلاوت قرآن کریم کی۔ ناشتہ کے بعد چند اور ورزشی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔
اختتامی تقریب:صبح دس بجے خلافت ہال میں اجتماع کی اختتامی تقریب امیر صاحب کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ تلاوت قرآن کریم، عہد اور نظم کے بعد مکرم فیروز علی شاہ صاحب ناظم اعلیٰ اجتماع نے اجتماع کی رپورٹ پیش کی اور کامیاب اجتماع کے انعقاد پر ناظمین اور ان کے معاونین کا شکریہ ادا کیا۔ صدر مجلس نے مجلس انصاراللہ آسٹریلیا کی سالانہ رپورٹ پیش کی جس کے بعد تقسیم انعامات کی تقریب منعقد ہوئی۔ امسال اجتماع کے موقع پر ۱۲؍علمی اور ۹؍ورزشی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ ان مقابلہ جات میں مجموعی طور پر ۲۷۸؍انصار نے حصہ لیا۔
مکرم ڈاکٹر ابرا احمد چغتائی صاحب قائد عمومی نے عَلم انعامی کا اعلان کیا۔ مکرم امیر صاحب نے مجلس ووڈ کرافٹ، کے زعیم مکرم بشارت احمد چوہان صاحب کو عَلم انعامی عطا کیا۔ اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی مزید نو مجالس کو بھی ایوارڈز دیے گئے۔ ریجن جنوبی آسٹریلیا نے شعبہ عمومی، تعلیم، تربیت اور تبلیغ میں بہترین ریجن کا ایوارڈ حاصل کیا۔ ریجن کوئنز لینڈ نے شعبہ مال میں بہترین کارکردگی جبکہ ریجن وکٹوریہ نے بہترین نمائش اور حاضری کے ایوارڈز حاصل کیے۔ مجلس برزبین نے ۱۰۰؍فیصد بجٹ مکمل کرنے پر ایوارڈ حاصل کیا۔ مکرم احسن گھمن صاحب کو انصاراللہ کے گیسٹ ہاؤس کی دیکھ بھال اور مہمانوں کی بے لوث خدمت پر ایوارڈ دیا گیا۔
مضمون نویسی کے مقابلے میں مکرم انعام الحق علوی صاحب نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ مکرم امیر صاحب نے علمی و ورزشی مقابلہ جات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے انصار میں انعامات تقسیم کیے۔
بعد ازاں مکرم امیر صاحب نے اختتامی تقریر کی اور دعا کروائی۔ اس کے بعد ایم ٹی اے آسٹریلیا کی جانب سے اجتماع کے تینوں دن کی جھلکیاں پیش کی گئیں۔ جس کے بعد مختلف مجالس کے ساتھ گروپ فوٹوز کا سلسلہ ہوا۔ نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد انصار کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔
اللہ تعالیٰ تمام شاملین اجتماع کے ایمان و ایقان میں برکت عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: ثاقب محمود عاطف۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: کک وٹ اور کاسائی اورینٹل ریجن کانگو کنشاسا کے جلسہ ہائے سالانہ ۲۰۲۶ء کا انعقاد




