مجلس خدام الاحمدیہ آئیوری کوسٹ کی سالانہ تربیتی کلاس، بائیسواں نیشنل اجتماع اور نیشنل مجلس شوریٰ ۲۰۲۶ء کا انعقاد
سالانہ تربیتی کلاس
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ آئیوری کوسٹ کی سالانہ تربیتی کلاس کا آغاز مورخہ ۱۰؍اگست کو ہوا اور یہ مورخہ ۲۰؍اگست کو اختتام پذیر ہوئی۔ امسال تربیتی کلاس میں ۲۷؍خدام نے شرکت کی۔ اس سال کلاس میں شرکت کے لیے کم از کم تعلیمی معیار BEPC، یعنی میٹرک کے مساوی، مقرر کیا گیا تھا۔

کلاس کے دوران باجماعت پنجوقتہ نمازوں کے علاوہ صبح سے دوپہر تک کلاسز منعقد ہوتی رہیں، جبکہ سہ پہر کھیلوں کے وقفہ کے بعد شام کو بھی کلاس کا اہتمام کیا جاتا رہا۔ قرآن کریم ناظرہ، نماز سادہ و باترجمہ، مذہبی معلومات، نظام جماعت، سیرت النبیﷺ، موازنہ مذاہب اور فقہ سمیت مختلف مضامین پڑھائے گئے۔ اختتام پر شاملین کا تحریری امتحان لیا گیا۔ تدریس کی سعادت ان احباب کے حصہ میں آئی:مکرم سلطان احمد صاحب مبلغ سلسلہ، مکرم جیالو سیریکے صاحب معلم سلسلہ اور مکرم سلا اسماعیل صاحب معتمد مجلس خدام الاحمدیہ۔
امتحان میں مکرم وترا عبدالقدیر صاحب بواکے ریجن نے پہلی، مکرم احمد زکریا صاحب داؤکرو ریجن نے دوسری اور مکرم سسے یوسف صاحب اومے ریجن نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اول پوزیشن حاصل کرنے والے خادم کو تقسیم انعامات کے موقع پر میڈل اور سند اعزاز سے نوازا گیا۔
بائیسواں نیشنل اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس خدام الاحمدیہ آئیوری کوسٹ کا بائیسواں نیشنل سالانہ اجتماع مورخہ ۲۱تا ۲۳؍اگست بروز جمعہ، ہفتہ و اتوار دارالحکومت آبی جان میں واقع جماعتی جگہ مہدی آباد میں منعقد ہوا۔ اس اجتماع میں گھانا، برکینافاسو، مالی اور بینن سے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔ اجتماع کی کُل حاضری ۵۰۹؍رہی۔
اجتماع سے ایک روز قبل بروز جمعرات مہمانان کرام کی آمد کا سلسلہ شروع ہوا۔ نماز عصر کے بعد مکرم کونے داؤد صاحب نائب امیر آئیوری کوسٹ نے ہمسایہ ممالک سے آنے والے مہمانان کرام اور مکرم جابی مصطفیٰ صاحب نیشنل صدر مجلس خدام الاحمدیہ کے ہمراہ اجتماع گاہ کا دورہ کیا اور مختلف امور کے متعلق ہدایات دیں۔ اس کے بعد دعا کروائی گئی۔ نماز مغرب و عشاء کے بعد مجلس عاملہ اور اجتماع کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں اجتماع کے پروگرام، طریق کار اور انتظامات میں بہتری کے حوالے سے امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجتماع کے پہلے دن کا آغاز باجماعت نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد مکرم زالے محمد صاحب مبلغ سلسلہ نے ’’معاشرے میں اخلاقیات کا رول ماڈل بننے کے لیے ایمانداری، نظم و ضبط، احترام اور دیانت داری کی ضرورت‘‘ کے موضوع پر درس دیا۔ ناشتے کے بعد کھیلوں کے مقابلہ جات کا آغاز ہوا۔

چھٹا نیشنل اجتماع مجلس اطفال الاحمدیہ: بروز جمعۃ المبارک صبح دس بجے مجلس اطفال الاحمدیہ آئیوری کوسٹ کا چھٹا نیشنل اجتماع منعقد ہوا جس کی صدارت مکرم نائب امیر صاحب آئیوری کوسٹ نے کی۔ تلاوت قرآن کریم اور عہد کے بعد انہوں نے مختصر تقریر کی اور شاملین سے جماعتی معلومات کے متعلق سوالات بھی پوچھے۔ بعد ازاں مہمانان کرام نے مختصر تقاریر کیں۔ دعا کے ساتھ اجتماع کا اختتام ہوا۔
اس کے بعد شاملین نے نماز جمعہ کی تیاری کی اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ براہ راست سنا۔ بعد ازاں مکرم سلطان احمد صاحب مبلغ سلسلہ نے نماز جمعہ و عصر پڑھائی جس کے بعد شاملین کی طعام سے تواضع کی گئی اور افتتاحی اجلاس کی تیاری کی گئی۔
افتتاحی اجلاس:شام چار بجے نیشنل اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ کا افتتاحی اجلاس مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب امیر و مبلغ انچارج آئیوری کوسٹ کی زیر صدارت شروع ہوا۔ اجلاس کے آغاز پر مکرم امیر صاحب نے لوائے خدام الاحمدیہ جبکہ مکرم صدر مجلس نے آئیوری کوسٹ کا قومی پرچم لہرایا اور مکرم امیر صاحب نے دعا کروائی۔
تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، عہد اور قصیدہ کے بعد مکرم صدر مجلس نے شاملین کو خوش آمدید کہا اور امیر صاحب نے اپنی افتتاحی تقریر میں خدام و اطفال کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی اور اجتماع کی اہمیت بیان کی۔ دعا کے ساتھ افتتاحی اجلاس اختتام پذیر ہوا۔
بعد ازاں امیر صاحب نے معزز مہمانان کرام اور صدر مجلس خدام الاحمدیہ کے ہمراہ مجلس کی جانب سے لگائی گئی نمائش کا دورہ کیا۔ نمائش کا تعارف خاکسار (مبلغ سلسلہ)نے کروایا۔ نمائش میں مجلس خدام الاحمدیہ اور مجلس اطفال الاحمدیہ کا تعارف، مجلس کے مختلف شعبہ جات اور آئیوری کوسٹ میں ملکی و علاقائی سطح پر کیے جانے والے کاموں کو پیش کیا گیا۔ مجلس کے لوگو سے مزین قلم، ڈائریز، شرٹس، پانی کی بوتلیں، کافی کپ، چابیوں کے چھلے، ٹوپیاں، گھڑیاں اور بیجز بھی فروخت کے لیے رکھے گئے تھے۔
امسال اجتماع میں روایتی تقاریر کی بجائے ’’ڈسکشن پروگرام‘‘ کا نیا طریق متعارف کروایا گیا۔ پہلے ڈسکشن کا موضوع ’’اطفال الاحمدیہ کی تعلیم و تربیت میں مجلس خدام الاحمدیہ کا کردار‘‘ تھا۔ اس میں مکرم صادق احمد لطیف صاحب مبلغ سلسلہ، مکرم بالو احمد صاحب معلم سلسلہ اور مکرم دولیبالی لاجی صاحب نے بطور پینلسٹ شرکت کی۔ پینلسٹس نے موضوع کے مختلف پہلوؤں پر اظہار خیال کیا اور شاملین کے سوالات کے جواب دیے۔
نماز مغرب و عشاء کے بعد خدام و اطفال کے علمی مقابلہ جات منعقد ہوئے جن میں مختلف مبلغین کرام نے بطور جج فرائض سرانجام دیے۔ مقابلہ جات کا سلسلہ رات دس بجے تک جاری رہا۔
دوسرا دن:دوسرے دن کا آغاز بھی باجماعت نماز تہجد سے ہوا جس کی امامت مکرم زالے محمد صاحب مبلغ سلسلہ نے کروائی۔ نماز فجر کے بعد مکرم احتشام الحسن صاحب مبلغ سلسلہ نے ’’اللہ کی محبت سب سے بڑھ کر، انبیاء اور صحابہ کے نمونہ سے‘‘ کے موضوع پر درس دیا۔ اس کے بعد مختلف ورزشی مقابلہ جات کا آغاز ہوا۔
دوسرے اجلاس کا آغاز مکرم سلا محمدی صاحب نائب امیر آئیوری کوسٹ کی زیر صدارت ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم کے بعد ’’اکیسویں صدی کے چیلنجز (سوشل میڈیا، مادیت پرستی اور الحاد) کے دور میں ایمان کا تحفظ‘‘ کے موضوع پر دوسرے ڈسکشن پروگرام کا انعقاد ہوا۔ اس میں مکرم سلطان احمد صاحب مبلغ سلسلہ، مکرم جاکیساگا ہارون صاحب اور مکرم لامینےعثمان صاحب نے بطور پینلسٹ شرکت کی۔ پینلسٹس نے موضوع پر اظہار خیال کیا اور شاملین کے سوالات کے جواب دیے۔
اس اجلاس میں شامل مہمان مکرم ایرک طابا (Eric Taba) صاحب، نائب گورنر آبی جان ڈسٹرکٹ اور صدر مملکت کی پروٹوکول ٹیم کے چیف نے بھی مجلس خدام الاحمدیہ کی نمائش کا دورہ کیا جہاں انہیں مجلس کی تاریخ اور مختلف سرگرمیوں کے متعلق معلومات فراہم کی گئیں۔
بعد ازاں مختلف ورزشی اور علمی مقابلہ جات کا سلسلہ نماز مغرب و عشاء تک جاری رہا۔ اس دوران نمازوں اور کھانے کے لیے وقفہ بھی کیا جاتا رہا۔ سہ پہر چار بجے کے بعد امیر صاحب نے صدر مجلس خدام الاحمدیہ، نیشنل عاملہ کے اراکین اور ریجنل قائدین کے ساتھ میٹنگ کی۔ اسی طرح اس کے بعد ریجنل مبلغین کرام کے ساتھ بھی اجلاس منعقد ہوا۔
نیشنل مجلس شوریٰ مجلس خدام الاحمدیہ
نماز عشاء کے فوراً بعد مجلس خدام الاحمدیہ کی نیشنل مجلس شوریٰ منعقد ہوئی جس میں صدر مجلس کا انتخاب بھی ہوا۔ اجلاس کی صدارت امیر صاحب آئیوری کوسٹ نے کی۔ تلاوت قرآن کریم اور عہد کے بعد صدر مجلس نے انتخاب کے قواعد پڑھ کر سنائے جس کے بعد انتخاب کی کارروائی مکمل ہوئی۔ اختتام پر امیر صاحب نے چند نصائح کیں اور دعا کروائی۔ شوریٰ کے بعد مقابلہ جات کا سلسلہ جاری رہا۔
تیسرا دن:تیسرے دن کا آغاز بھی باجماعت نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد مکرم یحییٰ جیارہ صاحب معلم سلسلہ نے ’’خلافت-ہمارا اتحاد، ہمارا مستقبل‘‘ کے عنوان سے درس دیا۔
بعد ازاں مبلغین و معلمین کرام کی ٹیم اور نیشنل عاملہ مجلس خدام الاحمدیہ کے مابین فٹ بال کا مقابلہ ہوا جو مبلغین و معلّمین کرام کی ٹیم نے جیت لیا۔ اس کے بعد سینٹرل مبلغین و معلّمین کرام کی ٹیموں کے مابین رسہ کشی کا مقابلہ ہوا جو معلّمین کرام کی ٹیم نے جیت لیا۔
اختتامی اجلاس: تقریباً گیارہ بجے اجتماع کا اختتامی اجلاس مکرم امیر صاحب کی زیر صدارت شروع ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم کے بعد مجلس خدام الاحمدیہ کی سال ۲۰۲۵ء – ۲۰۲۶ء کی سالانہ رپورٹ پیش کی گئی۔
اس کے بعد تیسرے اور آخری ڈسکشن پروگرام کا انعقاد ’’بھائی چارہ، ایک مضبوط مجلس کی ضمانت‘‘ کے عنوان سے ہوا۔ اس میں خاکسار (مبلغ سلسلہ)، مکرم سلطان احمد صاحب مبلغ سلسلہ اور مکرم زادے رودرج صاحب نائب صدر مجلس نے بطور پینلسٹ شرکت کی اور موضوع پر سیر حاصل گفتگو کی۔
بعد ازاں مکرم صدر مجلس خدام الاحمدیہ نے اپنی تقریر میں خدام الاحمدیہ، نیشنل عاملہ کے اراکین اور اجتماع کمیٹی کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ اس کے بعد بالترتیب گھانا، برکینافاسو، مالی اور بینن سے تشریف لانے والے وفود شاملین سے مخاطب ہوئے اور اجتماع کے متعلق اپنے جذبات کا اظہار کیا۔
تقسیم انعامات:بعد ازاں تقسیم انعامات کی تقریب منعقد ہوئی۔ مکرم عبدالسلام طورے صاحب مبلغ سلسلہ نے مختلف مقابلہ جات میں پوزیشن حاصل کرنے والے اطفال و خدام کو باری باری سٹیج پر بلایا اور امیر صاحب اور صدر مجلس خدام الاحمدیہ نے انہیں انعامات دیے۔
تقسیم انعامات کے اختتام پر گھانا، برکینافاسو، مالی اور بینن سے تشریف لانے والے مہمانان خصوصی کو یادگاری شیلڈز اور تحائف پیش کیے گئے۔ نیشنل عاملہ اور ریجنل قائدین کی جانب سے صدر مجلس خدام الاحمدیہ کو بھی الوداعی تحائف پیش کیے گئے، کیونکہ بطور صدر مجلس یہ ان کی خدمت کا آخری سال تھا۔ آخر میں امسال پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی مجلس بواکے ریجن کو عَلَمِ انعامی سے نوازا گیا۔بعدہٗ امیر صاحب نے اختتامی تقریر کی اور دعا کروائی جس کے ساتھ اجتماع کا باقاعدہ اختتام ہوا۔ اس موقع پر گروپ تصاویر بنوائی گئیں۔ نماز ظہر و عصر اور ظہرانے کے بعد مہمانان کرام اپنی اپنی منازل کی طرف روانہ ہوگئے۔
امسال نیشنل اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ میں کُل ۵۰۹؍افراد جبکہ تربیتی کلاس میں ۲۷؍خدام نے شرکت کی۔
اللہ تعالیٰ اس اجتماع کے دُور رس اثرات مرتب فرمائے اور تمام خدام و اطفال کو حقیقی رنگ میں اپنے اندر پاک تبدیلی پیدا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ:عبدالنور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: ۳۱ویں نیشنل اجتماع مجلس انصاراللہ فرانس کا تیسرا و آخری دن




